Tag: تھرکول

  • تھرکول کے بدلے تھر کے رہنے والوں کے لیے سولر سسٹم

    تھرکول کے بدلے تھر کے رہنے والوں کے لیے سولر سسٹم

    کراچی: تھر کے رہنے والوں کو تھرکول کے بدلے سولر سسٹم فراہم کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر توانائی امتیاز احمد شیخ نے کہا ہے کہ تھرکول بلا ک 2 سے حاصل ہونے والی رائلٹی کی رقم تھر کے رہنے والوں کے گھروں پر سولر سسٹم کی تنصیب پر خرچ کی جائے گی۔

    وزیر توانائی سندھ کی زیر صدارت پندرہویں تھر فاؤنڈیشن کی بورڈ میٹنگ کا انعقاد ہوا، جس میں تھر فاؤنڈیشن کے تحت قائم عوامی سہولیات کی فراہمی کے لیے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    صوبائی وزیر توانائی امتیاز شیخ نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت پر تھرکول بلا ک 2 سے حاصل ہونے والی رائلٹی کی رقم تھر کے رہنے والوں کے گھروں پر سولر سسٹم کی تنصیب پر خرچ کی جائے گی تا کہ تھر میں عوام کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی سمیت پانی کی سپلائی کو یقینی بنایا جا سکے۔

    میٹنگ میں بتایا گیا کہ ٹی سی ایف کے تحت 28 اسکولوں کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، جس میں سے 23 اسکول مکمل طور پر فعال ہیں، جب کہ اسکولوں کے اساتذہ کو تربیت فراہم کرنے کے حوالے سے بھی پروگرام ترتیب دیے گئے ہیں۔

    اسکولوں میں بچوں کو صحت مند ماحول کی فراہمی کے لیے کھیلوں کی سہولیات بالخصوص کرکٹ کے حوالے سے بھی انتظامات موجود ہیں، اسکل ڈویلپمنٹ کے حوالے سے پتھم کے تعاون سے ہوٹل مینجمنٹ کے کورسز، ٹورازم کے حوالے سے ٹریننگ پروگرام، خواتین کی ووکیشنل ٹریننگ اور آئی ٹی کے حوالے سے بھی ٹریننگ فراہم کی جا رہی ہے۔

    دماغی صحت کے حوالے سے ایک اسپتال کے قیام کا عمل بھی جاری ہے، میٹنگ میں بتایا گیا کہ تھرکول پلانٹ کے مقام سے رہائشیوں کی منتقلی کے حوالے سے فنانشل سپورٹ بھی فراہم کی گئی ہے۔

  • تھر کول ماڈل اپنایا جائے تو پورے پاکستان میں سی پیک کامیاب ہوگا: بلاول بھٹو

    تھر کول ماڈل اپنایا جائے تو پورے پاکستان میں سی پیک کامیاب ہوگا: بلاول بھٹو

    تھرپارکر: پی پی چیئرمین بلاول بھٹو نے تھر کول بلاک ٹو کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے تھر کول میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کو کامیابی سے متعارف کرایا، یہی ماڈل اپنایا جائے تو پورے پاکستان میں سی پیک کامیاب ہوگا۔

    بلاول بھٹو نے کہا خطاب میں کہا کہ ہم تھر کول منصوبے سے مقامی لوگوں کو حق پہنچا رہے ہیں، پی پی سمجھتی ہے تھر کا کوئلہ پاکستان کا ہے لیکن پہلے تھر کے لوگوں کا ہے، جو لوگ اس گاؤں میں رہتے ہیں ان کا اس کمپنی میں شیئر ہوگا، چاہے کمپنی نفع میں ہو یا نقصان میں تھر کے لوگوں کو حق ملتا رہے گا۔

    انھوں نے کہا کہ تھر کول میں عوام کو روزگار کے مواقع دیے گئے ہیں، عوام کو روزگار فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے، لیکن ادھر ایک وزیر کہتا ہے ادارے بند کر رہے ہیں، روزگار کے لیے ہماری طرف نہ دیکھیں، ہمارے عوام محنتی ہیں، وہ جانتے ہیں کہ کام کیسے کرنا ہے، پیپلز پارٹی موجودہ معاشی صورت حال میں بھی کام کر رہی ہے۔

