Tag: تھپڑ

  • شکیب الحسن کی تھپڑ مارنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

    شکیب الحسن کی تھپڑ مارنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

    بنگلہ دیش کے تجربہ کار آل راؤنڈر شکیب الحسن ایک اجتماع میں ایک شخص کو تھپڑ مارنے کے بعد ایک بار پھر تنازعہ کا شکار ہو گئے ہیں۔

    بدقسمتی سے شکیب الحسن نے جس وقت تھپڑ مارا، یہ منظر کیمرے میں ریکارڈ ہوگیا، ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔

    اطلاعات کے مطابق، یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب شکیب الحسن نے ووٹنگ بوتھ کا دورہ کیا اور پولنگ کا عمل جاری تھا، چونکہ شکیب الحسن ملک کی ایک بڑی مشہور شخصیت ہیں، اس لیے ان کی موجودگی نے آس پاس کے لوگوں کی توجہ اپنی طرف مبذول کروائی۔

    سپر اسٹار آل راؤنڈر کے ساتھ بات چیت کرنے اور تصویر لینے کی کوشش میں اچانک بہت سے لوگوں نے انہیں گھیر لیا۔ ان میں سے ایک نے پیچھے سے ان کا ہاتھ پکڑنے کی کوشش کی تو شکیب نے اس شخص کے منہ پر تھپڑ مار دیا۔

    انگلش ٹیم کی شیف لانے کی خبروں پر سہواگ زہریلی باتیں کرنے پر اتر آئے!

    اس سے قبل بھی شکیب الحسن کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس میں 36 سالہ نوجوان کو اپنی انتخابی مہم کے دوران اسٹیج پر بیٹھے دیکھا جا سکتا ہے۔

    اس موقع پر ان کے ارد گرد بہت سارے مداح موجود تھے۔ تقریب کے دوران انہیں جمائی لیتے ہوئے دیکھا گیا اور وہ اپنے مداحوں کے ساتھ سیلفیز لیتے ہوئے قدرے پریشان بھی نظر آئے۔

  • اداکارہ سے لائیو بات کے دوران والدہ نے بیٹے کو تھپڑ جڑ دیا، ویڈیو وائرل

    اداکارہ سے لائیو بات کے دوران والدہ نے بیٹے کو تھپڑ جڑ دیا، ویڈیو وائرل

    سوشل میڈیا کے اس دور میں ایک دوسرے سے لائیو بات چیت کرنے کا رجحان بہت زیادہ بڑھ گیا ہے، جبکہ لائیو بات چیت کے دوران اکثرو بیشتر کچھ عجیب و غریب واقعات بھی رونما ہوجاتے ہیں۔ایسا ہی ایک واقعہ بھارت میں پیش آیا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایسا ہی ایک واقعہ بھارتی اداکارہ اونیت کور کے ساتھ پیش آیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا کی زینت بنی ہوئی ہے۔

    فوٹوز اور ویڈیوز شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر بھارتی اداکارہ اپنے چاہنے والوں سے براہ راست بات چیت میں مصروف تھیں، اس دوران انہیں عجیب صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔

    سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹا گرام پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اداکارہ لائیو چیٹ میں مصروف ہیں، اور ایک مداح کو اپنے ساتھ لائیو لے رہی ہیں۔

    اسی دوران ایک نوجوان جو بھرپور جوش میں ادکارہ سے بات چیت میں مصروف تھا، اس کی والدہ غصے میں اس کے پیچھے آتی ہیں اور اسے مارنا شروع کردیتی ہیں۔

    لڑکے والدہ کو یہ معلوم نہیں تھا کہ ان کا بیٹا کسی اداکارہ سے بات کررہا ہے، وہ یہ سمجھی کہ شاید یہ کسی لڑکی سے گفتگو کررہا ہے۔

    یہ سارا منظر انسٹاگرام پر لائیو گفتگو کے دوران ایک ویڈیو میں قید ہوا جو سوشل میڈیا کی زینت بن ہوا ہے، سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اس معاملے پر ملے جلے رد عمل کا اظہار کیا جارہا ہے۔

