Tag: تیسری توسیع

  • ویڈیوز: مسجد الحرام کی تیسری توسیع کا بڑا حصہ نماز کے لیے کھول دیا گیا

    ویڈیوز: مسجد الحرام کی تیسری توسیع کا بڑا حصہ نماز کے لیے کھول دیا گیا

    رمضان المبارک میں زائرین عمرہ کی بڑی تعداد مکہ مکرمہ پہنچ رہی ہے مسجد الحرام کی تیسری توسیع کا بڑا حصہ نماز کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

    رمضان المبارک میں مملکت سمیت دنیا بھر سے زائرین کی بڑی تعداد عمرہ ادائیگی کے لیے مسجد الحرام پہنچتی ہے۔ اس ماہ رمضان میں مسجد الھرام میں تیسری توسیع کا بڑا حصہ نماز کی ادائیگی کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

    عاجل نیوز نے ادارے امور حرمین کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے حوالے سے بتایا مسجد الحرام کی تیسری توسیع کا مجموعی رقبہ 12 لاکھ 14 ہزار مربع میٹر ہے۔

    تیسری توسیع کے جن حصوں کو رمضان المبارک میں فرض نمازوں اور تراویح کے لیے کھولا گیا ہے ان میں گراونڈ فلور، پہلی منزل، میزنائین، دوسری منزل اور دوسری منزل میزنائین کے ساتھ چھت کا حصہ شامل ہے۔

     

    مسجد الحرام میں کی جانے والی تیسری سعودی توسیع میں بچھائے جانے والے قالینوں کی تعداد 25 ہزار ہے جبکہ 17 ہزار واٹر کولرز بھی رکھے گئے ہیں۔

     

    اس کے علاوہ 11 ہزار 436 اضافی وضو کرنے کے مقامات ہیں۔ توسیع میں 120 نماز پڑھنے کے مقامات ہیں جبکہ 80 دروازے اور 28 لفٹیں نصب کی گئی ہیں۔

     

    یاد رہے مسجد الحرام کی تیسری توسیع کا حکم شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز نے دیا تھا۔ یہ مسجد الحرام کی تاریخ کی سب سے بڑی توسیع ہے، جس کا آغاز جون 2010 میں ہوا تھا۔

  • حرم شریف کی تیسری توسیع کا افتتاح رمضان میں ہو گا‘ ڈپٹی گورنر

    حرم شریف کی تیسری توسیع کا افتتاح رمضان میں ہو گا‘ ڈپٹی گورنر

    مکہ مکرمہ : ڈپٹی گورنر مکہ مکرمہ ریجن شہزادہ بدر بن سلطان نے حرم الشریف کے تیسرے توسیعی مرحلے کا جائزہ لیا اور اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔

    سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ڈپٹی گورنر کو بتایا گیا کہ جاری ترقیاتی کام رمضان المبارک کے آغاز تک مکمل ہو جائے گا جبکہ مسجد نبوی الشریف میں ادارہ امور حرمین کی جانب سے استقبال رمضان کے حوالے سے جاری تیاریوں کے ضمن میں اسمارٹ قالین بچھانے کا آغاز کر دیا گیا-

    حرم مکی شریف کے تیسرے توسیعی منصوبے کی تکمیل کے بعد یہاں بیک وقت 2 لاکھ 80 ہزار افراد نماز ادا کرسکیں گے۔ ماہ رمضان المبارک میں دنیا بھر سے معتمرین کی آمد جاری رہتی ہے۔ بڑی تعداد میں لوگ اس ماہ مبارک میں عمرہ کی سعاد ت حاصل کرتے ہیں۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ حرم مکی الشریف کے تیسرے توسیعی مرحلے کی تکمیل سے معتمرین اور زائرین کو کافی سہولت ہو گی۔

    حرم مکی شریف کی تیسری توسیع کا سب سے بڑا مرحلہ شاہ عبد العزیز گیٹ اور اسکے سامنے بس اسٹینڈ کا ہے جہاں رمضان المبارک کے دروان سب سے زیادہ اژدھام رہتا ہے۔

    مقامی میڈیا کا کہنا تھا کہ بس اسٹینڈ سے فی گھنٹہ 50 ہزار افراد مستفیض ہوتے ہیں جو حرم شریف سے تقریبا 10 سے 15 کلو میٹر دور کدی کی پارکنگ میں گاڑی کھڑی کر کے شٹل بس سروس کے ذریعے حرم شریف آتے ہیں۔

    واضح رہے رمضان المبارک اور حج سیزن میںدیگر شہروں سے اپنی گاڑیوں میں مکہ مکرمہ آنے والوں کیلئے کدی کے علاقے میں وسیع و عریض پارکنگ لاٹس مخصوص ہیں جہاں وہ اپنی گاڑیاں پارک کرکے بس کے ذریعے حرم شریف آتے ہیں۔

    ادارہ امور مسجد نبوی الشریف کے ڈائریکٹر بندر الحسینی نے سعودی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ نئے قالین مکمل طور پر سعودی عرب میں تیار کئے گئے ہیں جن میں اسمارٹ چپ لگائی ہے۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ نئے تیار کئے گئے خصوصی قالینوں کو مخصوص انداز میں بنایا گیا ہے جو موسمی اثرات سے محفوظ رہیں گے اور انکے استعمال کی مدت بھی زیادہ ہو گی۔ نئے بچھائے جانے والے قالینوں کی تعداد 20ہزار 700 ہو گی۔

  • گرین لائن منصوبے میں تیسری توسیع، لاگت میں 10 ارب اضافے کا امکان

    گرین لائن منصوبے میں تیسری توسیع، لاگت میں 10 ارب اضافے کا امکان

    کراچی : گرین لائن بس منصوبے میں تیسری بار توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت گذرگاہ میں 6 کلو میٹر اضافہ کیا جائے گا جس سے منصوبے کی لاگت 16 ارب سے بڑھ کر 26 ارب تک پہنچ جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پلاننگ کمیشن کی مشاورت پر گرین لائن بس منصوبے میں تیسری بار توسیع کی جارہی ہے جس کے تحت گرین لائن منصوبے کا روٹ ٹاور سے ڈاکیارڈ تک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے لیے پلاننگ کمیشن نے فیز تھری منصوبے کے لیے متعلقہ اداروں سے تجاویز طلب کرلیں۔

    اس توسیع کے بعد گرین لائن منصوبے میں 6 کلو میٹر تک اضافہ ہو جائے گا جس کے بعد منصوبے کی لاگت 16 ارب سے 26 ارب تک پہنچ جائےگا جب کہ اس توسیع کے تحت ایم اے جناح روڈ پر گرین لائن بس کے لیے انڈر پاس اور ایلی ویٹیٹڈ اسٹرکچر تعمیر کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ پہلی توسیع میں 10 کلومیٹر روٹ بڑھایا گیا تھا جب کہ دوسری توسیع میں رُوٹ کا رخ تبدیل کردیاگیا تھا اور تیسری مجوزہ توسیع سےگرین لائن بس کاروٹ 6 کلومیٹرتک بڑھایا جائےگا جس کے بعد گذر گاہ 35 کلومیٹر تک ہوجائے گی۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ گرین لائن منصوبے میں توسیع کے بعد فی کلومیٹرلاگت کااوسط تخمینہ 64 کروڑ تک ہوجائے گا جس کے بارے میں اب تک طے نہیں ہوسکا ہے کہ لاگت میں اضافے کی ادائیگی کہاں سے کی جائے گی۔