Tag: تیزاب گردی واقعے

  • کراچی میں  تیزاب گردی واقعے میں  2 لڑکیوں کے زخمی ہونے  کا مقدمہ درج

    کراچی میں تیزاب گردی واقعے میں 2 لڑکیوں کے زخمی ہونے کا مقدمہ درج

    کراچی : تیزاب گردی واقعے میں 2 لڑکیوں کے زخمی ہونے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ، رشتہ نہ دینے پرملزم نے دوبہنوں پر تیزاب پھینکا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی سیکٹر 6 ایف میں تیزاب گردی میں 2 لڑکیوں کے زخمی ہونے کے واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا گیا ، مقدمہ کورنگی صنعتی ایریا میں زخمی لڑکیوں کے بھائی کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ میں تیزاب گردی اور دیگر دفعات شامل کی گئیں اور عامر نامی شخص کو نامزد کیا گیا ہے تاحال گرفتاری عمل میں نہ آسکی۔

    مدعی محمد وقاص نے بتایا کہ میری بڑی بہن راحیلہ کا عامر کیساتھ رشتہ کی بات چل رہی تھی لیکن پھرمیری بہن کا عامر سے رشتہ طے نہیں ہوپایا۔

    ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا کہ میری بہنیں جاب کرتی ہیں میں انھیں لیکر واپس آرہا تھا، راستے میں موٹر سائیکل کا پیٹرول ختم ہوگیا، جس پر میری بہنیں پیدل گھر کی طرف روانہ ہوئیں تو موٹر سائیکل سوارافراد میری بہنوں کے قریب سے گزرے اور میری بہنوں پر کچھ پھینک کر فرار ہوگئے۔

    بھائی کا کہنا تھا کہ جس کے بعد میری بہنوں نے چیخ و پکار شروع کردی، میری بہنیں تیزاب گردن اور گلے پر لگنے سے زخمی ہوئی تھیں جنھیں اسپتال لے جایا گیا، شبہ ہے کہ میری بہن کا رشتہ نہ دینے کی رنجش پر عامر نے ساتھیوں سمیت بہنوں پر تیزاب پھینکا۔

    گذشتہ روز کراچی میں تیزاب گردی کا واقعہ پیش آیا تھا ، جہاں رشتہ نہ دینے پرملزم نے دوبہنوں پر تیزاب پھینک دیا تھا ، جس کے باعث دونوں کی آنکھیں ضائع ہوگئیں۔

    کورنگی میں بھائی اپنی بہنوں کو فیکٹری سے گھر لے کرجا رہا تھا تو راستے میں دو ملزمان نے تیزاب پھینک دیا، لڑکیوں کے والد نے بتایا کہ عامر نامی لڑکے نے ایک بیٹی کا رشتہ مانگا تھا، انکار پر کارروائی کی۔ تیزاب سے دونوں بیٹیوں کے چہرے متاثر ہوئے ہیں۔