Tag: تھائی لینڈ

  • تھائی لینڈ  میں ٹیکسی ڈرائیور نے 2  پاکستانیوں کو اغوا کرلیا

    تھائی لینڈ میں ٹیکسی ڈرائیور نے 2 پاکستانیوں کو اغوا کرلیا

    اسلام آباد : تھائی لینڈ میں ٹیکسی ڈرائیور نے دو پاکستانیوں کو اغوا کرلیا، دونوں مغویوں کے اہلخانہ نے حکومت سے فوری اقدمات اٹھانے کی اپیل کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مظفراباد آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے دو شہری تھائی لینڈ میں ٹیکسی ڈرائیور کے ہاتھوں اغوا ہوگئے۔

    عمر عباسی اور ایڈوکیٹ رئیس عباسی دونوں 11 اکتوبر 2024 کو دبئی سے تھائی لینڈ روانہ ہوئے ، وزٹ ویزا پر لینڈنگ کے بعد دونوں ہی نے اپنی فیملی سے رابطہ کر کے بتایا کہ وہ خیریت سے پہنچ گئے ہیں۔

    دونوں نے ٹیکسی کے زریعے ہوٹل کی طرف روانہ ہوئے ، اگلے دن عمر نے اپنے گھر رابطہ کیا کہ ان کو ٹیکسی ڈرائیور نے اغوا کر کے غیر قانونی طرح گن پوائنٹ پہ میانمر(Myanmar )کا بارڈر کراس کروایا اور دونوں کو سکیمنگ سینٹر میں رکھا گیا ، جہاں 17 گھنٹے سائبر کرائم (cyber crime)کا کام کروایا جاتا ہے۔

    دونوں مغویوں کے اہلخانہ نے حکومت سے فوری اقدمات اٹھانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کام سے انکار پر مارا جاتا ہے کرنٹ لگایا جاتا ہے جیل میں بند کر دیا جاتا ہے۔

  • پاکستان سے مزدوری کے لئے تھائی لینڈ جانے والا شہری اغوا

    پاکستان سے مزدوری کے لئے تھائی لینڈ جانے والا شہری اغوا

    اسلام آباد سے مزدوری کے لئے تھائی لینڈ جانے والا شہری اغوا ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد سے مزدوری کے لئے تھائی لینڈ جانے والے شہری حماد الرحمان کو اغوا کرلیا گیا، اہلخانہ کی جانب سے وزارت خارجہ کو درخواست بھی دیدی گئی، درخواست گزار کا کہنا ہے کہ ان کے بیٹے کو برما بارڈر کے قریب رکھا گیا ہے۔

    اغوا شہری کے والد کا کہنا ہے کہ ملزمان کی جانب سے گھر والوں کو ٹیلی گرام پر رابطے کی ہدایت کی گئی، والد نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت میرے بیٹے کی رہائی کے لئے اقدامات کرے۔

    والد کا کہنا ہے کہ جس جگہ ان کے بیٹے کو رکھا گیا ہے وہاں اوربھی پاکستانی موجود ہیں، روزانہ تشدد کیا جاتا ہے اور 50ہزار ڈالر کا مطالبہ کیا جاتا ہے۔

    اغوا ہونے کؤوالے شہری کے والد کا کہنا ہے کہ  حماد الرحمان کو ائیر پورٹ سے اغوا کیا گیا، میری حکومت سے درخواست ہے وہ میرے بیٹے کی رہائی کے لئے اقدامات کرے۔

  • مگرمچھ کا گوشت کتنے روپے کلو؟ جان کر آپ حیران رہ جائیں گے (باربی کیو ویڈیو)

    مگرمچھ کا گوشت کتنے روپے کلو؟ جان کر آپ حیران رہ جائیں گے (باربی کیو ویڈیو)

