Tag: تھریسا مئے

  • صدر ٹرمپ کی جھوٹی سرزمین

    صدر ٹرمپ کی جھوٹی سرزمین

    لندن: برطانوی دارالحکومت لندن کے شہری اس وقت دیواروں پر ایک تصویر دیکھ کر حیران رہ گئے جس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ محو رقص نظر آرہے ہیں اور ان کے ساتھ لکھا ہے ’جھوٹ کی سرزمین‘۔

    تصویر میں صدر ٹرمپ جس شخصیت کی بانہوں میں بانہیں ڈالے محو رقص ہیں وہ کوئی اور نہیں بلکہ برطانوی وزیر اعظم تھریسا مئے ہیں۔

    lie-2

    یہ گرافٹی (دیوار پر کی جانے والی مصوری) دراصل ایک آرٹسٹ نے تخلیق کی ہے جس میں اس نے ان دونوں رہنماؤں کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

    اس کی ترغیب اسے گزشتہ سال کی مشہور فلم ’لا لا لینڈ‘ کے پوسٹرز کو دیکھ کر ہوئی اور اس نے اس پوسٹر کی طرز پر صدر ٹرمپ کی تصویر کے ساتھ ’لائی لائی لینڈ‘ یعنی جھوٹ کی سرزمین لکھ ڈالا۔

    بمبی نامی اس آرٹسٹ کا کہنا ہے، ’یہ فلم شاندار تو ضرورہے مگر یہ ہماری نسل کے سیاہ ترین سیاسی دور میں ریلیز ہوئی ہے جب ڈونلڈ ٹرمپ جیسے منتقم مزاج شخص نے امریکی صدارت کا حلف اٹھایا ہے‘۔

    اور یہی نہیں، صدر ٹرمپ کے حلف اٹھانے کے کچھ عرصہ بعد اسی فنکار نے ایک اور گرافٹی بنائی تھی جس میں ٹرمپ کے انتخابی نعرے کی ہجو میں لکھا تھا، ’امریکا کو دوبارہ عقلمند بناؤ‘۔ اس کے ساتھ امریکا کا مجسمہ آزادی ایک ڈھانچے کی صورت میں موجود تھا۔

    lie-3

  • صدر ٹرمپ کے بے تکے مصافحے

    صدر ٹرمپ کے بے تکے مصافحے

    اب جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ امریکا کے 45 ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھا چکے ہیں تو اپنی مختلف حرکات و سکنات کے باعث مسلسل میڈیا کے طنز و تنقید کا نشانہ بن رہے ہیں۔ حال ہی میں ٹرمپ کے مختلف رہنماؤں سے کیے جانے والے عجیب وغریب مصافحے بھی مذاق کا نشانہ بن گئے۔

    اس تمام سلسلے کا آغاز اس وقت ہوا جب صدارتی انتخاب جیتنے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے پہلی تقریر کی۔ تقریر کے بعد انہوں نے نائب صدر مائیک پنس سے مصافحہ کیا۔

    یہ مصافحہ نہایت عجیب و غریب تھا جس میں ٹرمپ نے ہاتھ ملاتے ہوئے پنس کا ہاتھ فرط جذبات اور گرم جوشی سے اپنی طرف کھینچنا شروع کردیا۔

    نائب صدر مائیک پنس اس صورتحال سے خاصے جزبز نظر آئے۔

    اس کے بعد کچھ اسی قسم کا مصافحہ اس وقت دیکھنے میں آیا جب ٹرمپ نے نیل گورسچ کو امریکی وفاقی ایپلیٹ عدالت کا جج مقرر کیا۔ نامزدگی کی تقریب میں تقریر کے بعد جب نیل نے ٹرمپ سے مصافحہ کیا تو ٹرمپ نے ایک بار پھر ان کے ہاتھ کو کئی دفعہ اپنی طرف کھینچنا شروع کردیا۔

    trump-3

    اس بار تو یوں لگا کہ دھان پان سے نیل گورسچ ٹرمپ کی کھینچا تانی سے گر پڑیں گے۔

    کچھ دن قبل جب جاپانی وزیر اعظم شنزو ایبے ٹرمپ سے ملنے پہنچے تو ٹرمپ اس بار بھی اپنے نامعقول مصافحے سے باز نہ آئے۔ وائٹ ہاؤس میں ملاقات کے موقع پر شنزو ایبے بھی ٹرمپ کی اس کھینچا تانی کا نشانہ بن گئے۔

    trump-2

    تاہم ہر وقت ہونٹوں پر مسکراہٹ سجائے رکھنے والے ایبے ایسے وقت میں بھی اپنی مسکراہٹ نہ بھولے، البتہ وہ الجھن کا شکار ضرور نظر آئے۔

    اور ہاں، برطانوی وزیر اعظم تھریسا مئے، جو ٹرمپ سے بطور امریکی صدر ملاقات کرنے والی پہلی عالمی رہنما تھیں، جب ٹرمپ سے ملاقات کے لیے پہنچیں تو ٹرمپ نے مستقل ان کا ہاتھ تھامے رکھا، کہ کہیں وہ اپنی اونچی ہیل کے باعث گر نہ پڑیں۔

    برطانوی میڈیا کو ٹرمپ کی یہ حرکت سخت ناگوار گزری اور اس نے ناک بھوں چڑھاتے ہوئے کہا کہ اس قدر خوش اخلاقی کا مظاہرہ تو ٹرمپ نے کبھی اپنی اہلیہ کے ساتھ بھی نہیں کیا۔

    اب ٹرمپ اپنی عادت سے مجبور ہوں، یا عالمی رہنماؤں سے ملتے ہوئے ٹرمپ خوشی سے بے قابو ہو کر ایسے مصافحے کرتے ہوں، امریکی میڈیا کا تو یہی مشورہ ہے، کہ جس کو اپنی جان اور عزت عزیز ہو، وہ ٹرمپ سے مصافحہ کرنے سے گریز کرے۔