Tag: تکنیکی خرابی

  • ملک بھر میں واٹس ایپ سست ہونے کی شکایات، وجہ کیا ہے؟

    ملک بھر میں واٹس ایپ سست ہونے کی شکایات، وجہ کیا ہے؟

    ملک بھر کے صارفین نے واٹس ایپ اور انسٹاگرام کی رفتار سست ہونے کی شکایات کیں۔

    پاکستان میں گزشتہ کئی دن سے انٹرنیٹ سیکیورٹی نیٹ ورک سسٹم ’فائر وال‘ کی آزمائش سے جہاں انٹرنیٹ سست رفتاری کا شکار رہی ہے، وہیں کل سے ملک بھر میں صارفین نے واٹس ایپ کی سست ہونے کی شکایت کی ہے۔

    میسیجنگ ایپلیکیشن واٹس ایپ سمیت دیگر سوشل میڈیا ایپلیکیشن بھی سست روی کا شکار ہیں، صارفین کا کہنا تھا کہ میڈیا فائلز کو ڈاؤن لوڈ ہونے میں بہت زیادہ وقت لگتا ہے یا وہ فائلز ڈاؤن لوڈ ہوتی ہی نہیں۔

    بعض صارفین نے واٹس ایپ اور انسٹاگرام دونوں ایپلی کیشنز کی سروس ڈاؤن ہونے کی شکایت بھی کی، تاہم زیادہ تر افراد نے بتایا کہ دونوں ایپلی کیشنز سست رفتاری کا شکار ہیں اور میسیجز درست انداز میں وصول نہیں ہو رہے اور نہ ہی میسیجز بھیجے جا رہے ہیں۔

    دوسری جانب پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن (پی ٹی اے) نے ملک میں صارفین کی جانب سے واٹس ایپ سروسز کے حوالے سے جاری مسائل کو مسترد کرتے ہوئے اسے ممکنہ ’’تکنیکی خرابی‘‘ قرار دیا ہے۔

    ورلڈ پاپولیشن ریویو کی 2024 کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں واٹس ایپ استعمال کرنے والے افراد کی تعداد 52.3 ملین سے زائد ہے۔

  • بھارت: دوران پرواز طیارے میں خرابی، پریشان کن ویڈیو سامنے آگئی

    بھارت: دوران پرواز طیارے میں خرابی، پریشان کن ویڈیو سامنے آگئی

    نئی دہلی: بھارت میں دوران پرواز طیارے میں تکنیکی خرابی پیدا ہونے سے مسافر خوفزدہ ہوگئے، اندر موجود مسافر کی بنائی گئی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔ طیارے کی دہلی میں ہنگامی لینڈنگ کی گئی۔

    بھارتی ایئر لائن اسپائس جیٹ کی پرواز ایس جی 2962 دہلی سے جبل پور آرہی تھی، 5 ہزار فٹ کی بلندی پر اسے اچانک تکنیکی خرابی کا سامنا کرنا پڑا۔

    فلائٹ میں موجود مسافر کی بنائی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کیبن میں دھواں بھر چکا ہے اور مسافر خوفزدہ ہو گئے۔

    مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کے سینئر وکیل پنکج دوبے بھی اسی فلائٹ میں سفر کر رہے تھے، انہوں نے بتایا کہ جیسے ہی دھواں نظر آیا تمام مسافر خوفزدہ ہیں۔

    پنکج نے بتایا کہ طیارے میں سوار تمام بچے رو رہے تھے، لوگوں کو سمجھ نہیں آرہی تھی کہ بچوں کو کیسے سنبھالیں، سامان سنبھالیں یا خود کو بچائیں۔

    ان کے مطابق کیبن کرو نے فوری طور پر مسافروں کو آکسیجن ماسک لگانے کا مشورہ دینا شروع کر دیا، اس دوران طیارے کا اے سی بند تھا اور لوگوں کا دم بھی گھٹ رہا تھا۔

    بعد ازاں پائلٹ کی حاضر دماغی کی وجہ سے طیارہ بحفاظت دہلی ایئر پورٹ پر اتار لیا گیا، مسافروں کو ان کی منزل تک پہنچانے کے لیے متبادل انتظامات کیے گئے تھے۔