  • مسلم طالب علم کو تھپڑ لگوانے پر ترپتا تیاگی کے اسکول کے خلاف کارروائی

    مسلم طالب علم کو تھپڑ لگوانے پر ترپتا تیاگی کے اسکول کے خلاف کارروائی

    لکھنؤ: بھارتی ریاست اترپردیش کے ایک علاقے کے اسکول میں مسلم طالب علم کو تھپڑ لگوانے کے واقعے پر حکام نے اسکول بند کروا دیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اترپردیش کے ضلع مظفر نگر میں واقع نیہا پبلک اسکول کے خلاف حکام نے کارروائی کرتے ہوئے اسے بند کرا دیا ہے، اسکول کی مالکہ ترپتا تیاگی کے کہنے پر کلاس کے بچوں نے مسلم طالب علم کو تھپڑ مارے تھے۔

    واقعے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں خاتون ٹیچر کی جانب سے نفرت انگیز تبصرے بھی کیے گئے تھے، مظفر نگر کی پرائمری ایجوکیشن آفیسر شبھم شکلا نے تصدیق کی کہ نیہا پبلک اسکول کو اپنے الحاق کو واضح کرنے کے لیے ایک ماہ کا وقت دیا گیا ہے۔

    حکام کا کہنا تھا کہ مذکورہ اسکول محکمے کے معیار پر پورا نہیں اترتا، جس پر یوپی تعلیمی بورڈ کی جانب سے اسکول ختم کرنے کے لیے سینئر حکام کو نوٹس بھی بھیجے گئے ہیں۔

    مسلمان بچے پر تشدد کروانے والی ٹیچر اپنے دفاع میں انوکھی منطق لے آئی

    حکام کے مطابق مذکورہ اسکول میں داخل تمام پچاس طلبہ کو کو ایک ہفتے کے اندر ضلع کے سرکاری اسکول یا دیگر اسکولوں میں منتقل کر دیا جائے گا۔

  • ٹوئنکل کھنہ نے ایسا کیا کہا کہ عامر خان انھیں تھپڑ مارنے والے تھے؟

    بالی ووڈ اداکارہ ٹوئنکل کھنہ نے ایک بار انکشاف کیا تھا کہ ایک فلم سیٹ پر عامر خان انھیں بس تھپڑ مارنے ہی والے تھے، تاہم اس موقع پر مسٹر پرفیکشنسٹ نے فوراً کہا ’’کیا میں نے ایسا کیا؟‘‘

    جمعرات کے روز اپنی 48 ویں سال گرہ منانے والی اداکارہ ٹوئنکل کھنہ نے 2015 میں اپنی کتاب ’مسز فنی بونز‘ کی رونمائی کرائی تھی، یہ نوک جھونک اسی تقریب میں ہوئی۔

    بھارتی میڈیا نے اس واقعے کی یاد تازہ کرتے ہوئے رپورٹ کیا کہ سپر اسٹار اکشے کمار کی اہلیہ ٹوئنکل نے کہا تھا کہ ایک بار اپنے شوہر کے بارے میں سوچنے پر عامر خان انھیں تھپڑ مارنے ہی والے تھے۔

    جب تقریب کے دوران کرن جوہر نے عامر سے پوچھا کہ ’’آپ کا ان کے ساتھ تجربہ کیسا رہا؟ کیا آپ نے کبھی سوچا کہ یہ اچھی اداکارہ تھیں؟‘‘ تو اس سے پہلے کہ وہ جواب دیتے ٹوئنکل نے فوراً مداخلت کرتے ہوئے کہا ’’نہیں نہیں، انھوں نے ایک مرتبہ مجھ سے پوچھا کہ کیا ہو رہا ہے؟ ایسے کیوں برتاؤ کر رہی ہو؟ تم تو کام پر بالکل بھی دھیان نہیں دے رہی ہو۔‘‘

    واضح رہے کہ یہ عامر خان کی 2000 میں ریلیز ہونے والی فلم ’میلہ‘ کی شوٹنگ کے دوران کا واقعہ ہے۔ ٹوئنکل نے کہا ’’اس کے جواب میں نے کہا کہ میں اکشے کے بارے میں سوچ رہی ہوں، جس کے بعد یہ مجھے تھپڑ مارتے مارتے رہ گئے۔‘

