Tag: تھرپارکر

  • سندھ میں کتے کے کاٹے سے نوجوان لڑکی کی دردناک موت

    سندھ میں کتے کے کاٹے سے نوجوان لڑکی کی دردناک موت

    تھرپارکر: سندھ کے ضلع تھرپارکر کے سرکاری اسپتال میں کتے کے کاٹے سے ایک نوجوان لڑکی نے تڑپ تڑپ کر جان دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں رے بیز کے باعث ہونے والی اموات کا سلسلہ بدستور جاری ہے، تھرپارکر کے سرکاری اسپتال میں کتے کے کاٹے کی ویکسین نہ ملنے پر 15 سالہ لڑکی صائمہ جاں بحق ہو گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے نمایندے کے مطابق صائمہ بنت دین محمد نہڑیو کو تشویش ناک حالت میں سِول اسپتال مٹھی لایا گیا تھا، جہاں ریبیز کا انجیکشن موجود نہ ہونے پر لڑکی نے تڑپ تڑپ کردم توڑ دیا۔

    جاں بحق ہونے والی لڑکی کے لواحقین نے مٹھی کے اسپتال کے احاطے میں لاش رکھ کر انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاگل کتے کے کاٹنے سے نوجوان جاں بحق

    واضح رہے کہ صوبہ سندھ میں کتے کے کاٹے سے مرنے والوں کی تعداد 23 ہو گئی ہے۔ تین دن قبل جناح اسپتال کراچی میں ضلع جامشورو کے علاقے نوری آباد میں واقع گاؤں جیوا خان گوٹھ کا ایک رہایشی نوجوان بھی تڑپ تڑپ کر جاں بحق ہو گیا تھا۔

    سینئر ایگزیکٹو ڈائریکٹر سیمی جمالی کا کہنا تھا کہ مریض کو جب جناح اسپتال کی ایمرجنسی میں لایا گیا تو اسے ریبیز کی بیماری لاحق ہو چکی تھی۔ بعد ازاں اس نے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں دم توڑا۔

    ادھر صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے چند دن قبل میڈیا سے گفتگو میں دعویٰ کیا تھا کہ ریبیز کے لیے ویکسین موجود ہے، سندھ کے ہر اسپتال میں اینٹی رے بیز ویکسین دستیاب ہے۔

  • تھر کول ماڈل اپنایا جائے تو پورے پاکستان میں سی پیک کامیاب ہوگا: بلاول بھٹو

    تھر کول ماڈل اپنایا جائے تو پورے پاکستان میں سی پیک کامیاب ہوگا: بلاول بھٹو

    تھرپارکر: پی پی چیئرمین بلاول بھٹو نے تھر کول بلاک ٹو کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے تھر کول میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کو کامیابی سے متعارف کرایا، یہی ماڈل اپنایا جائے تو پورے پاکستان میں سی پیک کامیاب ہوگا۔

    بلاول بھٹو نے کہا خطاب میں کہا کہ ہم تھر کول منصوبے سے مقامی لوگوں کو حق پہنچا رہے ہیں، پی پی سمجھتی ہے تھر کا کوئلہ پاکستان کا ہے لیکن پہلے تھر کے لوگوں کا ہے، جو لوگ اس گاؤں میں رہتے ہیں ان کا اس کمپنی میں شیئر ہوگا، چاہے کمپنی نفع میں ہو یا نقصان میں تھر کے لوگوں کو حق ملتا رہے گا۔

    انھوں نے کہا کہ تھر کول میں عوام کو روزگار کے مواقع دیے گئے ہیں، عوام کو روزگار فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے، لیکن ادھر ایک وزیر کہتا ہے ادارے بند کر رہے ہیں، روزگار کے لیے ہماری طرف نہ دیکھیں، ہمارے عوام محنتی ہیں، وہ جانتے ہیں کہ کام کیسے کرنا ہے، پیپلز پارٹی موجودہ معاشی صورت حال میں بھی کام کر رہی ہے۔

    بلاول کا کہنا تھا پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتوں کے کام کا انداز مختلف ہے، پی پی غریب طبقے کا ہمیشہ خیال رکھتی ہے، سندھ اینگرو کول مائن کمپنی نے اپنا کام کر دکھایا ہے، وزیر اعظم نے 50 لاکھ گھر کا وعدہ کیا تھا مگر وفا نہ ہوا، مجھے خوشی ہے کہ مقامی لوگوں تک ان کا حق پہنچا رہا ہوں۔

