Tag: تھریسا مے

  • بریگزٹ ڈیل ناکام ہوگئی تو تھریسا مے کو عہدے سے مستعفیٰ ہونا پڑ سکتا ہے: برطانوی رہنما

    بریگزٹ ڈیل ناکام ہوگئی تو تھریسا مے کو عہدے سے مستعفیٰ ہونا پڑ سکتا ہے: برطانوی رہنما

    لندن: برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے کی پارٹی کے ایک سابق رہنما نے خبردار کیا ہے کہ اگر مے کی بریگزٹ ڈیل ووٹنگ میں ناکام ہوگئی تو انہیں اپنے عہدے سے استعفیٰ دینا پڑ سکتا ہے۔

    ڈیلی ٹیلی گراف سے گفتگو کرتے ہوئے آئن اسمتھ کا کہنا تھا کہ مے اور ان کی کابینہ کا اس ڈیل پر جمے رہنا صورتحال کو مزید بگاڑ سکتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ یہ بات بہت اہمیت رکھتی ہے کہ ووٹنگ کے بعد تھریسا مے کیا رویہ اختیار کرتی ہیں۔ اگر وہ کہتی ہیں کہ ’ہم ہار گئے لیکن ہم اسے دوبارہ کریں گے‘ تو قیادت کا بحران پیدا ہوسکتا ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے میں کئی رکن پارلیمنٹ بھی مے کو خبردار کرچکے ہیں کہ اگر تھریسا مے کی ڈیل ناکام ہوجاتی ہے اور وہ یورپی یونین سے اچھے تعلقات استوار کرنے میں ناکام ہوجاتی ہیں تو انہیں اپنا عہدے سے ہاتھ دھونے پڑ سکتے ہیں۔

    ورک اور پنشن کی سیکریٹری امبر رڈ کا کہنا ہے کہ گو کہ وہ تھریسا مے کی ڈیل کی حمایت کرتی ہیں تاہم اگر ان کی یہ ڈیل ناکام ہوجاتی تو ناروے پلس آپشن پر غور کیا جائے جس کے تحت ناروے دو اہم تنظیموں یورپین فری ٹریڈ ایسوسی ایشن اور یورپین اکنامک ایریا کا رکن ہے۔

    واضح رہے کہ لیبر پارٹی بریگزٹ معاہدے کی منسوخی کے لیے پارلیمنٹ میں قرارداد لارہی ہے، لیکن ساتھ ہی ساتھ وہ یہ بھی چاہتی ہے کہ برطانیہ ایک دم سے یورپی یونین سے علیحدہ ہوکر افراتفری کا شکار نہ ہوجائے۔

  • بریگزٹ : تھریسا مے نے معاہدے کے متبادل مسترد کردئیے

    بریگزٹ : تھریسا مے نے معاہدے کے متبادل مسترد کردئیے

    لندن : برطانوی وزیر اعظم تھریسامے نے اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے پیش کردہ بریگزٹ معاہدے کے تمام متبادل معاہدوں کو مسترد کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کی ٹوری پارٹی کے اراکین پارلیمنٹ کی جانب سے تھریسامے کو دئیے گئے ناروے کی مانند یورپی یونین سے اخراج کے مشورے کو فروغ دے رہے ہیں۔

    برطانوی وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ یہ مشورہ کسی صورت قابل قبول نہیں ہے کیوں کہ یہ آزادی کی تحریک کو جاری گا۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ لیبر پارٹی نے موجودہ معاہدے سے بہتر معاہدہ تیار کیا تھا لیکن وزیر اعظم نے کہا کہ انہوں نے مناسب متبادل آگے نہیں بڑھایا۔

    برطانیہ کی لیبر پارٹی نے 11 دسمبر کو کامنز معاہدے کی منظوری کے لیے ہونے والی ووٹنگ میں تھریسا مے کے معاہدے کی مخالفت میں ووٹ دینے کی دھمکی دی ہے۔

