Tag: تھائی لینڈ

  • بلی نے مالک کو قرض دار بنا دیا، ایک حیران واقعہ

    بلی نے مالک کو قرض دار بنا دیا، ایک حیران واقعہ

    بینکاک: تھائی میں لینڈ میں ہونے والے ایک دل چسپ واقعے نے انٹرنیٹ پر بڑی تعداد میں لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کر لیا ہے، یہ واقعہ ایک پیاری سی بلی کا ہے جو 3 دن سے غائب تھی۔

    ہوا یوں کہ ایک پالتو بلی گھر سے غائب ہوئی اور تین دن بعد اچانک لوٹ آئی، مالک نے دیکھا کہ بلی صحیح سلامت ہے تاہم اس کے گلے سے ایک پلے کارڈ بندھا ہوا ہے جو قرض سے متعلق تھا۔

    کارڈ سے معلوم ہوا کہ یہ کسی آنٹی مے نے بلی کے گلے میں باندھا ہے، جنھیں یہ بلی ان کے دکان کے باہر کھڑی ملی تھی۔ بلی آنٹی مے کی دکان پر مچھلیوں کی طرف دیکھ رہی تھی جس پر انھوں نے بلی کو تین مچھلیاں کھلا دیں۔

    پلے کارڈ پر تھائی زبان میں لکھا تھا: ’آپ کی بلی میرے اسٹال پر مچھلیوں کو للچائی نظروں سے دیکھ رہی تھی، اس لیے میں نے اسے تین مچھلیاں کھلا دیں: آنٹی مے، گلی نمبر تین۔‘

    اس واقعے سے متلعق فیس بک پر ایک پوسٹ کی گئی، جس میں بلی کی تصاویر بھی دی گئیں، بلی کے گلے میں پلے کارڈ بھی بندھا دیکھا جا سکتا ہے۔

    تھائی زبان میں ان تصاویر پر کیپشن لگایا گیا کہ تین دن بعد بلی قرض کے ساتھ لوٹ آئی، کیا یہ دل چسپ نہیں ہے؟ ایک تصویر میں ٹیبی نسل کی یہ بلی پیارے انداز میں کیمرے کی طرف دیکھ رہی ہے۔

  • پارلیمنٹ میں جذباتی تقریر کے بعد رکن پارلیمنٹ نے اپنا ہاتھ کاٹ لیا

    پارلیمنٹ میں جذباتی تقریر کے بعد رکن پارلیمنٹ نے اپنا ہاتھ کاٹ لیا

    بنکاک: تھائی لینڈ میں حزب اختلاف کے رہنما نے پارلیمنٹ میں پرجوش تقریر کرنے کے بعد احتجاجاً اپنا ہاتھ کاٹ لیا، تھائی لینڈ میں اس وقت شدید مظاہرے جاری ہیں جنہیں روکنے کے لیے ایمرجنسی کا نفاذ بھی کیا جاچکا ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق مذکورہ رکن پارلیمنٹ نے اجلاس میں نہایت پرجوش تقریر کی جس میں انہوں نے تھائی وزیر اعظم پر سخت تنقید کی۔ پارلیمنٹ کا یہ خصوصی اجلاس ملک میں کئی ماہ سے جاری مظاہروں اور احتجاجی صورتحال پر غور کے لیے بلایا گیا تھا۔

    اپنی تقریر میں رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ وزیر اعظم ملک میں جاری جمہوری احتجاج کو نظر انداز کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ وہ ان مظاہروں میں (ملک کے) بچوں کا خون بہتے نہیں دیکھنا چاہتے، میں ان کا ساتھ دینے کے لیے یہاں اپنا خون بہاؤں گا۔ وزیر اعظم ظالم بنیں گے یا قوم کے ہیرو بننا چاہیں گے؟

    اس کے بعد انہوں نے کوٹ اتار کر شرٹ کا آستین موڑا، وہاں سے ایک چھری برآمد کی اور پے در پے اپنے بازو پر کئی وار کیے۔

    ان کی اس احتجاجی حرکت کے بعد پارلیمنٹ میں ہلچل مچ گئی، دیگر ارکان ان کی مدد کو لپکے۔ پارلیمنٹ میں موجود طبی عملے نے انہیں ابتدائی امداد بھی دی۔