    عامر خان نے اس پر کہا ’’کیا میں نے ایسا کیا؟ نہیں نا۔‘‘ اور ٹوئنکل نے جواب دیا ’’ہاں نہیں کیا۔‘‘ عامر خان نے کہا ’’میں اس طرح کا رد عمل کبھی ظاہر نہیں کروں گا۔‘‘ ٹوئنکل نے کہا ’’ہاں، تم نے صرف چہرہ بنا لیا تھا۔‘‘

    بعد ازاں، عامر خان نے کرن جوہر کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’میرے خیال سے یہ شان دار تھیں، ہم سب کی مختلف قابلیتیں ہیں، ٹوئنکل لوگوں کی بے عزتی کرنے کے معاملے میں بہت قابل ہے، یہ لوگوں کی بے عزتی کرنے میں ماہر ہے، میں جتنے وقت سے انھیں جانتا ہوں، یہ میری بے عزتی ہی کرتی آ رہی ہیں۔‘

  • سینیگال پارلیمنٹ میں اپوزیشن رکن نے خاتون کو تھپڑ مار دیا، ویڈیو وائرل

    سینیگال پارلیمنٹ میں اپوزیشن رکن نے خاتون کو تھپڑ مار دیا، ویڈیو وائرل

    ڈاکر: سینیگال پارلیمنٹ میں ایک اپوزیشن رکن نے خاتون رکن کو تھپڑ مار دیا، اس واقعے کی ویڈیو وائرل ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے، جس میں سینیگال کی پارلیمنٹ کو ایک حکمراں جماعت سے تعلق رکھنے والی خاتون رکن کو تھپڑ پڑنے کے بعد اکھاڑہ بنتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    جمعرات کو سینیگال کی پارلیمنٹ میں اس وقت جھگڑا ہوا جب حزب اختلاف کے رکن پارلیمنٹ مساتا سامب نے بجٹ پیش کرنے کے دوران حکمراں جماعت کی ایمی ندائے گنیبی کو تھپڑ مار دیا۔

    تھپڑ کے بعد خاتون رکن شدید طور پر مشتعل ہو گئیں اور انھوں نے کرسی اٹھا کر مرد رکن پر جوابی حملہ کر دیا، تاہم ایک اور رکن نے انھیں کک مار کر گرایا اور حملہ ناکام بنا دیا، دیگر اراکین نے جمع ہو کر خاتون کو روک لیا۔

    جھگڑے کے بعد حکومتی خاتون رکن کو اٹھا کر باہر لے جایا گیا، اپوزیشن رکن پارلیمنٹ کا کہنا تھا کہ خاتون رکن اسمبلی نے مذہبی رہنما کو تنقید کا نشانہ بنایا، جس پر وہ مشتعل ہو گئے اور تھپڑ مار دیا۔

    واضح رہے کہ سینیگال میں جولائی میں ہونے والے قانون سازی کے انتخابات کے بعد سے جہاں حکمران جماعت اپنی سادہ اکثریت سے محروم ہو گئی تھی، حکمران اور حزب اختلاف کے سیاست دانوں کے درمیان کشیدگی پائی جاتی ہے۔

  • سجل علی نے سید جبران کو تھپڑ کیوں مارا؟

    سجل علی نے سید جبران کو تھپڑ کیوں مارا؟

    معروف اداکار سید جبران نے اس وقت کے بارے میں بتایا جب انہوں نے سجل علی کے ہاتھ سے تھپڑ کھایا تھا، جبران کا کہنا تھا کہ سجل کا تھپڑ کھا کر وہ ہل گئے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق اداکار سید جبران نے ایک ویب شو میں ایک ڈرامے کا دلچسپ قصہ سنایا جس میں ان کے ہمراہ سجل علی نے مرکزی کردار نبھایا تھا۔

    اداکار نے بتایا کہ ایک سین تھا جس میں سجل کو انہیں تھپڑ مارنا تھا، ہدایت کار یاسر نواز نے کہا کہ چلو اب شاٹ کے لیے تیار ہوجاؤ۔

    اداکار نے بتایا کہ میں جیسے ہی مڑا سجل نے مجھے زوردار تھپڑ مار دیا، وہ تھپڑ ایسا تھا جس نے مجھے پورا ہلا دیا، سیٹ پر بیٹھے یاسر نواز قہقہہ لگا کر ہنس پڑے، انہوں نے مجھے بلایا اور کہا لو دیکھو یہ سین، میں یہ کیسے لگاؤں کہ اتنی چھوٹی سی لڑکی تمہیں مار رہی ہے، تم اپنی جگہ پر قائم تو رہو؟

