Tag: تہران

  • مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی، تہران کی شاہراہوں پر فوجی سازوسامان سج گیا

    مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی، تہران کی شاہراہوں پر فوجی سازوسامان سج گیا

    اسرائیل کی جانب سے غزہ کے ساتھ ساتھ لبنان میں بھی بدترین حملوں کا سلسلہ جاری ہے، مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران ایران کی جانب سے دارالحکومت تہران کی شاہراہوں پر فوجی سازوسامان سجا دیا گیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹس کے مطابق نمائش کا مقصد اسرائیل کو خبردار کرناہے کہ ایران حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد جوابی کارروائی کے لیے تیار ہے۔

    مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران تہران کی شاہراہوں پر بھاری فوجی سازوسامان کے ساتھ بینرز آویزاں کردیئے گئے ہیں، جن پر تحریر ہے کہ ہم بدلہ لیں گے، ساتھ ہی اسماعیل ہنیہ اور ایرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈر قاسم سلیمانی کے پوسٹرز بھی لگادیئے گئے ہیں۔

    دوسری جانب اسرائیلی فوج نے کھل کر اعتراف کیا ہے کہ تاریخ میں پہلی بار حزب اللہ کا فائر کیا گیا میزائل تل ابیب تک پہنچنے میں کامیاب ہوا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق بدھ کو اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ لبنانی گروپ حزب اللہ کی جانب سے داغا گیا ایک میزائل پہلی بار تل ابیب کے علاقے تک پہنچا۔

    اسرائیل لبنان میں زمینی راستوں سے حملے کی تیاری کرنے لگا

    اسرائیلی فوج کے ترجمان نے اے ایف پی کو بتایا کہ ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ حزب اللہ کا میزائل تل ابیب کے علاقے تک پہنچ گیا، تاہم آئی ڈی ایف کے فضائی دفاعی نظام (آئرن ڈوم) نے اسے روک لیا۔

  • وزیر اعظم شہباز شریف کی تہران میں تعزیتی تقریب میں عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں

    وزیر اعظم شہباز شریف کی تہران میں تعزیتی تقریب میں عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں

    تہران: وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے تہران میں تعزیتی تقریب میں عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایران کے تعزیتی دورے پر تہران میں موجود وزیراعظم شہباز شریف نے تاجکستان، آذربائیجان، قطر اور ترکیہ کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔

    تاجکستان کے صدر امام علی رحمان سے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے حوالےسے بات چیت ہوئی، ملاقات میں باہمی دل چسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

    وزیر اعظم شہباز شریف سے آذربائیجان کے وزیر اعظم علی اسدوو کی بھی ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان اور آذربائیجان کے دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم کرنے کے حوالے سے بات چیت ہوئی، وزیر اعظم نے باکو میں ہونے والی 29 ویں اقوام متحدہ کانفرنس کی کامیابی کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

    شہباز شریف اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے درمیان ہونے والی ملاقات میں پاک قطر دو طرفہ تعلقات اور باہمی دل چسپی کے دیگر امور پر بات چیت ہوئی۔ وزیر اعظم کی ترکیہ کے نائب صدر جودت یلماز اور ترکیہ کے وزیر خارجہ کے ساتھ الگ الگ ملاقاتیں ہوئیں، جن میں دو طرفہ اور باہمی دل چسپی کے دیگر امور پر بات چیت ہوئی، وزیر اعظم نے ترک صدر رجب طیب اردوان کو دورہ پاکستان کی دعوت کا اعادہ کیا۔

  • سعودی وزیر خارجہ ایرانی صدر کی تدفین میں شرکت کیلئے ایران پہنچ گئے

    سعودی وزیر خارجہ ایرانی صدر کی تدفین میں شرکت کیلئے ایران پہنچ گئے

    سعودی وزیر خارجہ ایرانی صدر کی تدفین میں شرکت کیلئے ایران کے شہر تہران پہنچ گئے۔

    عرب میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سعودی وزیر خارجہ تہران میں ایرانی قیادت سے صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ امیر عبداللہیان اور دیگر کی وفات پر اظہار تعزیت کریں گے۔

    عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزیر خارجہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی تدفین میں بھی شریک ہوں گے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز تہران میں ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور دیگر حکام کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، جس میں ہزاروں افراد شریک ہوئے۔