    تازہ ترین:  بلاول بھٹو نوازشریف کی علالت کی خبروں پر فکر مند

    پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کی خدمت کرنے پر یقین رکھتی ہے، تھر کے عوام کو ان کا حق پہنچاتے رہیں گے، تھر کول منصوبے پر پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت کام ہو رہا ہے، اور سندھ حکومت کا یہ ماڈل جدید ہے۔

    دریں اثنا، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اسلام کوٹ میں تھر کول مائننگ کے منافع کے شیئرز مقامی افراد میں تقسیم کیے۔

    واضح رہے کہ آج بلاول بھٹو نے نواز شریف کی علالت سے متعلق حکومتی رویے پر سخت تنقید کی تھی، انھوں نے کہا کہ آصف زرداری یا نواز شریف کو کچھ ہوا تو پرچا حکومت کے خلاف کٹے گا، چیئرمین نیب پر بھی ذمہ داری آئے گی، وزیر اعظم نے دھرنے کے لیے کھانا اور کنٹینر دینے کا وعدہ کیا تھا، اب بندوبست کریں۔

  • ہمارے خلاف الیکشن لڑنے والے دھرتی کے غدار ہیں: بلاول بھٹو

    ہمارے خلاف الیکشن لڑنے والے دھرتی کے غدار ہیں: بلاول بھٹو

    تھرپارکر: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ اسلام کوٹ سے اٹھنے والی یہ آواز اسلام آباد جائے گی، ہمارے خلاف الیکشن لڑنے والے اور وزارتیں لینے والے دھرتی کے غدار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع تھرپارکر میں اسلام کوٹ بائی پاس کے مقام پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت کے خلاف احتجاج کا یہ سلسلہ کشمیر تک جائے گا، میں حکومت گرانے نکلا ہوں، ملک میں عوام کا معاشی قتل ہو رہا ہے۔

    پی پی چیئرمین نے کہا ہم نے ابھی کراچی سے آغاز کیا ہے، یہ سلسلہ کشمیر تک جائے گا، پیپلز پارٹی کے جیالے جمہوریت کے خاطر شہید ہوئے، آج جمہوریت خطرے میں ہے، انسانی حقوق پر حملے ہو رہے ہیں، روزگار نہ دے کر، مہنگائی اور تنخواہوں میں اضافہ نہ کر کے سفید پوش طبقے کا معاشی قتل کیا جا رہا ہے۔

    بلاول نے کہا کہ صوبے کے حقوق چھینے جا رہے ہیں، سندھ کا پانی بند کر کے صوبے کا معاشی قتل کیا جا رہا ہے، ارسا سے آپ کی نمائندگی کم کر رہے ہیں، یہ آپ کا پانی چوری کرنا چاہتے ہیں، ہمارے مقابلے میں کٹھ پتلی سیاست دان الیکشن لڑتے ہیں، وزارت لیتے ہیں اور آپ کے حقوق کا سودا کرتے ہیں۔

    انھوں نے کہا مجھے آپ کا ساتھ چاہیے جس طرح شہید بی بی کا ساتھ دیا تھا، آپ میرے ساتھ ہوں تو دنیا کی کوئی طاقت مجھے نہیں روک سکتی، ہم عوامی حکومت بنا کر رہیں گے، شہید بھٹو نے غریب عوام کی خدمت کا وعدہ کیا تھا، شہید محترمہ کے بیٹے نے بی بی کا وعدہ پورا کر دیا ہے، تھرپارکر میں 6 مہینے میں یونی ورسٹی کیمپس کا افتتاح کر رہا ہوں۔

    پی پی چیئرمین کا کہنا تھا ہمیں حکومت میں آنا پڑے گا، ہم عوام کی خدمت کرنا جانتے ہیں، وفاق سے حصہ چھین کر عوام کی خدمت کریں گے، میں آپ کابھائی ہوں، آپ کی خدمت کروں گا۔

    دریں اثنا، بلاول بھٹو زرداری نے سندھ پنجاب بارڈر پر احتجاج کرنے کا اعلان کیا اور کہا ہمارا اگلا احتجاج کندھ کوٹ میں ہوگا۔

