Tag: تیل و گیس

  • توانائی کے شعبے سے پاکستان کے لیے بڑی خوش خبری، لکی مروت آئل اینڈ گیس فیلڈ مکمل

    توانائی کے شعبے سے پاکستان کے لیے بڑی خوش خبری، لکی مروت آئل اینڈ گیس فیلڈ مکمل

    اسلام آباد: توانائی کے شعبے سے پاکستان کے لیے ایک بڑی خوش خبری ہے، لکی مروت آئل اینڈ گیس فیلڈ مکمل ہو گیا۔

    تفصیلات لکی مروت کے علاقے سے تیل اور گیس کے بڑے ذخائر سے توانائی کی پیداوار شروع ہو گئی، پاکستان نے لکی مروت میں تیل اور گیس ذخائر کی دریافت کو ایک تاریخی پیش رفت قرار دیا ہے۔

    یہ منصوبہ ایک سال میں مکمل ہوا، منصوبے کی تکمیل میں پاک فوج نے سیکیورٹی فراہم کی اور اسے کامیاب بنایا، گیس فیلڈ سے گیس کی سپلائی سوئی ناردرن کے ٹرانسمیشن سسٹم میں داخل کی جائے گی۔

    یہ فیلڈ روزانہ 1000 بیرل تیل پیدا کرے گی، فیلڈ سے تقریباً 1 کروڑ 30 لاکھ مکعب فٹ گیس نیشنل گرڈ میں شامل کی جائے گی، رواں مالی سال کے اختتام تک پیداوار پر بچت 176 ملین امریکی ڈالر سے تجاوز کر جائے گی۔

    منصوبے کی کامیابی اس بات کی دلیل ہے کہ پاک فوج دن رات محنت کر کے علاقے میں امن قائم کر رہی ہے، چند ماہ کے دوران کنواں، ولی ڈیپ نمبر 1، کنواں ولی نمبر 2 کے 2 اضافی کنوؤں کی کھدائی شروع کی جائے گی۔

  • عالمی سطح پر تیل و گیس کے لیے کھدائی کے خاتمے کی کوششیں

    لندن: دنیا کو ماحولیاتی بحران سے بچانے کے لیے ایک نیا عالمی اتحاد عمل میں آیا ہے، جو تیل و گیس کے لیے کھدائی ختم کرنے پر کام کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں ماحولیاتی تبدیلیوں پر جاری اقوام متحدہ کی کانفرنس میں تیل اور گیس کی کھدائی کے خاتمے کی کوششیں زور پکڑ رہی ہیں۔

    رواں سال کے شروع میں کوسٹاریکا اور ڈنمارک نے ’بیونڈ آئل اینڈ گیس الائنس‘ کے نام سے ایک اتحاد تشکیل دیا ہے، اب تک اس نئے بین الاقوامی اتحاد میں 10 حکومتیں شامل ہو چکی ہیں۔

    اس اتحاد کا مقصد اپنے اپنے علاقوں میں پیداوار کو آخر کار ختم کرنا ہے، جمعرات کو اس اتحاد میں فرانس، آئرلینڈ اور کینیڈا کے صوبے کیوبیک نے شمولیت اختیار کی تھی۔

    اس اتحاد میں شامل ممالک تیل اور قدرتی گیس کی کھدائی ختم کرنے کی تاریخ طے کریں گے، اور اضافی پیداوار میں کمی لانے کے لیے اقدامات کریں گے، یہ ممالک دوسرے ملکوں کو بھی اس تحریک میں شامل ہونے کی ترغیب دیں گے۔

    واضح رہے کہ امریکا، جاپان، چین اور تیل پیدا کرنے والے بیش تر بڑے ممالک نے ابھی تک اس پر دستخط کرنے سے انکار کیا ہے۔

    کوسٹاریکا کی وزیر برائے ماحولیات اور توانائی آندرے آمیسا مُوریجو نے دنیا کے ممالک سے اس سلسلے میں ہمت پکڑنے اور ٹھوس اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

  • پاکستان میں تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت

    پاکستان میں تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت

    اسلام آباد: او جی ڈی سی ایل نے ضلع کوہاٹ میں تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت کر لیے۔

    تفصیلات کے مطابق ذرایع نے کہا ہے کہ آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی (OGDCL) نے خیبر پختون خوا کے ضلع کوہاٹ میں تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت کر لیے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ توغ بالا کنواں نمبر 1 سے یومیہ 9 ایم ایم ایس سی ایف ڈی گیس مل سکے گی، جب کہ توغ بالا کنواں نمبر 1 سے یومیہ 125 بیرل تیل حاصل کیا گیا ہے.