    خیال رہے کہ تھائی لینڈ میں رواں برس جولائی میں ایک احتجاجی تحریک شروع ہوئی جس میں ملک میں موجود شاہی نظام میں اصلاحات کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ تھائی لینڈ میں شاہی نظام ایک حساس معاملہ ہے اور اس کے خلاف آواز اٹھانے والوں کو سزائیں دی جاتی ہیں۔

    اس احتجاجی تحریک کی قیادت ملک کے نوجوان طلبا کر رہے ہیں۔ احتجاج کو روکنے کے لیے رواں ماہ حکومت نے ملک میں ایمرجنسی کا نفاذ بھی کردیا تھا جس کے تحت 4 سے زائد افراد کے اجتماع پر پابندی عائد ہے۔

    تاہم ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد مظاہروں میں مزید شدت آگئی۔

    اس صورتحال پر غور کرنے کے لیے پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس منعقد کیا گیا تھا جس میں ملک کی سب سے بڑی اپوزیشن پارٹی نے تھائی وزیر اعظم سے استعفے کا مطالبہ کیا۔

    اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم اس ملک پر ایک بوجھ بن گئے ہیں، براہ مہربانی آپ استعفی دیں تاکہ یہ مظاہرے احسن طریقے سے ختم ہوجائیں۔

    تھائی لینڈ میں ہونے والے حالیہ مظاہروں کو ملک کی تاریخ کے سب سے بڑے مظاہرے قرار دیا جارہا ہے۔

  • غیر ملکی ایئر لائن نے خسارے سے نکلنے کے لیے انوکھا پیکج پیش کر دیا

    غیر ملکی ایئر لائن نے خسارے سے نکلنے کے لیے انوکھا پیکج پیش کر دیا

    بینکاک: تھائی ایئر ویز نے خسارے سے نکلنے کے لیے انوکھا قدم اٹھاتے ہوئے مسافروں کو ’پائلٹ‘ بنانے کا پیکج متعارف کرا دیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق تھائی لینڈ کی فضائی سروس تھائی ایئر ویز نے اب مسافروں کو ’پائلٹ‘ بنانے کا دل چسپ پیکج پیش کر دیا ہے، پائلٹ بننے کا شوق رکھنے والے مسافر اس کے تحت جہاز چلانے کا تجربہ کر سکتے ہیں۔

    تھائی ایئر ویز نے یہ پیکج ادارے کو خسارے سے نکالنے اور اپنے عملے کے حوصلے بلند کرنے کے لیے متعارف کرایا ہے، اس پیکج کے تحت تھائی ایئر ویز مسافروں کو فلائٹ سیمولیٹر پر وقت فروخت کر رہی ہے۔

    خیال رہے کہ فلائٹ سیمولیٹر ایک ایسی ٹیکنالوجی ہے جس پر بیٹھنے والے کو ایسا لگتا ہے جیسے وہ جہاز چلا رہا ہے، پائلٹ بھی ابتدائی طور پر اس ٹیکنالوجی کے ذریعے جہاز اڑانا سیکھتے ہیں۔

    ’پائلٹ ایکسپیرینس‘ کا یہ پیکج چار دن پر مشتمل ہے، فلائٹ سیمولیٹر یوں تو اس پیکج کا حصہ ہے لیکن اس پر پیکج سے ہٹ کر بھی آدھا گھنٹا خریدا جا سکتا ہے۔ اسی طرح ایئر بس اے 380 پر 20 ہزار بھات یا 640 ڈالرز میں آدھے گھنٹے کے لیے جہاز اڑانے کا لطف بھی اٹھایا جا سکتا ہے۔

    دراصل کرونا وبا کی وجہ سے سفری پابندیوں کی وجہ سے دنیا کی صف اول کی ایئرلائنز میں شمار ہونے کے باوجود تھائی ایئرویز کو بھی مالی خسارے کا سامنا ہے، جس سے نکلنے کے لیے مذکورہ پیکج متعارف کرایا گیا ہے، اب تک تقریباً سو افراد پیکج کے تحت ورچول ٹیک آف کا لطف اٹھا چکے ہیں۔

    پیکج لینے والے پائلٹس کا کہنا تھا فلائٹ سیمولیٹر کا کاک پٹ بالکل اصلی جیسا ہے، یہاں تک کے اس کے بٹن بھی اصلی معلوم ہوتے ہیں۔ پیکج لینے والوں میں 77 برس کے مسافر سے لے کر 7 سال تک عمر تک کے مسافر شامل تھے۔