    تھریسا مے کا کہنا ہے کہ لیبر پارٹی برطانیہ کا یورپی یونین سے بغیر کسی معاہدے سے اخراج کی وکالت بہت موثر طریقے سے کر رہی ہے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق لیبر پارٹی کی قیادت کا کہنا ہے کہ وہ کراس پارٹی کی بغیر معاہدے کے یورپ سے اخراج کی ترمیم کو ووٹ دینے کے لیے تیار ہیں۔

    لیبر پارٹی لہ قیادت کا کہنا ہے کہ کراس پارٹی کی ترمیم تھریسامے مے کو پابند نہیں کرسکتی لیکن اگر پارلیمنٹ نے اس ترمیم کو منظور کرلیا تو وزیر اعظم کے لیے اسے نظر انداز کرنا مشکل ہوگا۔

     یاد رہے کہ برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے ان دنوں دنیا کے امیر ترین ممالک کے اجلاس میں شرکت کے لیے لاطینی امریکا کے ملک ارجنٹینا میں موجود ہیں۔

    بریگزٹ معاہدہ نہ ہونا سیکورٹی کےلیے خطرناک ہوگا، برطانوی وزیر

    خیال رہے کہ برطانوی وزیرِ سیکیورٹی نےخبردار کیا ہےکہ بریگزٹ پر کوئی معاہدہ نہ ہونا برطانیہ اور یورپی یونین کے سیکورٹی تعلقات پر نہ صرف اثر انداز ہوگا بلکہ عوام کی حفاظت کو بھی نقصان پہنچائے گا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے برطانیہ کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ان کا کہنا تھا کہ موثر سیکیورٹی کے لیے باہمی روابط بہت اہم ہیں۔

    واضح رہے کہ لیبر پارٹی بریگزٹ معاہدے کی منسوخی کے لیے پارلیمنٹ میں قرار داد لارہے ہیں، لیکن ساتھ ہی ساتھ وہ یہ بھی چاہتے ہیں کہ برطانیہ ایک دم سے یورپی یونین سے علیحدہ ہوکر افراتفری کا شکار نہ ہوجائے۔

  • بریگزٹ ڈیل سے امریکا اوربرطانیہ کی تجارت ختم ہوسکتی ہے: ڈونلڈ ٹرمپ

    بریگزٹ ڈیل سے امریکا اوربرطانیہ کی تجارت ختم ہوسکتی ہے: ڈونلڈ ٹرمپ

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے برطانیہ اور یورپین یونین کے درمیان ہونے والے متوقع بریگزٹ معاہدے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہنا ہے کہ اس سے امریکا اور برطانیہ کی تجارتی ڈیل کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق واشنگٹن ڈی سی میں وائٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ بادی النظر میں دکھائی دیتا ہے کہ بریگزٹ معاہدہ یوپرین یونین کے لیے تو کئی فواید لیے ہوئے ہے لیکن اس کے بعد شاید برطانیہ ہمارے ساتھ تجارت نہ کرسکے۔

    ان کے مطابق معاہدے کی شق نمبر 10 کے تحت برطانیہ کو دنیا بھر کےممالک سے نئے تجارتی معاہدے کرنے ہوں گے ۔

    امریکی صدر کا کہنا ہے کہ فی الحال برطانیہ اور یورپی یونین کے درمیان ہونے والے متوقع معاہدے کا مسودہ سامنے آیا ہے اس کو دیکھ کر لگتا ہے کہ برطانیہ کے ساتھ ہماری تجارت منقطع ہوجائے گی جو کہ یقیناً کوئی اچھی بات نہیں ہے۔

    انہوںمزید کہا ہے کہ مجھے امید ہے کہ برطانیہ اور یورپی یونین اس کو دیکھ رہے ہوں گے اور ان کا ہر گز مقصد یہ نہیں ہوگا کہ برطانیہ اور امریکا کے درمیان تجارت منقطع ہوجائے۔