  • اسلام آباد کے بعد تھرپارکر میں بھی لنگر خانہ کھولنے کا فیصلہ

    اسلام آباد کے بعد تھرپارکر میں بھی لنگر خانہ کھولنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے لنگر خانہ پروگرام کو ملک بھر کے پس ماندہ علاقوں تک وسعت دینے کا فیصلہ کر لیا ہے، اسلام آباد کے بعد اب سندھ کے ضلع تھرپارکر میں بھی لنگر خانہ کھولا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے تھرپارکر میں غریبوں کے لیے 3 لنگر خانے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے جن میں 600 افراد کو مفت کھانا ملے گا، وزیر اعظم عمران خان تھرپارکر میں لنگر خانے کا جلد افتتاح کریں گے۔

    تھرپارکر میں وزیر اعظم مستحق اور نادار لوگوں کے ساتھ بیٹھ کر کھانا بھی کھائیں گے، یہ لنگر خانے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت شروع کیے جائیں گے۔

    لنگر خانوں میں کھانا حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق اور معیاری ہوگا، تھرپارکر لنگر خانوں میں 2 وقت کا کھانا مفت فراہم کیا جائے گا، وزیر اعظم نے تھر میں لنگر خانے کھولنے سے متعلقہ وزارت کو احکامات جاری کر دیے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں“احساس لنگر” اسکیم کا افتتاح کردیا

    لنگر خانوں کی جگہ کے تعین کے لیے وزیر اعظم کی ٹیم آیندہ ہفتے تھرپارکر کا دورہ کرے گی۔

    یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے 7 اکتوبر کو اسلام آباد میں احساس سیلانی لنگر اسکیم کا افتتاح کیا تھا، لنگر اسکیم سماجی و فلاحی بہبود کے جامع پروگرام احساس کا اہم جزو ہے۔

    وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ لنگر پروگرام کے آغاز سے انھیں بہت خوشی ہے، جب تک لوگوں کو روزگار نہیں ملتا لنگر پروگرام کو بڑھاتے رہیں گے، کم زور طبقے کی مدد کی جائے گی تو ریاست میں برکت آئے گی۔

  • تھرپارکر: وائلڈ لائف ٹیم کا چھاپا، 4 نایاب ہرن برآمد

    تھرپارکر: وائلڈ لائف ٹیم کا چھاپا، 4 نایاب ہرن برآمد

    تھرپارکر: اندرون سندھ گوشت کے لیے نایاب ہرن کے شکار کا سلسلہ بدستور جاری ہے، وائلڈ لائف ٹیم نے اسلام کوٹ کے قریب چھاپا مار کر 4 نایاب ہرن برآمد کر لیے۔

    تفصیلات کے مطابق تھرپارکر کے علاقے اسلام کوٹ میں محکمہ جنگلی حیات نے ایک اور چھاپے میں چار عدد نایاب ہرن بر آمد کر لیے ہیں۔

    وائلڈ لائف ذرایع کا کہنا ہے کہ تھرپارکر کے ایک ہوٹل پر ہرن کا گوشت فروخت کیا جا رہا تھا، ہوٹل انتظامیہ نے اس سلسلے میں کوئی لائسنس حاصل نہیں کیا تھا اور بغیر لائسنس ہرن رکھے ہوئے تھے۔

    یاد رہے کہ رواں ماہ 7 تاریخ کو عمر کوٹ میں بھی نایاب ہرن کی اسمگلنگ کی ایک کوشش ناکام بنائی گئی تھی، رینجرز نے ملزمان کی گاڑی ایک چیک پوسٹ پر روکی تو وہ گاڑی چھوڑ کر بھاگ گئے۔

    متعلقہ خبریں پڑھیں:  عمرکوٹ: رینجرز نے نایاب نسل کے ہرن کی اسمگلنگ ناکام بنا دی

    دوران تلاشی گاڑی سے 2 نایاب نسل کے ہرن اور ایک ریپیٹر برآمد ہوا تھا، بعد ازاں رینجرز نے برآمد ہونے والے ہرن محکمہ وائلڈ لائف کے حوالے کر دیے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ سندھ کے ایک تعلقے ڈاہلی میں نایاب ہرنوں کو ذبح کر کے اس کا گوشت فروخت کرنے کا انکشاف ہوا تھا، تھر میں ہرن ایک طرف بھوک پیاس کا شکار ہیں دوسری طرف شکاریوں کا بھی آسان ہدف بن گئے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  تھر: بھوک پیاس کے مارے ہرنوں کا شکار، گوشت فروخت کیے جانے کا انکشاف

