Tag: توہین الیکشن کمیشن کیس

  • توہین الیکشن کمیشن کیس: بانی پی ٹی آئی  نے جیل ٹرائل عدالت میں چیلنج کردیا

    توہین الیکشن کمیشن کیس: بانی پی ٹی آئی نے جیل ٹرائل عدالت میں چیلنج کردیا

    لاہور : بانی پی ٹی آئی نے توہین الیکشن کمیشن کیس کے جیل ٹرائل کو لاہور ہاٸی کورٹ میں چیلنج کر دیا، جس میں کہا کہ جیل میں خفیہ ٹراٸل سے اس کی شفافیت متاثر ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق توہین الیکشن کمیشن کیس میں بانی پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کی جیل میں کارروائی کیخلاف درخواست دائر کردی۔

    بانی پی ٹی آئی کی جانب سے سلمان اکرم راجہ اور اشتیاق اے خان نے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست داٸر کی۔

    درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے کیس کا ٹرائل اڈیالہ جیل میں کرنے کا فیصلہ کیا ہے، الیکشن کمیشن 13 دسمبر کو اڈیالہ جیل میں فرد جرم عائد کرے گا۔

    درخواست گزار کے مطابق جیل میں خفیہ ٹرائل سے اس کی شفافیت متاثر ہوگی کیونکہ جیل ٹرائل ملزم کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے ۔

    درخواست میں استدعا کی گٸی ہے کہ عدالت ٹرائل کو اوپن کورٹ میں کرنے کا حکم دے جس میں عوام اور وکلا کو آنے کی اجازت ہو، درخواست کے فیصلے تک الیکشن کمیشن کو کسی بھی تادیبی کاررواٸی سے روکا جائے۔

  • بانی پی ٹی آئی کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کا ٹرائل  اڈیالہ جیل میں ہوگا

    بانی پی ٹی آئی کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کا ٹرائل اڈیالہ جیل میں ہوگا

    اسلام آباد : توہین الیکشن کمیشن کیس میں الیکشن کمیشن نے بانی پی ٹی آئی کا ٹرائل جیل میں کرنے کا فیصلہ کرلیا، کیس کی سماعت 13 دسمبر کو اڈیالہ جیل میں ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق توہین الیکشن کمیشن و چیف الیکشن کمشنر کیس کا محفوظ فیصلہ سنا دیا گیا، جس میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور فواد چوہدری کا ٹرائل جیل میں ہو گا۔

    الیکشن کمیشن نے فیصلے میں کہا کہ کیس کی سماعت 13 دسمبر کو اڈیالہ جیل میں ہو گی اور فرد جرم کی کاروائی اڈیالہ جیل میں عائد کی جائے گی۔

    الیکشن کمیشن نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے وزارت داخلہ کو تمام انتظامات مکمل کرتے ہوئے دو دن میں رپورٹ کرنے کا حکم بھی دیا۔

    دوسری جانب توہین الیکشن کمیشن و چیف الیکشن کمشنر کیس کا تحریری فیصلہ جاری کردیا گیا ہے، جس میں کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کی کارروائی اڈیالہ جیل میں ہوگی، وزارت داخلہ کو جیل میں کارروائی سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کرنےکاحکم دے دیا ہے اور 2دن میں ضروری انتظامات مکمل کرکے رپورٹ دینے کی ہدایت کی ہے۔

    5صفحات پر مشتمل فیصلہ بانی پی ٹی آئی اور 2صفحات پر مشتمل فیصلہ فواد چوہدری سے متعلق ہے، جس میں کہا ہے کہ وزارت داخلہ نے سیکیورٹی وجوہات پر پیش کرنے سے معذرت کی، وزارت داخلہ نے دیگرمقدمات کی طرح اڈیالہ جیل میں ٹرائل کرنےکی تجویز دی، اور زارت قانون نے بھی اڈیالہ جیل میں کیس کا ٹرائل کرنے کی رائے دی۔

    تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کیس 2022سےزیرسماعت ہے، متعدد بار بانی پی ٹی آئی کو طلب کیا وارنٹ جاری کئےمگر وہ پیش نہ ہوئے، بانی پی ٹی آئی کے وکلا کی جانب سے بار بار التواکی درخواستیں دائر ہوئی۔

    فیصلے میں کہنا تھا کہ توہین الیکشن کمیشن و چیف الیکشن کمشنر کیس کو مزید تاخیر کا شکار نہیں بنایا جاسکتا، وزارت داخلہ ووزارت قانون کی رائے ہے، اڈیالہ جیل میں سماعت کی جائے گی۔

    الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے پروڈکشن آرڈرز کی تعمیل ممکن نہیں ہے اور الیکشن کمیشن کے پاس اڈیالہ جیل کے سواسماعت کیلئے کوئی اور طریقہ موجود نہیں، 13دسمبر کو 4رکنی بینچ اڈیالہ جیل میں اس کیس کی سماعت کرے گا۔

    یاد رہے وزارت داخلہ نے بانی چیئرمین کو الیکشن کمیشن پیش کرنے سے معذرت کی تھی اور وزارت داخلہ نے وزارت قانون سے رائے لیکر بانی چیئرمین تحریک انصاف اور فواد چوہدری کا اڈیالہ جیل میں ٹرائل کی درخواست کی تھی۔

    بعد ازاں الیکشن کمیشن نے وزارت قانون کی رائے موصول ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

  • توہین الیکشن کمیشن کیس: بانی پی ٹی آئی کا ٹرائل اڈیالہ میں ہوگا یا نہیں؟ فیصلہ آج ہوگا

    توہین الیکشن کمیشن کیس: بانی پی ٹی آئی کا ٹرائل اڈیالہ میں ہوگا یا نہیں؟ فیصلہ آج ہوگا

    اسلام آباد : توہین الیکشن کمیشن وچیف الیکشن کمشنرکیس میں بانی پی ٹی آئی اور فوادچوہدری کے اڈیالہ میں ٹرائل کا فیصلہ آج سنایا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں بانی پی ٹی آئی اور فواد چوہدری کیخلاف توہین الیکشن کمیشن وچیف الیکشن کمشنر کیس کی سماعت آج ہوگی۔

    جس میں بانی پی ٹی آئی اور فوادچوہدری کے اڈیالہ میں ٹرائل سے متعلق فیصلہ سنایاجائےگا ، الیکشن کمیشن محفوظ فیصلہ دن 12 بجے سنائے گا۔

    ذرائع نے بتایا کہ وزارت داخلہ نے بانی پی ٹی آئی کو الیکشن کمیشن پیش کرنے سے معذرت کی تھی اور وزارت قانون سے رائے لیکر اڈیالہ میں ٹرائل کی درخواست کی تھی۔

    جس کے بعد الیکشن کمیشن نے وزارت قانون کی رائے موصول ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

    خیال رہے توہین الیکشن کمیشن کیس میں سابق چیئرمین پی ٹی آئی کو پیش نہ کرنے پر الیکشن کمیشن نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزارت داخلہ ایک شخص کو سیکیورٹی نہیں دے سکتی توالیکشن کیسے کرائے گی۔

  • توہین الیکشن کمیشن کیس : چیئرمین پی ٹی آئی پر آج فرد جرم عائد کی جائے گی

    توہین الیکشن کمیشن کیس : چیئرمین پی ٹی آئی پر آج فرد جرم عائد کی جائے گی

    اسلام آباد : توہین الیکشن کمیشن اور توہین چیف الیکشن کمشنر کیس میں سربراہ پی ٹی آئی پر آج فرد جرم عائد کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف توہین الیکشن کمیشن اورتوہین چیف الیکشن کمشنر کیسز کی سماعت آج ہوگی ، ممبرسندھ نثاردرانی کی سربراہی میں 4 رکنی بنچ کیس کی سماعت کرے گا۔

    سربراہ تحریک انصاف پر توہین الیکشن کمیشن کیس میں فرد جرم عائد کی جائے گی۔

    اسدعمر اور فواد چوہدری کے خلاف بھی توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت آج ہوگی، اسد عمر اور فواد چوہدری کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا گیا ہے۔

    خیال رہے چیئرمین پی ٹی آئی کو گزشتہ سماعت پربھی پیش نہیں گیا تھا، سیکورٹی خدشات کے باعث اڈیالہ جیل سے الیکشن کمیشن نہیں لایا گیا تھا۔

    فواد چوہدری بھی گرفتاری کے باعث گذشتہ سماعت پرپیش نہیں ہوئے، اسد عمر بھی گزشتہ سماعت پر پیش نہ ہوئے تھے۔

    یاد رہے گزشتہ سال اگست میں الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی اور ان کی پارٹی کے دیگر رہنماؤں کو کمیشن اور اس کے ارکان کے خلاف نامناسب ریمارکس دینے اور الزامات لگانے کے لیے نوٹس جاری کیے تھے۔

