Tag: توکلنا ایپ

  • سعودی عرب: توکلنا ایپ استعمال کرنے والوں کے لیے اہم ہدایت

    سعودی عرب: توکلنا ایپ استعمال کرنے والوں کے لیے اہم ہدایت

    ریاض: سعودی عرب میں توکلنا ایپ استعمال کرنے والے افراد کے لیے اہم ہدایت جاری کردی گئی، توکلنا ایپ اپنے صارفین کو کرونا وائرس کے حوالے سے متعدد سہولتیں فراہم کر رہی ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق توکلنا ایپ نے اپنے صارفین کو تنبیہہ کی ہے کہ وہ نجی معلومات کو راز میں رکھنے کا خیال رکھیں اور کسی کو نجی معلومات میں شریک نہ کریں۔

    توکلنا ایپ نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی ذاتی معلومات نجی پیغامات کے ذریعے توکلنا کے سرکاری اکاؤنٹس پر ہی ارسال کریں تاکہ ان معلومات سے کوئی دوسرا فائدہ نہ اٹھا سکے۔

    یاد رہے کہ توکلنا ایپ اپنے صارفین کو متعدد سہولتیں فراہم کر رہی ہے جن میں ویکسین لگوانا، کرونا ٹیسٹ کے لیے بکنگ کروانا اور مختلف ایجنسیوں کا ڈیٹا فراہم کرنا شامل ہے۔

  • سعودی عرب: توکلنا ایپ پر کرونا اسٹیٹس میں جعل سازی کرنے کا انجام

    سعودی عرب: توکلنا ایپ پر کرونا اسٹیٹس میں جعل سازی کرنے کا انجام

    ریاض: سعودی عرب میں توکلنا ایپ پر کرونا اسٹیٹس میں جعل سازی کرنے والے ایک گروہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جعل سازی میں سرکاری اہل کار بھی شامل تھے۔

    تفصیلات کے مطابق کنٹرول اینڈ اینٹی کرپشن کمیشن کے ذرائع نے کہا ہے کہ توکلنا ایپ میں رشوت لے کر اسٹیٹس تبدیل کرنے کے الزام میں ادارہ امور صحت کے 2 اہل کاروں سمیت متعدد ایجنٹس اور جعل سازی میں ملوث شہریوں و غیر ملکیوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق کمیشن کی تحقیقاتی کمیٹی نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے جعل سازی کے ایک اشتہار کے بعد کارروائی کی تھی، جس میں رقم کے عوض ’توکلنا‘ ایپ پر کرونا کے حوالے سے اسٹیٹس کو تبدیل کرنے کی پیش کش کی گئی تھی۔

    گرفتار جعل سازوں میں مشرقی ریجن کے ادارہ امور صحت کے 2 اہل کاروں کے علاوہ 6 سعودی شہری،3 یمنی جب کہ ایک شامی باشندہ شامل ہیں، ملزمان کے خلاف جعل سازی کا مقدمہ درج کر کے انھیں تحقیقاتی ادارے کے سپرد کر دیا گیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق یہ جعل ساز توکلنا ایپ پر کرونا ویکسین کے حوالے سے اسٹیٹس کو تبدیل کر دیتے تھے، جس سے یہ ظاہر ہوتا تھا کہ مذکورہ شخص کو ویکسین لگائی جا چکی ہے، بتایا گیا ہے کہ جعل سازی میں ملوث ادارہ امور صحت کے 2 اہل کاروں میں سے ایک ملزم ویکسینیشن سینٹر کا ملازم تھا۔

  • سعودی عرب: توکلنا ایپ کے مطالبے پر دو افراد نے سیکیورٹی گارڈ پر حملہ کر دیا

    سعودی عرب: توکلنا ایپ کے مطالبے پر دو افراد نے سیکیورٹی گارڈ پر حملہ کر دیا

    ریاض: سعودی عرب کے شہر مکہ مکرمہ میں 2 افراد نے ایک سیکیورٹی گارڈ پر اس لیے حملہ کر کے اسے زخمی کر دیا، کیوں کہ اس نے ان سے توکلنا ایپ دکھانے کا مطالبہ کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق مکہ مکرمہ کے ایک شاپنگ مال کے سیکیورٹی گارڈ پر حملہ کر کے زخمی کرنے والے 2 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے، سیکیورٹی اہل کار نے توکلنا ایپ نہ ہونے کی وجہ سے مذکورہ افراد کو مال میں داخل ہونے سے روکا تھا۔