  • سفری پابندیوں کے باجود جہاز کا سفر ممکن، مگر کیسے؟

    سفری پابندیوں کے باجود جہاز کا سفر ممکن، مگر کیسے؟

    کرونا وائرس نے جہاں دنیا کے تمام شعبوں کو متاثر کیا ہے وہیں سیاحت بھی اس سے بری طرح متاثر ہوئی ہے، باقاعدگی سے سفر اور سیاحت کرنے والے بے حد پریشان ہیں، ایسے ہی افراد کے لیے تھائی لینڈ میں انوکھا اقدام کیا گیا ہے۔

    دنیا بھر میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے لگائی گئی سفری پابندیاں ابھی مکمل طور پر ختم نہیں ہوئی ہیں۔ ایسے میں لوگوں کو ہوائی سفر کا تجربہ دینے کے لیے تھائی لینڈ میں جہاز کے اندر کیفے بنایا گیا ہے۔

    کیفے تھائی لینڈ کے شہر پٹایا میں کھڑے ایک کمرشل جہاز کے اندر بنایا گیا ہے جس میں جہاز کے فرسٹ کلاس کیبن جیسی بیٹھنے کی سہولیات موجود ہیں۔

    جہاز میں بنے کیفے میں جانے والے کچھ افراد کاک پٹ کا بھی دورہ کرتے ہیں۔

    تھائی لینڈ کی معیشت کا انحصار سیاحت پر ہے جسے کرونا وائرس کی وجہ سے کافی نقصان ہوا ہے۔

    چین کے بعد تھائی لینڈ ہی وہ پہلا ملک تھا جہاں کرونا وائرس کے پہلے مریض کی تشخیص ہوئی تھی تاہم اب تک ملک میں بہت کم کیسز سامنے آئے ہیں، جن کی تعداد 3 ہزار 400 ہے۔

    ملک میں اب تک کرونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 58 ہے۔ تھائی لینڈ کی حکومت ان ممالک کے ساتھ سفری پابندیاں ختم کرنے پر غور کر رہی ہے جہاں وائرس کے کیسز کی تعداد کم ہے۔

  • کروناوائرس: تڑپتے بندروں نے انسانوں پر حملے شروع کردیے

    کروناوائرس: تڑپتے بندروں نے انسانوں پر حملے شروع کردیے

    بنکاک: تھائی لینڈ میں کروناوائرس کے تناظر میں نافذالعمل جزوی لاک ڈاؤن کے باعث ہزاروں بندر سڑک پر بھوک سے تڑپ رہے ہیں، غذا نہ ملنے پر غصیلے بندروں نے انسانوں پر حملہ کرنا شروع کردیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق تھائی لینڈ کے شہر ’لپبوری‘ میں بندروں کے انسانوں پر حملے کے زیادہ واقعات رپورٹ ہورہے ہیں، بھوکے بندر اچانک راہ چلتے شہریوں پر حملہ کرتے ہیں۔

     تھائی لینڈ میں اکثر سیاح اور مقامی بندروں کو کھانا کھلایا کرتے تھے لیکن جزوی ڈاؤن کے باعث شہریوں نے بھی خود کو گھروں میں محفوظ کر رکھا ہے جس کی وجہ سے سڑک پر گھومنے والے بندر کھانوں سے محروم ہوگئے ہیں۔

    یہی وجہ ہے کہ بندروں کو اگر کوئی شخص باہر نظر آجائے تو وہ ان پر حملہ آور ہوتے ہیں تاکہ انہیں وہ غذا فراہم کریں، ایک اعداد وشمار کے مطابق تھائی شہر لپبوری میں تقریباً 7 ہزار کے قریب بندر سڑکوں پر گھومتے ہیں۔

  • کرونا ویکسین کی آزمائش فیصلہ کن مرحلے داخل

    کرونا ویکسین کی آزمائش فیصلہ کن مرحلے داخل

    بینکاک: تھائی لینڈ کے سائنس دانوں نے پیر کو بندروں کو کو وِڈ 19 ویکسین کی دوسری تجرباتی ڈوز دے دی، انھیں اب ایک اور مثبت نتیجے کا انتظار ہے جس کے بعد اکتوبر کے آغاز میں انسانوں پر کلینیکل ٹرائلز شروع ہونے کا راستہ ہموار ہوگا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ تھائی ویکسین ان کم از کم 100 ویکسینز میں سے ایک ہے، جن کے عالمی سطح پر اس وقت وسیع سطح پر تجربات جاری ہیں، دوسری طرف تباہ کن کرونا وائرس کے وار جاری ہیں، اب تک دنیا بھر میں 4 لاکھ 74 ہزار 954 افراد جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں جب کہ 92 لاکھ 14 ہزار 500 افراد وائرس کی زد میں آ چکے ہیں۔