    یاد رہے کہ برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے ، بریگزٹ معاہدے کو یورپی یونین سے منظور کرالینے کے بعد اب 11 دسمبر کو برطانوی پارلیمنٹ میں لے کر جارہی ہیں۔ ان کا خیال ہے کہ وہ اس معاہدے پر اراکینِ پارلیمنٹ کی منظور ی حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گی۔ ممبرانِ پارلیمنٹ کو قائل کرنے کے لیے تھریسا ، ووٹنگ سے دو روز قبل لیبر پارٹی کے رہنما جیریمی کاربائن کے ساتھ ایک ٹی وی شو میں مذاکرہ بھی کریں گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ تھریسا مے جنہوں نے ممبرانِ پارلیمنٹ کا اعتماد حاصل کرنے کے لیے دو ہفتے کی ڈیڈ لائن طے کررکھی ہے ان کے لیے امریکی صدر کا یہ بیان کسی دھچکے سے کم نہیں ہوگا۔

    یاد رہے کہ دو روز قبل برطانیہ اور یورپی یونین کے درمیان علیحدگی کے لیے تیار کردہ بریگزٹ معاہدے کا مسودہ یورپی یونین کے سربراہی اجلاس میں منظورکرلیا گیا تھا، اسپین نے معاہدے کی مخالفت کی تھی۔یورپی یونین کے سربراہی اجلاس میں اسپین کے آخری لمحات میں کارروائی سے باہر ہونے کے بعد تمام رکن ممالک نے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔

    برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ لیبر پارٹی، ایل آئی بی ڈیم، ایس این پی، ڈی یو پی اور حکمران جماعت متعدد ایم پیز اس معاہدے کے خلاف ووٹنگ کرنے کےلیے تیار ہیں، لہذا تھریسا مے کو 11 دسمبر کو ایک انتہائی دشوار گزار مرحلہ طے کرنا ہے۔

  • بریگزٹ ڈیل: برطانوی کابینہ کے چاروزراء مستعفی

    بریگزٹ ڈیل: برطانوی کابینہ کے چاروزراء مستعفی

    لندن: برطانوی وزیراعظم تھریسا مے کے بریگزٹ سیکرٹری سمیت  کابینہ کے چار وزراء نے استعفیٰ دے دیا،  کابینہ نے گزشتہ روز  ڈیل کی منظوری دی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق بریگزٹ ڈیل کے منصوبےپر برطانوی وزیراعظم تھریسا مے کی حکومت شدید مشکلات کا شکار ہے ، جہاں ایک جانب  اپوزیشن کی جانب سے اسے تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے وہیں  حکومتی وزراء کے استعفوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

    برطانوی حکومت کے بریگزٹ سیکرٹری ڈومینک راب نے اپنی استعفیٰ پیش کردیا ہے جبکہ ان کے ہمراہ ورک اور پنشن کی وزیر  یستھر میکووے بھی اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئیں ہیں۔

    اس کے علاوہ جونیئر ناردرن آئرلینڈ منسٹر شائلیش وارہ ، جونئیر بریگزٹ  مسٹر سویلا بریور مین اور پارلیمنٹ کی  پرائیویٹ سیکرٹری این میری ٹریولیان نے بھی اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا ہے۔

    بریگزٹ سیکرٹری ڈومینک راب نے ٹویٹر پر اپنے استعفے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ  ’آج میں بطور بریگزٹ سیکریٹری مستعفی ہو گیا ہوں۔ میں یورپی یونین کے ساتھ ہونے والے معاہدے کی حمایت نہیں کر سکتا، یہ میرے ضمیر پر بوجھ ہو گا۔ وزیراعظم کو خط لکھا ہے جس میں تمام تر وجوہات کی وضاحت کی گئی ہے‘۔

