Tag: تہذیب

  • وہ عادات جو آپ کو بدتہذیب ظاہر کریں

    وہ عادات جو آپ کو بدتہذیب ظاہر کریں

    کسی انسان کی گفتگو، عادات اور اخلاق اس کی تربیت و فطرت کی نشاندہی کرتی ہیں۔ اگر آپ لوگوں کا رویہ جانچنے میں ماہر ہیں تو آپ باآسانی کسی بھی شخص کی فطرت کا اندازہ لگا سکتے ہیں۔

    سماجی ماہرین کا کہنا ہے کہ روزمرہ کی زندگی میں انجام دی جانے والی معمولی عادات اور انداز گفتگو ہمارے اخلاق و تربیت کی تصویر پیش کرتے ہیں۔

    کچھ عادات ایسی ہوتی ہیں جو ہمیں بد تہذیب اور بد اخلاق بنا کر پیش کرتی ہیں۔ یقیناً آپ ایسی عادات سے چھٹکارا پانا چاہیں گے۔ تو پھر جانیں وہ کون سی عادات ہیں جو آپ کی منفی تصویر پیش کرتی ہیں۔

    شکریہ نہ ادا کرنا

    شکریہ ادا کرنا اور شکر گزاری کا اظہار کرنا اچھے اخلاق کی نشانی ہے۔ ضروری نہیں کہ آپ کسی کی جانب سے کوئی بڑی مدد کرنے پر ہی اس کا شکریہ ادا کریں، چھوٹے چھوٹے کاموں پر بھی لوگوں کا شکریہ ادا کرنا آپ کا بہترین تاثر قائم کرے گا۔

    شکریہ ادا کرنا اس بات کی نشانی ہے کہ آپ دوسرے شخص کی اپنے لیے کی گئی مدد کو سراہتے ہیں۔

    بات کاٹنا

    ایسے افراد کو بہت ناپسندیدہ سمجھا جاتا ہے جو اکثر و بیشتر دوسرے افراد کی بات کاٹ کر اپنی بات شروع کردیں۔

    اگر آپ کسی شخص کی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے اپنی بات کہنا چاہ رہے ہیں تو معذرت کرتے ہوئے اس کی بات کاٹیں۔ لیکن یہ عمل بھی ہمیشہ قابل تعریف نہیں ہوتا۔

    ذاتی سوالات پوچھنا

    کسی سے اس کے بارے میں ذاتی زندگی کے سوالات پوچھنا نہایت ہی برا خیال کیا جاتا ہے۔

    اول تو آپ کو کسی کی ذاتی زندگی سے کوئی سروکار نہیں ہونا چاہیئے، اور اگر آپ نے کسی سے کوئی ذاتی سوال پوچھ ہی لیا ہے تو آپ کو غیر متوقع جواب یا ردعمل کے لیے تیار رہنا چاہیئے جو بہت بے عزت کرنے والا بھی ہوسکتا ہے۔

    کھانے کے آداب

    کھانے کے دوران آداب کو ملحوظ خاطر رکھیں۔ بدتہذیبی سے کھانا، کانٹوں کو غلط انداز سے پکڑنا یا ویٹر سے درش رویے میں بات کرنا آپ کو وہاں موجود لوگوں کی نظر میں ناپسندیدہ بنا سکتا ہے۔

    سوشل میڈیا کا غلط استعمال

    ہماری زندگیوں کو کنٹرول کرنے والا سوشل میڈیا بھی ہماری عادات و اخلاق کی نشاندہی کرتا ہے۔

    ناپسندیدہ لوگوں کے بارے میں کھل کر سوشل میڈیا پر اظہار کرنا، کسی کا مذاق اڑنا یا قابل نفرت پوسٹس کرناآپ کی پسماندہ ذہنیت کی نشاندہی کرتا ہے۔

    فون میں مصروف رہنا

    کسی سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے فون پر مصروف رہنا آپ کو بد اخلاق ظاہر کرے گا۔ اگر آپ اپنا بہترین تاثر پیش کرنا چاہتے ہیں تو کسی سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے فون کو دور رکھیں۔

    لوگوں کا تعارف کروائیں

    جب بھی دو اجنبی افراد ایک دوسرے سے اس طرح ملیں کہ آپ ان کے مشترکہ جاننے والے ہوں، تو دونوں کا آپس میں تعارف ضرور کروائیں۔ تعارف نہ کروانا دونوں فریقین کو غیر آرام دہ بنا سکتا ہے۔

