فیصل آباد: شوہر نے اپنی بیوی پر تیزاب پھینک دیا ، وزیراعلیٰ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی کا حکم دے دیا۔
فیصل آباد کی تحصیل سمندری میں ایک دلخراش واقعے میں شوہر نے اپنی بیوی پر تیزاب پھینک دیا، جس کے نتیجے میں متاثرہ خاتون شدید جھلس کر زخمی ہو گئی۔
جھلس کرزخمی ہونیوالی خاتون ایشا الائیڈ اسپتال کےبرن وارڈمیں زیر علاج ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متاثرہ خاتون کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دی اور ملزم کی فوری گرفتاری اور سخت کارروائی کے احکامات جاری کیے۔
وزیراعلیٰ کی ہدایت پر چیئرپرسن ویمن پروٹیکشن بھی اسپتال پہنچیں اور متاثرہ خاتون کی عیادت کی۔
مزید براں وزیراعلیٰ کی ہدایت پر سی پی او سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی گئی ہے، پنجاب حکومت نے واضح کیا کہ تیزاب گردی جیسے جرائم کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔
یاد رہے رواں ماہ کے آغاز میں جھنگ میں تھانہ مسن کی حدود میں تیزاب گردی کا لرزہ خیز واقعہ پیش آیا تھا، جہاں دو ملزموں نے فرسٹ ایئر کی طالبہ بشرا فاطمہ پر گھر میں گھس کر تیزاب پھینک دیا تھا۔
ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ طالبہ کا چہرہ بری طرح جھلس گیا جس کے بعد فوری طور پر ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کیا گیا تاہم اب وہ برن وارڈ میں زیرِ علاج ہے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ واقعہ کے بعد دونوں ملزمان فرار ہوگئے، تفتیش جاری ہے