    دو سری جانب ایستھر میکووے نے اپنے استعفے میں وزیراعظم کو مخاطب کر کے لکھا ہے کہ ’آپ نے گذشتہ روز کابینہ کے سامنے جو معاہدہ رکھا وہ ریفرینڈم کے نتائج کی لاج نہیں رکھتا۔ درحقیقت یہ ان عزائم سے بھی مطابقت نہیں رکھتا جو آپ نے اپنی وزارتِ عظمیٰ آغاز پر متعین کیے تھے۔‘

    گزشتہ روز برطانوی کابینہ نے بریگزٹ ڈیل کی منظوری 5 گھنٹےطویل اجلاس کے بعد دی تھی ۔ اس  موقع پر برطانوی وزیراعظم تھریسا مے کا کہنا  تھا  کہ آنے والا وقت مشکل ہے، اس مشکل سے نکلیں گے، بریگزٹ ڈیل کا مسودہ آئندہ ماہ پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ بریگزٹ ڈیل کی پارلیمنٹ سے منظوری میں مشکلات آسکتی ہیں، چاہتے ہیں جلد بریگزٹ کا معاملہ حل کرلیا جائے، امید ہے یورپی یونین کی جانب سے مثبت فیصلے کیے جائیں گے۔

    یاد رہے کہ حالیہ پیش رفت سے قبل یورپی یونین کے مرکزی مذاکرات کار میشیل بارنیے نے کہا تھا کہ برطانیہ کے یورپی یونین سے اخراج کے معاہدے میں ’فیصلہ کن‘ پیش رفت ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا تھا کہ  بدھ کو شائع ہونے والا معاہدے کا 585 صفحات کا مسودہ ’مذاکرات کو انجام تک لے جانے والا کلیدی قدم‘ ہے۔

    اس حوالے سے سب سے اہم بیان اپوزیشن لیڈر جیریمی کاربائن کی جانب سے  سامنے آیا تھا جنہوں نے کہا تھا کہ یہ وہ ڈیل نہیں جس کا اس ملک کے عوام سے وعدہ کیا گیا تھا، انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ پارلیمنٹ کسی ایسے برے معاہدے کو تسلیم نہیں کرے گی ، ایسا معاہدہ ہونے سے کوئی معاہدہ نہ ہونا بہتر ہے۔

  • یورپین لیڈرزسمٹ: تھریسا مے کےلیے آئندہ 48 گھنٹے مشکل

    یورپین لیڈرزسمٹ: تھریسا مے کےلیے آئندہ 48 گھنٹے مشکل

    لندن: بریگزٹ کے معاملے پر یورپین لیڈرز کے سمٹ میں صرف اڑتالیس گھنٹے رہ گئے،برطانوی وزیراعظم تھریسا مے کوشش کررہی ہیں کہ اس معاملے پر انہوں زیادہ سے زیادہ وزراء کی حمایت حاصل رہے۔

    گزشتہ روز پارلیمنٹ کے اجلاس میں انہوں نے ممبرانِ پارلیمنٹ کو آگاہ کیا کہ شمالی آئرلینڈ کے بارڈر کے مسئلے پر ڈیڈ لاک کے باوجود اس معاملے پر معاہدے کے امکانات تاحال موجود ہیں۔

    دوسری جانب یورپین یونین کے حکام نے خبردار کیا ہے کہ برطانیہ کے اخراج کے بعد کسی بھی قسم کی ڈیل نہ ہونے کے امکانا ت ماضی کی نسبت آج کئی گنا زیادہ ہیں۔ یورپین لیڈرز کا اجلاس بدھ کے روز منعقد ہوگا جس کے بارے میں امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ برطانیہ اور یورپی یونین کسی متفقہ معاہدے تک پہنچنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