    مدد کی پیشکش نہ کرنا

    اگر آپ کے ارد گرد کوئی شخص مشکل کا شکار ہے تو اسے مدد کی پیشکش ضرور کریں۔ یہ مدد نہایت معمولی بھی ہوسکتی ہے جسے دونوں ہاتھوں میں سامان اٹھائے کسی شخص کے لیے دروازہ کھولنا۔

    یہ عمل آپ کی اچھی تربیت کی طرف اشارہ کرے گا۔

  • موہنجو دڑو کی پراسرار زبان کا راز افشا ہونے کے قریب

    موہنجو دڑو کی پراسرار زبان کا راز افشا ہونے کے قریب

    وادی سندھ کی ہزاروں سال قدیم تہذیب کے اہم شہر موہن جو دڑو کی مکمل تاریخ تاحال اندھیرے میں ہے۔ اس تہذیب کے بارے میں آج تک تعین نہیں کیا جاسکا کہ وہ کیا وجہ تھی جس نے اس قدر جدید اور ترقی یافتہ تہذیب کو صفحہ ہستی سے مٹا دیا۔

    اس کھوج میں سب سے بڑی رکاوٹ موہن جو دڑو سے ملنے والی وہ زبان ہے جسے ماہرین آج تک سمجھ نہیں سکے۔ تاہم اب ماہرین نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ موہن جو دڑو کی زبان کو سمجھنے میں کامیاب ہو رہے ہیں۔

    یاد رہے کہ اس تہذیب کا جو رسم الخط ملا ہے وہ مختلف دریافتوں میں ملنے والی مہروں، ٹکیوں اور برتنوں پر نقش ہے۔ یہ عبارتیں اور نشانات نہایت مختصر ہیں اور ماہرین کے مطابق یہ اس دور کی زبان کے ترقی یافتہ ہونے کی علامت ہے۔

    mohenjo-daro-4

    ان عبارتوں اور نشانات کو پڑھنے اور سمجھنے کی تمام کوششیں تاحال بے سود ثابت ہوئی ہیں اور اس وجہ سے ماہرین اس تہذیب کی مکمل تاریخ تک نہیں پہنچ سکے۔

    تاہم اب یونیورسٹی آف واشنگٹن اور ممبئی کے ٹاٹا انسٹیٹیوٹ آف فنڈامنٹل ریسرچ کے ماہرین کا کہنا ہے کہ وہ اس زبان کو سمجھنے کے لیے نئے سرے سے کام کر رہے ہیں۔

    مزید پڑھیں: وادی سندھ کی تہذیب تصورات سے زیادہ قدیم

    دونوں یونیورسٹیوں کی مشترکہ تحقیق کے تحت ماہرین اس تہذیب سے ملنے والی زبان کا موازنہ، اب تک کی تاریخ میں پائی گئی تمام زبانوں سے کر رہے ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ جس طرح جدید دور میں کوئی ایک لفظ ملتے جلتے تلفظات اور ہجے کے ساتھ مختلف زبانوں میں موجود ہوتا ہے، اور اس کا مطلب یکساں ہوتا ہے، اسی طرح یہ اصول قدیم زبانوں پر بھی عائد ہوتا ہے۔

    mohenjo-daro-3

    ماہرین کو یقین ہے کہ وہ مختلف قدیم زبانوں میں، وادی سندھ کی زبان سے ملتے جلتے الفاظ اور علامات تلاش کرنے میں ضرور کامیاب ہوں گے۔

    جرنل سائنس میں شائع ہونے والے مقالے کے مطابق اس ضمن میں کام شروع کیا جاچکا ہے اور اب تک ماہرین کو موہن جو دڑو کی زبان سے مماثل الفاظ و نشانات، میسو پوٹیمین تہذیب کی زبان اور برصغیر کی قدیم تامل زبان میں ملے ہیں۔

    اگر ماہرین اپنی اس کوشش میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو یہ قدیم تاریخ کو سمجھنے کے لیے ایک انقلابی قدم ہوگا اور ہم تاریخ کے ان گوشوں سے واقفیت حاصل کرسکیں گے جو آج سے قبل سب کی نگاہوں سے اوجھل تھے۔

  • پتھر کے دور میں دانتوں کی تکلیف کا علاج کیسے؟

    پتھر کے دور میں دانتوں کی تکلیف کا علاج کیسے؟

    ماہرین کا کہنا ہے کہ پتھر کے دور میں انسان دانتوں میں سرمئی رنگ کے ایک نایاب پتھر کے ذریعہ سوراخ کیا کرتے تھے جو اس زمانے میں دانتوں کی تکالیف کا انتہائی مؤثر علاج سمجھا جاتا تھا۔