    تہران میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور دیگر کی نماز جنازہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے پڑھائی۔

    ابراہیم رئیسی نے اسماعیل ہنیہ سے آخری ملاقات میں کیا کہا تھا؟

    ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی تدفین مشہد میں امام علی رضا کے روضے کے احاطے میں کی جائے گی۔

  • تعلقات کی بحالی، سعودی سفیر بھی تہران پہنچ گئے

    تعلقات کی بحالی، سعودی سفیر بھی تہران پہنچ گئے

    تہران: چین کی ثالثی کی بدولت ایران اور سعودی عرب کے تعلقات میں مزید بہتری کے آثار نمایاں ہونے لگے، ایرانی وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان کے سعودی عرب کے دورے کے بعد اب سعودی عرب کے نئے سفیر تہران بھی پہنچ گئے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے سفیر عبداللہ بن سعود العنزی تہران پہنچ گئے ہیں، یہ اعلان سعودی عرب میں ایران کے سفیرعلی رضا عنایتی کے الریاض پہنچنے کے چند گھنٹے کے بعد سامنے آیا ہے۔

    سعودی عرب اور ایران کے سفیروں کا تبادلہ مارچ میں چین کی ثالثی میں دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کے معاہدے کے چند ماہ بعد ہوا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق علی رضاعنایتی ایک نئی سفارتی ٹیم کے ہمراہ سعودی دارالحکومت پہنچے ہیں۔ وہ ایرانی ناظم الامور کی جگہ لیں گے جو جون میں ایران کا سفارت خانہ دوبارہ کھلنے کے بعد سے اس کا نظم ونسق سنبھال رہے تھے۔

    علی رضا عنایتی نے سعودی عرب روانہ ہونے سے پہلے ایرانی صدر سے بھی ملاقات کی تھی، ایرانی صدر نے علاقائی اور سلامتی کے شعبوں میں ایران اور سعودی عرب کی اہمیت پر زور دیا اور تہران اورالریاض کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے کے لیے دستیاب صلاحیتوں کو بروئے کار لانے پر زور دیا۔

    سعودیہ اور ایران نے مارچ میں طے پانے والے معاہدے کے تحت ایک دوسرے کے علاقوں میں سفارت خانے اور قونصل خانے دوبارہ کھولنے اور 20 سال قبل ہونے والے سکیورٹی اور اقتصادی تعاون کے معاہدوں پر عمل درآمد پر اتفاق کیا تھا۔

    سعودی عرب نے سنہ 2016 میں تہران میں اپنے سفارت خانے اور مشہد میں قونصل خانے پر ایرانی حکومت کے حامی مظاہرین کے حملے کے بعد ایران سے تعلقات ختم کردیئے تھے۔

  • ویڈیو: ایران میں‌ غلط طریقے سے عمارت گرانے کا دل دہلا دینے والا انجام

    ویڈیو: ایران میں‌ غلط طریقے سے عمارت گرانے کا دل دہلا دینے والا انجام

    تہران: ایران کے شہر تہران میں غیر قانونی عمارت کو گرانا مہنگا پڑ گیا، غلط طریقے سے عمارت گرانے سے 5 افراد ہلاک ہو گئے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کے دارالحکومت تہران میں متعدد عمارتیں گرنے کے نتیجے میں کم از کم پانچ افراد ہلاک ہو گئے، جن میں 3 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

    جائے حادثہ سے کچھ زخمیوں کو بھی اسپتال منتقل کیا گیا، رپورٹس کے مطابق گرائی جانے والی عمارت نے دیگر پانچ عمارتوں کو بھی اپنے ساتھ گرا دیا جس سے جانی نقصان ہوا۔

    ایرانی میڈیا کے مطابق پولیس اہلکار جنوب مغربی تہران میں غیر قانونی عمارتیں مسمار کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے کہ پہلی عمارت کو گرانے کی کوشش کے دوران پانچ دیگر گر گئے۔

    مقامی اخبار کے مطابق تہران شہر میں گزشتہ دو سالوں میں 46 ہزار سے زائد غیر مجاز عمارتوں کو مسمار کیا گیا ہے، جب کہ مئی 2022 میں ایران کے جنوب مغرب میں ایک عمارت گرنے سے 43 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

