Tag: تھائی لینڈ

  • سعودی عرب سے فرار لڑکی کے والد بیٹی سے ملنے بنکاک پہنچ گئے

    سعودی عرب سے فرار لڑکی کے والد بیٹی سے ملنے بنکاک پہنچ گئے

    بنکاک: سعودی عرب سے فرار ہو کر تھائی لینڈ آنے والی 18 سالہ لڑکی کے والد بیٹی سے ملنے کے لیے بنکاک پہنچ گئے۔

    تھائی لینڈ امیگریشن چیف کے مطابق 18 سالہ راہف کے والد اور بھائی اس سے مل کر اسے گھر واپس جانے کے لیے آمادہ کرنا چاہتے ہیں تاہم اس سے قبل انہیں اقوام متحدہ کی اجازت لینی ہوگی۔

    راہف محمد القانون 6 جنوری بروز اتوار بذریعہ ہوائی جہاز ریاض سے بنکاک پہنچی تھی اور تھائی لینڈ میں سیاسی پناہ حاصل کرنا چاہتی تھی۔

    تھائی لینڈ کے محکمہ امیگریشن کے سربراہ سوراچاتے ہاکپارن کے مطابق راہف زبردستی شادی سے بچنے کے لیے سعودی عرب سے فرار ہو کر بنکاک آئی تھی۔

    راہف تھائی لینڈ میں سیاسی پناہ کی متلاشی تھی لیکن تھائی حکام نے پناہ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے بنکاک میں موجود سعودی سفارت خانے کو واقعے کی اطلاع دے دی تھی جبکہ راہف کا آسٹریلیا کا ویزہ بھی منسوخ کردیا گیا تھا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر یہ واقعہ زیر بحث لائے جانے کے بعد لوگوں نے آسٹریلیا پر زور دینا شروع کیا کہ راہف کو ویزہ جاری کیا جائے۔

    گزشتہ روز آسٹریلوی حکومت کی جانب سے بھی بیان جاری کیا گیا کہ وہ راہف کی پناہ کی درخواست پر غور کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں کام جاری ہے۔

  • سیاحت کے لیے20 محفوظ ممالک، بھارت 16 ویں نمبرپر

    سیاحت کے لیے20 محفوظ ممالک، بھارت 16 ویں نمبرپر

    کیا آپ سیاحت کے شوقین ہیں، اگر ہاں تو  محفوظ ترین ممالک کی یہ فہرست آپ ہی کے لیے ہے جس میں آئس لینڈ کو سیاحت کے لیے سب سے محفوظ قراردیا گیا ہے جبکہ بھارت اس میں سولہویں نمبر پر ہے۔

    فٹ فار ٹریول نامی ویب سائٹ نے یہ فہرست جرائم کی شرح ، دہشت گرد حملوں کا خدشہ، قدرتی آفات اور سیاحوں کو میسر صحت کی سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے مرتب کی ہے۔ اس فہرست کے لیے ڈیٹا ورلڈ اکانومک فنڈ کی رپورٹس، ورلڈ رسک رپورٹ برائے قدرتی آفات اور فارن آفس کی دہشت گردی کے خدشات کے حوالے سے کی جانے والی اسسمنٹ رپورٹ سے حاصل کیا گیا ہے۔

    آئس لینڈ اس فہرست میں سب سے اوپر ہے جس کا سبب وہاں قدرتی آفات کے خطرے کا انتہائی کم ہونا اور جرائم کی کم ترین شرح ہے۔ دوسری جانب دہشت گرد حملوں کا ممکنہ نشانہ بننے کے خطرے کے باوجود ’یو اے ای‘ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے۔

    سنگاپور اس فہرست میں تیسرے نمبر پر ہے تاہم یہاں سفر کرنے والوں کو زیکا وائرس کے خدشے کا سامنا رہے گا۔ چوتھا محفوظ ترین ملک اسپین ہے جبکہ اس کے بعد آسٹریلیا، کینیڈا، جاپان ، مراکش، اردن اور بارباڈوس کا نمبر ہے۔

