Tag: تیز ترین انٹرنیٹ

  • جاپانی انجینئرز کا کارنامہ، تیز رفتار انٹرنیٹ کا نیا عالمی ریکارڈ

    جاپانی انجینئرز کا کارنامہ، تیز رفتار انٹرنیٹ کا نیا عالمی ریکارڈ

    ٹوکیو: جاپانی انجینئرز نے ناقابل یقین تیز رفتار انٹرنیٹ کا نیا عالمی ریکارڈ بنا لیا۔

    تفصیلات کے مطابق جاپانی انجینئرز نے آپٹیکل فائبرز کے ذریعے فی سیکنڈ کی ناقابلِ یقین رفتار سے 319 ٹیرابائٹس ڈیٹا منتقل کر کے نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔

    انجینئرز نے تجربے کے دوران صرف ایک سیکنڈ میں تقریباً 817 بلیو رے ڈسک جتنا ڈیجیٹل ڈیٹا منتقل کیا، یہ کارنامہ جاپان کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن اینڈ کمیونی کیشنز ٹیکنالوجی (این آئی سی ٹی) کے انجینئرز نے ڈاکٹر بنجمن پٹمین کی قیادت میں یہ انجام دیا۔

    آپٹیکل فائبرز سے تیز رفتار ترین ڈیٹا منتقلی کا سابقہ عالمی ریکارڈ 178 ٹیرابائٹس فی سیکنڈ کا تھا، جو پچھلے برس یونیورسٹی کالج لندن کے انجینئرز نے بنایا تھا، نیا ریکارڈ گزشتہ ریکارڈ سے بھی تقریباً 80 فی صد زیادہ ہے۔

    واضح رہے کہ ڈیٹا ٹرانسفر کی یہ ٹیکنالوجی ’ویو لینتھ ڈویژن ملٹی پلیکسنگ‘ (WDM) کہلاتی ہے جس میں ایک لیزر شعاع کو 552 الگ الگ چینلوں میں توڑ کر 4 آپٹیکل فائبرز میں بھیج دیا جاتا ہے، جو ایک ہی کیبل میں موجود ہوتی ہیں۔

    اس انتظام کے تحت ڈیٹا منتقلی کی اوسط رفتار 580 گیگا بائٹس فی سیکنڈ رہی جب کہ زیادہ سے زیادہ رفتار 319 ٹیرا بائٹس فی سیکنڈ ریکارڈ کی گئی۔

    ہر 70 کلومیٹر کے بعد ایمپلی فائر لگائے جاتے ہیں، جو آپٹیکل فائبرز سے آنے والے سگنلز کو نئے سرے سے طاقت ور بنا کر مزید آگے بھیج دیتے ہیں، اس طرح ڈیجیٹل ڈیٹا درست طور پر اپنی منزل تک پہنچ جاتا ہے۔

  • تیز ترین انٹرنیٹ، سندھ کے لیے وفاق کی جانب سے بڑی خوش خبری

    تیز ترین انٹرنیٹ، سندھ کے لیے وفاق کی جانب سے بڑی خوش خبری

    کراچی: سندھ کے مختلف اضلاع میں فائبر آپٹیکل کیبل بچھانے کے 2 الگ الگ معاہدوں پر دستخط کر دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکشن کے تحت سندھ کے لیے 3 ارب روپے کے دو منصوبوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔

    دونوں منصوبوں پر مجموعی لاگت 3 ارب روپے سے زائد آئے گی، جن کی تکمیل پر سکھر، خیرپور، گھوٹکی اور کشمور اضلاع کے مختلف علاقوں کی 140 یونین کونسلوں کے 47 لاکھ سے زائد افراد کو تیز ترین انٹرنیٹ کی سہولیات میسر آ سکیں گی۔

    معاہدوں پر دستخط وزارت آئی ٹی کے ادارے یونی ورسل سروس فنڈ کے سی ای او حارث محمود چوہدری اور پی ٹی سی ایل کے قائم مقام سی ای او ندیم خان نے کیے۔

    منصوبوں کی تکمیل سے مذکورہ اضلاع میں 5 مربع کلومیٹر کی حدود میں آنے والے 372 تعلیمی ادارے، 170 صحت کے مراکز، 217 سرکاری دفاتر اور 131 بینکوں کو تیز ترین انٹرنیٹ سے منسلک کیا جا سکے گا۔

    وفاقی وزیر سید امین الحق کا کہنا تھا کہ سندھ کے دیہی علاقوں تک آئی ٹی خدمات پہنچانے کا عمل جاری ہے، سندھ میں 6 ارب روپے سے زائد رقم سے فائبر آپٹک کو پچھایا جارہا ہے۔

    انھوں نے کہا حکومت ای پارلیمنٹ پر بھی کام کر رہی ہے، جون 30 کے بعد پارلیمنٹ میں ہر سیٹ پر ٹیلنٹ آویزاں ہوگا۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کرونا وبا میں پاکستان کی آئی ٹی ایکسپورٹ میں اضافہ ہوا ہے، سال 2018۔19 میں آئی ٹی ایکسپورٹ 99 کروڑ 50 لاکھ ڈالر تھی، جب کہ سال 2019۔20 میں ایکسپورٹ 1 ارب 23 کروڑ ڈالر ہو گئی، آئی ٹی کی ایکسپورٹ میں 24 فی صد اضافہ ہوا۔