    اس سلسلے میں ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھی، جس میں تھر میں ایک نایاب ہرن کو گولی مار کر گرتے ہوئے دیکھا گیا، وائلڈ لائف افسر اشفاق میمن کا کہنا تھا کہ نایاب ہرنوں کے شکار کی خبریں زیادہ تر عمر کوٹ کے سرحدی علاقوں کی ہیں۔

    واضح رہے کہ تھر کی خوب صورتی میں اضافہ کرنے والے نایاب ہرن ہزاروں کی تعداد میں پائے جاتے تھے لیکن اب یہ بہت کم تعداد میں نظر آنے لگے ہیں، جس کی وجہ عمر کوٹ کے صحرائے تھر سے لگنی والی بھارتی سرحد کی نزدیکی گوٹھوں میں اس کا بے دریغ شکار ہے جس پر محکمہ وائلڈ لائف نے بھی خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔

  • تھر: بھوک پیاس کے مارے ہرنوں کا شکار، گوشت فروخت کیے جانے کا انکشاف

    تھر: بھوک پیاس کے مارے ہرنوں کا شکار، گوشت فروخت کیے جانے کا انکشاف

    تھرپارکر: سندھ کے ایک تعلقے ڈاہلی میں نایاب ہرنوں کو ذبح کر کے اس کا گوشت فروخت کرنے کا انکشاف ہوا ہے، تھر میں بھوک پیاس کے مارے ہرن شکاریوں کا آسان ہدف بن گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ذرایع کا کہنا ہے کہ تھر کے تعلقے ڈاہلی میں نایاب ہرنوں کا گوشت فروخت کیا جا رہا ہے، ایک جانب تھر میں غذا کے ذرایع کی کمی کے باعث جانور مر رہے ہیں، دوسری جانب مصیبت زدہ ہرنوں کو شکار کیا جانے لگا ہے۔

    تھرپارکر کے علاقے کرانگڑی کے شکاریوں کی ہرن ذبح کرنے کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہیں۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ سرحدی دیہات میں ہرن ذبح کر کے شہروں میں گوشت مہنگے داموں فروخت کیا جا رہا ہے، دوسری طرف افسوس ناک امر یہ ہے کہ وائلڈ لائف افسر اشفاق میمن نے اعتراف کیا ہے کہ نشان دہی ہونے اور ٹھوس ثبوت کے باوجود کارروائی نہیں کر سکتے۔

    نمایندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق نایاب ہرن کا گوشت کراچی، حیدر آباد سے تعلق رکھنے والے امیر لوگ خریدتے ہیں جو ہرن کا گوشت کھانے کے شوقین ہیں۔ چند دن قبل تھرپارکر میں ہرن کا گوشت فروخت کرنے والے چند لوگوں کو پکڑا گیا تھا لیکن محکمہ وائلڈ لائف نے چند پیسوں کے عوض انھیں چھوڑ دیا۔

    تازہ خبریں پڑھیں: امریکی ساحل وہیل کے لیے قتل گاہ بن گئے

    وائرل ہونے والی ایک اور ویڈیو میں دیکھا گیا ہے کہ تھر میں ایک نایاب ہرن کو گولی مار کر گرایا گیا۔

    اشفاق میمن نے یہ بھی بتایا کہ نایاب ہرنوں کے شکار کی خبریں زیادہ تر عمر کوٹ کے سرحدی علاقوں کی ہیں۔

    واضح رہے کہ تھر کی خوب صورتی میں اضافہ کرنے والے نایاب ہرن ہزاروں کی تعداد میں پائے جاتے تھے لیکن اب یہ بہت کم تعداد میں نظر آنے لگے ہیں، جس کی وجہ عمر کوٹ کے صحرائے تھر سے لگنی والی بھارتی سرحد کی نزدیکی گوٹھوں میں اس کا بے دریغ شکار ہے جس پر محکمہ وائلڈ لائف نے بھی خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔

  • تھرپارکر: کم عمر لڑکیوں سے شادی کے جرم میں دو دولہا سمیت 8 افراد گرفتار

    تھرپارکر: کم عمر لڑکیوں سے شادی کے جرم میں دو دولہا سمیت 8 افراد گرفتار

    تھرپارکر : پولیس نے شادی کی تقریب میں چھاپہ مار کر کم عمری کی شادی کے جرم میں دو دولہا سمیت آٹھ افراد کو حراست میں لے کر چائلڈ میرج ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کے انتہائی پسماندہ ضلع تھرپار کے مرکزی شہر مٹھی میں شادی کی تقریب کے دوران پولیس نے کم عمر دو لڑکیوں سے شادی کے جرم میں دونوں دولہا سمیت 8 افراد کو گرفتار کرلیا۔

    کالوئی پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او حسین بخش نے بتایا کہ مٹھی میں دو کم عمرلڑکیوں کی شادی کی تقریب جاری تھی جہاں بروقت پہنچ کر دونوں دولہا اور نکاح خواں کو گرفتار کرلیا۔

    انہوں نے کہا کہ14سالہ کلثوم کی شادی24سالہ محمد جمن لوند اور15سالہ نسیمہ کی شادی 23 سالہ امام الدین کے ساتھ ہورہی تھی۔ بعد ازاں پولیس دولہنوں کو بھی تفتیش کے لئے تھانے لے آئی۔

    ذرائع کے مطابق ایس ایچ او نے بتایا کہ لڑکیوں کے ایک قریبی رشتے دار نیک محمد کی شکایت پر پولیس نے مجموعی طور پر8افراد کے خلاف سندھ چائلڈ میرج ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔

    پولیس کے مطابق دلہن نسیمہ کے والد اور کلثوم کے بھائی کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔ ایس ایچ او نے بتایا کہ دونوں لڑکیوں کو چیئرمین یونین کونسل غلام نبی لوند کو اس ضمانت کے ساتھ حوالے کیا کہ وہ دونوں لڑکیوں کو عدالت میں پیش کریں گے۔

    مزید پڑھیں: پاکستان میں 21 فیصد لڑکیاں کم عمری کی جبری شادی کا شکار

    واضح رہے کہ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کا کہنا ہے کہ پاکستان میں21فیصد بچیوں کی کم عمری میں ہی جبری شادی کردی جاتی ہے۔

    عالمی ادارے کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ ’ڈیمو گرافکس آف چائلڈ میرجز ان پاکستان‘ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے دیہی علاقوں میں کم عمری کی شادیوں کا رجحان بہت زیادہ ہے۔

    رپورٹ کے مطابق سال2011سے2020تک دس سال کے عرصے میں کم عمری کی جبری شادیوں کا شکار بچیوں کی تعداد میں کافی حد تک اضافہ ہوگا۔

  • تھر میں غذائی قلت کے باعث مزید 7 بچے دم توڑ گئے

    تھر میں غذائی قلت کے باعث مزید 7 بچے دم توڑ گئے

    مٹھی: تھرپارکر میں غذائی قلت اور صحت کی ناکافی سہولتوں کے سبب بچوں کی اموات کا سلسلہ بند نہ ہوا، سول اسپتال مٹھی میں زیر علاج مزید 7 بچے دم توڑ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق تھرپارکر میں جہاں غربت اور بھوک کے ڈیرے ہیں وہیں موت کا رقص بھی جاری ہے، سول اسپتال مٹھی میں مزید سات کلیاں مرجھا گئیں۔

    غذائی قلت سے رواں ماہ اڑتیس بچے جان سے جاچکے ہیں۔ جبکہ رواں سال کے ابتدائی تین ماہ مں مٹھی اسپتال میں ایک سو چوراسی اموات ہوئیں۔

    تھرپارکر ضلع کے سرکاری اسپتال ادویات کی قلت کا بھی شکار ہیں، صورتحال سے پریشان والدین دہائیاں دے رہے ہیں، تاہم انتظامیہ اقدامات کے بجائے صرف دعوے کررہی۔

    گذشتہ سال جنوری سے ستمبر تک ساڑھے پانچ سو سے زیادہ بچے موت کی وادی میں جا سوئے، تھرواسی تو ہر گزرتے دن موت کی طرف بڑھ رہے ہیں لیکن ان کے زخموں پر مرہم رکھنے والا شاید کوئی نہیں ہے۔

    واضح رہے کہ تھر میں بچوں‌ کی ہلاکت کے معاملے پر حکومت سندھ کو شدید تنقید کا سامنا ہے، مخالفین ایسے واقعات کو پی پی پی سرکار کی غفلت قرار دیتے ہیں، البتہ پارٹی کا موقف ہے کہ یہ صرف پروپیگنڈا ہے، حکومت تھر کی ترقی کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔

  • وزیراعظم عمران‌ خان آج تھرپارکر کے عوام کیلئے صحت  پیکج کا اعلان کریں گے، وزیر خارجہ

    وزیراعظم عمران‌ خان آج تھرپارکر کے عوام کیلئے صحت پیکج کا اعلان کریں گے، وزیر خارجہ

    اسلام آباد : سندھ کے پسماندہ علاقوں کی تعمیروترقی ہماراخواب ہے، خواب کی تعبیر کیلئے آج ہم تھرپارکر سے آغازکر رہے ہیں، وزیراعظم آج تھرپار  کرکے عوام کیلئے صحت پیکج کا اعلان کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کی وزیراعظم عمران خان کیساتھ دورہ سندھ روانگی سے قبل میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے کہا آج وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ سندھ روانہ ہورہے ہیں، چھاچھرو میں ایک تاریخی جلسے کا انعقاد کیاگیا ہے ، جس میں وزیراعظم آج تھرپار کرکے عوام کیلئے صحت پیکج کا اعلان کریں گے۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں ایک لاکھ20 ہزارخاندانوں کو ہیلتھ کارڈ دیے جائیں گے، سندھ کے پسماندہ علاقوں کی تعمیر و ترقی ہماراخواب ہے، خواب کی تعبیر کیلئے آج ہم تھرپارکر سے آغاز کررہے ہیں۔

    انھوں نے مزید کہا آج چھاچھروکاجلسہ سندھ کی تاریخ کایادگارجلسہ ہوگا، تھرپارکرکےمجبورعوام کی زندگیوں کوبدلنےکاوقت آن پہنچاہے، وزیراعظم کی قیادت میں سندھ کی تعمیروترقی کےسفرکی شروعات ہوچکی ، اب یہ قافلہ منزل پرپہنچ کرہی دم لےگا۔

    مزید پڑھیں : وزیراعظم عمران خان آج تھرپارکر کا دورہ کریں گے

    خیال رہے وزیراعظم عمران خان، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اوردیگرقائدین تھرپارکرمیں عوامی جلسے سے خطاب کریں گے ، حلیم عادل شیخ نے میڈیا کو بتایا کہ وزیر اعظم تھرکے پسے ہوئے غریب لوگوں کے لیے صحت کا پیکیج لارہے ہیں، پہلے مرحلے میں ایک لاکھ بیس ہزارخاندانوں کوہیلتھ کارڈ دیے جائیں گے،

    ان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ کی ترقی کا سفروزیراعظم عمران خان کی قیادت میں مزید تیزہوگا۔

  • وزیراعظم عمران خان آج تھرپارکر کا دورہ کریں گے

    وزیراعظم عمران خان آج تھرپارکر کا دورہ کریں گے

    چھاچھرو: وزیراعظم عمران خان آج تھرپارکر کا دورہ کریں گے، وزیراعظم کی آمد کے سلسلے میں کھلاڑیوں نے پنڈال سجالیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سمیت دیگر قائدین تھرپارکر پہنچیں گے، کھلاڑیوں نے جلسے کا پنڈال تیار کرلیا۔

    تھرپارکر دورے کے موقع پر وزیر اعظم جلسے سے خطاب اور صحت کارڈ تقسیم کریں گے، جلسے کی تیاریوں کے سلسلے میں حلیم عادل شیخ چھاچھرو پہنچ گئے۔

    حلیم عادل شیخ کراچی سے ویلکم عمران خان ریلی کی قیادت کرتے ہوئے جلسہ گاہ پہنچے، حلیم عادل شیخ، ایم این اے جے پرکاش آکرانی و دیگر قائدین نے بھی پنڈال کا دورہ کیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان تھر کے دورے کے دوران تھرکول میگا منصوبے کا جائزہ لیں گے اور تھر پارکر کے لئے خصوصی پیکج کا اعلان بھی کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ سندھ سردار ارباب غلام رحیم بھی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے، ارباب غلام رحیم کی اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پی ٹی آئی میں شمولیت متوقع ہے۔

    وزیر اعظم عمران خان کی آمد سے قبل رکن قومی اسمبلی لال مالھی اور دیگر رہنماؤں نے چھاچھرو پہنچ کر جلسہ گاہ اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا ہے۔