    واقعے کے فوراً بعد اسپائس جیٹ کی انتظامیہ نے بھی اپنے آفیشل اکاؤنٹ سے طیارے میں تکنیکی خرابی کی اطلاع دی، کمپنی نے اپنے بیان میں کہا کہ تمام مسافروں کو بحفاظت اتار لیا گیا ہے اور انہیں جلد منزل پر پہنچا دیا جائے گا۔

    پرواز میں کیا تکنیکی خرابی پیدا ہوئی اس بارے میں تحقیقات جاری ہیں۔

  • بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کے لیے تیار پاک پاس ایپ میں تکنیکی خرابی،  استعمال موخر

    بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کے لیے تیار پاک پاس ایپ میں تکنیکی خرابی، استعمال موخر

    کراچی : کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے بیرون ملک سے آنے والوں کے لیے پاک پاس موبائل ایپ میں تکنیکی خرابی کے باعث استعمال موخر کردیا گیا، موبائل ایپ متعارف کروانے کا مقصد پاکستان پہنچنے والے مسافروں کا 14دن تک قرنطینہ موجودگی کو لازمی بنانا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کی کورونا وائرس سے بچاؤکے لئےبیرون ملک سے آنے والے مسافروں کے لیے تیار پاک پاس ایپ فعال نہ ہو سکی، تکنیکی خرابی کے باعث پاک پاس ایپ کا استعمال مؤخر کرکے نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

    نوٹیفکیشن سی اے اے کے ڈائریکٹر ائیرٹرانسپورٹ نے جاری کیا ہے، جس میں کہا گہا موبائل ایپ متعارف کروانے کا مقصد پاکستان پہنچنے والے مسافروں کا 14دن تک قرنطینہ موجودگی کو لازمی بنانا ہے۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کی ٹریکنگ کیلئے ایپ تیار کی تھی اور بیرون ملک سے آنے والے تمام مسافروں کو پاکپاس موبائل ایپ ڈاون لوڈ کرنا لازمی قراردیا گیا تھا۔

    پاکپاس موبائل کے لازمی استعمال کے حوالے سے ائیرپورٹس اور ملکی و غیر ملکی ائیرلائنز انتظامیہ کو ہدایات جاری کی گئی تھیں ،فیملی کی صورت میں بھی ایک ہی فرد نے موبائل ایپ انسٹال کرنا تھی جبکہ اسمارٹ فونز نہ رکھنے والے مسافروں کو ائیرپورٹ پر سخت عمل سے گزارا جانا ہے۔

    ایپ سے کرونا ٹیسٹنگ اور ہوم آئسولیشن کے بارے میں معلومات اکٹھا کی جا سکیں گی، سی اے اے نے ہدایات جاری کی ہیں کہ ٹکٹ بک کرواتے وقت ایئرلائن انتظامیہ مسافروں کو بذریعہ ای میل موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کی ہدایت کرے، اور چیک اِن، بورڈنگ ڈیسک پر مسافروں کے موبائل میں ایپ کی موجودگی یقینی بنائے۔

  • وزیر اعظم عمران خان کا طیارہ تکنیکی خرابی کا شکار، نیویارک میں ایمرجنسی لینڈنگ

    وزیر اعظم عمران خان کا طیارہ تکنیکی خرابی کا شکار، نیویارک میں ایمرجنسی لینڈنگ

    نیویارک: وزیر اعظم عمران خان کا طیارہ تکنیکی خرابی کا شکار ہوگیا جس کے باعث طیارے کی دوبارہ نیویارک میں ایمرجنسی لینڈنگ کرنی پڑی، وزیر اعظم آج رات نیویارک میں ہی قیام کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب کے بعد وطن واپسی کے لیے روانہ ہوئے تو ان کا طیارہ تکنیکی خرابی کا شکار ہوگیا جس کے باعث طیارے کو ٹورنٹو سے واپس موڑنا پڑا۔

