Tag: تیس نومبر

  • تحریک انصاف19 اپریل کو کراچی میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے

    تحریک انصاف19 اپریل کو کراچی میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے

    کراچی: پاکستان تحریک انصاف نے انیس اپریل کو کراچی میں سیاسی قوت دکھانے کا فیصلہ کرلیا ۔

    تحریک انصاف نے کراچی کے حلقہ دو سو چھیالیس میں ضمنی الیکشن سے پہلے سونامی کی سیاسی قوت دکھانے کا فیصلہ کرلیا، کپتان کے متوالے شہرقائد میں میلہ سجائیں گے ۔

     کراچی میں تحریک انصاف یوتھ ونگ کے تحت تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما عارف علوی نے کہا کہ این اے دو سو چھیالیس کے الیکشن کیلئے لوگوں کو باہر نکلنا پڑے گا،کراچی والوں کو پی ٹی آئی کا ساتھ دینا ہوگا۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کےرہنما اسد عمر نے کہا کہ لاہور پاکستان کا دل ہے لیکن کراچی پاکستان کا دماغ ہے ۔ عارف علوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ عمران خان کا الطاف حسین پر برطانیہ میں مقدمہ درج کرانا جرات مندانہ فیصلہ ہے۔

  • کراچی اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجحان واپس لوٹ آیا

    کراچی اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجحان واپس لوٹ آیا

    کراچی : تیس نومبر کےبعدکراچی اسٹاک مارکیٹ میں نمایاں کاروباری سرگرمی ریکارڈکی گئی۔مارکیٹ میں تیزی کا رجحان واپس لوٹ آیا۔ تیس نومبرکادن پُرامن طور پرگذر جانےکےبعد کر اچی اسٹاک مارکیٹ میں پہلےکاروباری روز سرمایہ کار ایک بار پھربازارحصص میں سرگرم نظرآئے۔

    ایک موقع پرمارکیٹ میں ڈھائی سو پوائنٹس کی تیزی بھی دیکھی گئی۔ سات ماہ بعد ایک روز میں بیس ارب روپےسےزائد مالیت کےشئیرزکی تجارت ہوئی۔

    تاہم تیل کی گرتی قیمتوں کےباعث تیل وگیس تلاش اور فروخت کرنےوالی کمپنیوں کےشئیرز میں فروخت کےدبائو نےتیزی کے رجحان کو محدودکردیا۔

    جبکہ سیمنٹ،فرٹیلائیزر،کیمیکل، ٹیکسٹائل اور پاورسیکٹرکی کمپنیوں کےشئیرز میں نئی خریداری کی گئی۔کاروبارکے اختتام پرہنڈریڈ انڈیکس ایک سو دوپوائنٹس کےاضافےسےاکتیس ہزار تین سو پوائنٹس پربند ہوا۔

  • اسلام آباد: تحریک انصاف کے جلسے کی تیاریاں عروج پر

    اسلام آباد: تحریک انصاف کے جلسے کی تیاریاں عروج پر

    اسلام آباد: ملک میں تبدیلی کی خواہش مند تحریک انصاف ایک بار پھر اسلام آباد میں سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرے گی۔ پی ٹی آئی کے جلسے کی تیاریاں عروج پرپہنچ گئی۔

    اسلام آباد میں تیس نومبر کو پی ٹی آئی کے تاریخی جلسے میں ایک روز باقی ہے۔ ایکسپریس چوک پر تحریک انصاف کے جلسے کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔

    پی ٹی آئی کے جلسہ گاہ میں دو اسٹیج بنائے جائینگے۔ اسٹیج بنانے کے لیے کئی کنٹینروں کا استعمال کیا جارہا ہے۔ ڈی چوک میں پی ٹی آئی کے متوالوں کا جذبہ دیدنی ہے۔

    پارٹی کے منچلے کارکنان عوام میں جوش پیدا کرنے کے لیے جلسہ گاہ کو سجانے میں مصروف ہیں۔ عوام کی دلچسپی کیلئے جلسہ گاہ کے اطراف میں پارٹی کیپس اور بیجیز کی فروخت کیلئے اسٹالز بھی لگائے جائینگے۔ جلسے کیلئے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئےگئے ہیں۔

  • بلکسر انٹر چینج پر بھی گو نواز گو کے نعرے لگ گئے

    بلکسر انٹر چینج پر بھی گو نواز گو کے نعرے لگ گئے

    چکوال: تیس نومبر کو شہر اقتدار میں داخل ہونے والے پی ٹی آئی کے کارکنوں کو روکنے کے لئے موٹر وے پر بلکسر انٹر چینج کے مقام پر مقامی انتظامیہ نے چالیس کنٹینر قبضہ میں لے کر انٹر چینج کو بند کرنے کے انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔

    اس موقعہ پر حالات کے مارے کنٹینر ڈرائیور اور دیگر عملہ سراپا احتجاج بن گیا۔ بے چارے ڈرائیور انتظامیہ کا تو کچھ نہ بگاڑ سکے لیکن گو نواز گو کا نعرہ لگا کر دل کا بوجھ ہلکا کر لیا۔

    کنتینر قبضہ میں لئے جانے پراحتجاج کرنے والے ڈرائیوروں کا کہنا تھا کہ انتظامیہ نے ان کے کنٹینر قبضہ میں لے کر ان کو فاقہ کشی پر مجبور کر دیا ہے۔

  • تیس نومبر کو حکومت ریاستی اداروں کا تحفظ یقینی بنائے گی، چوہدری نثار

    تیس نومبر کو حکومت ریاستی اداروں کا تحفظ یقینی بنائے گی، چوہدری نثار

    اسلام آباد: وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارکہتے ہیں کہ تیس نومبر کو حکومت ریاستی اداروں کا تحفظ یقینی بنائے گی، اگر ریڈزون میں داخل ہوئےتوذمہ دارجلسہ انتظامیہ ہوگی۔

    وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار نے وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کر کے تیس نومبر کےجلسےکےحوالےسےبریفنگ دی۔وزیراعظم نےانتظامات پراطمینان کااظہارکیا، جس کےبعدچوہدری نثارنےپریس کانفرنس کرتے ہوئےکہاکہ پی ٹی آئی کوجلسےکےلئےاین اوسی جاری کردیاہے،مرکزی جلسہ گاہ جناح ایونیو اوراسٹیج پریڈایونیومیں ہوگا،کوئی ریڈزون میں داخل ہوا تو ذمہ دارجلسہ انتظامیہ ہوگی۔

    چوہدری نثارنےکہا کہ پُرامن سیاسی جلسےاوراحتجاج پرحکومت کوکوئی اعتراض نہیں، جن نکات پراتفاق ہوااس کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ طاہرالقادری سے حکومت کی کوئی ڈیل نہیں ہوئی، وفاقی وزیرداخلہ نےمزیدکہاکہ جلسہ گاہ کےباہرپولیس، رینجرز ہوگی، اندرکےذمہ دارآرگنائزرہونگے۔ جلسہ گاہ میں بچوں کی سلامتی آرگنائزر کی ذمہ داری ہوگی۔

  • عمران خان نےمحض ایک لاکھ روپےٹیکس جمع کرایا، پرویزرشید

    عمران خان نےمحض ایک لاکھ روپےٹیکس جمع کرایا، پرویزرشید

    اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید کا کہناہےکہ عمران خان شیشے کےمحل میں بیٹھ کر دوسروں کو پتھر نہ ماریں، دھرنے سے ملک کی معیشت کو پہنچنےوالےنقصان کی تلافی کررہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق تیس نومبرکےجلسےسےدودن پہلےحکومتی ارکان نےعمران خان کےخلاف تندوتیز بیانات کا سلسلہ تیز کردیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نےاسلام آباد میں پریس کانفرنس میں بتایا کہ تحریک انصاف کےسربراہ نے گزشتہ سال محض ایک لاکھ روپےٹیکس جمع کرایا ۔

    ۔پرویزرشید نےکہاکہ وہ نجی نوعیت کےمعاملات زیربحث نہیں لانا چاہتےتھے،عمران خان کی الزام تراشیوں کےباعث عوام کو آگاہ کرناپڑا۔ وفاقی وزیراطلاعات نےپریس کانفرنس میں عمران خان کے محلات ،زرعی اراضی اور ان میں کام کرنےوالے افراد کی ویڈیو بھی میڈیا کو دکھائیں۔

  • عمران خان قانون کے مطابق جلسے جلوس کریں، سید خورشید شاہ

    عمران خان قانون کے مطابق جلسے جلوس کریں، سید خورشید شاہ

    سکھر: اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کا کہناہےکہ تیس نومبرکوکچھ ہوگا یا نہیں اس بات کا دارومدار حکومت پر ہے، حکومت کی کارکردگی بہتر ہوتی تو یہ دن نہ دیکھ رہے ہوتے۔

    قائدحزب اختلاف کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ پارلیمنٹ سے منہ موڑ کر حکومت معاملات نہیں چلاسکتی، تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان کو جلسے جلوس کرنے چاہئیں، لیکن قانون کے مطابق کرنے چاہیئں ہٹ کر نہیں۔

