Tag: تھلیسیمیا

  • شہر قائد میں تھلیسیمیا کے مریضوں کے لیے خون کے عطیات کی اپیل

    شہر قائد میں تھلیسیمیا کے مریضوں کے لیے خون کے عطیات کی اپیل

    کراچی: شہر میں لاک ڈاؤن کے باعث خون کے امراض میں مبتلا مریضوں کے لیے خون کی کمی کے باعث خدمت خلق فاؤنڈیشن کی جانب سے عطیات جمع کرنے کا سلسلہ جاری ہے، خالد مقبول صدیقی نے شہریوں سے عطیات دینے کی اپیل کی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں کے کے ایف کے تحت خون کے عطیات کا کیمپ منعقد کیا گیا، جہاں خون عطیہ کرنے والوں کی رجسٹریشن اور مکمل اسکریننگ کے بعد خون لیا جا رہا ہے، خون جمع کرنے کے ساتھ ساتھ کرونا سے بچاؤ کے لیے بھی تمام حفاظتی اقدامات اپنائے گئے، بتایا گیا کہ یہ عطیات مختلف اسپتالوں میں قائم بلڈ بینکس کو فراہم کیے جائیں گے۔

    کیمپ میں ایم کیو ایم کے سینکڑوں کارکنان نے اپنے خون کا عطیہ دیا، خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ یہ قطاریں خون لینے والوں کی نہیں بلکہ دینے والوں کی ہے، ملک میں زلزلہ، سیلاب یا کوئی بھی قدرتی آفت آئی ہو ایم کیو ایم نے اپنا کردار ادا کیا۔

    گورنر سندھ کا تھلیسیمیا کے مریض بچوں کے لیے خون کا عطیہ

    کنوینر ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کے دوران تھلیسیمیا کے مرض میں مبتلا افراد کے لیے خون کے عطیہ میں واضح کمی آئی، جس کے لیے یہ مہم شروع کی گئی جو آیندہ کئی روز تک جاری رہے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ لوگوں نے اس شہر سے اربوں روپے کمائے اب وقت ہے عوام پر وہ پیسہ خرچ کریں، عوام کو ریلیف دینے کے لیے بجلی کے بل کو آدھا کیا جائے، دریں اثنا، ایم کیو ایم کی جانب سے ناظم آباد، گلبہار ٹاؤن میں مستحقین مین امدادی سامان کے کیمپ بھی لگائے گئے، خالد مقبول کا کہنا تھا کہ مستحقین کو ان کے گھروں پر راشن پہنچایا جائے گا۔

  • گورنر سندھ کا تھلیسیمیا کے مریض بچوں کے لیے خون کا عطیہ

    گورنر سندھ کا تھلیسیمیا کے مریض بچوں کے لیے خون کا عطیہ

    کراچی: شہر میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے تھلیسیمیا کے مریض بچوں کے لیے خون کے عطیات کی فراہمی متاثر ہونے کے بعد سیاسی رہنما میدان میں آ گئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آج گورنر سندھ عمران اسماعیل نے تھلیسیمیا کے مریض بچوں کے لیے خون کا عطیہ دیا، انھوں نے ایک موبائل مرکز پر جا کر ایک بوتل خون دیا۔

    گورنر سندھ نے اس موقع کہا کہ لاک ڈاؤن کے سبب بلڈ بینکس میں خون کی کمی قابل تشویش ہے، اس صورت حال کے باعث خون کی بیماریوں مبتلا بچوں اور افراد کو مشکلات کا سامنا ہے۔

    کراچی میں سیاسی اور مذہبی رہنماؤں کی تھلیسیمیا بچوں کے لیے خون کی اپیل

    عمران اسماعیل نے کہا عوام بالخصوص نوجوانوں سے اپیل ہے کہ وہ خون کے عطیات دیں، تھلیسیمیا، ہیمو فیلیا اور لیوکیمیا کے امراض میں مبتلا مریضوں کو خون کی اشد ضرورت ہے۔ انھوں نے خون کے عطیات کے لیے آگاہی مہم چلائے جانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