    مذہبی شدت پسندی ، صحت کی سہولیات کی عدم فراہی ، ریپ اورجرائم کی بڑھی ہوئی شرح کے سبب بھارت اس فہرست میں سولہویں نمبر ہے ۔ اس فہرست نے جنوبی افریقا کو سب سے خطرناک ملک قرار دیا گیا ہے جبکہ دہشت گردوں حملوں کے شدید خدشات کے سبب ترکی اس فہرست میں دوسرے نمبرپر ہے۔

    سیاحت کے لیے بے شمار قدرتی مقامات سے مالا مال پاکستان بدقسمتی سے اس فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب نہیں ہوسکا، تاہم موجودہ حکومت کی جانب سے سیاحت کے فروغ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے سبب امید ہے پاکستان آئندہ برس اس فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوجائے گا۔

  • کیا آپ ان نرم ملائم کتوں کے کیفے میں جانا چاہیں گے؟

    کیا آپ ان نرم ملائم کتوں کے کیفے میں جانا چاہیں گے؟

    آپ نے بلیوں اور خرگوشوں کے کیفے کے بارے میں تو سنا ہوگا، اب تھائی لینڈ میں کتوں کا کیفے بھی کھول دیا گیا ہے جہاں کتوں کی نرم و ملائم نسل ہسکی کو رکھا گیا ہے۔

    ہسکی کیفے میں بے شمار ہسکی کتے موجود ہیں اور کتوں کے شوقین افراد کے لیے یہ ایک نہایت پر لطف مقام ہے۔

    اس کیفے میں جانے کے بعد سب سے پہلے آپ کو ایک ڈرنک اور کیک کھانے کے لیے دیا جاتا ہے۔

    اس کے بعد آپ اپنے ہاتھ دھوئیں گے اور آپ کے پاؤں میں پلاسٹک کے ہلکے جوتے پہنائے جائیں گے تاکہ آپ کے پاؤں کے جراثیم کتوں کو بیمار نہ کریں۔

    اس کے بعد آپ کو اس ایریا میں لے جایا جائے گا جہاں 23 ہسکی آپ کا انتظار کر رہے ہوں گے۔

    یہ نرم و ملائم ہسکی ہر آنے والے شخص سے دوستی رکھتے ہیں اور تصویر کھنچواتے وقت باقاعدہ پروفیشنل ازم کا مظاہرہ بھی کرتے ہیں۔

    کتوں کی یہ قسم عموماً ٹھنڈے علاقوں میں رہتی ہے لہٰذا تھائی لینڈ کے اس کیفے میں ان کتوں کے لیے ایئر کنڈیشنڈ کمرہ بنایا گیا ہے جہاں یہ کتے رہتے ہیں۔

    علاوہ ازیں انہیں برف بھی کھانے کے لیے دی جاتی ہے تاکہ لوگوں کی طرف سے دی جانے والی اشیا انہیں بیمار نہ کریں۔

    کیا آپ اس دلچسپ کیفے میں وقت گزارنا چاہیں گے؟

  • دنیا کی خوبصورت ترین عبادت گاہ

    دنیا کی خوبصورت ترین عبادت گاہ

    تھائی لینڈ میں واقع بدھوں کی عبادت گاہ جسے سفید خانقاہ بھی کہا جاتا ہے، دنیا کی خوبصورت ترین معبد قرار دی جاتی ہے۔

    اسے تعمیر کرتے ہوئے معماروں کے ذہن میں یہی ایک خیال تھا کہ اسے دنیا کی سب سے خوبصورت عمارت بنا دی جائے، اور واقعی یہ بدھ خانقاہ فن تعمیر کا شاہکار ہے۔

    یہاں پر جہنم اور جنت کا تمثیلاتی منظر بھی پیش کیا گیا ہے۔ جہنم کے حصے میں بے شمار ہاتھ تعمیر کیے گئے ہیں جو انسان کی مادی اشیا کے لیے ہوس اور بھوک کی عکاسی کرتے ہیں۔

    اس کے بعد ایک پل جنت کی طرف لے جاتا ہے اور یہاں سے واپس پلٹنے کا کوئی راستہ نہیں۔

    بدھ تعلیمات کے مطابق جب سچائی اور نیکی کا راستہ اختیار کرلیا جائے تو پھر انسان کا جہنم سے جنت کا سفر شروع ہوجاتا ہے اور اس خانقاہ کا یہ حصہ اسی کی روشنی میں بنایا گیا ہے۔