    تھائی ماہرین نے گزشتہ روز 13 بندروں کو ویکسین کی ڈوز دی، اب اگلے 2 ہفتے اس حوالے سے بہت اہم ہیں کہ محققین اس کی مزید آزمائش کے سلسلے میں آگے بڑھنے کا کوئی فیصلہ کریں گے۔

    بینکاک کی یونی ورسٹی Chulalongkorn کے کرونا ویکسین ڈویلپمنٹ ڈپارٹمنٹ کے سربراہ کیاٹ رُگز رنتھم نے میڈیا کو بتایا کہ ہم ایک بار پھر امیون ریسپانس کا تجزیہ کریں گے، اگر یہ بہت زیادہ رہا تو اس کا مطلب ہوگا کہ یہ بہت اچھی ویکسین ہے۔

    کرونا ویکسین: چین نے وبا کے خاتمے کی امید پیدا کر دی

    تھائی حکومت اس ویکسین کی تیاری کا خرچ اٹھا رہی ہے، یہ امید بھی کی جا رہی ہے کہ اگلے سال تک مقامی سطح پر ایک سستی ویکسین تیار ہو جائے گی۔

    محققین جن بندروں پر تجربات کر رہے ہیں انھیں تین گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، ایک کو ہائی ڈوز دی گئی ہے، دوسرے گروپ کو کم طاقت کی ڈوز دی گئی ہے جب کہ تیسرے گروپ کو کوئی ڈوز نہیں دی گئی۔ انھیں مجموعی طور پر تین انجیکشن دیے جا رہے ہیں، اور ہر مہینے میں ایک انجیکشن۔

    ایک اور ملک نے کرونا ویکسین دریافت کرنے کا دعویٰ کر دیا

    بندروں کو پہلی ڈوز 23 مئی کو دی گئی تھی، جس کے نتائج بہت مثبت آئے تھے، ویکسین ڈپارٹمنٹ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ہائی ڈوز گروپ میں ایک بندر اور کم ڈوز گروپ میں 3 بندروں پر اس کا نتیجہ نہایت متاثر کن تھا، اگر دوسری ڈوز کا نتیجہ بھی ایسا ہی نکلا تو انسانی آزمائش کے لیے پروگرام کے تحت 10 ہزار ڈوز کی تیاری کا آرڈر دیا جائے گا، انسانی آزمائش کے لیے بڑی تعداد میں رضاکار پہلے ہی سے پیش کش کر چکے ہیں۔

    کیاٹ رُگز رنتھم کا کہنا تھا کہ زیادہ سے زیادہ جلدی اگر ہو تو یہ ستمبر تک حاصل ہوگی، تاہم ہمیں اتنی جلدی کی توقع نہیں، کم از کم نومبر تک۔

  • کروناوائرس کے خلاف جنگ، تھائی لینڈ کو بڑی کامیابی مل گئی

    کروناوائرس کے خلاف جنگ، تھائی لینڈ کو بڑی کامیابی مل گئی

    بنکاک: تھائی لینڈ میں گزشتہ 3 دن کے دوران کروناوائرس کا ایک بھی کیس سامنے نہیں آیا اور نہ ہی کوئی موت واقع ہوئی، ڈاکٹروں نے اسے وبائی مرض کے خلاف اہم پیش رفت قرار دے دیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق تھائی لینڈ میں ایسا پہلی مرتبہ دیکھا گیا کہ لگاتار 3 دن کروناوائرس کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا اور نہ ہی کسی مریض کی موت واقع ہوئی، ملک میں گزشتہ 23 دن کروناوائرس کے خلاف بہت مثبت رہے، ماضی کے مقابلے میں بہتر انداز میں وائرس پر قابو رہا۔

    کوویڈ 19 ایڈمنسٹریشن سینٹر کے حکومتی ترجمان کا کہنا ہے کہ ملک میں اب تک مجموعی طور پر کروناوائرس سے 58 اموات ہوئیں، اور 3135 وبا کے مریض سامنے آئے جن میں سے دو ہزار سے زائد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔

    کرونا وائرس ویکسین: تھائی لینڈ سے بڑی خبر آگئی

    تھائی لینڈ نے دیگر ممالک کی بنسبت کروناوائرس پر کنٹرول کیا ہوا ہے۔

    ملک میں گزشتہ ہفتے جو کیسز رپورٹ ہوئے وہ تمام افراد بیرون ممالک سے سفر کرکے تھائی لینڈ پہنچے تھے، جبکہ تمام مریضوں کو قرنطینہ کردیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ تھائی لینڈ کے ایک سینئر عہدیدار نے غیر ملکی خبررساں ایجنسی کو بتایا تھا کہ کرونا ویکسین کی چوہوں پر آزمائش کی گئی جس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور توقع کی جا رہی ہے کہ اگلے سال تک کرونا وائرس کی ویکسین تیار کر لی جائے گی اور ممکنہ طور پر اسپتالوں کو فراہم کی جائے گی۔

  • کیا یہ دو دوائیں کرونا وائرس کے خلاف کارگر ہیں؟ آزمائش شروع

    کیا یہ دو دوائیں کرونا وائرس کے خلاف کارگر ہیں؟ آزمائش شروع

    لندن: برطانیہ اور تھائی لینڈ میں ہیلتھ ورکرز کو وڈ 19 کی دو دواؤں کی آزمائش میں حصہ لے رہے ہیں تاکہ یہ پتہ چل سکے کہ یہ اینٹی ملیرائی ادویات کرونا وائرس کو روک سکتی ہیں، ان میں سے ایک امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی لے رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کی دو دواؤں کی آزمائش میں یورپ، ایشیا،افریقا اور جنوبی امریکا سے 40 ہزار سے زائد ہیلتھ ورکرز حصہ لے رہے ہیں تاکہ اس بات کا تعین کیا جاسکے کہ کیا کلوروکین اور ہائیڈروکسی کلورو کوائن کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں کردار ادا کرسکتی ہیں۔

    امریکی صدر کی جانب سے گزشتہ ماہ جاری کیے جانے والے بیان کے بعد ہائیڈروکسی کلورو کوائن کی مانگ میں اضافہ ہوگیا تھا۔ڈونلڈ ٹرمپ ڈاکٹروں کی جانب سے واضح ہدایات کے باوجود روزانہ ملیریا کی دوا لے رہے ہیں۔

    کرونا کی دو دواؤں کے حوالے سے کی جانے والی تحقیق میں شامل یونیورسٹی آف آکسفورڈ کے پروفیسر نکولس وائٹ کا غیرملکی خبر رساں ایجنسی سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم ابھی تک نہیں جانتے یہ فائدہ مند ہے یا نہیں۔

    بنکاک میں مہیڈول آکسفورڈ ٹراپیکل میڈیسن ریسرچ یونٹ میں کام کرنے والے پروفیسر نکلولس وائٹ کا کہنا تھا کہ بڑے پیمانے پر کلینیکل ٹرائل کر کے ہی پتہ لگایاجا سکتا ہے کہ یہ دوائیں کتنی سود مند ثابت ہوسکتی ہیں۔

    سی او پی سی او وی ٹیم کے مطابق لیبارٹری شواہد سے پتہ چلتا ہے کہ اینٹی ملیرائی دوائیں کرونا وائرس کی روک تھام یا علاج میں موثر ثابت ہوسکتی ہیں لیکن اس کا کوئی حتمی ثبوت نہیں ملا۔

    یاد رہے کہ 18 مئی کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انکشاف کیا تھا کہ وہ ڈاکٹرز کی تنبیہ کے باوجود ملیریا کی دوا ہائیڈروکسی کلورو کوائن کا استعمال کر رہے ہیں۔

    ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ وہ ہر روز کووڈ 19سے نجات پانے کے لیے ہائیڈروکسی کلورو کوائن لے رہے ہیں۔امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ میں گزشتہ دو ہفتوں سے یہ دوا روزانہ کھا رہا ہوں۔

  • کرونا وائرس ویکسین: تھائی لینڈ سے بڑی خبر آگئی

    کرونا وائرس ویکسین: تھائی لینڈ سے بڑی خبر آگئی

    بنکاک: تھائی لینڈ کے سینئر عہدیدار کا کہنا ہے کہ اگلے سال تک کرونا وائرس کی ویکسین تیار کر لی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق تھائی لینڈ کے ایک سینئر عہدیدار نے غیر ملکی خبررساں ایجنسی کو بتایا کہ کرونا ویکسین کی چوہوں پر آزمائش کی گئی جس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور توقع کی جا رہی ہے کہ اگلے سال تک کرونا وائرس کی ویکسین تیار کر لی جائے گی۔