    یاد رہے کہ دو دن قبل پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی راجہ اظہر نے بھی تھیلیسیمیا مرض میں مبتلا بچوں کے لیے خون کا عطیہ دیا تھا، انھوں نے مرض میں مبتلا بچوں سے ملاقات بھی کی، ان کا کہنا تھا کہ تھیلیسیمیا میں مبتلا بچوں کی زندگیاں بچانا ہم سب کا فرض ہے، عوام سے اپیل ہے غیر ضروری گھروں سے نہ نکلیں مگر تھلیسیمیا کے بچوں کی زندگیاں بچانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

  • کراچی میں سیاسی اور مذہبی رہنماؤں کی تھلیسیمیا بچوں کے لیے خون کی اپیل

    کراچی میں سیاسی اور مذہبی رہنماؤں کی تھلیسیمیا بچوں کے لیے خون کی اپیل

    کراچی: شہر قائد میں کرونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاؤن کے بعد تھلیسیمیا کے مریض بچوں کے لیے خون کی فراہمی کا عمل شدید متاثر ہو گیا ہے، جس کے پیش نظر سیاسی اور مذہبی رہنماؤں نے عوام سے خون عطیہ کرنے کی اپیلیں کر دی ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سیاسی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے تھلیسیمیا کے مریضوں اور بچوں کو خون کا عطیہ دینے کے لیے نوجوانوں اور کارکنان سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرونا وائراس اور لاک ڈاؤن کے نتیجے میں جو صورت حال سامنے آئی ہے اس نے ایک سنگین مسئلے کو جنم دیا ہے۔

    فاروق ستار کا کہنا تھا کہ تھلیسیمیا کے مریضوں اور بچوں کو خون کی عدم دستیابی بہت بڑا مسئلہ ہے، ان مریضوں کو ہر 15 دن میں خون چڑھایا جاتا ہے، اگر انھیں یہ خون وقت پر نہ ملے تو پھر ان بچوں کی زندگیوں خطرہ لاحق ہو جاتا ہے، میں خاص طور پر ملک کے نوجوانوں، طالب علموں اور تحریک کے کارکنوں اور ساتھیوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنے گھروں کے قریب تھلیسیمیا سینٹرز پر خون کا عطیہ دیں۔

    پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی راجہ اظہر خون کا عطیہ دے رہے ہیں

    ادھر رکن سندھ اسمبلی راجہ اظہر بھی تھیلیسیمیا مرض میں مبتلا بچوں کے لیے خون عطیہ کرنے تھیلیسیمیا سینٹر پہنچے اور خون عطیہ کیا، انھوں نے مرض میں مبتلا بچوں سے ملاقات بھی کی، ان کا کہنا تھا کہ تھیلیسیمیا میں مبتلا بچوں کی زندگیاں بچانا ہم سب کا فرض ہے، عوام سے اپیل ہے غیر ضروری گھروں سے نہ نکلیں مگر تھلیسیمیا کے بچوں کی زندگیاں بچانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انھوں نے کہا لاک ڈاؤن کی صورت حال میں خون عطیہ کرنے والا عمل سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، شہریوں اور خصوصاً پی ٹی آئی کے ورکرز اور پارلیمنٹیرینز سے گزارش کروں گا وہ عطیات دیں۔

    دعوت اسلامی کے امیر مولانا الیاس قادری نے بھی عوام سے اپیل کی ہے کہ لاک ڈاؤن سے تھیلیسیمیا کے مریض پریشان ہیں، ملک میں 49 ہزار تھیلیسیمیا کے مرض میں مبتلا بچوں کی زندگی خطرے میں ہے، لاک ڈاؤن کے دوران خون دینے جاتے ہوئے حکومتی احکامات کو مدنظر رکھیں لیکن خون دینے ضرور جائیں۔ انھوں نے دعوت اسلامی کے کارکنان سے اپیل کی کہ ملک بھر سے ان بچوں کے لیے خون کے عطیات دیں۔