Tag: تیز ہواؤں

  • ملک میں بارشوں کا نیا سسٹم داخل، کہاں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوگی؟

    ملک میں بارشوں کا نیا سسٹم داخل، کہاں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوگی؟

    اسلام آباد(4 اگست 2025): ملک میں بارشوں کا نیا سسٹم داخل ہوگیا، محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر حصوں میں آج سے جمعرات تک موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کردی۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ چھ اگست کو بلوچستان میں بھی تیزبارش کا امکان ہے، راولپنڈی اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے بادل برس پڑے۔

    محکمہ موسمیات نے پنجاب کے 20 سے زائد اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے جبکہ ملک کے میدانی علاقوں میں گرمی اور حبس کی لہر برقرار رہے گی۔

    محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سیالکوٹ، نارووال، میرپور آزاد کشمیر میں بھی تیز اور ہلکی بارش ہوئی ہے، کراچی کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔

    موسم سے متعلق خبریں

    محکمہ موسمیات کے مطابق مظفرآباد، راولا کوٹ، وادی نیلم، دیامر، اسکردو اور گلگت میں شدید بارشوں کا امکان ہے، پہاڑی علاقوں میں اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے، بارش کا نیا سلسلہ پہلے سے موجود سیلابی صورت حال مزید سنگین بنا سکتا ہے۔

    دوسری جانب ملک کے بالائی علاقوں میں آج بھی بارش کا انتباہ جاری کیا گیا ہے جس کے پیش نظر عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایات جاری کردی گئیں۔

  • تیز ہواؤں کے باعث سمندر میں کشتی الٹ گئی، ایک ماہی گیر جاں بحق

    تیز ہواؤں کے باعث سمندر میں کشتی الٹ گئی، ایک ماہی گیر جاں بحق

    کراچی: شہر قائد کے علاقے ابراہیم حیدری کے قریب کھلے سمندر میں تیز ہواؤں کے باعث کشتی الٹ گئی جس کے نتیجے میں ایک ماہی گیر جاں بحق ہوگیا۔

    ترجمان کوسٹل میڈیا سینٹر کے مطابق کراچی کے علاقے ابراہیم حیدری کے قریب تیز ہواؤں کے باعث سمندر میں کشتی الٹ گئی جس کے نتیجے میں متعدد ماہی گیر زخمی جبکہ ایک ماہی گیر جاں بحق ہوگیا۔

    ترجمان کوسٹل میڈیا سینٹر نے بتایا کہ کشتی میں 16ماہی گیر سوار تھے، حادثے کے شکار تمام ماہی گیروں کا تعلق ابراہیم حیدری سے ہے۔

    ترجمان نے بتایا کہ سمندر میں پھنسے ماہی گیروں کو ریسکیو کیا جا رہا ہے، جاں بحق ہونے والے ماہی گیر کی شناخت محمد کے نام سے ہوئی ہے۔

  • بدین : تیز ہواؤں اورمٹی کا طوفان، 40 گھرجل کر خاکستر

    بدین : تیز ہواؤں اورمٹی کا طوفان، 40 گھرجل کر خاکستر

    بدین : مٹی کے طوفان نے ضلع بدین میں تباہی مچا دی۔ گرد آلود ہواؤں نے شہریوں کا جینا محال کر دیا۔ بدین کے ساحلی علاقوں میں فصلوں کو زبردست نقصان پہنچا ہے۔ مختلف گوٹھوں میں تیز ہوا کے باعث لگنے والی آگ نے 40 سے زائد گھروں کو نذر آتش کر دیا۔

    ضلع بدین میں مٹی کے طوفان اور تیز ہوا کے باعث مختلف گوٹھوں میں آگ لگنے کے مختلف واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، ریسکیو حکام کے مطابق بدین کے تعلقہ گولارچی ، تعلقہ تلہار اور تعلقہ بدین کے گاؤں یوسف سومرو میں آگ کی وجہ سے 40گھر جل کر خاکستر ہو چکے ہیں۔

    اس دوران ضلع بھر کی 7 فائر ٹینڈرز کی جانب سے مختلف ریسکیو اپریشن کئے گئے لیکن ان میں سے کسی بھی جگہ بروقت نہ پہنچنے کے سبب شہریوں کو لاکھوں روپے کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ صرف بدین کے گاؤں یوسف سومرو میں لگنے والی آگ نے 20 سے زائد گھروں کو پل بھر میں جلا کر خاک کر دیا۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق گوٹھوں میں کھانا پکانے کے لئے لکڑی جلائی جاتی ہے اور گھر کچے ہوتے ہیں تیز ہوا کے باعث لکڑی کی آگ کی چنگاریوں نے کچے گھروں میں آگ بھڑکا دی جسے بروقت کنٹرول نہ کئے جانے کے سبب شہریوں کو نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

    گاؤں یوسف سومرو میں متاثرہ خاندان کھلے آسمان تلے بیٹھے ہیں۔ جبکہ اسی گائوں میں 5 بکریاں بھی تیز آگ کی لپیٹ میں آ کر جل گئیں۔ بدین شہر میں مٹی کے طوفان کے باعث سائن بورڈ اکھڑ گئے جبکہ گردآلود ہواؤ ں نے نظام زندگی معطل کئے رکھا۔