  • ایران :تہران میں 400 مظاہرین کو10 سال تک قید کی سزائیں

    ایران :تہران میں 400 مظاہرین کو10 سال تک قید کی سزائیں

    تہران: ایران کے دارالحکومت تہران میں ایک عدالت نے مہسا امینی کی موت کے بعد شروع ہونے والے مظاہروں میں ملوث ہونے کے الزام میں 400 افراد کو دو سے 10 سال تک قید کی سزائیں سنائی ہیں۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق ایران میں خواتین کے  لباس کی مبینہ خلاف ورزی کے الزام میں مہساامینی کی گرفتاری اور ہلاکت کے بعد سے گذشتہ تین ماہ سے مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔

    تہران کی عدلیہ  صوبہ تہران میں فسادیوں کے مقدمات کی سماعت کے دوران میں 160 افراد کو پانچ سے 10 سال قید، 80 افراد کو دو سے پانچ سال اور 160 افراد کو دو سال تک قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

    ایران نے بدامنی کے سلسلے میں گذشتہ ہفتے دو افراد کو مظاہروں کا حصہ ہونے کی وجہ سے پھانسی دی گئی تھی۔

    یاد رہے کہ 16 ستمبر کو احتجاج شروع ہونے کے بعد سے اب تک ہزاروں افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

  • تہران کی ایون جیل میں آتش زدگی اور دھماکوں کی ویڈیو وائرل

    تہران کی ایون جیل میں آتش زدگی اور دھماکوں کی ویڈیو وائرل

    تہران: تہران کی ایون جیل میں آتش زدگی، فائرنگ اور دھماکوں کی ویڈیو وائرل ہوئی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق تہران کی بدنام زمانہ اوین جیل میں ہفتے کی رات جھڑپوں کی اطلاعات موصول ہوئیں جب کہ فائرنگ کی آوازوں کے ساتھ عمارت سے آگ کے شعلے نکلتے دکھائی دیے، تاہم ایران کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ صورت حال ’کنٹرول‘ میں ہے۔

    خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایران کے دارالحکومت تہران کی ایون جیل میں آتش زدگی کے بعد سائرن اور گولیاں چلنے کی آوازوں سے فضا گونج اٹھی۔

    ویڈیو میں آگ کے شعلے اور دھواں دکھائی دے رہا ہے اور فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں سنی جا سکتی ہیں، ایون جیل میں زیادہ تر سیاسی قیدیوں کو رکھا جاتا ہے۔

    واقعے کے بعد علاقے میں فوج کے خصوصی دستے تعینات کر دیے گئے ہیں، سرکاری میڈیا کے مطابق جیل میں امن بحال ہو گیا ہے، انتظامیہ نے شر پسند عناصر کو آتش زدگی کا ذمہ دار قرار دیا۔

    خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق شمالی تہران میں واقع اوین جیل سیاسی قیدیوں کے ساتھ ناروا سلوک کی وجہ سے بدنام ہے۔ اس جیل  میں غیر ملکی قیدیوں کو بھی رکھا جاتا ہے۔ گزشتہ ماہ مہسا امینی کی موت کے بعد مظاہروں کے دوران حراست میں لیے گئے سینکڑوں افراد کو بھی مبینہ طور پر اسی جیل میں رکھا گیا تھا۔

  • مشرق وسطیٰ کی سب سے بڑی جھیل خشک ہونے پر ایران میں مظاہرے

    مشرق وسطیٰ کی سب سے بڑی جھیل خشک ہونے پر ایران میں مظاہرے

    تہران: ایران میں مشرق وسطیٰ کی سب سے بڑی جھیل کے خشک ہونے پر احتجاج کرنے والے متعدد مظاہرین کو گرفتار کرلیا گیا۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایران میں موجود مشرق وسطیٰ کی سب سے بڑی سمجھی جانے والی جھیل کے خشک ہونے پر احتجاج کرنے والے متعدد افراد کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔

    ایران کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ مظاہرین جھیل کے خشک ہونے پر احتجاج کرتے ہوئے سیکیورٹی میں خلل ڈالنے کا سبب بن رہے تھے۔

    اقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام کے مطابق شمال مغربی ایران کے پہاڑوں میں واقع ارمیہ جھیل طویل خشک سالی کے باعث علاقے میں کھیتی باڑی اور ڈیموں کے لیے پانی نکالنے کی وجہ سے سنہ 1995 میں سکڑنا شروع ہوگئی تھی۔