    نوٹس میں کہا گیا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے خلاف 12، 18، 21، 27، 4 اور 8 اگست کو اپنی ریلیوں میں “توہین آمیز اور ناشائستہ زبان” استعمال کی۔

    کمیشن نے مزید کہا تھا کہ ان رہنماؤں نے جان بوجھ کر اور جان بوجھ کر سی ای سی کی “تضحیک، تضحیک اور سالمیت کو بدنام کیا” جس سے سکندر سلطان راجہ کی ساکھ کو نقصان پہنچا۔

  • سیکیورٹی خدشات، توہین الیکشن کمیشن کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کو پیش نہیں کیا جاسکا

    سیکیورٹی خدشات، توہین الیکشن کمیشن کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کو پیش نہیں کیا جاسکا

    اسلام آباد : توہین الیکشن کمیشن کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کو پیش نہ کرنے پر الیکشن کمیشن برہم ہوگیا اور کہا وزارت داخلہ ایک شخص کو سیکیورٹی نہیں دے سکتی توالیکشن کیسے کرائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی، اسد عمر اور فواد چوہدری کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ہوئی، نثاردرانی کی سربراہی میں چار رکنی بینچ نے سماعت کی۔

    چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل شعیب شاہین ، فواد چوہدری اور اسد عمر الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے، اے آئی جی آپریشن نے پی ٹی آئی چیئرمین سے متعلق رپورٹ جمع کرائی، وزارت داخلہ نے رپورٹ میں تجویز دی کہ الیکشن کمیشن اڈیالہ جیل میں سماعت کرے۔

    اے آئی جی آپریشنز کا کہنا تھا کہ پنڈی گنجان آبادی ہے اور خطرات سےخالی نہیں ، پی ٹی آئی چیئرمین بھی اپنی زندگی سے متعلق خطرات اظہارکر چکے ہیں ، جس پر ممبر سندھ نثار درانی نے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین جو کہتے ہیں آپ کو یقین ہے صحیح کررہے ہیں۔

    الیکشن کمیشن نےبرہمی کااظہارکرتے ہوئے کہا وزارت داخلہ ایک شخص کو سیکیورٹی نہیں دے سکتا تو الیکشن کیسے کرائے گا، وزارت داخلہ کیسے ہمیں حکم دے سکتا ہے؟ الیکشن کمیشن نے سیکریٹری داخلہ کو طلب کرلیا۔

    دوران سماعت فواد چوہدری نےکہا پہلے بھی پیش ہوا اور آج بھی حاضرہوں جبکہ اسدعمر کا کہنا تھا کہ معافی نامہ لکھ کر دیتےہیں، کوئی انا کا مسئلہ نہیں، میرانہیں خیال الیکشن کمیشن کے خلاف غلط ریمارکس دیے ہوں، بعد ازاں الیکشن کمیشن نےسماعت تیرہ نومبر تک ملتوی کردی۔

  • توہین الیکشن کمیشن کیس :  فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن سے معافی مانگ لی

    توہین الیکشن کمیشن کیس : فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن سے معافی مانگ لی

    اسلام آباد : سابق پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں الیکشن کمیشن سے معافی مانگ لی ، جس پر الیکشن کمیشن نے تحریری معافی نامہ جمع کرانے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق سابق پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ہوئی ، چیف الیکشن کمشنر کے سربراہی میں 4 رکنی کمیشن نے سماعت کی۔

    فواد چوہدری اپنے وکیل فیصل چوہدری کے ہمراہ پیش ہوئے، دوران سماعت فواد چوہدری نے ذاتی حیثیت میں الیکشن کمیشن سے معذرت کرتے ہوئے کہا میری معذرت قبول کریں اور شو کاز نوٹس واپس لے لیں۔

    سابق رہنما کا کہنا تھا کہ پارٹی ایک ادارہ ہے،میں ان کا ترجمان تھا ، ذاتی حیثیت میں معذرت کر سکتا ہوں ، میں قانونی کیسز میں نہیں پڑنا چاہتا آپ کے لیے احترام ہے، اس وقت پارٹی کی پوزیشن تھی جو میں بیان کی۔

    جس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ پارٹی چیف آپ سے قتل کرائیں تو کیا آپ کریں گے، جس پر فواد چوہدری نے جواب دیا کہ میں ایسا نہیں کروں گا۔.

    چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیئے کہ پارٹی چیئرمین کو ئی غلط بات کرے تو کیا مان لیں گے ، آپ کی جماعت نے کمیشن اور میری ذات کے حوالے سے کیا کیا نہیں کہا، میری بیوی کے بارے میں اوپن جلسے میں کہا گیاپھر میڈیا پرمکر بھی گئے، ماحول ہم نے ہی ٹھیک کرنا ہے۔

    فواد چوہدری نے معافی مانگتے ہوئے کیس ختم کرنے کی استدعا کی، جس پر الیکشن کمیشن نے تحریری معافی نامہ جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت یکم اگست تک ملتوی کردی۔

  • توہین الیکشن کمیشن کیس :  عمران خان کو 5 جون کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم

    توہین الیکشن کمیشن کیس : عمران خان کو 5 جون کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو 5 جون کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کر دی اور واضح کیا کہ عمران خان اور فواد چوہدری کی عدم پیشی پر وارنٹ جاری کیے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ہوئی، عمران خان کے وکیل فیصل چودھری نے حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نیب اور احتساب عدالتوں میں ضمانتوں کیلئے پیش ہو رہے ہیں۔

    الیکشن کمیشن کے ممبر خیبر پختونخوا نے کمیشن کو بتایا کہ عمران خان اپنی مرضی سے آج پیش ہو رہے ہیں، عمران خان کل عدالت میں پیش ہو کر آج یہاں آ جاتے۔

    عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ آپ بھی پہلے جج رہے ہیں عدالتوں کو ہمیشہ ترجیح دی جاتی ہے، آج اعتراضات پر سماعت ہوسکتی تھی لیکن انور منصور سپریم کورٹ میں ہیں، گزشتہ سماعت کا حکم نامہ ہمیں آج تک نہیں ملا، حکم نامہ پڑھے بغیر کیس کی تیاری کیسے کر سکتے ہیں؟

    الیکشن کمیشن کے ممبر خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ آج عمران خان کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا تھا عدم پیشی پر آپکو پتا ہے کیا ہوگا ؟ جس پر عمران خان کے وکیل نے کہا کہ عمران خان دو ٹکڑوں میں بیک وقت عدالت اور کمیشن میں پیش نہیں ہوسکتے،عمران خان کیخلاف 150 مقدمات ہیں کہاں کہاں پیش ہوسکتے ہیں، ہمارے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں، الیکشن کمیشن سمجھتا ہے کہ جان بوجھ کر عمران خان پیش نہیں ہوتے، یہ بات ذہن سے نکال دیں مگر چیزیں ہمارے ہاتھ میں نہیں ہیں۔

    الیکشن کمیشن کے ممبر بلوچستان نے کہا کہ عمران خان پر مقدمات قائم ہونے سے پہلے بھی وہ پیش نہیں ہوتے تھے، میرا یہی فیصلہ ہے کہ عمران خان کے وارنٹ جاری کیے جائیں، ہمیں یقین ہے کہ عمران خان جان بوجھ کر پیش نہیں ہو رہے، وقت بھی بتا دیں کیونکہ اب عدالتیں بھی عمران خان کی مرضی سے لگتی ہیں۔

    جس پر عمران خان نے وکیل نے کہا کہ انور منصور ہر تاریخ پر پیش ہوتے ہیں آج سپریم کورٹ نے بلایا ہوا ہے، الیکشن کمیشن کے وکیل خود بھی عدالتوں میں تاریخیں لے رہے ہیں،پانچ جون کو سماعت رکھ لیں تو اعتراضات پر دلائل دیں گے۔

    الیکشن کمیشن نے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر عمران خان ذاتی حیثیت میں حاضری یقینی بنائیں اور واضح کیا کہ عمران خان اور فواد چوہدری کی عدم پیشی پر وارنٹ جاری کیے جائیں گے، بعد ازاں سماعت 5 جون تک ملتوی کر دی گئی۔

  • توہین الیکشن کمیشن کیس: عمران خان، فواد چوہدری اور اسد عمر کو پیش ہونے کے لئے آخری موقع

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان، فواد چوہدری اور اسد عمر کو پیش ہونے کا آخری موقع دیتے ہوئے فیصلہ محفوظ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان ، رہنما فواد چوہدری اور اسد عمر کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ہوئی۔

    کمیشن کے چار رکنی بینچ نے سماعت کی، پی ٹی آئی کی جانب سے جونئیر وکیل پیش ہوئے اور بتایا کہ سینئر وکیل پشاور میں جنازہ پر ہے اس لئے پیش نہیں ہو سکتے۔