    خانقاہ کا اندرونی حصہ بدھ مت کی روایتی تاریخی اور جدید فن تعمیر و مصوری کا شاہکار ہے۔

    اسے تعمیر کرنے والا چالرماچی نامی آرٹسٹ مشہور تھائی مصور ہے۔ اس خانقاہ کی تعمیر میں زیادہ تر رقم اس نے اپنی جیب سے لگائی ہے۔ وہ اس خانقاہ کو اپنی محبت قرار دیتا ہے۔

  • تھائی لینڈ: مگرمچھ نے چڑیا گھر کے محافظ کا ہاتھ چبا ڈالا

    تھائی لینڈ: مگرمچھ نے چڑیا گھر کے محافظ کا ہاتھ چبا ڈالا

    بینکاک: تھائی لینڈ کے چڑیا گھر میں مگرمچھ سے یاری بھاری پڑگئی، اسٹنٹ دکھانے والے چڑیا گھر کے محافظ کا ہاتھ مگر مچھ نے چبا ڈالا۔

    وحشی جانوروں کو سدھارنے کے باوجود ان کے ساتھ کھیل تماشا بعض اوقات خطرناک ثابت ہوتا ہے اس کی ایک تازہ مثال حال ہی میں تھائی لینڈ کے چڑیا گھر میں سامنے آئی۔

    چڑیا گھر کے ایک محافظ نے اسٹنٹ دکھانے کے لیے مگرمچھ کے منہ میں ہاتھ ڈالا تو مگرمچھ نے اس کا ہاتھ چبا ڈالا، کرتب دکھانے کے شوقین سے بڑی مشکل سے مگرمچھ سے جان چھڑائی۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ محافظ نے مگرمچھ کے منہ میں ہاتھ ڈالا اور اس کی طرف نظر جمائے رکھی لیکن جیسے ہی اس کی نظر ہٹی تو مگرمچھ نے اس کا ہاتھ چبا ڈالا۔

    مگرمچھ کے پارک کے مالک کا کہنا ہے کہ ٹرینر کو طبی امداد دی جارہی ہے، وہ مگرمچھوں سے محبت کرتا ہے اور دو ہفتے میں صحت یاب ہوکر دوبارہ یہی موجود ہوگا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال بھی تھائی لینڈ کے جنوبی سیاحتی جزیرہ میں قائم ایک چڑیا گھر میں محافظ نے سرکس کے کھیل کے طور پر ایک مگرمچھ کو سہلانے کی کوشش کی تو اس نے خلاف معمول محافظ کا سر اپنے جبڑوں میں لے کر چبا دیا تھا۔

    محافظ شدت تکلیف سے چیخ و پکار کرتا رہا، لگ یہی رہا تھا کہ وہ اس واقعے میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھے گا تاہم مگرمچھ نے اسے چھوڑ دیا، مگرمچھ کے جبڑوں میں دبائے جانے کے باعث اس کے سر میں شدید زخم آئے اور وہ ہوش و حواس کھوبیٹھا۔

    مزید پڑھیں: انڈونیشیا: ایک کے بدلے تین سو، مگرمچھوں پر قیامت ٹوٹ پڑی


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • تھائی لینڈ کے غاروں میں لاپتہ جونیئر فٹبال ٹیم کا 9 دن بعد معجزاتی طور پر سراغ مل گیا

    تھائی لینڈ کے غاروں میں لاپتہ جونیئر فٹبال ٹیم کا 9 دن بعد معجزاتی طور پر سراغ مل گیا

    تھائی لینڈ : غاروں میں نو دن پہلے لاپتہ ہونے والے فٹبال کے بارہ کھلاڑیوں اورکوچ کا سراغ مل گیا، پھنسے افراد کو غار سے نکالنے کے آپریشن میں پانی اور گارے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق تھائی لینڈ میں ایک غار میں پھنسے فتبال ٹیم کے 12 نوجوان لڑکوں اور ان کے کوچ کو معجزاتی طور پر نو دنوں بعد زندہ تلاش کر لیا گیا ہے، امدادی ادارے انہیں غار سے نکالنے کے انتظامات میں مصروف ہیں، یہ غار سیلابی پانی سے بھر گیا تھا۔