    یاد رہے کہ برطانیہ آئندہ سال مارچ میں یورپین یونین سے انخلا کرے گا ۔ امید کی جارہی ہے کہ کل ہونے والے اجلاس میں یورپین لیڈر متفق ہوجائیں گے کہ اس معاملے پر اس حد تک اقدامات اٹھائے جاچکے ہیں ، اور نومبر میں ایک خصوصی بریگزٹ سمٹ طلب کرکے علیحدگی کی اس ڈیل کو حتمی شکل دے دی جائے۔

    تاہم اس امید کو ابھی آئرش بارڈر تنازعے کے سبب کئی خدشات لاحق ہیں جس کا ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ ممکن نہیں ہوسکا ہے۔ تھریسا مے کو امید ہے کہ معاملے کے دونوں فریق اب اس تنازعے کے حل سے زیادہ دور نہیں ہیں اور محض ایک بارڈر کے تنازعے کے سبب اس سارے عمل کو واپس نہیں کیا جاسکتا ۔

    تھریسا مے کے اجلاس سے خطاب کے موقع پر انہیں کابینہ ارکان کی جانب سے مخالفت کا بھی سامنا کرنا پڑا ، اور ان پر آوازیں بھی کسی جاتی رہیں ، تاہم انہوں نے اپنا خطاب جاری رکھا۔

    دو ہفتے قبل برطانوی وزیر خزانہ فلپ ہمونڈ کا کہنا تھا کہ یورپی یونین بریگزٹ معاملے پر سنجیدہ دکھائی دیتے ہیں اور وہ ڈیل کے لیے بھی آمادہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ بریگزٹ معاملے پر یورپ اور برطانیہ کے تناؤ کے باعث برطانوی معیشت بھی متاثر ہورہی ہے، اس بابت اقدامات کی ضرورت ہے۔

    برطانوی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ متعدد سرمایہ کار بریگزٹ ڈیل کے نتائج کے منتظر ہیں، جوں ہی یہ ڈیل طے پا جائے گی، برطانوی اقتصادیات میں ترقی دیکھی جائے گی۔

    خیال رہے کہ گذشتہ ما ہ آسٹریا میں یورپی سربراہی اجلاس ہوا تھا، جس میں یورپ اور برطانیہ کے درمیان بریگزٹ معاملے پر اختلافات اور تناؤ بدستور برقرار رہا تھا ۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا خیال ہے کہ بریگزٹ سے برطا نیہ کو نقصان ہوگا ۔ انہوں نے عندیہ تھا کہ بریگزٹ کے بعد امریکا یورپی یونین سےتجارت کرے گا اور برطانیہ کو امریکا کے ساتھ اپنے تعلقات از سرِ نو استوار کرنا ہوں گے ۔

  • برطانوی وزیر اعظم شادی میں بن بلائے جا پہنچیں

    برطانوی وزیر اعظم شادی میں بن بلائے جا پہنچیں

    کسی کی شادی میں اگر وزیر اعظم شرکت کرنے پہنچ جائیں تو دلہا دلہن اور ان کے اہلخانہ خوشی سے نہال ہوجاتے ہیں، ایسا ہی کچھ ایک برطانوی جوڑے کے ساتھ ہوا جن کی شادی میں وزیر اعظم تھریسا مے پہنچ گئیں وہ بھی بغیر دعوت کے۔

    مشال اور جیسن نامی اس جوڑے نے انگلینڈ کے ایک جزیرے میں بحری کشتی پر اپنی شادی کا انعقاد کیا تھا۔

    جب وہ ایجاب و قبول کی رسم ادا کر رہے تھے تو اچانک برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے کشتی پر نمودار ہوئیں اور وہاں موجود تمام لوگ خوشی سے اچھل پڑے۔

    تھریسا مے اپنے شوہر فلپ کے ساتھ اسی جزیرے پر تعطیلات منانے آئی تھیں اور سوئے اتفاق شادی کی تقریب کے وقت وہ آس پاس ہی موجود تھیں۔