    وزیر اعظم کے طیارے نے دوبارہ نیویارک میں لینڈ کیا جس کے بعد وزیر اعظم وفد سمیت امریکی سیکیورٹی اسکواڈ کے ہمراہ روز ویلٹ ہوٹل دوبارہ پہنچ گئے، وزیر اعظم کی آمد کے بعد روز ویلٹ ہوٹل کی سیکیورٹی دوبارہ بڑھا دی گئی۔

    ذرائع کے مطابق طیارے کے نیوی گیشن سسٹم میں خرابی پر طیارے کو ٹورنٹو سے دوبارہ نیویارک کی طرف موڑا گیا اور ایمرجنسی لینڈنگ کرنی پڑی، وزیر اعظم کا طیارہ اس وقت جان ایف کینیڈی ایئرپورٹ پر موجود ہے اور امریکی ایوی ایشن حکام طیارے کا نیوی گیشن سسٹم ٹھیک کر رہے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کے طیارے کا دوران پرواز الیکٹرک سسٹم فیل ہوگیا تھا، الیکٹرک سسٹم فیل ہونے سے لینڈنگ میں انتہائی دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔

    ابتدا میں طیارے کو جلد ہی اڑانے کا ارادہ ظاہر کیا گیا تاہم سسٹم کی درستگی کا کام وقت لینے لگا تو وزیر اعظم امریکی سیکیورٹی اسکواڈ کے ہمراہ واپس ہوٹل کی جانب روانہ ہوگئے۔

    وزیر اعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ طیارے میں تکنیکی خرابی کے باعث وزیر اعظم آج رات نیویارک کے ہوٹل میں ہی قیام کریں گے۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم گزشتہ کئی روز سے جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک میں موجود تھے۔ گزشتہ روز انہوں نے جنرل اسمبلی سے اپنا تاریخی خطاب کیا جس میں انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کا پردہ چاک کردیا تھا۔

  • بھارت کے ایک ارب خواب چاند کی جانب روانہ

    بھارت کے ایک ارب خواب چاند کی جانب روانہ

    نئی دہلی : بھارت نے چاند پر اپنے دوسرے خلائی مشن ’چندریان ٹو‘ کو کامیابی سے روانہ کردیا ہے، اس خلائی جہاز کی روانگی گزشتہ ہفتے طے تھی تاہم تکنیکی خرابی کے سبب اسے روانہ نہیں کیا جا سکا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی خلائی ادارے ’اسرو ‘ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’چندریان ٹو‘ کو آج بروز پیر بھارت کے مقامی وقت کے مطابق دوپہر دو بج کر 43 منٹ پر خلا میں روانہ کیا گیا۔اس سے قبل 15 جولائی کو چاند کے لیے روانہ ہونے والا مشن مقررہ وقت سے 56 منٹ قبل ’لانچ وہیکل سسٹم میں تکنیکی خرابی‘ کے سبب روک دیا گیا تھا۔

    اس مشن پر 15 کروڑ امریکی ڈالر کے اخراجات آئے ہیں اور تقریباً ایک ہزار انجینئرز اور سائنسدانوں نے کام کیا ہے۔ بھارتی خلائی تحقیقاتی ادارے ’ اسرو‘ نے پہلی بار کسی خاتون کو اپنی خلائی مہم کا سربراہ مقرر کیا ہے۔ پروگرام کی ڈائریکٹر متھایا ونیتھا نے چندریان ٹو کی روانگی کے عمل نگرانی کی ہے جبکہ ریتو کریدھال اس کی رہنمائی کریں گی۔

    بھارت کے خلائی مشن کی چاند پر روانگی عین وقت پرملتوی

    ’بھارت کے خلائی ادارے کی جانب سے چندریان ٹو‘ کو خلا میں روانہ کرنے کے مناظر ٹیلی وژن اور خلائی ادارے کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر براہ راست دکھائے گئے۔اسرو کے سربراہ ڈاکٹر سیوان نے یہ خلائی مشن جاری کرنے کے بعد اپنی تقریر میں کہا ’یہ چاند کی جانب بھارت کے تاریخی سفر کی ابتدا ہے۔‘

