Tag: توہین عدالت

  • ججز سے متعلق نامناسب الفاظ کا استعمال، وزیراعظم کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر دلائل طلب

    ججز سے متعلق نامناسب الفاظ کا استعمال، وزیراعظم کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر دلائل طلب

    لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے وزیر اعظم شہباز شریف کے ججز کے بارے میں نامناسب الفاظ کا استعمال کرنے پر توہین عدالت کی درخواست کے قابل سماعت ہونے کے بارے میں دلائل طلب کر لیے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں وزیر اعظم شہباز شریف کے ججز کے بارے میں نامناسب الفاظ کا استعمال کرنے پر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

    جسٹس وحید خان نے خاتون اشباء کامران کی درخواست پر سماعت کی، جس میں وزیر اعظم کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی استدعا کی گئی۔

    عدالت نے وفاقی حکومت کے وکیل سے استفسار کیا کہ درخواست قابل سماعت ہے یا نہیں، جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے بھی یہی سوال اٹھایا تھا اور اٹارنی جنرل نے واضح کیا تھا کہ وزیراعظم نے یہ بات موجودہ ججز کے بارے میں نہیں کی۔

    عدالتی استفسار پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل کے بتایا کہ سپریم کورٹ کا ابھی تحریری حکم نہیں ملا، عدالت نے درخواست پر کارروائی دو ہفتوں کیلئے ملتوی کردی۔

    عدالت نے ہدایت کی کہ سرکاری وکیل درخواست کے قابل سماعت ہونے پر معاونت کریں۔

    درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ وزیر اعظم نے 28مئی کو اپنے خطاب میں عدلیہ پر تنقید کی اور ججوں کے بارے نازیبا الفاظ استعمال کیے اور وزیر اعظم کا یہ اقدام عدالت کی توہین کے زمرے میں آتا ہے، اس لیے ان کیخلاف کارروائی کی جائے۔

  • ڈونلڈ ٹرمپ دسویں بار توہین عدالت کے مرتکب، جرمانے کے ساتھ عدالت کی بڑی وارننگ

    ڈونلڈ ٹرمپ دسویں بار توہین عدالت کے مرتکب، جرمانے کے ساتھ عدالت کی بڑی وارننگ

    نیویارک: دسویں مرتبہ توہین عدالت پر سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر پھر جرمانہ عائد کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیویارک کی عدالت نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایک بار پھر توہین عدالت کا مرتکب قرار دیا، اور مین ہٹن فوجداری مقدمے میں گواہوں اور ججوں کو تحفظ فراہم کرنے والے گیگ آرڈر کی خلاف ورزی کرنے پر 1,000 ڈالر جرمانہ عائد کر دیا۔

    عدالت نے جرمانہ کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کو وارننگ دی کہ اگر آئندہ خلاف ورزی کی تو انھیں جیل بھیج دیا جائے گا، ٹرمپ دسویں مرتبہ توہین عدالت کے مرتکب ہوئے تھے۔ دراصل جج نے ٹرمپ کو گواہوں اور کیس میں ملوث دیگر افراد پر تنقید کرنے سے روکنے کے لیے گیگ آرڈر نافذ کیا تھا۔

    جج جوآن مرچن نے کہا کہ جرمانے کے اثرات دکھائی نہیں دے رہے ہیں، اس لیے وہ ٹرمپ کو جیل بھیجنے پر مجبور ہوں گے، تاہم ایسا کرنے پر کیس کی عدالتی کارروائیوں میں خلل پڑ جائے گا۔ جج نے کہا کہ صرف یہی نہیں، میں اس لیے بھی فکرمند ہوں کہ اس اقدام کے لیے عدالتی افسران، سیکرٹ سروس اور مختلف دیگر اہلکاروں کی خدمات لینی پڑیں گی، لیکن آخرکار مجھے یہ کرنا ہی پڑے گا۔

    توہین عدالت، ڈونلڈ ٹرمپ پر 9 ہزار ڈالر جرمانہ عائد

    جب جج نے اپنا حکم سنایا تو ٹرمپ اپنے بیٹے ایرک ٹرمپ کے ساتھ کمرے میں بازو باندھ کر بینچ پر بیٹھ گئے تھے۔

    واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف ’ہش منی کیس‘ کی کارروائی جاری ہے، ٹرمپ پر الزام ہے کہ انھوں نے 2016 کے صدارتی انتخابات کے موقع پر اپنی ذاتی زندگی سے متعلق خبریں چھپانے کے لیے چالیں چلی تھیں، اور رشوت دی تھی۔ ان پر ایک فلمی اداکارہ کو چُپ رہنے کے لیے دی جانے والی رقم (hush money trial) کو چھپانے کے لیے جعلی کاروباری ریکارڈ بنانے کا الزام ہے۔

  • توہین عدالت کیس میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو 6 ماہ قید کی سزا

    توہین عدالت کیس میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو 6 ماہ قید کی سزا

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے غیر قانونی گرفتاریوں کے کیس میں توہین عدالت پر ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز کو 6 ماہ قید کی سزا سنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق آئی جی اسلام آباد، ڈی سی اسلام آباد، ایس ایس پی آپریشنز اور ایس پی صدر عدالت میں پیش ہوئے، اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس بابر ستار نے محفوظ شدہ فیصلہ سنایا۔

    فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن، ایس ایس پی آپریشنز ملک جمیل ظفر مس کنڈکٹ کے مرتکب قرار پائے ہیں۔

    عدالت نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو 6 ماہ قید کی سزا، ایس ایس پی آپریشنز کو 4 ماہ جیل اور ایک لاکھ جرمانہ، ایس ایچ او کو بھی 2 ماہ جیل اور ایک لاکھ جرمانے کی سزا سنائی ہے جبکہ ایس پی صدر کو توہین عدالت کیس میں بری کردیا ہے۔

    عدالت نے مختصر سزا کی وجہ سے ڈی سی، ایس ایس پی آپریشنز اور ایس ایچ او کی سزائیں 30 روز کے لیے سزائیں معطل کر دیں ساتھ ہی اسلام آباد ہائیکورٹ کی عدالتی فیصلے کی کاپی وزیراعظم کو فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

  • صنم جاوید  کی ضمانت منظور ہونے کے باوجود رہا نہ کرنے پر آئی جی پولیس پنجاب سے جواب طلب

    صنم جاوید کی ضمانت منظور ہونے کے باوجود رہا نہ کرنے پر آئی جی پولیس پنجاب سے جواب طلب

    لاہور : لاہور ہائی کورٹ نے پی ٹی آٸی ایکٹویسٹ صنم جاوید خان کی ضمانت منظور ہونے کے باوجود رہا نہ کرنے پر آئی جی پولیس پنجاب سے جواب مانگ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے صنم جاوید کی توہین عدالت کی پر سماعت کی، جس میں کہا گیا کہ آئی جی نے رپورٹ میں کہا کہ درخواست گزار کیخلاف دو مقدمات کے علاوہ کوئی مقدمہ نہیں لیکن دونوں مقدمات میں ضمانت کے باوجود رہا نہیں کیا گیا۔

    رپورٹ مین کہنا تھا کہ آئی جی پنجاب اور دیگر حکام نے عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کی اس لیے آئی جی پنجاب سمیت دیگر کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔

    عدالت نے پی ٹی آٸی ایکٹویسٹ صنم جاوید خان کی ضمانت منظور ہونے کے باوجود رہا نہ کرنے پر آئی جی پولیس پنجاب سے جواب مانگ لیا اور درخواست پر مزید کارروائی 10 نومبر کو ہوگی۔

  • غیر مشروط معافی مسترد، توہین عدالت کیس میں ڈی سی اسلام آباد سمیت دیگر پر فرد جرم عائد

    غیر مشروط معافی مسترد، توہین عدالت کیس میں ڈی سی اسلام آباد سمیت دیگر پر فرد جرم عائد

    اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈی سی اسلام آباد سمیت دیگر کی غیر مشروط معافی مسترد کرتے ہوئے ان پر فرد جرم عائد کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق شہریار آفریدی کے خلاف ایم پی او آرڈر میں اختیارات سے تجاوز پر توہین عدالت کے کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈپٹی کمشنر عرفان نواز میمن، ایس ایس پی آپریشنز جمیل ظفر، ڈی پی او فاروق بٹر اور ایس ایچ او ناصر منظور پر فرد جرم عائد کر دی۔

    اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار نے چاروں افسران کو فرد جرم پڑھ کر سنائی، کمرہ عدالت میں روسٹرم پر موجود تمام افسران کی حاضری بھی لگائی گئی، عدالت نے ڈی سی اسلام آباد سے استفسار کیا کہ کیا آپ نے الزامات سن لیے ہیں؟ تاہم ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن نے صحت جرم سے انکار کر دیا، جس پر جسٹس بابر ستار نے ریمارکس دیے کہ کھلی عدالت میں چارج شیٹ پڑھی گئی ہے جو کچھ بھی ہے اب ٹرائل میں ثابت کرنا۔

    جسٹس بابر ستار نے ایس ایس پی جمیل ظفر کو بھی چارج شیٹ پڑھ کرسنائی اور پوچھا کہ کیا آپ دفاع پیش کرنا چاہتے ہیں؟ ایس ایس پی آپریشنز نے کہا مجھے وقت دیا جائے، ڈی پی او امجد فاروق بٹر اور ایس ایچ او ناصر منظور نے بھی صحت جرم سے انکار کر دیا۔

    کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے وکیل قیصر امام کو پراسیکیوٹر تعینات کر دیا، اور تمام افسران کو دستخط کرنے کی ہدایت کی۔

  • چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو توہین عدالت کا نوٹس جاری

    چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو توہین عدالت کا نوٹس جاری

    اسلام آباد : اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا اور اس کیس کو دیگر کیسز سے منسلک کرنے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں عدالتی حکم کی تعمیل نہ کرنے پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف اسسٹنٹ کمشنر عبداللہ کی جانب سے توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

    سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے کی، درخواست گزار کی جانب سے راجہ رضوان عباسی عدالت میں پیش ہوئے۔

    اسسٹنٹ کمشنر کے وکیل راجہ رضوان عباسی نے کہا کہ عمران خان کو پیشی کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے تھا۔

    راجہ رضوان عباسی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ اس لیے معطل کیے کہ عمران خان عدالت میں پیش ہوں گے اور عدالت نے حکم دیا تھا کہ عمران خان پر امن طریقے سے عدالت میں پیش ہوں۔

    جس پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا، چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ اس حوالے سے آئی جی پولیس اسلام آباد سے رپورٹ طلب کر چکے ہیں۔

    عدالت نے رجسٹرار آفس کو حکم دیا کے اس کیس کو عمران خان کے دیگر کیسز سے منسلک کردیں، جس کے بعد عمران خان کی ضمانت قبل از گرفتاری کے ساتھ توہین عدالت کیس کو بھی منسلک کردیا گیا۔

    بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے کیس کی سماعت 7 اپریل تک ملتوی کردی۔

  • راناثنااللہ کے خلاف توہین عدالت کی انٹرا کورٹ اپیل دائر

    راناثنااللہ کے خلاف توہین عدالت کی انٹرا کورٹ اپیل دائر

    لاہور : وفاقی وزیرداخلہ راناثنااللہ کے خلاف توہین عدالت کی انٹراکورٹ اپیل دائر کردی گئی، جس میں استدعا کی ہے کہ توہین عدالت درخواست مسترد کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ راناثنااللہ کے خلاف توہین عدالت کی انٹرا کورٹ اپیل دائر کردی گئی۔

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ رانا ثنا اللہ نے پرویز الہٰی کی آڈیولیک کرکےعدلیہ کواسکینڈلائزکیا، عدلیہ کواسکینڈلائزکرنےپرراناثنااللہ کے خلاف توہین عدالت کارروائی کی جائے۔

    درخواست میں استدعا کی گئی کہ توہین عدالت درخواست مسترد کرنے کے سنگل بینچ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔

  • اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر عمران خان کو توہین عدالت کا شوکاز نوٹس جاری

    اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر عمران خان کو توہین عدالت کا شوکاز نوٹس جاری

    اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو توہین عدالت کا شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان کو خاتون جج کیخلاف بیان دینے پر توہین عدالت کا شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا۔

    رجسٹرارآفس ہائیکورٹ سے جاری شوکاز نوٹس عمران خان کی رہائش گاہ پر موصول ہوگیا ہے۔

    شوکاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نے خاتون جج کے بارے میں توہین اوردھمکی آمیز تقریرکی، انھوں نےتقریراس وقت کی جب کیس اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیرسماعت تھا۔