    یہ کوہاٹ بلاک میں تیل و گیس دریافت کرنے کے سلسلے کی مسلسل دوسری کامیابی ہے، حکام کا کہنا ہے کہ توغ بالا کنواں نمبر1 کی کامیابی ایکسپلوریشن کی شان دار حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔

    تیل وگیس کی تلاش ،پاکستان کو ایک اور بڑی کامیابی مل گئی

    نئی دریافت سے ملکی زر مبادلہ میں خاطر خواہ بچت جب کہ او جی ڈی سی ایل کے تیل و گیس کے ذخائر میں اضافہ ہوگا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ برس 27 اگست کو او جی ڈی سی ایل نے کہا تھا کہ کوہاٹ میں تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت ہوئے ہیں، جانچ میں کنوئیں سے یومیہ 1 کروڑ 27 لاکھ معکب فٹ گیس اور 240 بیرل یومیہ خام تیل کے ذخائر ملے، ستمبر کے مہینے میں بھی کوہاٹ میں وارگل فیلڈ سے یومیہ 76 بیرل تیل اور 5 لاکھ ایم ایم سی ایف ڈی گیس کے ذخائر ملے تھے۔

    رواں سال 17 جولائی کو بھی ماڑی پٹرولیم نے سندھ کے ضلع گھوٹکی میں گیس کے ذخائر دریافت کیے تھے، ان ذخائر سے 11 ملین مکعب فٹ روزانہ گیس دستیاب ہو سکے گی، ماڑی پٹرولیم کی اس علاقے میں یہ مسلسل پانچویں کامیابی تھی، منصوبے پر 60 ملین ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کی گئی تھی۔

  • ضلع سانگھڑ میں تیل اور گیس کا نیا ذخیرہ دریافت

    ضلع سانگھڑ میں تیل اور گیس کا نیا ذخیرہ دریافت

    کراچی: صوبہ سندھ کے ضلع سانگھڑ میں گیس اور تیل کا نیا ذخیرہ دریافت ہوا ہے، او جی ڈی سی ایل کا کہنا ہے کہ ذخیرہ وِیل پانڈھی وَن میں دریافت ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ویل پانڈھی وَن میں 3600 میٹر کی کھدائی کے بعد تیل و گیس کا ذخیرہ دریافت ہوا ہے۔

    کنوئیں سے 9 اعشاریہ 12 ملین مکعب فٹ گیس اور 520 بیرل تیل یومیہ حاصل ہوگا، کمپنی کا کہنا ہے کہ پانڈھی ون کے کنوئیں میں 95 فی صد حصص بہ طور آپریٹر او جی ڈی سی ایل کے ہیں، جب کہ 5 فی صد حصص گورنمنٹ ہولڈنگ پرائیویٹ لمیٹڈ کے ہیں۔

    او جی ڈی سی ایل نے اس حوالے سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو خط بھی لکھ کر مطلع کر دیا ہے۔

    خیال رہے کہ پانڈھی ون کے اسٹرکچر کا خاکہ، اس کی ڈرلنگ اور ٹیسٹ کے مراحل او جی ڈی سی ایل کی اپنی مہارتوں کو استعمال کر کے طے کیے گئے ہیں۔

    کمپنی کا کہنا ہے کہ پانڈھی ون میں تیل و گیس کی دریافت کمپنی کی طرف سے تلاش کی بھرپور حکمت عملی اور حکومت کی جانب سے مقامی تیل و گیس کی پیداوار اور تلاش کی ہدایت کا نتیجہ ہے۔

    تیل و گیس کی نئی دریافت سے ملک اور او جی ڈی سی ایل کے ہائیڈرو کاربن ذخائر میں اضافہ ہوگا۔

