Tag: تیسری بار صدر

  • کیا امریکی عوام ٹرمپ کو تیسری بار صدر دیکھنا چاہتے ہیں؟

    کیا امریکی عوام ٹرمپ کو تیسری بار صدر دیکھنا چاہتے ہیں؟

    واشنگٹن: ایک طرف جب کہ ٹرمپ کی تیسری مدت صدارت کے لیے مہم چل رہی ہے، وہیں امریکی عوام اور ریپبلکنز نے ایک سروے میں اس سلسلے میں اظہار ناراضی کیا ہے۔

    ریپبلکنز ووٹرز نے ایک سروے میں رائے دی ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو تیسری بار الیکشن نہیں لڑنا چاہیے، جب کہ امریکی صدر نے گزشتہ ماہ انٹرویو میں دعویٰ کیا تھا کہ امریکی عوام چاہتے ہیں کہ تیسری بار صدر بنوں، یہ خیال رہے کہ امریکی آئین کے تحت کوئی شخص 2 بار سے زیادہ صدارت کے منصب پر فائز نہیں ہو سکتا۔

    ایسوسی ایٹڈ پریس نے رپورٹ کیا ہے کہ ایک نئے سروے سے معلوم ہوا ہے کہ بہت سے امریکی اس بات سے متفق نہیں ہیں کہ صدر ٹرمپ اپنے ایجنڈے کو زور و شور سے نافذ کرنے کے لیے جارحانہ کوششیں کرتے رہیں، یہاں تک کہ ریپبلکنز بھی اس بات پر بہت زیادہ قائل دکھائی نہیں دیتے کہ صدر کی توجہ صحیح جگہ پر ہے۔

    ٹرمپ سروے

    یہ سروے ایسوسی ایٹڈ پریس کے NORC سینٹر فار پبلک افیئرز ریسرچ نے کیا ہے، جس میں دگنے امریکیوں نے رائے دی ہے کہ ٹرمپ زیادہ تر غلط ترجیحات پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں، ان سے نصف تعداد میں امریکیوں کا خیال تھا کہ صدر کی ترجیحات صحیح ہیں۔


    پوپ کی تدفین پر زیلنسکی سے ملاقات، واپسی پر ٹرمپ نے روسی صدر کے خلاف پوسٹ کر دی


    10 میں سے 4 امریکیوں کا کہنا ہے کہ ٹرمپ اپنی دوسری مدت میں ’’خوفناک‘‘ صدر رہے ہیں، اور تقریباً 10 میں سے 1 کا کہنا ہے کہ وہ ’’ناقص‘‘ رہے ہیں۔ اس کے برعکس 10 میں سے تقریباً 3 کا کہنا ہے کہ وہ ’’زبردست‘‘ یا ’’اچھے‘‘ رہے ہیں، جب کہ 10 میں سے صرف 2 سے کم کا کہنا ہے کہ وہ ’’اوسط‘‘ رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ ٹرمپ اسٹور نے تیسری مدت صدارت کی انتخابی مہم کے لیے تیار ہیٹ کی فروخت شروع کر دی ہے، اس سلسلے میں امریکی صدر کے بیٹے ایریک ٹرمپ کی ’ٹرمپ 2028‘ ہیٹ پہنے تصویر وائرل ہو رہی ہے۔

  • ڈونلڈ ٹرمپ تیسری بار بھی صدارتی کرسی پر بیٹھنے کے خواہشمند

    ڈونلڈ ٹرمپ تیسری بار بھی صدارتی کرسی پر بیٹھنے کے خواہشمند

    واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ آئین کے اندر وائٹ ہاؤس میں تیسری مدت کی صدارت کے حصول کے طریقے موجود ہیں، میں مذاق نہیں کررہا۔

    یہ بات انہوں نے این بی سی نیوز کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے کہی ان کا کہنا تھا کہ تیسری مدت کے معاملے میں وہ مذاق بالکل نہیں کر رہے، اس کیلیے انہوں نے ایک آئینی راستے کا بھی حوالہ دیا۔

    ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ کچھ راستے موجود ہیں جن کے ذریعے امریکی آئین کی اس حد سے تجاوز کیا جا سکتا ہے جو صدور کو تیسری مدت کے لیے عہدہ رکھنے سے روکتا ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ بہت سے لوگ چاہتے ہیں کہ میں ایسا کروں لیکن میں ان سے کہتا ہوں کہ ابھی بہت وقت باقی ہے، تاہم یہ ابتدائی مرحلہ ہے۔

    انٹرویو میں ٹرمپ سے پوچھا گیا کہ آیا وہ اپنی دوسری مدت مکمل ہونے کے بعد بھی اقتدار میں رہنے کی کوشش کریں گے؟ جس کے جواب میں ٹرمپ نے میزبان کو بتایا کہ ایسے طریقے موجود ہیں جن کے ذریعے آپ ایسا کر سکتے ہیں۔

    ٹرمپ نے کہا کہ ٹھیک ہے، کچھ منصوبے ہیں لیکن پھر فوراً ہی اپنی بات کی تصحیح کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے نہیں بلکہ طریقے ہیں،ایسے طریقے جن کے ذریعے آپ ایسا کرسکتے ہیں۔

    دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ کے اتحادی اسٹیو بینن نے نیوز نیشن کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ انہیں یقین ہے کہ ٹرمپ 2028 میں دوبارہ انتخاب لڑیں گے اور جیتیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ موجودہ امریکی صدر کے تیسری مدت حاصل کرنے کے لیے ”کئی متبادل طریقے“ موجود ہو سکتے ہیں۔

    مزید پڑھیں : ڈونلڈ ٹرمپ کو تیسری بار صدر بنانے کی تیاریاں شروع

    واضح رہے کہ ری پبلکنز نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تیسری مدت کے لیے آئینی ترمیم کے لیے کوششیں شروع کردی ہیں، امریکی ایوان میں صدر کو تیسری بار منتخب کرنے کی قرارداد پیش کردی گئی ہے۔