Tag: تیزگام

  • ڈانس پارٹی کے بعد تیزگام آپریٹر نے ریلوے کو کروڑوں روپے کی ادائیگی روک دی

    ڈانس پارٹی کے بعد تیزگام آپریٹر نے ریلوے کو کروڑوں روپے کی ادائیگی روک دی

    کراچی: ڈانس پارٹی کے بعد تیزگام آپریٹر نے ریلوے کو کروڑوں روپے کی ادائیگی بھی روک دی۔

    تفصیلات کے مطابق تیز گام ٹرین کے نجی آپریٹر کی من مانیاں عروج پر ہیں، آپریٹر نے ڈانس پارٹی کے بعد محکمہ ریلوے کو کروڑوں روپے کی ادائیگی بھی روک دی۔

    تیز گام کی ڈائننگ کار میں رقص کی محفل کے واقعے کے بعد کرائے کی مد میں ایڈوانس پیسے جمع نہیں کرائے گئے، ذرائع کا کہناہے کہ نجی آپریٹر ایڈوانس بکنگ کی مد میں کروڑوں روپے مسافروں سے وصول کر چکا ہے۔

    ذرائع کے مطابق نجی آپریٹر مسافروں سے کروڑوں روپے وصول کر کے محکمہ ریلوے کو جمع نہیں کرا رہا، رقم جمع نہ کرانے سے محکمہ ریلوے کو کروڑوں روپے نقصان ہوگا۔

    یاد رہے کہ ٹرین میں رقص کی محفل سجانے پر ٹرین کے نجی آپریٹر این سی ایس کمپنی کو شوکاز نوٹس جاری کیا جا چکا ہے، محکمہ ریلوے نے کراچی، سکھر، لاہور اور ملتان کے ڈی سی اوز کو تیز گام کا نتظام سنبھالنے کی ہدایت بھی کر دی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نجی آپریٹر نے معاہدے کے مطابق کرائے کی رقم کی پیشگی ادائیگی روک دی ہے، معاہدے کی شق کی خلاف ورزی پر محکمہ ریلوے نے راولپنڈی اور کراچی سے چلنے والی تیز گام میں پلیٹ فارم اور ٹرین میں ٹکٹ جاری اور چیک کرنے کا انتظام سنبھال لیا ہے۔

    محکمہ ریلوے نے ہفتے سے ٹرین کے ٹکٹ جاری کرنے کا نظام واپس لیا، جب کہ آج اتوار کو راولپنڈی اور کراچی سے چلنے والی ٹرین میں محکمہ ریلوے کا عملہ تعینات کیا گیا ہے۔

  • ترک صدرطیب اردوان کا تیزگام سانحے پر اظہارِ افسوس

    ترک صدرطیب اردوان کا تیزگام سانحے پر اظہارِ افسوس

    انقرہ: ترک صدر رجب طیب اردوان نے گزشتہ روز پیش آنے والے تیز گام ایکسپریس سانحے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندانوں سے اظہار تعیزت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعاد کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے سانحہ تیز گام ایکسپریس میں قیمتی جانوں کے نقصان پر متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

    اپنے تعزیتی بیان میں صدر اردوان نے کہا کہ پاکستان کےعوام سےٹرین سانحے پرتعزیت کا اظہارکرتاہوں اور دعاگو ہوں کہ سانحے کے زخمی جلد صحتیاب ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ اللہ انسانیت کوایسےحادثات،آفتوں اور مصیبتوں سےمحفوظ رکھے۔

    یہ بھی پڑھیں: برطانوی شاہی جوڑے کا تیزگام حادثے پر افسوس کا اظہار

    اس سے قبل برطانوی شاہی جوڑے نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان دورے سے کچھ دن پہلے ہی لوٹے اور اب ٹرین حادثے کی خبر افسوسناک ہے، ہماری دعائیں اور ہمدردیاں ٹرین میں جاں بحق افراد کے متاثرین کے ساتھ ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیز گام ایکسپریس میں پنجاب کے علاقے لیاقت پور کے قریب گیس سلینڈر پھٹنے سے آتشزدگی کے باعث 74 افراد جاں بحق اور متعدد مسافر زخمی ہوگئے تھے۔