  • مریم اورنگزیب کا تیل کے ذخائر نہ ملنے پر دکھ اور افسوس کا اظہار

    مریم اورنگزیب کا تیل کے ذخائر نہ ملنے پر دکھ اور افسوس کا اظہار

    لاہور: ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سمندر میں تیل کا ذخیرہ نہ ملنے پر انھیں سخت دلی رنج اور افسوس ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق مریم اورنگزیب نے تیل کے ذخائر نہ ملنے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، کہا دلی رنج اور افسوس ہوا کہ تیل کا ذخیرہ نہیں مل سکا۔

    ترجمان ن لیگ نے کہا کہ معیشت اور اچھے مستقبل کے خواب اس منصوبے سے جڑے تھے، نواز شریف نے جس منصوبے پر ہاتھ رکھا، اللہ کی برکت سے پورا ہوا۔

    مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے اپنے دور میں یہ منصوبہ شروع کیا تھا، جھوٹ بولنے والے کو اللہ کبھی کام یابی نہیں دیتا، اس جھوٹ کا خمیازہ قوم کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کیکڑا ون میں تیل اور گیس، مزید 55 میٹر کھدائی کی جائے گی

    انھوں نے کہا کہ جھوٹوں کے آنے سے ملک سے برکت اٹھ گئی ہے، جب سے ان کے آنے کی خبر آئی ہے کوئی اچھی خبر نہیں آئی۔

    واضح رہے کہ وزارت پٹرولیم نے کیکڑا ون میں تیل اور گیس نہ ملنے کی تصدیق کر دی ہے تاہم ترجمان نے کہا ہے کہ ابھی 55 میٹر مزید کھدائی کی جائے گی۔

    ترجمان وزارت پٹرولیم نے کہا کہ کیکڑا ون میں موجود ذخائر میں پانی کا تناسب زیادہ ہے، ہائیڈرو کاربن کا مطلوبہ ذخیرہ نہ مل سکا۔

    پیٹرولیم ڈویژن کے ترجمان نے کہا کہ کنوئیں کی گہرائی 5634 میٹر ہے، مزید پچپن میٹر کھدائی کر کے دیکھا جائے گا اس کے بعد کنواں بند کر دیں گے۔

  • کیکڑا ون میں تیل اور گیس، مزید 55 میٹر کھدائی کی جائے گی

    کیکڑا ون میں تیل اور گیس، مزید 55 میٹر کھدائی کی جائے گی

    اسلام آباد: وزارت پٹرولیم نے کیکڑا ون میں تیل اور گیس نہ ملنے کی تصدیق کر دی ہے تاہم ترجمان نے کہا ہے کہ ابھی 55 میٹر مزید کھدائی کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزارتِ پٹرولیم نے تصدیق کر دی ہے کہ سمندر میں تیل اور گیس کے ذخائر نہیں ملے، 55 میٹر مزید کھدائی کے بعد کنواں بند کر دیا جائے گا۔

    ترجمان وزارت پٹرولیم نے کہا کہ کیکڑا ون میں موجود ذخائر میں پانی کا تناسب زیادہ ہے، ہائیڈرو کاربن کا مطلوبہ ذخیرہ نہ مل سکا۔

    پیٹرولیم ڈویژن کے ترجمان نے کہا کہ کنوئیں کی گہرائی 5634 میٹر ہے، مزید پچپن میٹر کھدائی کر کے دیکھا جائے گا اس کے بعد کنواں بند کر دیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  تیل و گیس کے ذخائر: چند دنوں میں قوم کو بڑی خوشخبری ملنے والی ہے، عمران خان

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزارت پٹرولیم کے اعلیٰ‌ حکام نے ڈرلنگ روکنے کی تصدیق کر دی تھی اور ابتدائی نتائج سے ڈی جی پٹرولیم کو آگاہ کر دیا گیا تھا۔

    اسی طرح کی ایک کوشش ماضی میں بھی کی گئی تھی جو نا کامی سے دوچار ہو گئی تھی۔

    سمندر میں کیکڑا ون کے مقام پر ڈرلنگ کے لیے اٹلی کی کمپنی ای این آئی اور امریکی کمپنی ایگزون موبل کی خدمات حاصل کی گئی تھیں، اس منصوبے میں او جی ڈی سی اور پی پی ایل شامل تھے، ڈرلنگ کے منصوبے پر لاگت کا تخمینہ 10 کروڑ ڈالر سے زائد ہے۔

  • سمندر میں تیل اور گیس کے ذخائر نہیں ملے، ڈرلنگ روک دی گئی

    سمندر میں تیل اور گیس کے ذخائر نہیں ملے، ڈرلنگ روک دی گئی

    کراچی: تیل وگیس کے ذخائرنہ ملنے کے باعث سمندر میں ڈرلنگ روک دی گئی.