    ماہرین آثار قدیمہ نے پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں واقع قدیم تہذیبی شہر مہر گڑھ سے ایک دانت برآمد کیا جو پتھر کے زمانے کا تقریباً 9 ہزار سال قدیم ہے۔

    قبرستان سے ملنے والے اس دانت کے تجزیے سے پتہ چلا کہ اس دور میں ماہر دندان دانتوں کی تکالیف دور کرنے کے لیے دانتوں میں سرمئی رنگ کے ایک نایاب پتھر کے ذریعہ سوراخ کر دیا کرتے تھے۔

    teeth-3

    اس پتھر کو تراش کر نوکیلی شکل دی جاتی تھی، اس کے بعد اس سے دانت میں ڈرل کیا جاتا تھا جس سے دانت کا تکلیف کا شکار اور سڑا ہوا حصہ نکل کر باہر آجایا کرتا تھا۔

    ماہرین کے مطابق یہ طریقہ علاج حیرت انگیز نتائج دیتا تھا اور دانتوں کے ان ٹشوز کو اکھاڑ پھینکتا تھا جو تکلیف کا باعث بنتے تھے۔ ان کے تجزیوں کے مطابق اس علاج کے فوری بعد مریض کچھ بھی چبانے کے قابل ہوتا تھا۔

    ماہرین کو یہاں سے ایسے 4 دانت ملے جن میں کسی خرابی کے شواہد نظر آئے اور ان میں اس پتھر کے ذریعہ کیے گئے سوراخ دکھائی دیے۔

    teeth-2

    واضح رہے کہ مہر گڑھ کی تہذیب وادی سندھ کی تہذیب سے بھی قدیم ہے جو 7 سے 9 ہزار سال قبل کے درمیانی عرصے میں موجود تھی۔ ماہرین کے مطابق اس تہذیب میں زراعت کے ابتدائی آثار ملے تھے اور یہاں گندم، کپاس، اور جو کاشت کی جاتی تھی۔

    اس تہذیب کے آثار صوبہ بلوچستان میں واقع کچی میدان کے قریب واقع ہیں۔

  • ظاہری شخصیت تباہ کرنے والی مردانہ لباس میں غلطیاں

    ظاہری شخصیت تباہ کرنے والی مردانہ لباس میں غلطیاں

    کسی شخص سے ملتے ہوئے پہلا تاثر اس کی ظاہری شخصیت کی بنیاد پر قائم ہوتا ہے۔ ابتدا میں کسی شخص کو دیکھ کر ہی اس کے لیے خوشگوار یا ناگوار تاثر ابھرتا ہے اور اس میں سب سے بڑا ہاتھ لباس اور حلیے کا ہوتا ہے۔ اس کے بعد اس کی بات چیت، خیالات، انداز نشست و برخاست کو پرکھنے کا موقع آتا ہے۔

    اس نظریے کو ذہن میں رکھتے ہوئے اس بات کا خیال رکھیں کہ آپ کا لباس اور ظاہری حلیہ آپ کی شخصیت کا تاثر بہتر یا بدتر بنائیں گے۔ ایسا اس لیے بھی ضروری ہے کہ بعض جگہوں پر جانے یا بعض شخصیات سے ملنے کا موقع بار بار نہیں ملتا اور پہلا موقع ہی آخری موقع ہوتا ہے۔ تو اس پہلے موقع پر جو تاثر قائم ہوگا وہ ساری عمر رہے گا، لہٰذاٰ شخصیت پر کام کرنے والے ماہرین اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ پہلے تاثر کو خوشگوار ہونا چاہیئے۔

    لیکن بعض مرد حضرات اپنا پہلا تاثر نہایت خراب قائم کرتے ہیں۔ ایسا اس لیے ہوتا ہے کیونکہ وہ اپنے لباس کے چناؤ یا اسے پہننے کے ڈھنگ میں ایسی غلطی کرجاتے ہیں جو ان کے بد تہذیب یا کم علم ہونے کی نشاندہی کرتی ہیں۔

    آپ جب بھی کسی خاص موقع یا کسی اہم شخصیت سے ملاقات کے لیے جائیں، یا عام زندگی میں بھی اپنی ظاہری شخصیت کو بہتر طور پر پیش کرنا چاہتے ہیں تو لباس کی ان غلطیوں سے بچیں۔