    چیف الیکشن کمشنر کی تقرری سے متعلق سید خورشید شاہ  نےکہا کہ آج وزیراعظم نواز شریف سے رابطہ ہوگا، خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر کوئی نوجوان ہونا چاہیئے، چوہتر سال کا ریٹائرڈ جج اس عہدے کیلئے موزوں نہیں۔

    عدالت گئے لیکن حکومت نے ہماے مؤقف کی حمایت نہیں کی۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے دوبار ڈیڈ لائن جاری کرنے کے باوجود حکومت تا حال الیکشن کمیشن کے چیف کی تقرری میں ناکام ہے۔

  • پی ٹی آئی کاجلسہ ایکسپریس چوک پرکرنیکی اجازت

    پی ٹی آئی کاجلسہ ایکسپریس چوک پرکرنیکی اجازت

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کا تیس نومبر کو جلسہ ایکسپریس چوک پر سجے گا۔ضلعی انتظامیہ اور پی ٹی آئی کے درمیان معا ملات طے پا گئے۔

    تحریکِ انصاف کے کارکنان نے جلسے کی تیاریاں شروع کردیں ہیں، تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان تیس نومبر کے جلسے کے حوالے سے معاملات طے پا گئے ہیں ۔ پی ٹی آئی ے رہنما نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد سے ملاقات کی ۔جس میں جگہ کے حوالے سے بہت سے آپشن پر غور کیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے نوے فیصد تک ڈی چوک میں پی ٹی آئی کو جلسہ کر نے کی اجازت کا عندیہ دے دیا ہے۔ جبکہ کچھ نکات پر بات چیت جاری ہے۔

    جن کے مکمل ہونے کے بعد آج این او سی جاری کردی جائیگی۔ ضلع انتظامیہ نے ایکسپریس چوک پر میڑوپروجیکٹ کا سامان بھی ہٹا نا شروع کردیا ہے تاکہ جلسہ کی جگہ کو صاف کرکے جلسے کی تیاریوں کا کام شروع کیا جا سکے۔

  • کسی کو بھی اسلام آباد میں یلغار کی اجازت نہی دینگے، چوہدری نثار

    کسی کو بھی اسلام آباد میں یلغار کی اجازت نہی دینگے، چوہدری نثار

    اسلام آباد: چوہدری نثار کہتے ہیں کہ تیس نومبر کو اسلام آباد میں کسی کو بھی یلغار کی اجازت نہیں دینگے۔ وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ چودہ اگست کی طرح تیس نومبر بھی گزر جائے گا حکومت کو خطرہ نہ پہلے تھا نہ اب ہے۔

    اسلام آباد میں پولیس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ تیس نومبر کو اسلام آباد میں کسی کو یلغار کی اجازت نہیں دینگے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ سے پاکستانی عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔

    پاسنگ آؤٹ پریڈ میں تربیت مکمل کرنیوالے اے ایس پیز نے حصہ لیا جبکہ پولیس اور دیگر اداروں کے اعلیٰ افسران بھی تقریب میں شریک تھے۔ تقریب کےاختتام پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے پولیس افسران میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے ہیں۔

    وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ چودہ اگست کی طرح تیس نومبر بھی گزر جائے گا، حکومت کو خطرہ نہ پہلے تھا نہ اب ہے۔ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ سرکار ی عمارتوں پر حملہ ہوا تو کارروائی کرینگے۔

  • حکومت اور عمران خان ضد نہ کریں لچک کا دکھائیں، چوہدری محمد سرور

    حکومت اور عمران خان ضد نہ کریں لچک کا دکھائیں، چوہدری محمد سرور

    لاہور: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کہتے ہیں کہ تیس نومبر کے جلسے کیلئے حکومت اور تحریک انصاف لچک کامظاہرہ کریں اور ضد کسی کے مفاد میں نہیں ہوگی۔

    یونیورسٹی آف ویٹرینری اینڈ اینیمل سائنسز لاہور کے چھٹے کانووکیشن کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری محمد سرور نے کہا کہ سیاست میں مذاکرات کا راستہ ہی اختیار کیا جانا چاہیے۔

    انھوں نے کہا کہ امید ہے کہ تیس نومبر بھی پرامن طور پر گزرجائے گا۔ گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ جلسے کے لیے جگہ کا تعین ہوگیا ہے اور امید ہے تحریک انصاف کا احتجاج پر امن ہوگا۔

    چوہدری سرور کا کہنا تھا کہ تیس نومبر کے جلسے کے بعد فریقین کو سیاسی بحران کے حل کے لئے مذاکرات کرنا چاہیئے۔ انہوں نے تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں میڈل اور امتیازی شیلڈ بھی تقسیم کیں۔