Tag: تیزاب گردی

  • پڑوسی بہنوں پر تیزاب پھینکنے والا ملزم بہن سمیت گرفتار

    پڑوسی بہنوں پر تیزاب پھینکنے والا ملزم بہن سمیت گرفتار

    فیصل آباد: دو پڑوسی بہنوں پر تیزاب پھینکنے کے ملزم علیم کو اس کی بہن صفیہ سمیت گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں ایک ملزم علیم نے پڑوسی لڑکی کا رشتہ نہ ملنے پر اس پر تیزاب پھینک دیا تھا، جس سے وہ اور اس کی بہن شدید زخمی ہو گئی، پولیس نے فرار ملزم کو گزشتہ رات گرفتار کر لیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ فیصل آباد کے علاقے کوٹ عمرفاروق میں تیزاب گردی سے 2 بہنوں کے جھلس کر زخمی ہونے کا واقعہ پیش آیا تھا، ملزم علیم ایک لڑکی سے شادی کرنا چاہتا تھا لیکن انکار پر مشتعل ہوگیا۔

    پولیس کے مطابق 15 سالہ لڑکی 13 سالہ بہن کے ساتھ پڑوسی کےگھرگئی تھی، ملزم نے اپنی بہن کے ذریعے قرآن خوانی کے بہانے لڑکی کو گھر بلوایا تھا، اور پھر اس پر تیزاب پھینک دیا، جس سے ایک لڑکی کا چہرہ اور دوسری کی کمر جھلس گئی، ملزم واردات کر کے فرار ہو گیا تھا۔

    سگے بھائیوں نے بہن کی آنکھوں میں تیزاب ڈال دیا

    واقعے کے بعد متاثرہ لڑکیوں کے بہنوئی حبیب کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیاگیا تھا، تھانہ صدر میں درج مقدمے میں علیم اور اس کی بہن صفیہ کو ملزم نامزد کیا گیا، مقدمے میں 2 دفعات شامل کیے گئے ہیں۔

    ڈپٹی کمشنر محمد علی اور ایس ایس پی آپریشنز کاشف اسلم نے زخمی بہنوں کی عیادت کے لیے سول اسپتال کا دورہ بھی کیا، ملاقات میں انھوں نے انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔

    بعد ازاں، ملزم علیم کو ڈی ایس پی صدر جمشید اقبال ناصر چشتی کی سربراہی میں ایک چھاپا مار پارٹی نے گرفتار کیا۔ ادھر دونوں بہنوں کا سول اسپتال میں علاج جاری ہے۔

  • سگے بھائیوں نے بہن کی آنکھوں میں تیزاب ڈال دیا

    سگے بھائیوں نے بہن کی آنکھوں میں تیزاب ڈال دیا

    جھنگ: صوبہ پنجاب کے شہر جھنگ میں سگے بھائیوں نے شقی القلبی کا بدترین مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی شادی شدہ بہن کی آنکھوں میں تیزاب ڈال دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق جھنگ میں سگے بھائیوں نے دوسری شادی کرنے والی اپنی بہن شہناز مائی کی آنکھوں میں تیزاب ڈال دیا، بھائیوں نے ان کے شوہر اور بیٹے کو بھی اغوا کر لیا ہے۔

    خاتون شہناز مائی انصاف کے لیے لاہور ہائی کورٹ پہنچ گئی، جہاں جج نے ان کے شوہر اور بچے کی بازیابی کا حکم دے دیا۔

    رپورٹ کے مطابق خاتون شہناز مائی نے اپنے خاوند اور 2 سالہ بچے کی بازیابی کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے، جس میں خاتون نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ پہلے خاوند کی وفات کے بعد مرضی سے مظہر عباس سے شادی کی تھی۔

    انھوں نے بتایا کہ 10 روز قبل بھائیوں نے مجھے خاوند اور بیٹے سمیت اغوا کر لیا، بھائیوں نے تشدد کے بعدمیری آنکھوں میں تیزاب بھی ڈال دیا جس سے ایک آنکھ ضائع ہو گئی ہے۔

    درخواست گزار خاتون کے مطابق تیزاب سے ان کا بیٹا فرمان حیدر بھی جھلس گیا ہے اور وہ زخمی ہے۔

    خاتون کا کہنا تھا کہ وہ بھائیوں کی قید سے بھاگ کر جھنگ سے لاہور آ گئی ہیں، تاہم شوہر اور بیٹا تاحال بھائیوں کے پاس قید ہیں۔ خاتون نے عدالت سے استدعا کی کہ ان کے شوہر اور بیٹے کو بھائیوں کی قید سے بازیاب کرایا جائے۔