    دنیا بھر کے لوگوں میں اپنے ثقافتی اور ماحولیاتی حالات کے مطابق کھانے پینے کی عادتیں رائج ہیں، کہیں پر لوگ شاکاہاری یعنی سبزی خور ہیں، تو دوسری طرف دنیا میں زیادہ تر لوگ گوشت خوری کی طرف ہی مائل ملتے ہیں، چاہے وہ سمندری غذا ہو، چکن یا گائے کا گوشت ہو۔

    لیکن ایک ایسا ملک بھی ہے جہاں لوگ سب سے زیادہ خطرناک اور سفاک شکاری مگرمچھ کا گوشت کھانے سے لطف اندوز ہوتے ہیں، آپ یقیناً یہ جان کر حیران رہ جائیں گے کہ اس ملک کے لوگ مگرمچھ کے گوشت کا منفرد ذائقہ رکھتے ہیں۔

    یہ ملک ہے تھائی لینڈ، جہاں لوگ مگرمچھ کا گوشت نہایت شوق سے کھانا پسند کرتے ہیں، یہاں آپ کھلے باربی کیو پوائنٹس پر مگرمچھ کے گوشت کو بھونتے ہوئے دیکھ سکتے ہیں۔

    آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ تھائی لینڈ کے لوگ کھانے میں مگرمچھوں کو اس قدر پسند کرتے ہیں کہ ان کی باقاعدہ بڑے پیمانے پر فارمنگ کی جاتی ہے، تھائی لینڈ میں مگرمچھ کے کئی فارم ہیں جن میں 1.2 ملین سے زیادہ مگرمچھ ہیں۔

    یہ مگرمچھ نہ صرف کھانے کے لیے استعمال ہوتے ہیں بلکہ ان کی کھال مہنگے تھیلے بنانے میں بھی استعمال ہوتی ہے، اس کے علاوہ مگرمچھ کا خون بھی ضائع نہیں ہوتا اور مختلف ادویات کی تیاری میں اس کا استعمال ہوتا ہے۔

    تھائی لینڈ میں مگرمچھ کا ہر فارم سرکاری رجسٹریشن کے مطابق چلتا ہے اور حکومت کی طرف سے مگرمچھ کو ذبح کرنے کی منظوری دی جاتی ہے، تھائی لینڈ میں آپ کو مگرمچھ کا گوشت تقریباً 570 روپے فی کلوگرام میں مل سکتا ہے، جب کہ مگرمچھ کے خون کی فروخت کی قیمت تقریباً 100 روپے فی کلو ہے۔

    سی پی آر کے ذریعے سانپ کی جان بچانے کی ویڈیو وائرل

    لیکن دل چسپ بات یہ بھی ہے کہ مگرمچھ کا گوشت اتنا سستا ہونے کے باوجود اس کا صفرا (بائل) بہت مہنگا فروخت ہوتا ہے، اور اس کی قیمت 76,000 روپے فی کلو گرام ہے۔

  • تھائی لینڈ جانے کے خواہمشند افراد کے لیے اہم خبر

    تھائی لینڈ جانے کے خواہمشند افراد کے لیے اہم خبر

    اسلام آباد: ایسے پاکستانی شہری جو تھائی لینڈ وزٹ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں ان کے لیے سیاحتی ویزا کی تفصیلات جانا کافی ضروری ہے۔

    پاکستانی شہری، جو ملک کی سیر کا ارادہ رکھتے ہیں، سیاحتی ویزا کے لیے خود یا پاکستان میں تھائی سفارت خانے کے سرکاری ایجنٹوں کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں۔

    پاکستان سمیت مختلف ممالک کے شہریوں کو سیاحت کے لیے تھائی لینڈ میں داخل ہونے کے لیے اس ملک کا وزٹ ویزا حاصل کرنا ضروری ہے۔