    نوٹس میں کہنا تھا کہ عمران خان نے توہین اور دھمکی آمیز تقریر من پسند فیصلہ لینے کے لیے کی اور تقریر کے ذریعے انصاف کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی۔

    عدالت کی جانب سے شوکاز نوٹس میں کہا ہے کہ عمران خان نے خاتون جج کو دھمکی دے کرکریمنل اور جوڈیشل توہین کی،31 اگست کو پیش ہوکر بتائیں کیوں نا آپ کے خلاف توہین عدالت کاروائی کی جائے۔

    یاد رہے 23 اگست کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس میں شوکاز نوٹس جاری کرنے کا حکم دیتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان کو 31 اگست کو ذاتی حیثیت طلب کر لیا تھا

    عدالت نے توہین عدالت کیس کیلئے تین سے زائد ججز پر مشتمل لارجر بینچ تشکیل دینے کا بھی فیصلہ دیا تھا،

  • وزیراعظم  شہباز شریف اور نواز شریف کیخلاف توہین عدالت کی  درخواست دائر

    وزیراعظم شہباز شریف اور نواز شریف کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر

    اسلام آباد : وزیر اعظم شہباز شریف اور نواز شریف کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف اور نواز شریف کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کیلئےدرخواست دائر کردی گئی۔

    اسلام آبادہائیکورٹ میں درخواست سابق سینیٹر سید ظفر علی شاہ نے دائر کی، جس میں وزیر اعظم شہباز شریف، نواز شریف، وزارت داخلہ ،وزارت خارجہ کو فریق بنایا گیا ہے۔

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف مختلف عدالتوں کا اشتہاری ہے، وہ بیماری کی غرض سے لاہور ہائیکورٹ کی اجازت سے بیرون ملک گئے۔

    دائر درخواست میں کہنا تھا کہ نواز شریف کو بیرون ملک بھیجنے کیلئےشہباز شریف نے بیان حلفی جمع کرایا تھا۔

    درخواست میں استدعا کی گئی کہ وزیر اعظم شہباز شریف ،نواز شریف کیخلاف توہین عدالت کارروائی شروع کی جائے اور اسلام آباد ہائی کورٹ نواز شریف کی واپسی کے لیے احکامات جاری کرے۔

  • پرویز مشرف کے اثاثوں کی تحقیقات نہ کرنے پر چئیرمین نیب کو توہین عدالت کا نوٹس جاری

    پرویز مشرف کے اثاثوں کی تحقیقات نہ کرنے پر چئیرمین نیب کو توہین عدالت کا نوٹس جاری

    اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ نے جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے اثاثوں کی تحقیقات نہ کرنے پر چئیرمین نیب کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کرتے ہوئےمعاملے پر رپورٹ طلب کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق صدرپاکستان جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے اثاثوں کی تحقیقات نہ کرنے پر چئیرمین نیب کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

    درخواست پر سماعت چیف جسٹس اطہرمن اللہ اور جسٹس سردار اعجاز اسحاق پر مشتمل ڈویژن بنچ نے کی۔

    سماعت کے دوران درخواست گزار وکیل کرنل انعام الرحیم ایڈووکیٹ نے کہا کہ اسی عدالت نے قرار دیا تھا کہ نیب تحقیقات کر سکتا ہے، مشرف پبلک آفس ہولڈر رہ چکے۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ کیا ہمارا وہ فیصلہ کہیں چیلنج ہوا تھا؟ جس پر وکیل کا کہنا تھا کہ وہ فیصلہ چیلنج نہیں ہوا اور اب حتمی شکل اختیار کر چکا۔

    وکیل نے بتایا نیب کو شواہد بھی فراہم کئے لیکن نیب کارروائی نہیں کر رہا۔ الیکشن کمیشن میں ریکارڈ کیمطابق مشرف کا صرف ایک اکاونٹ 20 لاکھ ڈالر کا ہے۔

    عدالت نے چئیرمین نیب کو نوٹس جاری کر کے رپورٹ طلب کرلی اور سماعت 14 فروری تک کیلئے ملتوی کردی۔