    جسٹس شہرام سرور چوہدری نے ایس ایچ او شورکوٹ اور احمد پور سیال کو خاتون کے شوہر اور بچے کو بازیاب کراتے ہوئے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

  • شادی سے انکار پر ملزم نے منگیتر پر تیزاب پھینک دیا

    شادی سے انکار پر ملزم نے منگیتر پر تیزاب پھینک دیا

    جڑاوالا: پنجاب میں شادی سے انکار پر درندہ صفت شخص نے اپنی منگیتر پر تیزاب پھینک دیا۔

    تفصیلات کے مطابق یہ افسوس ناک واقعہ پنجاب کے شہر جڑانوالا میں پیش آیا، لڑکی کے والدین نے کامران سے بیٹی کی منگنی ختم کردی تھی جس پر لڑکا طعیش میں آگیا۔

    ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ ملزم کامران نے ساتھی اکمل کے ساتھ مل کر لڑکی پر تیزاب پھینکا، متاثرہ لڑکی کو تشویش ناک حالت میں فیصل آباد ریفر کردیا گیا ہے۔

    سی پی او سہیل چوہدری نے تیزاب گردی کے واقعے کا نوٹس لے لیا اور پولیس کو مقدمے کے اندراج اور ملزم کی گرفتاری کی ہدایت جاری کردی۔ ان کا کہنا ہے کہ متاثرہ لڑکی کو انصاف فراہم کریں گے۔

    خیال رہے کہ ملک میں تیزاب گردی کے اس سے قبل بھی متعدد واقعات پیش آچکے ہیں۔

    کراچی، ناراض بیوی نے شوہر پر تیزاب پھینک دیا

    ملک کے مختلف شہروں میں زیادہ تر تیزاب گردی کے واقعات شادی سے انکار پر پیش آئے۔ 9 فروری کو شہر قائد کے علاقے عزیز آباد میں بیوی نے شوہر پر تیزاب پھینک دیا تھا جس کے نتیجے میں شوہر اور 10 سالہ بیٹا زخمی ہوگئے تھے۔

  • نازیہ کے چہرے پر تیزاب پھینکنے والے سفاک ملزم کو 34 سال قید کی سزا

    نازیہ کے چہرے پر تیزاب پھینکنے والے سفاک ملزم کو 34 سال قید کی سزا

    لاہور: خاتون کے چہرے پر تیزاب پھینکنے والے سفاک ملزم کو سزا مل گئی، عدالت نے جرم ثابت ہونے پر مجرم کو 34 سال قید کی سزا سنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت نے چار ماہ بعد تیزاب گردی کیس کا فیصلہ سنا دیا، مجرم ہمایوں مسیح کو عدالت نے تیزاب گردی کے مقدمے میں جرم ثابت ہونے پر مجموعی طور پر 34 سال قید کی سزا سنا دی۔

    عدالت کے حکم پر مجرم کو 22 لاکھ روپے جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگا، مجرم ہمایوں مسیح نے ذاتی رنجش پر نازیہ بی بی کے چہرے پر تیزاب پھینک دیا تھا، تیزاب گردی کے باعث خاتون کا چہرہ جھلسنے کے ساتھ ایک آنکھ بھی ضایع ہو گئی تھی۔

    ستمبر 2019 میں گرفتاری کے وقت

    مجرم کے خلاف ستمبر 2019 میں فیکٹری ایریا تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، اہل خانہ کا کہنا تھا کہ نازیہ بی بی نے ایک پنچایت میں ہمایوں مسیح کے خلاف گواہی دی تھی، پولیس کا کہنا تھا کہ 45 سالہ نازیہ عرف نازی میلاد چوک کی رہایشی اور کنٹونمنٹ بورڈ میں سینٹری ورکر تھی، واقعے کے روز کام پر جاتے ہوئے ہمایوں مسیح نے اس پر تیزاب پھینکا۔

    نازیہ مسیح کے اہل خانہ اے آر وائی نیوز سے گفتگو کے وقت

    یہ واقعہ گزشتہ برس ستمبر میں پیش آیا تھا، شکایت ملتے ہی چونگی امرسدھو کی نازیہ پر تیزاب پھینکنے والے ہمایوں مسیح کو پولیس نے چند گھنٹوں میں گرفتار کر لیا تھا، بعد ازاں خاتون کے شوہر کی درخواست پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