    پولیس ترجمان میجر محمد الغامدی کا کہنا تھا شاپنگ مال کے سیکیورٹی گارڈ پر حملہ کرنے والے گرفتار افراد سعودی شہری اور عمر کی دوسری دہائی میں ہیں، جن سے تفتیش جاری ہے، ضابطے کی کارروائی کے بعد انھیں متعلقہ ادارے کے حوالے کر دیا جائے گا۔

    سیکیورٹی اہل کار نے واقعے کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا ہے کہ ہفتے کو معمول کے مطابق میں اپنی ڈیوٹی انجام دے رہا تھا کہ دو نوجوان مال میں آئے، میں نے ہدایات کے مطابق توکلنا دکھانے کا مطالبہ کیا، ان میں سے ایک کے پاس توکلنا تھا لیکن دوسرے نے تعاون سے انکار کر دیا۔

    سعودی عرب: توکلنا ایپ کے صارفین کیلئے بڑی خبر

    سیکیورٹی گارڈ کے بیان کے مطابق دوسرا نوجوان توکلنا دکھانے کے لیے تیار نہیں تھا، جس پر اسے روکا گیا اور اس نے گالم گلوچ شروع کر دی، بعد ازاں معاملہ ہاتھا پائی تک پہنچ گیا، دونوں نے مل کر سیکیورٹی گارڈ کی پٹائی کی اور اسے زخمی کر دیا۔

    خیال رہے کہ سعودی شہروں میں کرونا احتیاطی تدابیر کے حوالے سے لوگوں کو ہدایات جاری کی گئی تھیں کہ وہ اپنے موبائل فونز پر’توکلنا‘ ایپ انسٹال کریں جس کے ذریعے صارف کی صحت کے بارے میں اہم معلومات اپ لوڈ کی جاتی ہیں تاکہ اس سے یہ معلوم ہو سکے کہ اکاؤنٹ ہولڈر کرونا وائرس میں مبتلا نہیں ہے۔

  • سعودی عرب: توکلنا ایپ پر عارضی مسائل کے بعد نئی سروس کا اجراء

    سعودی عرب: توکلنا ایپ پر عارضی مسائل کے بعد نئی سروس کا اجراء

    ریاض: سعودی عرب میں کرونا وائرس سے بچاؤ اور معلومات کے لیے لانچ کی جانے والی ایس ایم ایس ایپ پر آنے والی مشکل کو مستقل طور دور کرنے کے لیے متعلقہ محکمے نے اقدامات اٹھا لیے۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس سے بچاؤ اور معلومات کے لیے توکلنا ایپ کی رجسٹریشن لازمی قرار دی گئی تھی، اس عارضی ’ایس ایم ایس‘ سروس پر گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 200 ملین سے زائد رجسٹریشن کی کارروائیاں ریکارڈ کی گئیں۔

    سعودی محکمہ برائے اعداد و شمار اور مصنوعی ذہانت ’سدایا‘ کے ترجمان ماجد الشھری نے بتایا کہ توکلنا ایپ پر ایک دم رجسٹریشن کرانے والوں کا پریشر بڑھنے سے ایپ عارضی طور پر معطل ہو گئی تھی جس کی وجہ سے لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    انھوں نے کہا کہ توکلنا ایپ پر ہونے والے غیر معمولی ’لوڈ‘ کے باعث وقتی طور پر پیش آنے والی مشکلات اور فنی خرابی کو مستقل بنیاد پر حل کیا جا رہا ہے، فنی ماہرین اس مشکل کو دور کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔

    سعودی عرب: کرونا وائرس سے متعلق ایپ تکنیکی مسائل کا شکار

    ترجمان الشھری نے مزید کہا کہ ہنگامی بنیادوں پر ابشر اور توکلنا کے رجسٹرڈ صارفین کے لیے ایس ایم ایس سروس بھی متبادل کے طور پر جاری کی گئی ہے جس کے ذریعے لوگوں کی مشکلات وقتی طور پر حل ہو جائیں گی۔

    واضح رہے سعودی عرب کے متعدد شہروں میں کرونا احتیاطی تدابیر کے حوالے سے لوگوں کو ہدایات جاری کی گئی تھیں کہ وہ اپنے موبائل فونز پر’توکلنا‘ ایپ انسٹال کریں جس کے ذریعے صارف کی صحت کے بارے میں اہم معلومات اپ لوڈ کی جاتی ہیں تاکہ اس سے یہ معلوم ہو سکے کہ اکاؤنٹ ہولڈر کرونا وائرس میں مبتلا نہیں۔