Tag: توکلنا

  • سعودی اسمارٹ فون ایپ توکلنا کے لیے بہترین خدمات کا ایوارڈ

    سعودی اسمارٹ فون ایپ توکلنا کے لیے بہترین خدمات کا ایوارڈ

    ریاض: سعودی عرب میں صحت سے متعلق خدمات فراہم کرنے والی اسمارٹ فون ایپ توکلنا کو بہترین سروسز ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی جانب سے سعودی عرب کی توکلنا ایپ کے لیے بیسٹ سروسز ایوارڈ 2022 جاری کیا گیا ہے۔

    اقوام متحدہ نے کرونا وبا سے نمٹنے کے لیے ادارہ جاتی منفرد طریقہ کار کے زمرے میں آنے والی توکلنا ایپ کے لیے بیسٹ سروسز ایوارڈ 2022 کا اعلان خصوصی آن لائن تقریب میں کیا۔

    سعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفشل انٹیلی جنس اتھارٹی (سدایا) کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ الغامدی نے کہا کہ توکلنا ایپ کے نام اقوام متحدہ کا اعزاز ہمارے یہاں ٹیکنالوجی سیکٹر کی منفرد کارکردگی کا عالمی اعتراف ہے، اس اعزاز کا سہرا ہماری قیادت کے سر جاتا ہے۔

    الغامدی نے مزید کہا کہ سدایا نے ملکی و بین الاقوامی سطح پر متعدد کارنامے انجام دیے، یہ سب کچھ وطن عزیزکے نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کی اعلیٰ استعداد، حب الوطنی اور اپنے پیشے سے لگاؤ کا نتیجہ ہے۔

    انہوں نے توجہ دلائی کہ اقوام متحدہ کی جانب سے توکلنا ایپ کے لیے اعزاز سعودی عرب کے قائدانہ کردار کا اعتراف ہے، ہمارا ملک آئندہ بھی بین الاقوامی مسابقت کی شاہراہ پر گامزن رہے گا۔

    الغامدی کا مزید کہنا تھا کہ توکلنا ایپ کا تجربہ کرونا وبا کے دوران کیا گیا، ہر مرحلے پر ہمارے نوجوانوں نے پیشہ ورانہ لیاقت سے کام لیتے ہوئے ایپ کو عروج کی نئی منزلوں تک پہنچانے کی کوشش کی۔

  • سعودی عرب: ابشر اور توکلنا ایپ کو ضم کرنے پر غور، سہولیات کیا ہوں گی؟

    سعودی عرب: ابشر اور توکلنا ایپ کو ضم کرنے پر غور، سہولیات کیا ہوں گی؟

    ریاض: سعودی عرب میں ابشر اور توکلنا ایپ کو ضم کیے جانے کا منصوبہ زیر غور ہے، اس حوالے سے وزارت داخلہ، نیشنل ڈیجیٹل اتھارٹی اور سعودی ڈیٹا و مصنوعی ذہانت کے ادارے جائزہ لے رہے ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں ابشر اور توکلنا ایپ کو ضم کیے جانے کا منصوبہ زیر غور ہے، توکلنا اور ابشر کو ضم کرنے سے شہریوں اور غیر ملکیوں کو مشترکہ پلیٹ فارم میسر آئے گا جس سے انہیں سرکاری معاملات کو نمٹانے میں سہولت ہوگی۔

    ابشر پلیٹ فارم کے ذریعے سرکاری معاملات انجام دیے جاتے ہیں جبکہ توکلنا ایپ کرونا وائرس کی وبا کے دوران جاری کی گئی تھی جس کا مقصد سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو کرونا وائرس کے بارے میں مطلع کرنے کے علاوہ کرونا ٹیسٹ اور ویکسی نیشن کا ریکارڈ رکھنا ہے۔

    ایسے افراد جنہوں نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکسین نہیں لگوائی، ایپ پر ان کا امیون اسٹیٹس نہیں ہوگا جس کی وجہ سے وہ کسی بھی سرکاری و نجی ادارے کے علاوہ عوامی مقامات اور مارکیٹوں میں داخل نہیں ہوسکیں گے۔

    ابشر اور توکلنا کو ضم کرنے سے شہریوں اور مملکت میں رہنے والے غیر ملکیوں کو کافی سہولت ہوگی، ایک ہی پلیٹ فارم پر تمام سہولتیں یکجا ہوجائیں گی۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ متعلقہ ادارے ابشر اور توکلنا کو ضم کرنے کے بارے میں حتمی جائزہ لے رہے ہیں، وزارت داخلہ، نیشنل ڈیجیٹل اتھارٹی اور سعودی ڈیٹا و مصنوعی ذہانت کے ادارے اپنی رپوٹ پیش کرنے کے بعد حتمی منظوری اور طریقہ کار جاری کریں گے۔