    بلاول کا کہنا تھا پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتوں کے کام کا انداز مختلف ہے، پی پی غریب طبقے کا ہمیشہ خیال رکھتی ہے، سندھ اینگرو کول مائن کمپنی نے اپنا کام کر دکھایا ہے، وزیر اعظم نے 50 لاکھ گھر کا وعدہ کیا تھا مگر وفا نہ ہوا، مجھے خوشی ہے کہ مقامی لوگوں تک ان کا حق پہنچا رہا ہوں۔

    تازہ ترین:  بلاول بھٹو نوازشریف کی علالت کی خبروں پر فکر مند

    پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کی خدمت کرنے پر یقین رکھتی ہے، تھر کے عوام کو ان کا حق پہنچاتے رہیں گے، تھر کول منصوبے پر پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت کام ہو رہا ہے، اور سندھ حکومت کا یہ ماڈل جدید ہے۔

    دریں اثنا، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اسلام کوٹ میں تھر کول مائننگ کے منافع کے شیئرز مقامی افراد میں تقسیم کیے۔

    واضح رہے کہ آج بلاول بھٹو نے نواز شریف کی علالت سے متعلق حکومتی رویے پر سخت تنقید کی تھی، انھوں نے کہا کہ آصف زرداری یا نواز شریف کو کچھ ہوا تو پرچا حکومت کے خلاف کٹے گا، چیئرمین نیب پر بھی ذمہ داری آئے گی، وزیر اعظم نے دھرنے کے لیے کھانا اور کنٹینر دینے کا وعدہ کیا تھا، اب بندوبست کریں۔

  • تھرکول سے بجلی کی پیداوار ملک کی بڑی کامیابی ہے، پاکستان اکانومی واچ

    تھرکول سے بجلی کی پیداوار ملک کی بڑی کامیابی ہے، پاکستان اکانومی واچ

    اسلام آباد : پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا ہے کہ سالہا سال کی محنت کے بعد تھرکول سے بجلی کی پیداوار بڑی کامیابی ہے۔

    یہ بات انہوں نے اپنے ایک جاری بیان میں کہی، انہوں نے کہا کہ  ابتدائی طور پر تین سو تین میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل کر لی گئی ہے جبکہ ایک مہینے کے اندر پیداوار میں مزید اضافہ ہو جائے گا ۔

    اڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہاکہ اس سلسلہ کو جاری رکھنے سے درآمدی تیل اور گیس پر انحصار کم ہوتا چلا جائے گا اور ملک کو کم از کم چھ ارب ڈالر سالانہ کی بچت ہو گی،۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی اس کامیابی سے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار تھر کی جانب متوجہ ہو گئے ہیں اور اس ضمن میں بھاری سرمایہ کاری کا امکان موجود ہے۔

    انہوں نے زور دیا کہ تھر میں موجود کوئلے کے175ارب ٹن کے ذخائر سے توانائی کا بحران مکمل طور پر ختم کر کے جی ڈی پی شرح میں چار فیصد اضافہ ممکن ہے جبکہ بجلی کی برآمد سے کروڑوں ڈالر کا زرمبادلہ بھی کمایا جا سکتا ہے، جس سے ملک کی تقدیر بدل جائے گی۔

  • تھرکول اتھارٹی کرپشن کیس ، وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ سے ایک ماہ میں جواب طلب

    تھرکول اتھارٹی کرپشن کیس ، وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ سے ایک ماہ میں جواب طلب

    کراچی : سپریم کورٹ نےتھرکول اتھارٹی کرپشن کیس میں وزیراعلی سندھ سےایک ماہ میں جواب طلب کرلیا،جسٹس گلزار آڈٹ رپورٹ پیش نہ کرنے پر سندھ حکومت پر برس پڑے اور کہا ایک سو پانچ ارب روپے خرچ کردیئے لیکن تھر والوں کوایک گلاس صاف پانی کا نہیں ملا، سارے پیسے جیبوں میں گئے اور کرپشن کی نذر ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ رجسٹری میں تھرکول اتھارٹی میں اربوں روپے کرپشن کیس کی سماعت ہوئی ، سماعت میں آڈٹ رپورٹ پیش نہ کرنے جسٹس گلزار نے سندھ حکومت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا وزیر اعلی خود جوابدہ ہیں، ایک سو پانچ ارب روپے خرچ کردیئے مگر تھر والوں کو ایک گلاس صاف پانی نہیں ملا۔