    پاکستانی درخواست دہندگان کے لیے تھائی لینڈ دو قسم کے وزٹ ویزے پیش کرتا ہے جس میں سنگل انٹری اور ایک سے زیادہ انٹری ویزا شامل ہے، تھائی لینڈ کے وزٹ ویزا کے لیے کسی بھی پاکستانی شہری کو درج ذیل دستاویزات درکار ہونگی۔

    سب سے پہلے درخواست فارم، کور لیٹر/ کمپنی ورکنگ لیٹر،ایک خالی پاسپورٹ صفحہ / 6 ماہ پاسپورٹ کی میعاد، بینک اسٹیٹمنٹ (ایک سال کی)، 2 پاسپورٹ سائز تصاویر ( جو 6 ماہ کے اندر لی گئی ہو) درکا ہوگا۔

    اس کے علاوہ سی این آئی کی 2 کاپیاں، پاسپورٹ کی 2 کاپیاں، این ٹی این لیٹر، تصدیق شدہ ایئر ٹکٹ / ہوٹل بکنگ بھی تھائی لینڈ جانے کے خواہشمند افراد کے پاس ہونا ضروری ہے۔

    تھائی لینڈ کے وزٹ ویزا فیس میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے، تین ماہ کی میعاد کے ساتھ سنگل انٹری ٹورسٹ ویزا کی فیس 13,000 روپے ہے جبکہ چھ ماہ کی میعاد کے ساتھ ملٹی پل انٹری وزٹ ویزا کی فیس 65,000 روپے ہے۔

    خیال رہے کہ تھائی لیںڈ اپنی ثقافت، شاندار ساحل، دلکش مناظر اور تاریخ کے بھرپور امتزاج کی وجہ سے جانا جاتا ہے، تھائی لینڈ کو بین الاقوامی سیاحوں کے لیے ایک پرکشش سیاحتی مقام خیال کیا جاتا ہے۔

  • پاکستان سے تھائی لینڈ جانے والا نوجوان اغوا

    پاکستان سے تھائی لینڈ جانے والا نوجوان اغوا

    حافظ آباد سے سیر کے لئے جانے والے نوجوان کو تھائی لینڈ میں اغوا کرلیا گیا، اغوا کار نوجوان شاہ زیب کو میانمار لے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ضلع حافظ آباد سے تھائی لینڈ جانے والے نوجوان کو ٹیکسی ڈرائیور نے اغوا کرلیا، اغوا کار نوجوان کو میانمار لے گئے۔

    شاہ زیب کے والد کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ٹیکسی ڈرائیور مبینہ طور پر بیٹے کو اغوا کر کے میانمار لے گئے ہیں اغواکاروں نے نوجوان کے اہل خانہ سے 50 ہزار ڈالر تاوان مانگ لیا۔

    شاہ زیب کے والد کا مزید کہنا تھا کہ بیٹا شاہ زیب دو روز قبل سیر کی غرض سے تھائی لینڈ گیا تھا۔

  • مالک نے اپنے 125 مگرمچھوں کو کرنٹ لگا کر مار ڈالا

    مالک نے اپنے 125 مگرمچھوں کو کرنٹ لگا کر مار ڈالا

    تھائی لینڈ میں مگرمچھوں کی افزائش کرنے والے ایک فارم کے مالک نے اپنے 125 مگر مچھوں کو کرنٹ لگا کر مار ڈالا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق شمال مغربی تھائی لینڈ کے صوبہ لامفون میں مگرمچھ کے پالنے والے نتھپاک خمکد نے بتایا کہ موسلاد ھار بارش سے فارم کی دیواروں میں دراڑیں پڑ گئی ہیں۔ مگر مچھ باہر پانی میں نکل سکتے تھے۔

     فارم کے مالک نے کہا کہ ہمیں ڈر تھا کہ سیلاب کے دوران یہ مگر مچھ فرار ہوسکتے ہیں اور ان کی وجہ سے آبادی کو خطرہ ہوسکتا ہے، اس لئے لوگوں  کو بچانے کے لئے یہ اقدام کیا گیا۔