    جوڑے نے انہیں مدعو کیا کہ وہ ان کے ساتھ تصاویر بنوائیں تو مے نے کہا کہ وہ ایسے لباس میں ملبوس نہیں جو کسی شادی میں شرکت کے لیے موزوں ہو، تاہم پھر بھی انہوں نے چند تصاویر بنوا لیں۔

    دلہا اور دلہن نے ان کی غیر متوقع آمد اور اپنی شادی کو یادگار بنانے پر ان کا بے حد شکریہ ادا کیا۔

  • بریگزٹ مذاکرات، برطانوی وزیر اعظم نے یورپی یونین سے گنجائش کا مطالبہ کردیا

    بریگزٹ مذاکرات، برطانوی وزیر اعظم نے یورپی یونین سے گنجائش کا مطالبہ کردیا

    لندن: بریگزٹ مذاکرات سے متعلق برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے نے یورپی یونین سے گنجائش نکالنے کا مطالبہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے نے کہا ہے کہ لندن حکومت نے آگے بڑھ کر معاملے کے حل کی بات کی ہے، اب یورپی یونین کو چاہیے کہ وہ بھی کچھ لچک دکھائے۔

    اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ آزاد تجارت کے ایک زون کے قیام پر برطانیہ کے ساتھ بھی ویسے ہی بات چیت ہونی چاہیے جیسے کسی اور ملک کے ساتھ مذاکرات کیے جاتے ہیں۔

    اس سے قبل بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں بریگزٹ معاملے پر برطانیہ اور یورپی یونین کے رہنماؤں کے درمیان مذاکرات ہوئے تھے، تاہم تجارتی معاملات میں فریقین میں اختلاف بدستور برقرار رہا تھا۔

    بریگزٹ: آئندہ برس برطانوی ڈرائیونگ لائسنس یورپی یونین میں کارآمد نہیں ہوگا

    تھریسا مے کا مزید کہنا تھا کہ برطانیہ نے اس تناظر میں اپنی پوزیشن کو بہتر بنایا ہے اور یورپی یونین کو بھی چاہیے کہ وہ بھی کچھ آگے بڑھے۔

    خیال رہے کہ اختلافات کی وجہ برطانوی مصنوعات کی یورپی منڈیوں تک رسائی سے متعلق ہے، برسلز حکام بھی یہی چاہتے ہیں کہ برطانیہ بھی جواباً یونین کے ملکوں کی مصنوعات کو درآمدی رعایتیں دے۔

    بریگزٹ مذاکرات: برطانیہ اور یورپی یونین کا تجارتی معاملات پر اختلاف برقرار

    واضح رہے کہ بریگزٹ ڈیل نہ ہونے کی صورت میں مارچ 2019 کے بعد سے برطانوی ڈرائیوروں کو یورپی یونین میں گاڑی چلانے کے لیے انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ کی ضرورت ہوگی۔

    دوسری جانب گذشتہ دنوں برطانیہ کے سابق وزیر خارجہ بورس جانسن نے کہا تھا کہ تھریسا مے کے لیے نامناسب زبان استعمال کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم تھریسا مے نے برطانوی آئین کو خودکش جیکٹ پہنا کر ریمورٹ برسلز کے ہاتھ میں تھما دیا ہے۔

  • تھریسا مے نے برطانوی آئین کو خودکش جیکٹ پہنا دی، بورس جانسن

    تھریسا مے نے برطانوی آئین کو خودکش جیکٹ پہنا دی، بورس جانسن

    لندن : برطانیہ کے سابق وزیر خارجہ بورس جانسن نے تھریسا کے خلاف تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ تھریسا مے نے برطانیہ کے آئین کو خودکش جیکٹ پہنا دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے سابق وزیر خارجہ بورس جانسن نے اتوار کے روز برطانوی خبر رساں ادارے میں شائع ہونے والے کالم میں تھریسا مے کے نامناسب زبان استعمال کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم تھریسا مے نے برطانوی آئین کو خودکش جیکٹ پہنا کر ریمورٹ برسلز کے ہاتھ میں تھما دیا ہے۔

