Tag: تیل دریافت

  • اسلام آباد کے علاقے ایچ 13 میں کھدائی کے دوران تیل دریافت

    اسلام آباد کے علاقے ایچ 13 میں کھدائی کے دوران تیل دریافت

    اسلام آباد : وفاقی دارلحکومت اسلام آباد کے علاقے ایچ 13میں بورنگ کیلئے کھدائی کے دوران تیل دریافت ہوا، جس کے بعد لوگوں نے تیل جمع کرنا شروع کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے علاقے ایچ 13میں کھدائی کےدوران تیل نکل آیا، تیل بورنگ کے دوران نکلا اور کافی مقدار میں تیل موجود ہے۔

    کھدائی کے دوران تیل نکلنے کے بعد عوام نے تیل ڈرموں میں بھرنا شروع کر دیا جبکہ کئی شہری کنویں کھود کر غیر قانونی طور پر تیل نکال کر فروخت کرنے لگے ، جس پر ضلعی انتظامیہ نے سخت ایکشن لیا۔

    انتظامیہ نے اطلاع پر جگہ کو سیل کر کے ’تیل‘ کے نمونے آئل اینڈ گیس ریگلولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کو بھیج دئیے۔

    ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) اسسٹنٹ کمشنر عبد اللہ خان کو اس حوالے سے آگاہ کر دیا گیا ہے، اوگرا صورتحال کا جائزہ لےرہا ہے۔

  • ضلع سانگھڑ میں تیل اور گیس کا نیا ذخیرہ دریافت

    ضلع سانگھڑ میں تیل اور گیس کا نیا ذخیرہ دریافت

    کراچی: صوبہ سندھ کے ضلع سانگھڑ میں گیس اور تیل کا نیا ذخیرہ دریافت ہوا ہے، او جی ڈی سی ایل کا کہنا ہے کہ ذخیرہ وِیل پانڈھی وَن میں دریافت ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ویل پانڈھی وَن میں 3600 میٹر کی کھدائی کے بعد تیل و گیس کا ذخیرہ دریافت ہوا ہے۔

    کنوئیں سے 9 اعشاریہ 12 ملین مکعب فٹ گیس اور 520 بیرل تیل یومیہ حاصل ہوگا، کمپنی کا کہنا ہے کہ پانڈھی ون کے کنوئیں میں 95 فی صد حصص بہ طور آپریٹر او جی ڈی سی ایل کے ہیں، جب کہ 5 فی صد حصص گورنمنٹ ہولڈنگ پرائیویٹ لمیٹڈ کے ہیں۔

    او جی ڈی سی ایل نے اس حوالے سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو خط بھی لکھ کر مطلع کر دیا ہے۔

    خیال رہے کہ پانڈھی ون کے اسٹرکچر کا خاکہ، اس کی ڈرلنگ اور ٹیسٹ کے مراحل او جی ڈی سی ایل کی اپنی مہارتوں کو استعمال کر کے طے کیے گئے ہیں۔

    کمپنی کا کہنا ہے کہ پانڈھی ون میں تیل و گیس کی دریافت کمپنی کی طرف سے تلاش کی بھرپور حکمت عملی اور حکومت کی جانب سے مقامی تیل و گیس کی پیداوار اور تلاش کی ہدایت کا نتیجہ ہے۔

    تیل و گیس کی نئی دریافت سے ملک اور او جی ڈی سی ایل کے ہائیڈرو کاربن ذخائر میں اضافہ ہوگا۔