    تیزگام ایکسپریس کو حادثہ صبح چھ بجکر پندرہ منٹ پر پنجاب کے ضلع رحیم یار خان کی تحصیل لیاقت پور میں چنی گوٹھ کے نزدیک چک نمبر 6 کے تانوری اسٹیشن پر پیش آیا تھا۔

    وزیراعظم عمران خان نے حادثے پر اپنے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا تھا اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔

  • لیاقت پور: تیزگام کی 3 بوگیوں میں آگ لگ گئی، 74 افراد جاں بحق

    لیاقت پور: تیزگام کی 3 بوگیوں میں آگ لگ گئی، 74 افراد جاں بحق

    لیاقت پور: صوبہ پنجاب کے شہر لیاقت پور کے قریب تیز گام ٹرین کی 3 بوگیوں میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں 74 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیز گام ٹرین کی 3 بوگیوں میں آگ لگ گئی، حادثے میں 74 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 12 مسافروں کی حالت تشویش ناک ہے۔

    ڈی سی رحیم یار خان کے مطابق آگ سلینڈر پھٹنے کے باعث لگی، 40 سے زائد مسافر زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں کو طبی امداد کے لیے احمد پور شرقیہ، بہاولپور اسپتال منتقل کیا گیا۔

    ایم ایس ڈی ایچ کیو لیاقت پور کے مطابق شدید زخمیوں کو شیخ زید اسپتال منتقل کیا گیا۔

    ڈی سی رحیم یار خان کے مطابق تیز گام ایکسپریس کی بوگیوں میں لگنے والی آگ بجھا دی گئی، کولنگ کا عمل جاری ہے۔ ریسکیو 1122 کی 10 گاڑیوں نے آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیا۔

    آئی ایس پی آر

    ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے جوان تیزگام حادثے کے مقام پر پہنچ گئے، پاک فوج کے جوان سول انتظامیہ سے مل کر امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاک فوج کے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس اسٹاف بھی امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹربھی حادثےکی جگہ پہنچ گیا، آرمی ہیلی کاپٹر کے ذریعے زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔

    شیخ رشید احمد نے حادثے کی رپورٹ طلب کرلی

    ریلوے حکام کے مطابق ٹرین سلینڈر لے جانے کی اجازت نہیں ہے اور تحقیقات کے بعد اس بات کا تعین کیا جائے گا کہ کس کی غفلت کے باعث مسافر ٹرین میں سلینڈر لے کر سوار ہوئے۔ وفاقی وزیرے ریلوے شیخ رشید احمد نے ٹرین حادثے کی رپورٹ طلب کرلی۔

    وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے اے آروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 9 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے، ٹرین کے اکانومی کلاس میں آگ لگی ہے، تبلیغی جماعت کے لوگ اجتماع میں جا رہے تھے۔

    شیخ رشید احمد نے کہا کہ دو گھنٹے میں ٹریک کو بحال کردیا جائے گا، جاں بحق ہونے والوں میں تبلیغی جماعت والوں کے لوگ شامل ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ریلوے کی جانب سے چولہے وغیرہ لے جانے پر پابندی ہے، ٹرین میں کھانے سے متعلق اشیا پربہت سختی ہونی چاہیے۔

    سی ای او ریلوے کا کہنا ہے کہ تبلیغی جماعت کے مسافر کھانا بنانے کا سامان لے کر جاتے ہیں، متاثرہ بوگیوں کو الگ کر دیا گیا تھا اس لیے بڑا نقصان نہیں ہوا۔

    سی ای اور یلوے اعجاز بریرو نے کہا کہ آگ بجھانے کا سامان ہوتا ہے مگر وہ زیادہ تعداد میں نہیں ہے، چلتی ٹرین میں ہوا کے باعث سلینڈر کی آگ پھیلی۔

    ڈی سی او جنید اسلم نے کہا کہ متاثرہ 3 بوگیوں میں 207 مسافرسوار تھے، اکانومی کلاس کی 2 بوگیوں میں مسافر زیادہ تر حیدرآباد سے سوار ہوئے، اکانومی کلاس کی 2 بوگیاں امیر حسین اینڈ جماعت کے نام سے بک تھیں۔

    انہوں نے بتایا کہ اکانومی کی ایک بوگی میں77، دوسری میں 76 مسافرسوار تھے، متاثرہ تیسری بزنس کلاس کی بوگی میں 54 مسافر سوار تھے۔