    اسرو کی جانب سے کہا گیا ہے کہ چاند کے لیے روانہ کی جانے والی ’پہلے سے کہیں مضبوط خلائی گاڑی پر سوار ایک ارب خواب چاند پر پہنچیں گے۔‘

    چاند پر لینڈنگ کے بارے میں تنازعات کا آغاز کب ہوا؟

    یا د رہے کہ بھارت نے پہلی بار اپنا مشن ’چندریان ون‘ سنہ 2008 میں بھیجا تھا ، تاہم وہ خلائی جہاز چاند کی سطح پر اترنے میں ناکام رہا تھا لیکن اس نے ریڈار کی مدد سے چاند پر پانی کی موجودگی کی پہلی اور سب سے تفصیلی دریافت کی تھی۔

    انڈیا اس مشن کے لیے اپنا سب سے مضبوط راکٹ جیو سنکرونس سیٹلائٹ لانچ وہیکل (جی ایس ایل وی) مارک تھری استعمال کر رہا ہے۔ اس کا وزن 640 ٹن ہے (جو کہ کسی بھرے ہوئے جمبو جیٹ 747 کا ڈیڑھ گنا ہے) اور اس کی لمبائی 44 میٹر ہے جو کہ کسی 14 منزلہ عمارت کے برابر ہے۔

    اس سیٹلائٹ سے منسلک خلائی گاڑی کا وزن 379۔2 کلو ہے اور اس کے تین واضح مختلف حصے ہیں جن میں مدار پر گھومنے والا حصہ ‘آربیٹر’، چاند کی سطح پر اترنے والا حصہ ‘لینڈر’ اور سطح پر گھومنے والا حصہ ‘روور’ شامل ہے۔

  • پی آئی اے کی پرواز26گھنٹےتاخیرکےبعدلندن سےکراچی روانہ

    پی آئی اے کی پرواز26گھنٹےتاخیرکےبعدلندن سےکراچی روانہ

    لندن : لندن سےکراچی آنے والی پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی پرواز 26 گھنٹے تاخیر کےبعدکراچی کےلیے روانہ ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی پرواز پی کے 788 کو تکنیکی خرابی کے باعث گزشتہ روزلندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر روک لیا گیاتھا۔پرواز میں تاخیر کی وجہ سے لندن ایئرپورٹ پرمسافروں کوشدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    پی آئی اے کے ترجمان دانیال گیلانی کے مطابق لندن سے کراچی آنے والی پرواز پی کے 788 کو معمولی تکنیکی خرابی کے باعث گذشتہ رات ایک بجے کے قریب ایئرپورٹ پر روکا گیا،تاہم اب طیارے کی خرابی دور کردی گئی ہے۔

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ پرواز منسوخ کیے جانے کے بعد تمام مسافروں کو ہوٹل میں ٹھہرایا گیاتھااورپرواز آج صبح لندن سے کراچی کے لیے روانہ ہوگئی ہے۔

    پی آئی اے کی پرواز تقریباً چھبیس گھنٹے تاخیر کاشکار ہوئی۔پرواز میں تین سو پچاس مسافرہیں۔

    مزید پڑھیں:پی آئی اے کے ایک اور اے ٹی آر طیارے میں آتشزدگی

    خیال رہے کہ دو روز قبل پاکستان کی قومی ایئر لائن پی آئی اے کا ایک اور مسافر اے ٹی آر طیارے میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا تھا،تاہم اے ٹی آر طیارہ بڑے حادثے سے محفوظ رہاتھا۔

    مزید پڑھیں:شیک ڈاؤن ٹیسٹ‘پی آئی اے کےاے ٹی آر طیارےگراؤنڈ

    یاد رہے کہ گزشتہ روز سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کےتمام اے ٹی آرطیاروں کو چانچ پڑتال کےلیےگراؤنڈ کردیاگیاتھا۔

    مزید پڑھیں: پی آئی اے طیارے کو حادثہ، 47 افراد سوار، تمام شہید

    واضح رہے کہ 7دسمبر کو پی آئی اے کا چترال سے اسلام آباد آنے والا اے ٹی آر مسافر طیارہ حویلیاں کے قریب گر کر تباہ ہونے سے جہاز کے عملے سمیت47افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