    جبران کا کہنا تھا کہ میں نے سین دیکھا کہ سجل اتنی چھوٹی سی اور میں اتنا لمبا، اس نے مجھے جیسے ہی تھپڑ مارا میں بچوں کی طرح پورا ہل گیا، میں نے کہا یاسر بھائی اس کا ہاتھ بہت زور سے لگا ہے۔

    اداکار نے بتایا کہ بعد میں یاسر نے کہا کہ اب پتا چل گیا نہ کہ اس کا ہاتھ بھاری ہے، جاؤ اور اب تیار رہنا۔

    ساتھ ہی جبران نے مداحوں کو وارننگ دی کہ سجل کا تھپڑ کبھی نہ کھایئے گا، وہ جتنی چھوٹی لگتی ہے اس کا ہاتھ اتنا ہی بھاری ہے۔

    جبران نے اسی شو کے دوران اس بات کا اعتراف بھی کیا کہ سجل علی اور صبا قمر ان کی پسندیدہ اداکارائیں ہیں۔

  • کیا وِل اسمتھ کو اپنا آسکر واپس لوٹانا ہوگا؟

    کیا وِل اسمتھ کو اپنا آسکر واپس لوٹانا ہوگا؟

    1986 سے شان دار اداکاری کرنے والے امریکی اداکار وِل اسمتھ کو پہلی بار گزشتہ روز آسکر ایوارڈ سے نوازا گیا، تاہم یہ یادگار دن ان کے لیے ایک بری یاد بن گیا، جب انھوں نے شو کے میزبان کرس راک کو ان کی بیوی کو مذاق کا نشانہ بنانے پر مکا جُڑ دیا۔

    94 ویں اکیڈمی ایوارڈ (آسکر 2022) کے فاتحین میں رواں برس ول اسمتھ کا نام بھی شامل ہے، وہ ایوارڈ وصول کر چکے ہیں تاہم آسکرز کی تاریخ کے اس انوکھے ‘حادثے’ کے بعد یہ خبریں آ رہی ہیں کہ ان سے ایوارڈ واپس لیا جا سکتا ہے۔

    امریکی اور بین الاقوامی باکس آفس پر بے شمار ریکارڈ رکھنے والے ول اسمتھ اس وقت اچانک صبر کا دامن کھو بیٹھے جب کرس نے ان کی اہلیہ جاڈا پنکیٹ اسمتھ کے گنج پن کی بیماری کے بارے میں مذاق کیا۔

    میزبانی کے دوران کرس راک نے ول اسمتھ کی اہلیہ جاڈا پنکیٹ کے گنج پن کا مذاق اڑایا تھا، ایسے میں میزبان کے سامنے بیٹھے ول اسمتھ اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور اسٹیج پر جاکر کرس کے منہ پر مکا دے مارا، جسے دیکھ کر شو میں موجود تمام ناظرین ہکا بکا رہ گئے۔

    آسکرز 2022: اہلیہ کے لیے نامناسب مذاق پر ول اسمتھ نے میزبان کو مکا جڑ دیا

    میڈیا رپورٹس کے مطابق ول اسمتھ کو آسکر واپس کرنا پڑ سکتا ہے، اکیڈمی آف موشن پکچر آرٹس اینڈ سائنس ہر سال آسکر ایوارڈ کا اہتمام کرتی ہے، اے ایم پی اے ایس کے قوانین کے مطابق یہ تقریب کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق اداکار اپنا ایوارڈ واپس کرنے سے انکار کر سکتے ہیں لیکن تنظیم اس پیچیدہ صورت حال کو کس طرح سبنھالتی ہے، یہ دیکھنے والی بات ہوگی، تاہم امکان ہے کہ ول اسمتھ کسی قانونی مسئلے میں بری طرح پھنس جائیں۔