    حکام کے مطابق تاحال تمام لوگوں کو غار سے باہر نہیں نکالا جا سکا لیکن بچوں کو بحفاظت باہر نکالنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں اور اس کام میں کئی ہفتے بھی لگ سکتے ہیں۔

    والدین کو بچوں کے ملنے کی اطلاع ملنے کے بعد جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے اور جشن کا سا سماں رہا۔

    تھائی لینڈ کے صوبے چیانگ رائے کے گورنر کا کہنا ہے کہ پیر کی شام لاپتا لڑکوں کا سراغ ملا، جو سیلابی پانی اور گارے سے بھرے ایک غار کے اندر پھنسے ہوئے ہیں، ہم ان لوگوں کا اُس وقت تک خیال رکھیں گے جب تک وہ  غار سے نکلنے کے قابل نہیں ہو جاتے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ  غار کے اندر دہانے سے تمام لوگ  چار کلومیٹر ایک اونچی چٹان پر پناہ لیے ہوئے ہیں۔

    ایک امدادی کارکن کی جانب سے بنائی جانے والی ویڈیو میں بچوں کو لال اور نیلی جرسیاں اور نیکر پہنے سیلابی پانی سے گھری ایک چٹان پر بیٹھے اور کھڑے دیکھایا گیا ہے۔

    خیال کیا جا رہا ہے کہ مسلسل  نو دنوں سے پھنسے رہنے کے باعث وہ لوگ کافی کمزور اور بیمار ہو چکے ہیں، جس سے  تمام لوگوں کو نکالنے کا آپریشن کافی پیچیدہ ثابت ہو سکتا ہے۔

    پھنسے تمام لڑکوں کی عمریں 11 سے 16 سال کے درمیان ہیں جو تمام انڈر 16 فٹ بال ٹیم کے رکن ہیں۔

    یاد رہے 23 جون کو فٹبال ٹیم کے 12 لڑکے اپنے کوچ کے ہمراہ بال میچ کی پریکٹس کے بعد تھام لوانگ نامی غاروں کے سلسلے کی سیر کو گئے تھے اور طوفانی بارش اور سیلاب کے باعث 30 جون کو لاپتہ ہو گئے تھے۔

    لاپتہ ہونے کے بعد تمام لوگوں سے کوئی رابطہ نہیں ہو رہا تھا، جس کے بعد ان کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر کوششیں شروع کی گئی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں

  • ایسی جگہ جہاں آپ خود کو موت سے قریب تر محسوس کریں

    ایسی جگہ جہاں آپ خود کو موت سے قریب تر محسوس کریں

    بنکاک : موت ایسی حقیقت ہے کہ دنیا کا کوئی بھی شخص ہو، موت کو یقینی مانتا ہے، تھائی لینڈ میں ایک کیفے بنایا گیا جہاں یہاں آنے والوں کو موت سے قریب کر دیتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق تھائی لینڈ میں ایک ایسا ریسٹورنٹ متعارف کرایا گیا، جہاں زندگی کی اہمت کو اجاگر کرنے کے لیے موت کی تھیم کو اپنایا گیا ہے اور یہاں آنے والوں کو مختلف انداز میں موت کی یاد دلاتا رہتا ہے۔

    تھائی لیند کا یہ کیفے کسی تعزیتی تقریب کا منظر پیش کرتا ہے ، کڈ مائی ڈیتھ کیفے میں موت کے ماحول کی مناسبت سے متعلق تمام کیفیات، اور کفن دفن کے مراحل نمایاں ہیں۔

    کیفے کو سیاہ رنگ کے ساتھ ساتھ تمام غمزدہ کرنے والی چیزوں سے سجایا گیا ہے، پھولوں کی سجاوٹ ایسی ہے جیسی تعزیتی پھولوں کے ہار ہوں۔

    مینیو میں شامل ڈشز میں عمر، تکلیف، بیماری اور موت کے نام شامل ہیں، ان اشیاء کی تصاویر دیوار پر ایسی لگائی گئیں ہیں، جیسے مرنے والے کی تصویر لگائے جاتی ہے۔

    کیفے آنے والے تابوت میں لیٹ بھی سکتے ہیں جبکہ یہاں ایک خصوصی سائن بورڈ بھی لگایا گیا ہے، جس کی عبارت کا مفہوم یہ ہے کہ آپ اس دنیا سے خالی ہاتھ جائیں گے۔