    تفصیلات کے مطابق کیکڑاون میں ڈرلنگ کاکام روک دیا گیا، ذرائع وزارت پٹرولیم نے اس کی تصدیق کی ہے.

    کیکڑاون کے مقام پر5500 میٹرز سے زیادہ گہرائی تک ڈرلنگ کی گئی تھی، مگر ذخائر نہ مل سکے.

    وزارت پٹرولیم کے اعلیٰ‌ حکام نے ڈرلنگ روکنے کی تصدیق کر دی ہے. ابتدائی نتائج سے ڈی جی پیٹرولیم کو آگاہ کردیا گیا۔

    یاد رہے کہ لگ بھگ دس برس قبل بھی اس نوع کی ایک کوشش کی گئی تھی، مگر  وہ بھی ناکام گئی تھی۔

    مزید پڑھیں: پاکستان میں تیل اورگیس کے سب سے زیادہ ذخائر سندھ سے ملے ہیں، عمرایوب

    خیال رہے کہ کیکڑا ون کے مقام پر اٹلی کی کمپنی ای این آئی، امریکی کمپنی ایگزون موبل ڈرلنگ کر رہے تھے، پراجیکٹ میں او جی ڈی سی اور پی پی ایل شامل تھے، ڈرلنگ کے منصوبے پر لاگت کا تخمینہ 10 کروڑ ڈالر  سے زائد ہے۔

    یاد رہے کہ آج ہی شوکت خانم کی فنڈ ریزنگ تقریب میں عمران خان نے کہا تھا کہ  ایک ہفتے میں  ہمیں پتا چل جائےگا کہ سمندرمیں کتنا گیس ہے، امید ہے کہ سمندرسے گیس کے ذخائر مل جائیں گے، گیس دریافت ہوگئی تو اگلے50سال تک قلت نہیں ہوگی.

  • تیل اور گیس کے ذخائر، توقع ہے کہ بڑا ذخیرہ ملے گا: غلام سرور خان

    تیل اور گیس کے ذخائر، توقع ہے کہ بڑا ذخیرہ ملے گا: غلام سرور خان

    اسلام آباد: وفاقی وزیرپیٹرولیم غلام سرورخان نے کہا ہے کہ زیر سمندر تیل و گیس کی دریافت سے متعلق اچھی امید ہے.

    ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیرپیٹرولیم غلام سرورخان نے اسلام آباد میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کیا.

    انھوں نے کہا کہ جو معلومات مل رہی ہیں، توقع ہے کہ بڑا ذخیرہ ملے گا، ابھی ڈرلنگ کا عمل جاری ہے، کچھ دن انتظارکرنا ہوگا، پھرحتمی اعلان کریں گے.

    غلام سرور خان نے کہا کہ وزیراعظم نے 3 ہفتے میں خوشخبری دینے کی بات کی ہے، ہم پرامید ہیں.

    ان کا مزید کہنا تھا کہ گیس قیمتوں میں اضافےسے متعلق سلیبز کے تعین میں کوتاہی ہوئی، پہلے بھی اپنی غلطی کا اعتراف کرچکے ہیں، صارفین کواضافی وصولیاں 30 جون تک واپس کریں گے.

    مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس، متعدد فیصلوں کی منظوری

    غلام سرور خان نے کہا کہ گیس کی قیمتوں میں 147 فیصد سے کم اضافہ ہوگا، میں نے خود کابینہ توانائی کمیٹی چیئرمین کی حیثیت سے استعفیٰ دیا، وزیراعظم سے کہا بہتر ہو گا کہ آپ خود یہ کمیٹی چیئر کریں، وزیر اعظم نے3 اجلاس چیئر کئے بعد میں اسد عمر کو ذمہ داری دی.

    خیال رہے کہ چند روز قبل وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ قوم کو تین ہفتے میں‌ خوش خبری ملے گی، اس خبر سے ملک کے مسائل حل ہوجائیں‌ گے، گزشتہ روز بھی وزیر اعظم نے صحافیوں سے ملاقات میں اس جانب اشارہ کیا.

