Tag: تہہ خانہ

  • 26 بچے تہہ خانے میں چھپا کر رکھنے والی ڈے کیئر سینٹر کی مالکن گرفتار

    26 بچے تہہ خانے میں چھپا کر رکھنے والی ڈے کیئر سینٹر کی مالکن گرفتار

    امریکا میں ایک ڈے کیئر سینٹر کی مالکن کو گنجائش سے زائد بچے رکھنے پر 6 سال قید کی سزا سنا دی گئی، 26 عدد بچے بیسمنٹ میں موجود تھے جہاں پیاس اور گھٹن سے ان کی حالت ابتر تھی۔

    امریکی ریاست کولوراڈو میں ڈے کیئر سینٹر چلانے والی کارلا میری فیتھ نامی خاتون کو نومبر 2019 میں گرفتار کیا گیا تھا۔ فیتھ کو صرف 6 بچے رکھنے کا لائسنس دیا گیا تھا تاہم وہ اس سے کہیں زیادہ بچوں کو اپنے سینٹر میں رکھے ہوئے تھی۔

    ڈے کیئر سینٹر کی مالکن نے 26 بچوں کو بیسمنٹ میں رکھا ہوا تھا جبکہ بیسمنٹ کی سیڑھیوں کو ایک مصنوعی سلائیڈنگ دیوار کے پیچھے چھپایا گیا تھا۔ تہہ خانے میں موجود 12 بچوں کی عمریں 2 سال سے بھی کم تھیں۔

    بچے پسینے میں شرابور اور پیاسے تھے جبکہ ان کے جسم بھی سوجن کا شکار تھے۔ بچوں کی نگرانی پر صرف 2 ملازمین مامور تھے جنہیں پولیس نے گرفتار کرلیا۔

    پولیس نے مذکورہ مکان پر اس وقت چھاپہ مارا جب انہیں اطلاع ملی کہ یہاں گنجائش سے زیادہ بچے رکھے گئے ہیں، پولیس کے پہنچنے پر فیتھ نے بچوں کی موجودگی سے انکار کیا اور تہہ خانے کے بارے میں پوچھنے پر کہا کہ گھر میں کوئی تہہ خانہ نہیں۔

    تاہم بچوں کے رونے کی آواز پر پولیس نے دیواروں کو دھکا دیا جس کے بعد مصنوعی دیوار اپنی جگہ سے ہل گئی اور پولیس تہہ خانے میں داخل ہوگئی۔

    فیتھ کا کہنا تھا کہ وہ اپنے پاس آنے والے والدین کو انکار نہیں کرسکی تھی لہٰذا سینٹر میں گنجائش سے زیادہ بچوں کو رکھا۔

    فیتھ اور اس کے دونوں ملازمین کو گرفتار کرلیا گیا جن کے کیس کا فیصلہ سنا دیا گیا ہے، عدالت نے فیتھ کو 6 سال قید کی سزا سنائی ہے۔

  • نئے خریدے گھر سے کیا دریافت ہوا؟ خاتون خوفزدہ

    نئے خریدے گھر سے کیا دریافت ہوا؟ خاتون خوفزدہ

    امریکا میں ایک خاتون اس وقت خوفزدہ اور حیران رہ گئیں جب ان کے نئے خریدے ہوئے گھر میں اچانک ایک تہہ خانہ دریافت ہوگیا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر پوسٹ کی گئی اپنی ویڈیوز میں وہ بتاتی ہوئی نظر آرہی ہیں کہ انہوں نے یہ گھر ایک سال قبل خریدا تھا، اس کے پرانے مالکان جو ایک بے اولاد جوڑا تھا نہایت جلدی میں دکھائی دیتا تھا اور انہوں نے نہایت سستے داموں گھر کو فروخت کیا۔

    خاتون کا کہنا تھا کہ کافی عرصہ گزر جانے کے بعد ایک روز انہوں نے فرش سے قالین ہٹایا تو وہاں ایک دروازہ موجود تھا، دروازہ کھولنے پر وہاں پراسرار سیڑھیاں نیچے جاتی نظر آئیں۔

    ابتدا میں خاتون نیچے جانے سے خوفزدہ تھیں کیونکہ وہاں سے ہلکی سی بھنبھناہٹ نما آواز آرہی تھی، انہوں نے اپنے دوستوں کو ساتھ لے کر نیچے جانا چاہا لیکن وہ بھی آواز سن کر خوفزدہ ہوگئے۔

    بعد ازاں خاتون خود ہی ہمت کر کے نیچے اتریں تو وہاں ٹوٹا پھوٹا فرنیچر اور کچرا پڑا ہوا دکھائی دیا۔

    خاتون کا کہنا تھا کہ پرانے مالکان نے اس تہہ خانے کے بارے میں کچھ نہیں بتایا تھا اور وہ اسے اتفاقیہ دریافت کرنے پر نہایت خوفزدہ ہوگئی تھیں۔