    ڈویژنل کمرشل آفیسر کا کہنا تھا کہ معلومات کے لیے کراچی ڈویژن نے 02199213506 نمبر جاری کیا ہے، کراچی سے ٹرین شیڈول متاثر نہیں ہے، وقت پر روانہ ہوں گی۔

    وزیرصحت پنجاب یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ بہاولپور،رحیم یارخان کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، زخمی افراد کے بہترین علاج کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

    ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ جاں بحق و زخمی افراد کی فہرستیں آویزاں کی جائیں، شدید زخمی مسافروں کو ملتان برن یونٹ منتقل کیا جا رہا ہے۔

    ایم ایس ڈی ایچ کیو لیاقت پور ندیم ضیا نے بتایا کہ 12 مسافروں کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 14 مسافروں کی لاشیں نا قابل شناخت ہیں۔

    مسافروں کی تفصیل

    کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیز گام ٹرین کی 3 بوگیوں میں سوار مسافروں کی تفصیل سامنے آگئی، ریزرویشن لسٹ کے مطابق 54 مسافر 11 نمبر بوگی میں سوار تھے، 78مسافر بارہ نمبر بوگی میں سوار تھے۔

    ریزرویشن لسٹ کے مطابق 78مسافر ہی 13 نمبر بوگی میں سوار تھے، کراچی سے راولپنڈی تک 3 مسافروں کی بکنگ تھی، کراچی سے لاہور تک 3، ٹنڈوآدم سے اوکاڑہ تک 3 مسافر سوار تھے۔

    ریزرویشن لسٹ کے مطابق ٹنڈوآدم سے رائیونڈ تک کے 27 مسافر سوار تھے، حیدر آباد سے رائیونڈ تک کے 10 اور صادق آباد سے رائیونڈ کے 2 مسافر سوار تھے، روہڑی سے رائیونڈ تک کے 3 مسافر سوار تھے۔

  • کراچی جاتے ہوئے تیز گام کی لاہور یارڈ میں 3 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں

    کراچی جاتے ہوئے تیز گام کی لاہور یارڈ میں 3 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں

    لاہور: پاکستان ریلوے کی ایک اور ٹرین کو حادثہ پیش آ گیا، کراچی جاتے ہوئے تیز گام کی لاہور یارڈ میں 3 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق تیزگام ٹرین کی تین بوگیاں لاہور یارڈ میں پٹری سے اتر گئیں، ریل کراچی جا رہی تھی، ترجمان ریلوے کا کہنا تھا کہ متبادل کوچز لگا کر 40 منٹ تک ٹرین کو روانہ کر دیا جائے گا۔

    ریلوے ترجمان نے بتایا کہ اسٹیشن پر آنے اور جانے والی ٹرینوں کے لیے راستہ کلیئر ہے، پٹری سے اترنے والی کوچز کو ٹریک سے اٹھایا جا رہا ہے، جلد ہی ٹریک بھی کلیئر کر دیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ دو دن قبل حیدر آباد کے قریب کراچی سے جانے والی جناح ایکسپریس ایک ہی ٹریک پر چلنے والی مال گاڑی سے ٹکرا گئی تھی، اس حادثے میں تین افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی سے جانے والی جناح ایکسپریس مال گاڑی سے ٹکرا گئی، تین افراد جاں بحق

    جاں بحق ہونے والوں میں جناح ایکسپریس کا ڈرائیور اور اسسٹنٹ ڈرائیور اور گارڈ شامل تھے، حادثہ اتنا شدید تھا ٹرینوں کے ٹکرانے کی آواز دور دور تک سنی گئی، جناح ایکسپریس کا انجن جل کر مکمل تباہ ہو گیا۔

    ذرایع کے مطابق نا تجربہ کار افسران کی وجہ سے ریلوے آپریشن کئی عرصے بری طرح متاثر ہے، چند ماہ میں متعدد گاڑیوں کے پٹری سے اترنے کے واقعات رونما ہو چکے ہیں۔

    گزشتہ روز اپوزیشن نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ جب سے انھیں وزارت ملی ہے، ٹرینوں کے حادثات بڑھ گئے ہیں۔