    متاثرہ خاتون کے اہل خانہ نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایک ذاتی رنجش پر ہمایوں مسیح نے بوتل میں تیزاب لا کر نازیہ کے سر پر انڈیل دیا تھا۔

  • سفاک نامعلوم افراد نے 5 سالہ معصوم بچے پر تیزاب پھینک دیا

    سفاک نامعلوم افراد نے 5 سالہ معصوم بچے پر تیزاب پھینک دیا

    ملتان: سفاک نامعلوم افراد نے 5 سالہ بچے منتظر پر تیزاب پھینک دیا اور فرار ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ملتان کے علاقے تھانہ صدر کی حدود میں نا معلوم ملزمان نے پانچ سالہ معصوم بچے پر تیزاب پھینک دیا تھا، پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ 5 سالہ بچے پر تیزاب پھینکنے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، مقدمہ اقدام قتل اور دہشت گردی کے دفعات کے تحت نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا، ایف آئی آر بچے کے والد مختار حسین کی مدعیت میں درج کی گئی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز سورج میانی میں نامعلوم افراد نے 5 سالہ بچے پر تیزاب پھینک کر شدید زخمی کر دیا تھا، بچے کو تشویش ناک حالت میں نشتر اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ تیزاب کے باعث بچے کا چہرہ اور گردن بری طرح متاثر ہوئی ہے۔

    یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ ملتان کے سورج میانی کے علاقے میں کسی نامعلوم سفاک خاتون نے بچے پر تیزاب پھینکنے کی واردات کی ہے، پولیس تھانہ صدر نے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

    یاد رہے کہ پنجاب بھر میں تیزاب گردی کے بڑھتے واقعات کو مد نظر رکھتے ہوئے صوبائی حکومت ایسڈ کنٹرول ایکٹ لانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، اس سلسلے میں ہیومن رائٹس کمیشن کی جانب سے مسودہ پنجاب حکومت کو بھجوا دیا گیا ہے۔

  • حکومت پنجاب کا تیزاب گردی کی شکار لڑکیوں کے لیے وظیفے کا اعلان

    حکومت پنجاب کا تیزاب گردی کی شکار لڑکیوں کے لیے وظیفے کا اعلان

    گجرات: حکومت پنجاب نے تیزاب گردی کی شکار لڑکیوں کے لیے وظیفے کا اعلان کر دیا.

    یہ اہم اعلان ترجمان وزیر اعلی پنجاب شہباز گل نے گجرات میں تیزاب گردی کی شکار لڑکی کے گھر آمد کے موقع پر کیا. شہبازگل نےوزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سےورثا کو 5 لاکھ کا امدادی چیک بھی دیا.

    شہباز گل نے اس موقع پر کہا کہ حکومت نے سڑکیں پل نہیں بنائے، توجہ قرض اتارنے پر رہی، ایک سال انسان کی فلاح و بہبود کی پالیسی پر عمل لیا، آئندہ سال اس پر مزید توجہ دی جائے گی.

    ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حکومت پنجاب متاثرہ خاندان کو تنہا نہیں چھوڑے گی، تیزاب گردی کرنے والے  کے خلاف پراسیکوشن انجام تک پہنچائی جائے گی.

    مزید پڑھیں: کراچی میں تیزاب گردی کا ایک اور واقعہ، شوہر نے بیوی پر تیزاب پھینک دیا

    شبہاز گل نے کہا کہ تیزاب گردی روکنے کے لیے قانون سازی کر لی ، تیزاب گردی کا شکار بچیوں کوماہانہ وظیفہ دیا جائے گا.

    ان کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب ملک کے کسی بھی حصے میں سانحات کے متاثرین کی مدد کرے گی، ہمارے توجہ ملک کی اور انسانوں کی فلاح پر مرکوز ہے.

  • کراچی میں تیزاب گردی کا ایک اور واقعہ، شوہر نے بیوی پر تیزاب پھینک دیا

    کراچی میں تیزاب گردی کا ایک اور واقعہ، شوہر نے بیوی پر تیزاب پھینک دیا

    کراچی: شہر قائد میں تیزاب گردی کا ایک اور واقعہ پیش آیا ہے، کورنگی چکرا گوٹھ میں شوہر نے بیوی پر تیزاب پھینک دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں تیزاب گردی کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا، کورنگی چکرا گوٹھ میں شوہر نے بیوی پر تیزاب پھینک دیا، متاثرہ خاتون کی شناخت عابدہ کے نا سے ہوئی۔

    رسیکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ خاتون کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل کلفٹن میں شوہر کے ہاتھوں بیوی پر تیزاب پھینکنے کا واقعہ پیش آیا تھا، تیزاب گردی کا شکار رقیہ سول اسپتال میں دم توڑ گئی تھی۔

    اسپتال انتظامیہ کے مطابق رقیہ 20 روز سے سول اسپتال میں زیر علاج تھی، رقیہ کی لاش لواحقین کے حوالے کردی گئی۔

    مزید پڑھیں: تیزاب گردی قتل سے بڑا جرم ہے اور سزا عمرقید ہے ،چیف جسٹس

    مقتولہ رقیہ کے لواحقین کا کہنا ہے کہ رقیہ کی لاش کو تدفین کے لیے بہاولپور لے جارہے ہیں، رقیہ پر اس کے شوہر عمران نے جولائی کو تیزاب پھینکا تھا۔

    لواحقین کا کہنا ہے کہ ملزم نے دو ہزار روپے نہ دینے پر اہلیہ پر تیزاب پھینکا تھا، ملزم کے خلاف تیزاب گردی، دہشت گردی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔

    واضح رہے کہ شوہر یا سسرال والوں کی جانب سے خواتین پر تیزاب گردی کا سلسلہ تھم نہ سکا ہے اس سے قبل اس طرح کے متعدد واقعات رونما ہوچکے ہیں۔

    یاد رہے کہ تیزاب گردی پر معروف فلمساز شرمین عبید چنائے نے ’سیونگ فیس‘ کے نام سے فلم بنائی تھی جس کو آسکر ایوارڈ دیا گیا تھا۔

  • ابوظبی: فون کا پاس ورڈ نہ دینے پر شوہر نے بیوی کو قتل کردیا

    ابوظبی: فون کا پاس ورڈ نہ دینے پر شوہر نے بیوی کو قتل کردیا

    ابوظبی: متحدہ عرب امارات میں شوہر نے بیوی کو فون کا پاس ورڈ نہ دینے پر موت کے گھاٹ اتار دیا۔

    عرب میڈیا کے مطابق ابوظبی کے شہری نے بیوی کو موبائل فون کا پاس ورڈ نہ دینے پر قتل کردیا، پولیس حکام کے مطابق ملزم نے اپنی اہلیہ کے منہ اور جسم پر تیزاب پھینکا جس کے باعث اس کی ہلاکت ہوئی۔

    رپورٹ کے مطابق مقتولہ کی شادی 17 برس قبل ہوئی جس کے بعد ان کے یہاں چھ بچوں کی پیدائش ہوئی جن کی عمریں 3 سے 16 سال کے درمیان ہیں۔

    خاتون کے سب سے بڑے صاحب زادے کا کہنا ہے کہ حادثے کے دن والد جب گھر میں داخل ہوئے تھے ان کے ہاتھ میں ایک کالے رنگ کا بیگ تھا وہ والدہ سے موبائل فون کا پاس ورڈ مانگ رہے تھے۔

    مزید پڑھیں: ابوظبی: خاتون کو شوہر کو سرپرائز دینا مہنگا پڑ گیا

    مقتولہ کے بیٹے کے مطابق جب والدہ نے پاس ورڈ دینے سے انکار کیا تو والد نے بیگ سے تیزاب کی بوتل نکال کر والدہ کے چہرے اور جسم پر تیزاب پھینک دیا۔

    خاتون کے بچوں کی جانب سے والدہ کو بچانے کی ہرممکن کوشش کی گئی لیکن وہ ناکام رہے بعدازاں خاتون کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔

    ابوظبی کی عدالت نے جرم ثابت ہونے پر سفاک ملزم کو سزائے موت سنادی، ملزم کی جانب سے معافی کی درخواست دائر کی گئی جسے مسترد کردیا گیا۔

  • چیف جسٹس کی تیزاب گردی کا شکار ہونے والی خاتون کی داد رسی

    چیف جسٹس کی تیزاب گردی کا شکار ہونے والی خاتون کی داد رسی

    لاہور: تیزاب گردی کی شکار خاتون کی درخواست پر سپریم کورٹ میں کیس کی سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں کیسز کی سماعت کی، انھوں نے تیزاب گردی کا شکار ہونے والی خاتون کی داد رسی کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کا حکم جاری کر دیا۔

    [bs-quote quote=”ملزمان گرفتار نہ ہوئے تو متعلقہ پولیس افسر کے خلاف کارروائی ہوگی: چیف جسٹس” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    عدالت نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے ڈی آئی جی سے تحقیقاتی رپورٹ ایک ہفتے میں طلب کر لی، انھوں نے متنبہ کیا کہ اگر ملزمان کو گرفتار نہ کیا تو متعلقہ پولیس افسر کے خلاف کارروائی ہوگی۔