    یاد رہے کہ 2017 میں اکیڈمی ایوارڈز کے حوالے سے بڑا جنسی اسکینڈل سامنے آنے کے بعد، اکیڈمی نے سخت ضابطہ اخلاق جاری کیا تھا، جس میں معاون ماحول اور انسانی احترام پر زور دیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ اداکار ول اسمتھ نے اپنی تقریر کے دوران واقعے پر معافی مانگی، حالاں کہ انھوں نے براہ راست کرس راک سے معافی نہیں مانگی، اداکار نے اپنی جذباتی تقریر میں کہا کہ میں اکیڈمی سے معافی مانگنا چاہتا ہوں، میں اپنے تمام ساتھی نامزد امیدواروں سے بھی معذرت خواہ ہوں، یہ ایک خوبصورت لمحہ ہے اور میں ایوارڈ جیتنے کے لیے نہیں رو رہا ہوں۔ یہ ایوارڈ جیتنے کے بارے میں نہیں ہے۔

  • قادر مندو خیل کو تھپڑ: ایف آئی آر درج کرنے سے انکار پر عدالت نے ایس ایچ او کو طلب کر لیا

    قادر مندو خیل کو تھپڑ: ایف آئی آر درج کرنے سے انکار پر عدالت نے ایس ایچ او کو طلب کر لیا

    کراچی: ضلعی عدالت نے فردوس عاشق اعوان کے ایم این اے قادر مندوخیل کو تھپڑ مارنے پر ایف آئی آر درج کرنے سے انکار پر ایس ایچ او کو طلب کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق فردوس عاشق اعوان نے قومی اسمبلی کے رکن قادر مندوخیل کو تھپڑ مارا تھا، جس پر قادر مندوخیل نے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹا لیا، فردوس عاشق کے خلاف مقدمے کے اندراج کے کیس کی سماعت آج ڈسٹرکٹ عدالت میں ہوئی۔

    عدالت نے ایس ایچ او کو 29 جون کے لیے نوٹس جاری کر دیے، عدالت نے ایس ایچ او کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا ہے، اور واقعے سے متعلق تفصیلی رپورٹ بھی مانگ لی ہے۔

    درخواست میں قادر مندوخیل نے کہا کہ فردوس عاشق اعوان نے مجھے تھپڑ مارا، اور تشدد کیا، اس واقعے سے میرے ووٹرز اور اہل خانہ کو شدید صدمہ پہنچا، پولیس نے واقعے کے مقدمے کے اندراج سے انکار کیا ہے۔

    فردوس عاشق اعوان کی مندوخیل کیخلاف قانونی کارروائی

    قادر مندوخیل نے درخواست میں عدالت سے استدعا کی کہ پولیس کو فردوس عاشق کے خلاف مقدمے کا حکم جاری کیا جائے۔

    یاد رہے کہ 9 جون کو پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی قادر مندوخیل کو ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں فردوس عاشق اعوان نے تھپڑ جڑ دیا تھا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھی، جس سے متعلق بعد میں فردوس نے کہا کہ انھوں نے ایسا سیلف ڈیفنس میں کیا، اور وکیل کے ذریعے ایک ارب ‏روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوایا۔

  • بدبخت بیٹے کا ماں کو طمانچہ، ماں چل بسی

    بدبخت بیٹے کا ماں کو طمانچہ، ماں چل بسی

    نئی دہلی: بھارت میں بدبخت بیٹے کے ماں کے ساتھ انسانیت سوز سلوک پر پورا ملک غم و غصے کی کیفیت میں آگیا، ناہنجار بیٹے نے ماں کو اتنی زور سے طمانچہ مارا کہ وہ چل بسی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ دارالحکومت نئی دہلی میں پیش آیا جو سی سی ٹی وی کیمرا میں ریکارڈ ہوگیا۔

    پولیس کے مطابق جھگڑا 76 سالہ خاتون اور ان کے پڑوسی کے درمیان موٹر سائیکل کی پارکنگ کے معاملے پر ہوا جو اتنا بڑھا کہ پولیس کو بلانا پڑا۔ تاہم پولیس کے پہنچنے پر بتایا گیا کہ دونوں پڑوسیوں نے آپس میں معاملہ رفع دفع کرلیا ہے۔

    بعد ازاں 76 سالہ بزرگ خاتون کا بے روزگار بیٹا باہر آیا اور اس بات پر ماں سے جرح کرنے لگا کہ اس نے پڑوسی سے جھگڑا کیوں کیا۔ خاتون کی بہو بھی باہر نکل آئیں اور دونوں میاں بیوی بزرگ خاتون سے بحث و تکرار کرنے لگے۔