    سابق برطانوی وزیر نے کالم میں لکھا کہ تھریسا مے نے چیکر معاہدے کے ذریعے برطانیہ میں بلیک میلنگ کی سیاست کے لیے راشتہ کھول دیا ہے۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ٹوری پارٹی کے بیشتر ارکان پارلیمنٹ نے سابق وزیر خارجہ بورس جانسن کی کالم کے میں استعمال کی گئی نازیبا زبان کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

    برطانوی خبر رساں ادارے ’دی میل آن لائن‘ میں برطانیہ کے موجودہ وزیر خارجہ جیریمی ہنٹ کا کالم بھی شائع ہوا تھا، جس میں انہوں نے برطانوی عوام سے گذارش کی تھی وزیر اعظم کے بریگزٹ معاہدے کی حمایت کریں۔

    خیال رہے کہ بورس جانسن کی جانب سے اپنی اہلیہ سے علیحدگی کی تصدیق کے بعد یہ پہلا کالم ہے، اس تصدیق سے قبل ایک خبر رساں ادارے میں یہ الزام عائد کیا گیا تھا کہ بورس جانسن کا کسی دوسری خاتون ساتھ تعلق ہے۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ سنہ 2004 میں بورس جانسن کو حکمران جماعت کے سربراہ نے ایک خاتون صحافی کے ساتھ تعلقات رکھنے کی بنا پر وزارت کے عہدے سے ہٹایا گیا تھا۔

    دی سنڈے ٹائمز کی جانب سے شائع ہونے والی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ مسز مے کے معاونین نے 4000 الفاظ پر مشتمل ’نازیبا دستاویز‘ لکھی تھی۔

    اخبار کا کہنا ہے کہ اس نے وہ دستاویز دیکھی ہے جسے کنزروٹیو لیڈرشپ کے مقابلے کے وقت تحریر کیا گیا تھا تاہم ڈاؤننگ سٹریٹ کے حکام اور پارٹی کے ہیڈکوارٹر نے اس الزام کی تردید کی تھی۔

    یاد رہے کہ گذشتہ روز سابق وزیر خارجہ بورس جانسن اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے جس کے بعد سے برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے کی حکومت بحران کی زد میں ہے۔

  • ساؤتھ افریقا میں تھریسا مے کا رقص، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

    ساؤتھ افریقا میں تھریسا مے کا رقص، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

    کیپ ٹاؤن : برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے کی ساؤتھ افریقا میں اسکول کے بچوں کے ساتھ کے رقص کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، سوشل میڈیا صارفین نے وزیراعظم کے رقص کو ڈانسنگ ڈپلومیسی قرار  دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی وزیراعظم تھریسا مے ان دنوں افریقہ کے دورے پر ہیں اور وزیراعظم بننے کے بعد یہ ا ن کا براعظم افریقہ کا پہلا دورہ ہے، انہوں نے افریقی ممالک میں چار بلین پاؤنڈ کی سرمایہ کاری کا عندیہ دیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ تھریسا مے ساؤتھ افریقا میں اسکول کے دورے کے دوران بچوں کو ڈانس کرتا دیکھ کر خود پر قابو نہ رکھ سکیں اور اسکول کے باہر ہی ڈانس شروع کردیا۔

    برطانوی خبر رساں اداروں کا کہنا ہے کہ برطانوی وزیر اعظم نے رقص شروع کیا تو ارد گرد کھڑے لوگ دیکھتے رہے اور تھریسا مے اسکول طلباء کے ہمراہ رقص کرتی رہیں، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر اپلوڈ ہوتے ہی وائرل ہوگئی۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ ساؤتھ افریقن گورنمنٹ نے ویڈیو سماجی رابطے کی ویب سایٹ ٹوئیٹر پر پوسٹ کی تو منچلوں نے وزیر اعظم تھریسا مے کے رقص پر دلچسپ تبصرے کیے۔