    چیف جسٹس ثاقب نثار نے کیس کی سماعت کے دوران استفسار کیا کہ جلد کی بہترین سرجری کس اسپتال میں ہوتی ہے، انھوں نے متاثرہ خاتون کا بہترین علاج کروانے کا حکم بھی دیا۔


    یہ بھی پڑھیں:  تیزاب گردی کے شکار افراد کے بنائے گئے مصوری کے فن پارے


    یاد رہے کہ گرین ٹاؤن کی رہائشی نائلہ بی بی کی شادی بہاولپور میں ہوئی تھی، بعد ازاں نائلہ بی بی نے شوہر سے طلاق لے لی جس پر سابق شوہر نے ان کے چہرے پر تیزاب پھینک دیا۔

    خیال رہے کہ پنجاب کے مختلف شہروں میں تیزاب گردی کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، تین ہفتے قبل لاہور میں چھ خواتین پر تیزاب پھینکا گیا، گجرات یونی ورسٹی میں تین طالبات تیزاب گردی کا شکار ہوئیں۔

    تیزاب گردی کے مختلف واقعات رونما ہو رہے ہیں، فیصل آباد میں شادی سے انکار پر بیوہ خاتون پر تو ایک اور کیس میں بیوی نے شوہر پر تیزاب پھینک کر جان سے مار دیا تھا۔

  • لاہور میں تیزاب گردی کے واقعات میں اضافہ

    لاہور میں تیزاب گردی کے واقعات میں اضافہ

    لاہور : پنجاب کے دارلحکومت لاہور میں تیزاب گردی کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا، گجر پورہ میں نوجوان نے اہل خانہ پر تیزاب پھینک دیا جبکہ گزشتہ روز  بھی 5 خواتین سمیت 6 افراد پر تیزاب پھینکا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق تیزاب گردی کے پے در پے واقعات سے پنجاب میں خوف کی لہر دوڑ گئی، ٹوبہ ٹیک سنگھ کے علاقے گوجرہ میں تیزاب گردی کی لرزہ خیز واردات ہوئی، چک 92 ج ب میں نوجوان نے اہل خانہ پر تیزاب پھینک دیا، جس سے حاملہ خاتون جاں بحق، اور اسکاخاوند اور دو بچے زخمی ہو گئے۔

    مقتولہ کے خاوند انور کی آنکھیں اور چہرہ شدید متاثر ہوا ،دو بچے آٹھ سالہ محسن اور سات سالہ عادل بھی تیزاب حملے میں زخمی ہوئے ہیں، واردات کے بعد ملزم صفدر موقع سے فرار ہو گیا۔

    ملزم صفدر کو انور کی بیٹی کو ہراساں کرنے پر گاؤں بدر کیا گیا تھا، تیزاب حملے میں متاثرہ افراد کو الائیڈ ہسپتال جبکہ مقتولہ کی نعش ٹی ایچ کیو منتقل کر دی گئی۔ پولیس ملزم کی گرفتاری کے لئے چھاپے مار رہی ہے۔

    ایک اور واقعہ میں لاہور کے علاقے گجر پورہ میں نوجوان نے 20 سالہ لڑکی پر تیزاب پھینک دیا، آمنہ گھر سے مارکیٹ جا رہی تھی کہ وسیم نامی نوجوان نے اس پر تیزاب پھینک دیا، جس سے اس کا چہرہ اور جسم جھلس گیا۔

    پولیس تاحال ملزم کو گرفتار نہیں کر سکی۔

    گذشتہ روز بھی لاہور میں تیزاب گردی کے واقعہ میں سفاک شوہر نے بیوی بیٹی، سالی اور ساس پر تیزاب پھینک دیا تھا۔

    شفاقت ناراض بیوی کے گھر واپس نہ آنے پر سخت غصے میں تھا، بیوی نمرہ اور گھر والے چنگچی رکشے میں جا رہے تھے کہ شفاقت نے ان پر تیزاب پھینک کر زخمی کردیا، بیوی اور دو بچوں سمیت چھ افراد شفاقت کی تیزاب گردی کا نشانہ بنے۔

    پولیس کا کہنا ہے شفاقت کی نمرہ سے تین سال قبل شادی ہوئی، جھگڑے کے بعد نمرہ نے طلاق مانگی تھی۔