  • عمرہ زائرین کے لیے ایک اور سہولت کا اضافہ

    عمرہ زائرین کے لیے ایک اور سہولت کا اضافہ

    ریاض: سعودی وزارت حج و عمرہ نے عمرہ زائرین کے لیے توکلنا ایپ میں نئی سہولت کا اضافہ کردیا جس سے عمرہ زائرین کو مزید سہولت حاصل ہوگی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ نے عمرہ زائرین کے لیے نئی سہولت کا اضافہ کیا ہے، اس سہولت سے وہ افراد بھی استفادہ کر سکیں گے جو عمرہ اجازت نامہ ایسے وقت میں حاصل کرنا چاہتے ہیں جب رش زیادہ نہ ہو۔

    وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ اعتمرنا اور توکلنا ایپس کو اپ ڈیٹ کر دیا گیا ہے، اس کی بدولت عمرے کے امیدوار یہ دریافت کر سکیں گے کہ عمرے کا اجازت نامہ ایسے وقت کے لیے جاری کیا جائے جب رش کم ہو۔

    وزارت حج و عمرہ نے ٹویٹر پر کہا ہے کہ یہ نئی سہولت متعارف کروائی ہے اس کی بدولت عمرے کا اجازت نامہ طلب کرتے وقت معلوم کیا جا سکتا ہے کہ مصروف ترین اوقات سے کس طرح بچا جائے۔

    وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ اعتمرنا اور توکلنا ایپس کو ایپل اور گوگل پلے کے ذریعے اپ ڈیٹ کر لیا جائے اور اس کی بدولت یہ پتہ لگایا جا سکے گا کہ عمرہ کرنے کے لیے کون سا وقت مناسب رہے گا۔

  • سعودی عرب: کرونا وائرس سے متعلق ایپ تکنیکی مسائل کا شکار

    سعودی عرب: کرونا وائرس سے متعلق ایپ تکنیکی مسائل کا شکار

    ریاض: سعودی عرب میں کرونا وائرس سے متعلق موبائل فون ایپلی کیشن توکلنا تکنیکی مسائل کے باعث ڈاؤن ہوگئی جس سے شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں توکلنا موبائل فون ایپلی کیشن تک رسائی حاصل کرنے کے لئے صارفین کی بڑی تعداد کوششیں کر رہی ہے، رجسٹریشن کے لیے رش کے باعث صارفین کو رسائی میں مشکلات کا سامنا ہے۔

    سعودی عرب میں محکمہ صحت نے گزشتہ برس کرونا وائرس سے متعلق معلومات اور مدد کے لیے توکلنا ایپ کا آغاز کیا تھا، اب توکلنا ایپلی کیشن میں کرونا ویکسی نیشن سے متعلق معلومات شامل کر کے اسے اپ ڈیٹ کیا گیا ہے۔

    اس میں کسی فرد کی صحت کے متعلق معلومات درج کی جا سکتی ہیں، مثلاً اسے ویکسین لگائی گئی ہے یا یہ شخص کرونا وائرس میں مبتلا ہوا یا نہیں۔

    اب یہ ایپ کرونا پاسپورٹ کے طور پر بھی کام کر رہی ہے، عوام کو اس ایپلی کیشن میں رجسٹریشن کروانے کے لیے کہا گیا ہے کیونکہ عوامی مقامات جیسے مالز، دکانوں اور ریستورانوں میں داخلے کی اجازت کے لیے ضروری قرار دے دیا گیا ہے۔

    اس ایپلی کیشن کو صارفین کی بڑی تعداد نے موبائل فون پر ڈاؤن لوڈ کیا جس کے باعث تکنیکی مسائل پیدا ہوگئے ہیں۔

    بعض لوگ اپنے گھرسے ہی سسٹم میں اپنی رجسٹریشن کروا سکتے تھے لیکن ایک بار جب کسی نے ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے پروفائل کھولنے کی کوشش کی تو پروگرام ہوم پیج پر واپس آگیا اور وہ مطلوبہ معلومات حاصل کرنے سے قاصر رہے۔

    نتیجتاً بہت سے لوگ مختلف مالز اور روزمرہ استعمال کی اشیا خریدنے کے لیے مختلف اسٹورز کے داخلی دروازوں کے باہر کھڑے رہے اور وہ موبائل کے ذریعے اس ایپ کو ڈاون لوڈ کرنے کی کوشش کرتے رہے۔

    ایک سابق سعودی سفارتکار کا کہنا تھا کہ میں نے گزشتہ رات ایک فائیو اسٹار ہوٹل کی لابی میں کاروباری میٹنگ کی تھی، مجھے قریباً ایک گھنٹہ باہر انتظار کرنا پڑا کیونکہ میں اس دروازے پر سیکیورٹی گارڈ کو دکھانے کے لیے ایپ نہیں کھول سکا تھا۔

    توکلنا کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پروگرام کے استعمال کے لیے ٹریفک میں زبردست اضافے کی وجہ سے سسٹم میں خرابی پیدا ہوگئی چنانچہ صارفین کو پیغام ارسال کیا گیا کہ ایپ سروس پر زیادہ بوجھ کے باعث برائے مہربانی چند منٹ میں دوبارہ کوشش کریں۔

    توکلنا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ایپلی کیشن کو اس وقت عارضی تکنیکی مسئلے کا سامنا ہے جس کی وجہ سے خدمات میں خلل واقع ہوا ہے، تکنیکی ٹیم اس مسئلے کا حل تلاش کرنے میں مصروف ہے۔