  • اسرایئل نے غزہ جانے والی عالمی امداد اور تیل و گیس کی سپلائی روک دی

    اسرایئل نے غزہ جانے والی عالمی امداد اور تیل و گیس کی سپلائی روک دی

    غزہ/تل ابیب : اسرائیل نے غزہ جانے والی عالمی امداد اور تیل و گیس کی سپلائی روکنے کے لیے کیرم شالوم سرحد بند کردی، اسرائیلی حکومت نے مذکورہ فیصلہ فلسطینیوں کی جلتی ہوئی پتنگوں کو روکنے کے لیے کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صیہونی ریاست اسرائیل کے حکام کی جانب سے فلسطینی شہریوں کو احتجاجاً جلتی ہوئی پتنگیں اور غبارے اسرائیلی حدود میں اڑانے سے روکنے کے لیے ایک مرتبہ پھر غزہ پر تیل اور گیس کی سپلائی بند کر دی ہے۔

    اسرائیلی وزیر برائے ملٹری افیئرز ایوگڈور لائبرمین نے بدھ کے روز غزہ، مصر اور اسرائیل کے درمیان واقع سرحد کیرم شالوم کو بند کرنے کا حکم دیا ہے، کیرم شالوم غزہ میں تیل، گیس اور عالمی امدادی سامان پہنچانے کا اہم راستہ ہے۔

    اسرائیلی وزیر لائبرمین نے دعویٰ کیا ہے کہ مذکورہ فیصلہ فلسطینی مظاہرین کو احتجاجاً جلتی ہوئی پتنگیں اور غبارے اسرائیلی حدود میں اڑانے سے روکنے کے لیے کیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ اسرائیلی حکومت کی جانب سے رواں برس جولائی میں غزہ پر تیل، گیس اور عالمی امداد کی ترسیل بند کی گئی تھی تاہم بعد میں صیہونی حکومت نے اقدامات واپس لے لیے تھے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کی جانب سے جلتی ہوئی پتنگیں اور غبارے سرحد پر ہونے والے مظاہروں کے دوران اڑائے گئے تھے، جو اسرائیل کی حدود میں گری تھیں۔

    اسرائیلی حکومت کا کہنا تھا کہ فلسطین سے آنے والی آتشزدہ پتنگوں کے باعث جنوبی اسرائیل میں ہونے والی کھیتی باڑی تباہ و برباد ہوگئی ہے، جس کے باعث ماحول میں ایک مرتبہ پھر کشیدگی پیدا ہوگئی ہے۔

    یاد رہے کہ فلسطینی شہریوں کی جانب سے 30 مارچ کو اسرائیلی مظالم اور زمین کی واپسی کے سلسلے میں شروع ہونے والی احتجاجی تحریک کے دوران اسرائیلیوں کی فائرنگ اور شیلکنگ کے نتیجے میں 150 سے زائد فلسطینی شہید جبکہ ہزاروں شہری زخمی ہوئے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • راولپنڈی میں تیل و گیس کا ذخیرہ دریافت

    راولپنڈی میں تیل و گیس کا ذخیرہ دریافت

    اسلام آباد: پاکستان میں تیل و گیس کا ایک اور ذخیرہ دریافت کرلیا گیا۔ تیل اور گیس کا ذخیرہ صوبہ پنجاب کے شہر راولپنڈی کے قریب دریافت کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ کی جانب سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جاری کیے گئے سرکلر کے مطابق ضلع راولپنڈی میں ادھی ساوتھ ایکس ون کنویں سے تیل و گیس کا ذخیرہ دریافت ہوا ہے۔

    ذخیرے سے یومیہ 26 لاکھ 20 ہزار کیوبک میٹر گیس حاصل ہوگی جبکہ کنویں سے یومیہ 15 سو 50 بیرل خام تیل بھی حاصل ہوگا۔

    اس کنویں میں پی پی ایل کا حصہ 39 فیصد، او جی ڈی سی ایل کا 50 فیصد جبکہ پاکستان آئل فیلڈ کا 11 فیصد ہے۔

    خیال رہے کہ پاکستان میں خام تیل کی یومیہ پیداوار 1 لاکھ 10 ہزار بیرل سے تجاوز کرچکی ہے۔ ماہرین کے مطابق اس دریافت سے پاکستان کی آئل امپورٹ میں کمی آنے سے قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہوگی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