Tag: تیل کمپنی

  • سعودی کمپنی دنیا کی امیر ترین کمپنی بن گئی

    سعودی کمپنی دنیا کی امیر ترین کمپنی بن گئی

    ریاض: سعودی آئل کمپنی آرامکو دنیا کی امیر ترین کمپنی بن گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی آرامکو دنیا کی سب سے امیر کمپنی بن گئی ہے، جس کے حصص منگل کو 9.24 ٹریلین ریال (2.464 ٹریلین ڈالر) تک پہنچ گئے ہیں۔

    بلومبرگ کے اعداد و شمار کے مطابق تیل کمپنی کے حصص ابتدائی ٹریڈنگ میں 46.2 سعودی ریال تک پہنچے، جس سے اس کی مارکیٹ کی ویلیو بڑی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل سے آگے نکل گئی، جس کی قیمت 2.461 ٹریلین ڈالر ہے۔

    آرامکو کے اسٹاک کی قیمت بعد میں تھوڑی سی کم ہو گئی، سعودی وقت کے مطابق صبح 11:53 بجے تک ٹریڈنگ 46.05 ریال پر ہوئی، جس کی مارکیٹ ویلیوایشن 9.21 ٹریلین ریال ہے۔

    دوسری جانب آرامکو کو کرونا وبا کی وجہ سے ہونے والی بڑی کساد بازاری کے بعد تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے بھرپور فائدہ ہوا، اسی طرح روس اور یوکرین جنگ کی وجہ سے بھی بنیادی اشیا کی قیمتوں میں اضافے سے آرامکو نے اپنی مارکیٹ میں 240 بلین ڈالر سے زائد کا اضافہ کیا۔

    آرامکو اور ایپل کے بعد مائیکرو سافٹ تیسری بڑی کمپنی ہے جس کی مارکیٹ ویلیو 1.979 ٹریلین ڈالر ہے۔

  • بٹ کوائن سے متعلق بڑی سعودی تیل کمپنی کا اہم اعلان

    بٹ کوائن سے متعلق بڑی سعودی تیل کمپنی کا اہم اعلان

    ریاض: سعودی عرب کی پیٹرولیم اور قدرتی گیس کی بڑی کمپنی آرامکو نے کہا ہے کہ وہ بٹ کوائن میں لین دین کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی۔

    تفصیلات کے مطابق پیر کو سعودی کمپنی آرامکو نے کہا ہے کہ اس کا بٹ کوائن میں لین دین کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، اور اس حوالے سے پھیلائی جانے والی خبر بے بنیاد ہے۔

    مختلف میڈیا رپورٹس میں یہ خبر پھیلائی گئی تھی کہ آرامکو بٹ کوائن میں لین دین کا ارادہ رکھتی ہے، سبق ویب سائٹ کے مطابق کمپنی نے کہا ہے کہ ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ یہ خبر بے بنیاد اورمکمل طور پر حقیقت سے عاری ہے۔

    آرامکو سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کمپنی کا بٹ کوائن میں لین دین کا کوئی ارادہ نہیں، نہ ہی اس حوالے سے کوئی منصوبہ ہے جس پر غور کیا جا رہا ہو۔

    واضح رہے کہ یوٹیوب پر پوسٹ ہونے والی، برازیلی بٹ کوائن مائنر رے نصر کے ایک انٹرویو کے بعد میڈیا رپورٹس میں یہ بات گردش کر رہی تھی کہ آرامکو ڈیجیٹل کرنسی کی کان کنی شروع کرے گی۔

    رے نصر نے کہا تھا کہ ہم آرامکو کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں، صحرا سے نکلنے والا سارا تیل اس کمپنی کا ہے، اور وہ گیس جو یہ کمپنی استعمال نہیں کرتی، میں اس بارے میں کہہ سکتا ہوں کہ صرف یہ بھی آج بٹ کوائن کے نصف نیٹ ورک میں جان ڈال سکتی ہے۔

  • سعودی تیل کمپنی کی بڑی کامیابی، پہلی پوزیشن حاصل کر لی

    سعودی تیل کمپنی کی بڑی کامیابی، پہلی پوزیشن حاصل کر لی

    ریاض: سعودی عرب کی تیل کی بڑی کمپنی آرامکو نے مشرق وسطیٰ کے قیمتی ترین برانڈز میں پہلے نمبر پر برقرار رہنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی آرامکو نے مشرق وسطیٰ کے سب سے قیمتی برانڈ کے طور پر اپنی پوزیشن برقرار رکھی ہے، منگل کو برانڈ فنانس گلوبل 500 نے اپنی رواں سال کی رپورٹ میں مملکت کی سب سے بڑی تیل کی کمپنی کی قیمت کا تخمینہ 37 اعشاریہ 5 ارب ڈالر لگایا۔

    رپورٹ کے مطابق آرامکو نے اپنی برانڈ ویلیو میں 20 فی صد کمی کے باوجود اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھی ہے۔

    دوسرے نمبر پر ابوظبی نیشنل آئل کمپنی رہی، اس کمپنی کی برانڈ ویلیو میں ایک مشکل سال کے باوجود صرف 6 فی صد کمی آئی اور اس نے کامیابی سے اپنی پوزیشن کو برقرار رکھا۔

    برانڈ فنانس کے سی ای او ڈیوڈ ہیگ کا کہنا ہے کہ آرامکو تیل کی صنعت میں چھپی ہوئی ایک دیوہیکل کمپنی ہے، جس کے برانڈ نے آخرکار عوام کی توجہ حاصل کر لی ہے۔

    انھوں نے کہا اس وقت آرامکو کی برانڈ ایکویٹی ترقی کے ابتدائی مرحلے میں ہے، لیکن اگلی دہائی میں مزید طاقت حاصل کرتے ہوئے یہ کمپنی عالمی اسٹیج میں شامل ہو جائے گا۔

    ڈیوڈ ہیگ نے کہا ابوظبی نیشنل آئل کمپنی نے ابوظبی کی عالمی سافٹ پاور پوزیشن کو تقویت دی، اور متحدہ عرب امارات کے پائیدار معاشی اہداف کو آگے بڑھایا۔

    رپورٹ میں شامل مشرق وسطیٰ کے دیگر برانڈز میں سعودی ٹیلی کام کمپنی ایس ٹی سی، متحدہ عرب امارات کی اتصالات، قطر نیشنل بینک، دبئی ایمریٹس ایئر لائن اور پیٹرو کیمیکل فرم سابک شامل ہیں۔