    اس دوران اچانک ناعاقبت اندیش بیٹے نے غصے میں بے قابو ہو کر ماں کے چہرے پر زوردار طمانچہ مار دیا جس کے بعد خاتون زمین پر گر گئیں۔

    خاتون کو بے ہوش دیکھ کر انہیں قریبی اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے بتایا کہ اسپتال پہنچنے سے قبل ہی ان کی موت ہوچکی تھی۔

    واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، نیشنل کمیشن فار ویمن کی سربراہ ریکھا شرما نے ویڈیو پر نوٹس لیتے ہوئے اسے شرمناک قرار دیا اور کہا کہ وہ دہلی پولیس کو کارروائی کی ہدایت کر رہی ہیں۔

    دہلی پولیس نے بیٹے کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔

    سوشل میڈیا پر لوگ اس ویڈیو پر سخت غم و غصے کا اظہار کر رہے ہیں اور مطالبہ کر رہے ہیں ماں کو ہلاک کرنے والے بیٹے کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔

    یاد رہے کہ بھارت میں بزرگوں پر جسمانی و نفسیاتی تشدد بے حد عام ہوتا جارہا ہے، بھارت کی 8 فیصد سے زائد آبادی 60 سال سے زائد عمر کے افراد پر مشتمل ہے جو سنہ 2050 تک 20 فیصد ہوجائے گی۔

  • پولیس اہل کار کے منہ پر زناٹے دار تھپڑ مارنے والا سلاخوں کے پیچھے پہنچ گیا (ویڈیو)

    پولیس اہل کار کے منہ پر زناٹے دار تھپڑ مارنے والا سلاخوں کے پیچھے پہنچ گیا (ویڈیو)

    کراچی: پولیس اہل کاروں کو یرغمال بنا کر منہ پر زناٹے دار تھپڑ رسید کرنے والا ملزم آخر کار گرفتار ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق مومن آباد کے ساجد کاچک نامی منشیات فروش نے چند ماہ قبل پولیس اہل کار کو بھرے مجمع میں منہ پر زناٹے کا تھپڑ رسید کر دیا تھا، پولیس اہل کار اس کے سامنے بے بس ہو گئے تھے، اس واقعے کے بعد سے وہ مفرور تھا۔

    ایس ایچ او مومن آباد عبد الخالق انصاری نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ مومن آباد پولیس کے ہاتھوں انتہائی مطلوب ملزم ساجد عرف کاچک کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ ملزم کے خلاف دہشت گردی، پولیس مقابلوں اور منشیات فروشی کے مقدمات درج ہیں۔

    مومن آباد پولیس اسٹیشن کے اہل کار کو یرغمال بنانے اور منہ پر زور کا تھپڑ مارنے والا ملزم ساجد کاچک

    یاد رہے کہ ساجد کاچک نے جون 2020 کو 2 پولیس اہل کاروں کو یرغمال بنایا تھا، اہل کار علاقے میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کے لیے پہنچے تھے، جب ملزم ساجد نے پولیس اہل کاروں کو سرعام تھپڑ مارے اور دونوں اہل کاروں کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔

    اس نیوز رپورٹ میں دو ویڈیوز بھی شامل ہیں جن میں سے ایک میں پولیس اہل کاروں کو یرغمال بنے دیکھا جا سکتا ہے، ملزم ایک پولیس اہل کار کا پولیس کارڈ بھی دکھاتا ہے۔

    عبدالخالق انصاری کے مطابق گرفتار ملزم کے خلاف درجن سے زائد سنگین مقدمات درج ہیں، ملزم کو خفیہ اطلاع پر ایک مبینہ مقابلے کے بعد گرفتار کیا گیا، ساجد کاچک منشیات فروشی کا منظم گینگ چلاتا ہے۔

    ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ پولیس 5 ماہ سے اس انتہائی مطلوب ملزم کو تلاش کر رہی تھی، آخر کار خفیہ اطلاع ملنے پر اس کے خلاف کی گئی کارروائی میں وہ گرفتار ہو گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کے قبضے سے اسلحہ برآمد کیا گیا ہے اور اس کے خلاف مزید تفتیش جاری ہے۔