    جسٹس گلزار نے ایڈووکیٹ جنرل سے مکالمےمیں کہا آپ کی حکومت کر کیا رہی ہے؟عوام کو بنیادی سہولت نہیں دے سکی، یہ سارے پیسے جیبوں میں گئے اور کرپشن کی نذر ہوگئے، حکومت کا بنیادی کام عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ہے۔

    جسٹس گلزار کا کہنا تھا آپ لوگ شفاف طریقے سے ترقیاتی کام بھی نہیں کرسکے، اسپیشل انیشیٹیو ڈپارٹمنٹ، تھرکول اتھارٹی، موبائل ایمرجنسی یونٹ کے نام پر اربوں روپےکی کرپشن کی گئی۔

    عدالت نے وزیراعلی سندھ سے ایک ماہ میں جواب طلب کرلیا۔

    مزید پڑھیں : تھرکول سے بجلی کی پیداوار شروع

    خیال رہے 19 مارچ کو تھرکول سے بجلی کی پیداوار شروع ہوگئی، جس کے بعد تین سو تیس میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ کو فراہم کردی گئی تھی، پراجیکٹ کی کامیابی پر وزیراعلٰی سندھ مراد علی شاہ نے ٹوئیٹ میں کہا تھا کہ آج پاکستان کے لیے بڑا دن ہے، سندھ پاکستان کو توانائی، سلامتی کی راہ پر گامزن کررہا ہے، تھر سے پاکستان کے بدلنے کا عمل شروع ہو چکا ہے۔

    یاد رہے دسمبر 2018 میں سپریم کورٹ نے تھرکول منصوبہ نیب کو بھجواتے ہوئے ثمرمبارک مند کے خلاف کارروائی کا حکم دیا تھا، چیف جسٹس نے کہا تھا ڈاکٹر ثمر مبارک مند نے کہا تھا بجلی سے ملک کومالا مال کردوں گا، لیکن منصوبے کی جگہ سے لوگ سامان بھی اٹھا کرلے گئے، منصوبے پراربوں روپے لگے ان کا حساب کون دے گا۔

    اس سے قبل تھر کول پاور پراجیکٹ سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے آڈیٹر جنرل کو فرانزک آڈٹ کا حکم دیتے ہوئے 15 روز میں رپورٹ طلب کی تھی، چیف جسٹس نے کہا تھا کہ کہاں گئے ڈاکٹر ثمر مند مبارک کے دعوے؟ کیا معاملہ ایف آئی اے کو نہ بھیج دیں یا اس کی نئے سرے سے تحقیقات کروائی جائیں۔

  • پاکستان کے لیے تاریخی لمحہ، تھرکول سے بجلی کی پیداوار شروع

    پاکستان کے لیے تاریخی لمحہ، تھرکول سے بجلی کی پیداوار شروع

    تھرپارکر: پاکستان کا ایک اور تاریخی لمحہ رقم ہوگیا، تھرکول سے بجلی کی پیداوار شروع ہوگئی، تین سو تیس میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ کو فراہم کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق تھرکول انتظامیہ نے منصوبے کی کامیابی پر جشن منایا، جبکہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری اور وزیراعلٰی سندھ نے منصوبے کی کامیابی پر عوام کومبارکباد پیش کی۔

    ترجمان نجی کمپنی کے مطابق تھرکول پاورپلانٹ سے تین سوتیس میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ کو فراہم کردی گئی، بجلی کی فراہمی کے تاریخی موقع پر تھرکول انتظامیہ خوشی سے نہال ہوگئتے، ملازمین نے کامیابی پر جشن منایا اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔

    پراجیکٹ کی کامیابی پر وزیراعلٰی سندھ مراد علی شاہ نے ٹوئیٹ میں کہا کہ آج پاکستان کے لیے بڑا دن ہے، سندھ پاکستان کو توانائی، سلامتی کی راہ پر گامزن کررہا ہے، تھر سے پاکستان کے بدلنے کا عمل شروع ہو چکا ہے۔

    بلاول بھٹو زرداری نے بھی عوام کو مبارکباد پیش کی۔حکومت سندھ اور نجی کمپنیوں کے اشتراک سے یہ منصوبہ دو ہزارگیارہ میں دوسو ارب کی لاگت سے شروع کیا گیا تھا۔

    ماہرین کے مطابق تھر کول ایک ایسا پروجیکٹ ہے جس کی وجہ سے تھر میں پایا جانے والا کوئلہ ملک میں توانائی بحران کے حل کا ضامن ہے۔