    دنیا کی یہ سب سے بڑی انتہائی نمکین پانی کی ارمیہ جھیل ایرانی علاقے ارمیہ اور تبریز شہر کے درمیان واقع ہے، اس جھیل کے ارد گرد ساحلوں پر تقریباً 60 لاکھ سے زائد افراد زراعت پر انحصار کرتے ہیں۔

    ایران کے مغربی صوبے کے پولیس چیف کا کہنا ہے کہ گرفتار شدگان دشمن عناصر کے طور پر شر پھیلانے والے افراد ہیں جن کا مقصد عوام کی سلامتی کو درہم برہم کرنے کے علاوہ کچھ نہیں۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق مظاہرین نے صوبائی دارالحکومت میں احتجاج کرتے ہوئے نعرے لگائے ارمیہ جھیل پیاسی ہے، جھیل سکڑ رہی ہے، جھیل مر رہی ہے اور حکام نے اسے مارنے کا حکم دیا ہے۔

    ایران میں دریاؤں کے خشک ہونے، خاص طور پر وسطی اور جنوب مغربی ایران میں ہزاروں افراد نے گزشتہ چند مہینوں میں متعدد مظاہرے کیے ہیں۔

  • وزیر خارجہ 2 روزہ دورے پر تہران پہنچ گئے

    وزیر خارجہ 2 روزہ دورے پر تہران پہنچ گئے

    تہران: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی 2 روزہ دورے پر ایران کے دارالحکومت تہران پہنچ گئے جہاں وہ اپنے ہم منصب سمیت ایرانی قیادت سے ملاقات کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی وفد کے ہمراہ 2 روزہ سرکاری دورے پر تہران پہنچ گئے، تہران میں پاکستانی سفیر اور ایرانی وزارت خارجہ کے سینئر افسران نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔

    اپنے دورے کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ایرانی ہم منصب سمیت ایرانی قیادت سے ملاقات کریں گے، ملاقاتوں میں تعلقات اور علاقائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوگا۔

    وزیر خارجہ تہران میں منعقدہ ہمسایہ ممالک کے وزارتی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے، شاہ محمود علاقائی صورتحال کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔

    وزیر خارجہ دورہ ایران کے دوران میڈیا نمائندگان سے بھی گفتگو کریں گے اور ان کے سامنے علاقائی اور عالمی امور پر پاکستان کا نقطہ نظر پیش کریں گے۔

  • کرونا ویکسین لے جانے والی گاڑی پر حملہ، درجنوں ویکسینز لوٹ لی گئیں

    کرونا ویکسین لے جانے والی گاڑی پر حملہ، درجنوں ویکسینز لوٹ لی گئیں

    تہران: ایران کے دارالحکومت تہران میں مسلح افراد نے کرونا ویکسین لے جانے والی گاڑی پر حملہ کیا اور کرونا ویکسین کی درجنوں خوراکیں لوٹ کر چلتے بنے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق تہران پولیس کے سربراہ حسین رحیمی کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں کے ایک گروہ نے کرونا ویکسین کی خوراکیں لے جانے والی گاڑی پر حملہ کیا اور ویکسین لوٹ کر فرار ہوگئے۔

    تہران پولیس کے سربراہ نے بتایا کہ ڈاکوؤں نے دارالحکومت کے جنوب میں وزارت صحت کے میڈیکل اسٹور سے نکلنے والی گاڑی پر حملہ کیا اور 300 کرونا ویکسینز لوٹ لیں۔

    پولیس سربراہ نے یہ نہیں بتایا کہ چوروں نے کون سی ویکسین لوٹی ہیں تاہم ایران میں عام طور پر چینی ساختہ سائنو فارم ویکسین کا استعمال جاری ہے۔

    خیال رہے کہ ایران میں کرونا ویکسین چھینے جانے کی یہ واردات ایسے وقت ہوئی ہے جب ملک میں کرونا وائرس کی وجہ سے 1 لاکھ 6 ہزار سے زائد اموات ہوچکی ہیں اور ایران کی صرف 8 فیصد آبادی کو ہی اب تک ویکسین لگائی جا سکی ہے۔

    ایران اس وقت کرونا کی پانچویں لہر سے نبرد آزما ہے جس میں انتہائی متعدی ڈیلٹا قسم کا پھیلاؤ ایک چیلنج ہے۔