    کرونا وائرس کے حوالے سے بنائے گئے حکومتی سینٹر کے ترجمان تویسن وسانیوتین کے مطابق ویکسین کی چوہوں پر کامیاب آزمائش کے بعد اگلے ہفتے سے بندروں پر ایم آر این اے ویکسین کی آزمائش شروع کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ تھائی ویکسین اگلے برس استعمال کی جائے گی۔

    تھائی ویکسین نیشنل ویکسین انسٹیٹیوٹ، محکمہ میڈیکل سائنس اور چولا لون کورن یونیورسٹی کے ویکسین ریسرچ سینٹر کے ذریعے تیار کی جا رہی ہے۔

    ترجمان تویسن وسانیوتین کا کہنا تھا کہ چین کے بعد تھائی لینڈ پہلا ملک تھا جس نے جنوری میں کرونا وائرس کے کیس کا پتہ لگایا تھا اور اب ویکسین تیار کرنے اور اس کے استعمال کے حوالے سے تھائی لینڈ پہلا ملک بننا چاہتا ہے۔

    تھائی لینڈ میں اب تک کرونا وائرس کے 3034 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ اموات کی تعداد 56 تک پہنچ چکی ہے۔

    واضح رہے کہ کرونا وائرس کے حوالے سے 100 سئ زیادہ ویکسین تیار کی جا رہی ہیں جن میں سے کچھ کلینیکل ٹرائل سے گزر رہی ہیں لیکن عالمی ادارہ صحت نے گزشتہ ماہ متنبہ کیا تھا کہ ویکسین کی تیاری میں کم از کم 12 ماہ لگیں گے۔

  • تھائی لینڈ میں پھنسے پاکستان فن کار وطن واپسی کے منتظر

    تھائی لینڈ میں پھنسے پاکستان فن کار وطن واپسی کے منتظر

    لاہور: فلم کی شوٹنگ کے لیے تھائی لینڈ جانے والی پاکستانی فن کاروں کی ٹیم کرونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورت حال کے باعث تھائی لینڈ میں پھنس گئی ہے، جنھیں وطن واپس لانے کے لیے وزیر توانائی پنجاب متحرک ہو گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر توانائی پنجاب اختر ملک تھائی لینڈ میں پھنسے پاکستانی فن کاروں کی واپسی کے لیے متحرک ہو گئے ہیں، ڈاکٹر اختر ملک نے اس سلسلے میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے رابطہ کر کے انھیں معاملے سے آگاہ کیا۔

    اختر ملک کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ نے فن کاروں کی جلد وطن واپسی کی یقین دہانی کرائی ہے، پاکستانی سفارت خانہ فن کاروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے، ہمارے آرٹسٹ ملک کا سرمایہ ہیں، وہ جلد گھروں کو لوٹ آئیں گے۔

    خیال رہے کہ یہ فن کار گزشتہ ماہ فلم عشرت میڈ اِن چائنا کی شوٹنگ کے لیے تھائی لینڈ گئے تھے، بتایا جا رہا ہے کہ تقریباً 21 کریو ممبرز تھائی لینڈ کے ایک مقامی ہوٹل میں پھنسے ہیں، ان فن کاروں میں شمعون عباسی، سارہ لورین، صنم سعید اور ڈائریکٹر محب مرزا بھی شامل ہیں۔

    اداکار شمعون عباسی نے اس سلسلے تھائی لینڈ سے ایک ویڈیو پیغام بھی جاری کیا جس میں انھوں نے حکومت پاکستان سے اپیل کہ ان کی وطن واپسی کے سلسلے میں اقدامات کیے جائیں، شمعون کا کہنا تھا کہ وہ کریو کے ساتھ اس وقت تھائی لینڈ پہنچے تھے جب کرونا وائرس کی وبا کو عالمی وبا قرار نہیں دیا گیا تھا۔

    خیال رہے کہ تھائی لینڈ میں کرونا وائرس کی وبا اس طرح نہیں پھیلی جس طرح یورپ اور امریکا میں اس نے تباہی مچائی ہے، اب تک تھائی لینڈ میں کرونا وائرس کے 1,978 کیسز سامنے آ چکے ہیں جب کہ وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد 19 ہے۔