    :ٹائی

    ٹائی کی لمبائی ہمیشہ اتنی ہو کہ وہ بیلٹ کو چھوئے۔ بیلٹ سے بہت اونچی یا نیچی ٹائی پہننا مردانہ فیشن کی دنیا میں مناسب خیال نہیں کیا جاتا۔

    11

    :کوٹ کا تیسرا بٹن

    کوٹ کا تیسرا بٹن ہمیشہ کھلا رکھیں۔ تیسرا اور آخری بٹن بند رکھنا آپ کو تہذیب سے نا واقف ظاہر کرسکتا ہے۔

    22

    :آستین پر برانڈز کا لیبل

    اکثر برانڈز آستین پر اپنا لیبل لگاتے ہیں۔ یہ لیبل بآسانی ہٹایا جاسکتا ہے۔ لباس پہننے سے پہلے اسے ہٹانا مت بھولیں، ورنہ اس سے ظاہر ہوگا کہ آپ نے زندگی میں پہلی بار کوئی برانڈڈ سوٹ پہنا ہے۔

    33

    :پینٹ کی لمبائی

    ایک پروفیشنل اور تہذیب یافتہ رکھ رکھاؤ ظاہر کرنے کے لیے ضروری ہے کہ آپ کی پینٹ سیدھے انداز سے جوتوں کو چھو رہی ہو۔ نہ یہ زیادہ اونچی ہو جو ٹخنے نظر آئیں اور نہ یہ زیادہ لمبی ہو جو جوتے کی ایڑھیوں میں پھنسے۔ دونوں صورتوں میں یہ آپ کو لباس کے آداب سے ناواقف شخص ظاہر کرے گی۔

    55

    :کوٹ کی فٹنگ

    کوٹ کی فٹنگ آپ کی جسامت کے لحاظ سے مناسب ہونی چاہیئے۔ نہ یہ زیادہ تنگ ہو کہ کوٹ پھنسا ہوا محسوس ہو، اور نہ یہ زیادہ ڈھیلا ہو جو یہ جسم سے گرتا ہوا محسوس ہو۔

    44

    تصاویر بشکریہ: کردست کارپوریشن

  • ‘بھارتیوں کو تمیز سیکھنے کی ضرورت ہے’

    ‘بھارتیوں کو تمیز سیکھنے کی ضرورت ہے’

    ممبئی: بھارتی اداکارہ اور سیاستدان جیا بچن اس وقت سخت غصہ میں آگئیں جب ایک طالبعلم نے ان کی تصویر کھینچنے کی کوشش کی۔ انہوں نے اسے بے بھاؤ کی سناتے ہوئے بھارتیوں کو تہذیب سیکھنے کا مشورہ دے ڈالا۔

    ممبئی کے ایک کالج میں ہونے والے ایک مباحثہ کے دوران جیا بچن تصاویر کھینچنے پر غصہ میں آگئیں۔ وہ وہاں طالبعلموں کو اپنے تجربات بتانے کے لیے پہنچی تھیں۔ دوران گفتگو جب ایک طالبعلم نے ان کی تصویر کھینچنے کی کوشش کی تو انہوں نے بات ادھوری چھوڑ کر اس طالبعلم کو سختی سے ڈانٹ دیا۔

    میں کوئی لاش نہیں جو کام نہیں کر سکتی *

    جیا کا کہنا تھا کہ کیمرے کی فلیش لائٹ ان کی آنکھوں میں چبھ رہی ہے۔ ’یہ تہذیب کا ایک بنیادی اصول ہے کہ کسی کو گفتگو کے دوران مخل نہ کیا جائے اور ہم بھارتیوں کو شدت سے اسے سیکھنے کی ضرورت ہے‘۔

    انہوں نے کہا، ’لوگ کہیں بھی، کسی کی بھی، بغیر پوچھے تصویر کھینچنے لگتے ہیں۔ یہ میرا حق ہے کہ میں آپ کو اپنی تصویر نہ کھینچنے دوں‘۔

    انہوں نے غصہ میں کہا، ’والدین اور اساتذہ کو ضرورت ہے کہ وہ بچوں کو تمیز و تہذیب کے بنیادی اصول سکھائیں۔ ہمارے اندر اس کی شدید کمی ہے۔‘۔

    واضح رہے کہ جیا بچن اس سے پہلے بھی کئی بار غصہ میں آ کر صحافیوں اور مداحوں سے الجھ چکی ہیں۔