    ممبر الیکشن کمیشن کے پی کے نے کہا کہ وکیل اگر آنہیں سکتے تو انکا وکالت نامہ کینسل کردے کیا، عمران خان اور دوسرے کہاں ہیں؟

    ممبر الیکشن کمیشن کے پی کا کہنا تھا کہ ہائیکورٹ نے وارنٹ گرفتاری کا حکم صرف معطل کیا ہے،ممبر الیکشن کمیشن نے کھا کہ حاضری کے لئے فریقین کو آخری موقع دیتے ہیں، اگر پیش نہیں ہوں تو ہم وکلا کے وکالت نامے منسوخ کر دیں گے۔

    الیکشن کمیشن نے کیس کا فیصلہ محفوظ کر کے فریقین کو آخری موقع دیکر کیس کی سماعت 24 جنوری تک ملتوی کردی۔

  • توہین الیکشن کمیشن کیس : عمران خان کو گرفتار کرنے کا حکم

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے توہین الیکشن کمیشن کے کیس میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان  کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے 17جنوری تک گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم ‌دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں عمران خان کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کے معاملے پر سماعت ہوئی۔

    الیکشن کمیشن کے ممبر نثار درانی کی سربراہی میں بنچ نے سماعت کی اور محفوظ فیصلہ سنادیا، تین جنوری کو کمیشن نے یہ محفوظ کیا تھا۔

    فیصلے میں عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست خارج کرکے الیکشن کمیشن نے عمران خان ، اسد عمر اور فواد چوہدری کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

    الیکشن کمیشن نے فیصلے میں کہا کہ پی ٹی آئی کی ان کی حاضری سے استثنا کی تمام درخواستیں خارج کی جاتی ہیں۔

    الیکشن کمیشن نے عمران خان ، اسد عمر اود فواد چوہدری کو 17جنوری تک گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا اور کہا ضمانت کے لئے پچاس ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے ہوں گے۔

    یاد رہے گذشتہ سماعت میں چیئرمین پی ٹی آئی، اسد عمر اور فواد چوہدری میں سے کوئی پیش نہ ہوا تھا ، جس پر الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ توہین الیکشن کمیشن کیس میں عمران خان اگلی سماعت پر پیش نہ ہوئے تو وارنٹ جاری کریں گے۔

  • توہین الیکشن کمیشن کیس: ‘عمران خان اگلی سماعت پر پیش نہ ہوئے تو وارنٹ جاری کریں گے’

    توہین الیکشن کمیشن کیس: ‘عمران خان اگلی سماعت پر پیش نہ ہوئے تو وارنٹ جاری کریں گے’

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ توہین الیکشن کمیشن کیس میں عمران خان اگلی سماعت پر پیش نہ ہوئے تو وارنٹ جاری کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں عمران خان کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کے معاملے پر سماعت ہوئی ، الیکشن کمیشن کے ممبر سندھ کی سربراہی میں چار رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔

    چیئرمین پی ٹی آئی، اسد عمر اور فواد چوہدری میں سے کوئی پیش نہ ہوا تاہم تحریک انصاف کی طرف سے وکیل علی بخاری الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔

    علی بخاری نے بتایا کہ عمران خان کی صحت اجازت نہیں دیتی کہ وہ پیش ہو سکیں، فوادچوہدری کی والدہ شدید علیل ہیں وہ اسپتال میں ہیں جبکہ اسد عمر کی فلائٹ لیٹ ہوگئی جس کی وجہ سےپیش نہیں ہوسکے۔

    وکیل نے استدعا کی کہ عمران خان اور فواد چوہدری کوحاضری سے استثنیٰ دیا جائے ، جس پر ممبر نثار درانی نے کہا کہ 4ماہ ہوگئے ہیں وہ الیکشن کمیشن میں پیش نہیں ہورہے۔

    ممبر نثار درانی کا کہنا تھا کہ آپ عمران خان کا میڈیکل سرٹیفکیٹ الیکشن کمیشن میں جمع کرائیں ، آپ شوکاز نوٹس کا جواب جمع کرائیں۔

    جس پر وکیل علی بخاری نے کہا کہ جواب سینئر کونسلز جمع کرائے گی، وکیل انور منصور نے بتایا کہ اگلی سماعت سے پہلے جواب جمع کرادیں گے۔

    الیکشن کمیشن نے کہا کہ آئندہ سماعت پر پیش نہ ہوئے تو وارنٹ جاری کریں گے اور سماعت 17جنوری تک ملتوی کردی.