کراچی : پاکستان میں تیل وگیس کے شعبہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں گزشتہ مالی سال کے دوران نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
سرمایہ کاری بورڈ کی جانب سے اس حوالے سے جاری کردہ اعداد و شمارکے مطابق مالی سال 2018-19 میں پاکستان میں تیل وگیس کے شعبہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم 308.8 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جومالی سال2017-18 کے مقابلہ میں 60.41 فیصد زیادہ ہے۔
مالی سال 2017-18 کے دوران پاکستان میں تیل و گیس کے شعبہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم 192.5 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
اعداد و شمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے مہینہ میں ملک میں تیل و گیس کے شعبہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم 13.2 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے۔
تیل و گیس ایسا شعبہ ہے جس میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا تناسب زیادہ ہے۔ ملک میں گزشتہ مالی سال کے دوران براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کاحجم 1737.1 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
گزشتہ مالی سال کے دوران تعمیرات کے شعبہ میں سب سے زیادہ غیرملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ دوسرے نمبر پر تیل وگیس کا شعبہ ہے جس میں سب سے زیادہ براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی ہے۔