    سوشل میڈیا پر تھریسا مے کی رقص والی ویڈیو اپلوڈ ہونے پر کسی اسے ڈانسنگ ڈپلومیسی قرار دیا تو کسی نے بوڑھوں کے ڈانس ڈیڈ ڈانسنگ سے تشبہیہ دے دی۔


    مزید پڑھیں : بریگزٹ: تھریسا مے نئی منڈیوں کی تلاش میں افریقی ممالک کے دورے پر


    یاد رہے کہ کیپ ٹاؤن میں خطاب کرتے ہوئے تھریسا مے نے اعلان کیا تھا کہ 4 بلین پاؤنڈ کی سرمایہ کاری سے افریقی معیشتوں کی مدد کی جائے گی، تاکہ وہ نوجوانوں کے لیے زیادہ سے زیادہ روزگار پیدا کرسکیں۔

    انہوں نے زور دیا کہ اب امداد کو محدود مدت کے غربت مٹانے والے منصوبوں کے بجائے طویل المعیاد معاشی منصوبوں میں استعمال کیا جائے تاکہ معاشی صورتحال اور سیکیورٹی ایک ساتھ بہتر کی جاسکے۔

  • بریگزٹ: تھریسا مے نئی منڈیوں کی تلاش میں افریقی ممالک کے دورے پر

    بریگزٹ: تھریسا مے نئی منڈیوں کی تلاش میں افریقی ممالک کے دورے پر

    کیپ ٹاؤن: برطانوی وزیراعظم تھریسا مے نے بریگزٹ کے بعد افریقہ میں برطانوی سرمایہ کاری بڑھانے کا اعلان کیا ہے، ان کی خواہش ہے برطانیہ افریقی ممالک میں سرمایہ کاری کرنے والا سب سے بڑا ملک بن جائے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی وزیراعظم تھریسا مے ان دنوں افریقہ کے دورے پر ہیں اور وزیراعظم بننے کے بعد یہ ا ن کا براعظم افریقہ کا پہلا دورہ ہے، انہوں افریقی ممالک میں چار بلین پاؤنڈ کی سرمایہ کاری کا عندیہ دیا ہے۔

    کیپ ٹاؤن میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اعلان کیا کہ 4 بلین پاؤنڈ کی سرمایہ کاری سے افریقی معیشتوں کی مدد کی جائے گی ، تاکہ وہ نوجوانوں کے لیے زیادہ سے زیادہ روزگار پیدا کرسکیں۔

    انہوں نے زور دیا کہ اب امداد کو محدود مدت کے غربت مٹانے والے منصوبوں کے بجائے طویل المعیاد معاشی منصوبوں میں استعمال کیا جائے تاکہ معاشی صورتحال اور سیکیورٹی ایک ساتھ بہتر کی جاسکے۔

    تھریسا مے اپنے اس تین روزہ تجارتی مشن میں نائجیریا اور کینیا کا بھی دورہ کریں گی۔ اپنے جنوبی افریقا کے دورے پر روانگی کے وقت انہوں نے ان تمام وارننگز کو بھی رد کردیا جو کہ بریگزٹ کے نتیجے میں ہونے والے معاشی نقصان کے حوالے سے تھیں۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بری ڈیل کرنے سے ڈیل نہ کرنا بہتر ہے۔

    اپنے اس سہہ روزہ دورے میں تھریسا مے جنوبی افریقہ ، کینیا اور نائجریا کے صدور سے مالقات کریں گی جس کا مقصد افریقی ممالک سے مضبوط تجارتی روابط قائم کرنا ہے ۔ انہیں نے خواہش کا اظہار کیا ہے کہ سنہ 2022 تک برطانیہ ، افریقی ممالک میں امریکا سے زیادہ سرمایہ کاری کرنے والا ملک بن جائے۔