    ریسٹورینٹ بنانے والوں نے کہا ہے کہ دنیا میں اب تک کم و بیش ہر موضوع پر ہوٹل بنائے جاچکے ہیں لیکن اب تک کسی کا خیال موت کی طرف نہیں گیا تھا، کڈمائی کیفے میں آنے والوں کو ایسا ماحول پیش کیا جاتا ہے کہ جس میں وہ خود کو موت سے قریب تر محسوس کرتے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • بنکاک میں مریضوں کی دیکھ بھال کیلئے روبوٹ نرسیں متعارف

    بنکاک میں مریضوں کی دیکھ بھال کیلئے روبوٹ نرسیں متعارف

    بنکاک : تھائی لینڈ میں مریضوں کی خدمت کیلئے روبوٹ نرسوں کو متعارف کرایا گیا ہے چینی کمپنی کی تیار کردہ روبوٹ نرسوں کو دیکھ کر ننھے مریض بھی بیحد خوش ہوتے ہیں۔

    دنیا کے کسی بھی ملک میں صحت عامہ کے شعبے کے لیے ناگزیر سمجھے جانے والے نرسنگ کے پیشے کی اہمیت وہی ہے، جو زندہ رہنے کے لیے سانس لینے کی ہے، طب کے شعبے میں بھی مختلف حیثیتوں اور صورتوں میں روبوٹ مختلف کام انجام دے رہے ہیں۔

    اس حوالے سے تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک کی اسپتال انتظامیہ کی جانب سے مریضوں کی دیکھ بھال کیلئے چینی کمپنی کی تیار کردہ روبوٹ نرسوں کو تعینات کیا گیا ہے۔

    یہ روبوٹ نرسیں نہ صرف مریضوں کو دوائیاں وقت پر دیتی ہیں بلکہ مریضوں کی رپورٹس کو متعلقہ ڈاکٹر تک بھی پہنچانے کے فرائض بھی انجام دیتی ہیں، روبوٹ نرس کو دیکھ کر ننھے مریض بھی بیحد خوش ہوتے ہیں۔

    اسپتال انتظامیہ کے مطابق اس منصوبے کا مقصد نرسنگ اسٹاف پر بوجھ کم کرنا اور مریضوں کے لواحقین کو بھی سہولت فراہم کرنا ہے۔

    دوسری جانب انتظامیہ کا اعتراف ہے کہ مصنوعی ذہانت سے لیس خود کار مشینیں ہر ضرورت تو  پوری نہیں کرسکتیں البتہ ان کی مدد سے بہت سے کام آسان ہوجائیں گے اور نرسنگ اسٹاف پر بوجھ کم ہوجائے گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • انسانوں کو لوٹنے والے بندروں کے ساتھ تفریح کیجیئے

    انسانوں کو لوٹنے والے بندروں کے ساتھ تفریح کیجیئے

    فطرت کے قریب مقامات جیسے سمندر، پہاڑ، جنگلات وغیرہ میں جاتے ہوئے سیاحوں کو ذہنی طور پر تیار رہنا چاہیئے کہ وہ جہاں جا رہے ہیں وہ کوئی خالی جگہ نہیں بلکہ ’ کسی‘ کی ملکیت ہے، اور وہاں مختلف اقسام کی سمندری و جنگلی حیات رہائش پذیر ہوگی۔

    اکثر جانور انسانوں کو اپنے گھر میں دیکھ کر سیخ پا ہوجاتے ہیں اور ان پر حملہ کر دیتے ہیں۔ لیکن تھائی لینڈ کا یہ ساحل اس حوالے سے منفرد ہے کہ یہاں کے رہائشی نہایت کھلے دل سے انسانوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔

    monkey-2

    یہ رہائشی یہاں رہنے والے بندر ہیں۔ بندروں کی انسان سے دوستی تو ویسے بھی مشہور ہے کیونکہ وہ انہیں مزیدار کھانے پینے اور کھیلنے کے لیے چیزیں دیتے ہیں۔

    monkey-4

    تھائی لینڈ کا کو فیفی ڈون نامی ساحل بے شمار بندروں کی آماجگاہ ہے۔ یہ بندر ساحل سے قریب واقع پہاڑوں میں رہتے ہیں اور اکثر ساحل پر سیر و تفریح یا کھانے پینے کی اشیا کی تلاش میں گھومتے ہوئے پائے جاتے ہیں۔

    monkey-3

    یہ یہاں آنے والے سیاحوں کو کوئی نقصان تو نہیں پہنچاتے مگر ان کے پاس موجود کھانے پینے کا سامان اور دیگر اشیا لے اڑتے ہیں۔