    فارم کے مالک نے کہا کہ بدقسمتی سے ان رینگنے والے جانوروں میں سے 125 کو مارنا پڑا جن کو میں 17 سال سے پال رہا تھا، سیامی نسل کے نایاب مگرمچھوں کو بجلی کے کرنٹ سے مارا گیا۔

    مالک کا کہنا ہے کہ مگر مچھ پانی سے بھاگنے کے بعد میں گاؤں والوں اور مویشیوں پر حملہ کر سکتے تھے، مالک نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر تصاویر پوسٹ کی ہیں جن میں جانوروں کی باقیات کو دیوار سے نکالا جا رہا ہے۔

    سیامی مگرمچھ کی لمبائی تین میٹر کمبی ہوتی ہے، یہ جنوب مشرقی ایشیا میں انتہائی خطرے سے دوچار نسل ہے، لیکن اس کی جلد سے فائدہ اٹھانے کے لیے اسے تھائی لینڈ کے فارموں میں اب بھی پالا جاتا ہے۔

     فارم کے مالک نے بتایا کہ اس نے حکام سے رابطہ کیا تھا کہ مگرمچھوں کو عارضی پناہ گاہ میں رکھیں لیکن اس کو اجازت نہیں ملی۔

  • تھائی لینڈ : زنجیروں میں جکڑا ہاتھی 41 سال بعد آزاد

    تھائی لینڈ : زنجیروں میں جکڑا ہاتھی 41 سال بعد آزاد

    برطانیہ میں جانوروں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیم پلانٹنگ پیس نے تھائی لینڈ میں 41 سال سے زنجیروں میں جکڑے ہاتھی کو آزاد کروا دیا۔

    تھائی لینڈ ایک دلکش سیاحتی مقام ہے جہاں لوگ قدرتی نظاروں، خوبصورت ساحلوں اور مختلف ثقافتوں کا مشاہدہ کرکے لطف اندوز ہوتے ہیں لیکن یہ بدقسمتی سے یہ ملک ہاتھیوں کی غلامی کے لیے بھی جانا جاتا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایشیائی ہاتھیوں کی کل تعداد 50,000 سے کم ہے اور افسوس کی بات یہ ہے کہ آج بھی 3 سے 4ہزار ہاتھی یہاں زنجیروں میں جکڑے ہوئے ہیں۔

    پلانٹنگ پیس ایک غیر منافع بخش تنظیم ہے جسے 2004 میں امریکی شہری ایرون جیکسن اور ہیٹی کے جان لوئیس ڈائیوبون نے اس مقصد کے تحت قائم کیا تھا کہ دنیا میں امن قائم کیا جائے۔

    سال 2017میں پلانٹنگ پیس نے ایشیائی ہاتھیوں کو غلامی سے آزاد کرانے کا کام باقاعدہ شروع کیا تھا۔ ان کا مقصد ہر ماہ ایک ہاتھی کو بچانا ہے اور اس مقصد کو وہ آج تک جاری رکھے ہوئے ہیں۔

    پلانٹنگ پیس ایک غیر منافع بخش تنظیم ہے جسے 2004 میں امریکی ایرون جیکسن اور ہیٹی کے جان لوئیس ڈائیوبون نے اس مقصد کے تحت قائم کیا تھا کہ دنیا میں امن پھیلایا جائے۔

    اس تنظیم نے جس پہلے ہاتھی کو غلامی سے آزاد کرایا، اس کا نام "مے” تھا۔ مے 35 سال کی تھی اور اپنی زندگی 30سال لکڑی کے صنعت میں غلامی کرتے ہوئے گزار چکی تھی۔