    ایک بار جب وہ سیاحوں کو لوٹ لیتے ہیں تو اس کے بعد انہیں کوئی سروکار نہیں ہوتا کہ وہ سیاح وہاں کیا کر رہے ہیں۔

    monkey-5

    گویا اس خوبصورت ساحل پر گھومنے پھرنے کی قیمت اپنے پاس موجود تمام سامان ان بندروں کے حوالے کردینا ہے۔

    کیا آپ اس قیمت پر اس ساحل پر جانے کو تیار ہیں؟


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • تھائی لینڈ، زیادہ بچوں والے جوڑوں کے لیے پُرکشش مراعات کا اعلان

    تھائی لینڈ، زیادہ بچوں والے جوڑوں کے لیے پُرکشش مراعات کا اعلان

    بنکاک : آبادی کی کمی کے شکار تھائی لینڈ کی حکومت افزائش آبادی کے لیے خواتین کو ٹیکسوں میں چھوٹ، قرضوں کی فراہمی، ادویات کی مفت تقسیم اور بہبود آبادی سے متعلق معلومات کی فراہمی سمیت مختلف طریقے اپنا رہی ہے.

    ان اقدامات کا فیصلہ اس رپورٹ کے بعد کیا گیا جس میں‌ بتایا گیا ہے کہ 1983 میں شرح پیدائش 3.2 فیصد تھی جو اب گھٹ کے صرف ایک فیصد رہ گئی ہے اسی طرح 1960 میں اوسطاً ایک عورت چھ بچوں کو جنم دیتی تھی اور اب اوسطآ ایک خاتون ایک بچے کو جنم دے رہی ہے، جس کے باعث تھائی لینڈ میں نوجوانوں کی تعداد معمر لوگوں کے مقابلے میں بہت کم رہ گئی ہے، یہی وجہ ہے کہ تھائی لینڈ کو ضعیف لوگوں کا ملک کہا جانے لگا ہے۔

    تھائی حکومت بچوں کی پیدائش میں اضافے کے لیے شادی شدہ جوڑوں کی حوصلہ افزائی کررہی ہے جس کے لیے ٹیکسوں میں چھوٹ اورنقد انعامات جیسی پُرکشش مراعات بھی شامل ہیں. ساتھ ہی ساتھ حال ہی میں تھائی حکومت نے افزائش آبادی کے لیے ’ویلنٹائن ڈے‘ کے موقع پر فولک ایسڈ اور وٹامن کی گولیاں بھی شہریوں میں تقسیم کیں جس کا مقصد افزائش نسل کے لیے درکار غذائیت کی کمی کو دواؤں کی مدد سے پورا کرنا تھا۔

    تھائی لینڈ کی وزارت صحت کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ افزائش آبادی کی حوصلہ افزائی کے لیے محبت کے عالمی دن کے موقع پرخوبصوت تحائف کی شکل میں شہریوں میں فولک ایسڈ اور آئرن کی گولیوں کے ساتھ ساتھ ان کے استعمال کی احتیاطی تدابیر اورافزائش نسل کے لیے طبی ہدایات بھی فراہم کی گئیں، ان تمام اقدامات کا مقصد تھائی خواتین کو زیادہ بچے جنم دینےکی طرف راغب کرنا تھا۔

    یاد رہے کہ عالمی بینک کی رپورٹس کے مطابق مشرقی ایشیا کے ترقی پذیر ممالک میں چین و سنگا پور کے علاوہ اس کے پڑوسی ملک تھائی لینڈ میں بوڑھے افراد کی غیر معمولی تعداد موجود ہے، تھائی لینڈ کی آبادی 67.5 ملین ہے جب کہ سالانہ آبادی کی شرح محض 0.3 فیصد ہے جب کہ کل آبادی میں ایک سے 14 سال کے عمر کے بچوں کی تعداد محض 19 فیصد ہے جب کہ ستر فیصد افراد چالیس سے سال اوپر کے لوگ ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