    اس کے علاوہ پلانٹنگ پیس کی سب سے زیادہ وائرل ہونے والی ایک ویڈیو "مارے نوئی” نامی مادہ ہاتھی کے بارے میں ہے جس نے اپنی زندگی کے آخری 41 سال زنجیروں میں گزارے تھے، اس ویڈیو میں اسے آزادی کا پہلا قدم اٹھاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق "مارے نوئی” نامی مادہ ہاتھی نے اس دوران اپنے 3 بچے کھو دیے تھے، پلانٹنگ پیس نے اس مقصد کیلئے 24 گھنٹوں میں 37 ہزار ڈالر جمع کیے تاکہ اسے آزاد کرایا جا سکے۔

    ایرون جیکسن کا کہنا ہے کہ "مارے نوئی” آزادی کے بعد ہاتھیوں کی مخصوص پناہ گاہ ’بون لاٹ‘ میں جائے گی، وہاں اس کے پاس 500 ایکڑ زمین ہوگی جہاں وہ بغیر زنجیروں کے آزادانہ گھوم پھر سکتی ہے۔

    سوشل میڈیا پر صارفین نے ایرون جیکسن اور ان کے ادارے پلانٹنگ پیس کے کام کی دل کھول کر تعریف کرتے ہوئے اسے قابل تقلید قرار دیا۔

  • تھائی لینڈ کے مشہور تفریحی جزیرے پر تباہی پھیل گئی، روسی جوڑے سمیت 13 ہلاک

    تھائی لینڈ کے مشہور تفریحی جزیرے پر تباہی پھیل گئی، روسی جوڑے سمیت 13 ہلاک

    بنکاک: تھائی لینڈ میں تفریحی جزیرے فوکٹ میں کیچڑ کے تودے گرنے سے روسی جوڑا اور 9 تارکین وطن سمیت 13 افراد ہلاک ہو گئے۔

    روئٹرز کے مطابق تھائی لینڈ کے ریزورٹ جزیرے فوکٹ میں کیچڑ کے تودے گرنے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد تیرہ ہو گئی ہے، بیس افراد زخمی ہیں، اتوار کو حکام نے لاپتا افراد کی تلاش کا کام بند کر دیا۔

    حکام کے مطابق مڈ سلائیڈنگ مسلسل ہونے والی بارشوں کی وجہ سے ہوئی، جس جگہ کیچڑ کا تودا گرا وہاں زیادہ تر مزدور کام کر رہے تھے، کیچڑ میں دبنے سے 9 مزدور ہلاک ہوئے، جب کہ مڈ سلائیڈنگ میں سیاحت پر آیا ہوا ایک روسی جوڑا بھی ہلاک ہو گیا۔

    مزدوروں کا تعلق میانمار سے تھا اور وہ محنت مزدوری کے لیے آئے تھے، ہلاک ہونے والوں میں دو افراد تھائی لینڈ کے شہری بھی ہیں۔ 20 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے 6 کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

    فوکٹ کے گورنر سوفون سوانارت کے مطابق کیچڑ کے تودے تھائی لینڈ کے جنوب میں ایک مشہور سیاحتی مقام بِگ بدھا میں گرے، تودوں سے 209 گھر بھی متاثر ہوئے ہیں، بتایا گیا ہے کہ حکام متاثرین کے رشتہ داروں اور سفارت خانوں سے رابطے میں ہیں۔

  • تھائی لینڈ میں مسافر بردار طیارہ گر کر تباہ، چینیوں سمیت 9 مسافر ہلاک

    تھائی لینڈ میں مسافر بردار طیارہ گر کر تباہ، چینیوں سمیت 9 مسافر ہلاک

    بنکاک: تھائی لینڈ میں ایک مسافر بردار طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، جس میں چینیوں سمیت تمام 9 مسافر ہلاک ہو گئے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق تھائی لینڈ میں ایک چھوٹا مسافر طیارہ دوران پرواز گر کر تباہ ہو گیا، جس میں سوار تمام 9 افراد ہلاک ہو گئے، چارٹرڈ فلائٹ میں عملے سمیت 5 چینی سیاح سوار تھے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ جمعرات کو بنکاک کے ہوائی اڈے سے اڑان بھرنے کے 11 منٹ بعد طیارے کا کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا، حادثے کی وجہ جاننے کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔

    حادثے کے بعد کی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک جنگل والے علاقے کے درمیان دلدل اور پانی میں جہاز کے ٹکڑے بکھرے پڑے ہیں، ہلاک مسافروں اور عملے کی لاشیں تلاش کی جا رہی ہیں۔

    سیسنا کاروان C208B طیارے میں سوار افراد میں چین کے پانچ سیاح، دو پائلٹ، اور چار تھائی باشندے شامل تھے، طیارے کو حادثہ چاچوینگساو صوبے میں پیش آیا، مقامی گورنر کے مطابق ریسکیو ٹیموں کو کئی انسانی باقیات ملی ہیں، علاقہ دلدلی ہونے کی وجہ سے تلاش کا عمل میں مشکل پیش آ رہی ہے۔

    حکام کا کہنا تھا کہ طیارہ فضا سے عمودی طور پر گرا تھا، جس کی وجہ سے زمین میں 10 میٹر (33 فٹ) تک کھدائی کرنی پڑے گی۔

  • تھائی لینڈ کے رکن پارلیمنٹ نے خاتون رپورٹر کو تھپڑ جڑ دیئے، ویڈیو وائرل

    تھائی لینڈ کے رکن پارلیمنٹ نے خاتون رپورٹر کو تھپڑ جڑ دیئے، ویڈیو وائرل

    تھائی لینڈ کی بااثر شخصیت نے ایک سوال پر شدید غصے میں آکر خاتون رپورٹر پر تھپڑ برسادیئے، جس پر ان کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    بین الاقوامی رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق 79 سالہ رکن پارلیمنٹ اور سابق آرمی چیف پراویت وونگ سوون نے خاتون کو متعدد بار تھپڑ مارے، اس دوران وہ دیگر صحافیوں کے ہمراہ تھیں۔

    اس معاملے پر رد عمل دیتے ہوئے تھائی سینیٹر تیواریت مانیچائی کا کہنا تھا کہ یہ حرکت جسمانی طور پر ہراساں کرنے کے زمرے میں آتی ہے۔یہ عمل ایک صحافی کی بھی بے عزتی ہے جو اپنے امور انجام دے رہی تھی، سینیٹر کا کہنا تھا کہ انہوں نے پراویت وونگ کے طرز عمل کی پارلیمانی تحقیقات کی درخواست کردی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ 16 اگست کو فیو تھائی پارٹی کے پیتونگٹرن شیناواترا کی وزیر اعظم بننے کے لیے پارلیمنٹ میں ووٹ حاصل کرنے کے چند لمحوں بعد پیش آیا تھا۔

    خاتون ٹی وی صحافی نے مخالف کی جیت پر ان کے تاثرات معلوم کئے تھے، جس کا اظہار انہوں نے غالباً تھپڑ کی صورت میں دینا مناسب سمجھا۔

    انہوں نے کہا کہ ’کیا پوچھ رہی ہو، رپورٹر کے سر کو تختہ مشق بنالیا اور متعدد بار تھپڑ رسید کئے، گو کہ وہ تھپڑ کوئی بہت زیادہ زوردار نہیں تھے لیکن بہرحال صحافی کی بے عزتی کرنے پر انہیں نتائج بھگتنا پڑ سکتے ہیں۔

    تھائی لینڈ کی کم عمر وزیراعظم پیٹونگٹارن شیناوترا کون ہیں؟

    اس واقعے کی تھائی لینڈ کی میڈیا کمیونٹی کی جانب سے بڑے پیمانے پر مذمت کی گئی۔ ملک کے پبلک براڈکاسٹر تھائی پی بی ایس نے پراویت سے کہا کہ وہ اپنے اعمال کی ذمہ داری لیں۔