Tag: تیل کی فراہمی

  • سعودی کینیڈا تنازعے کے باوجود عرب کا تیل کی فراہمی جاری رکھنے کا فیصلہ

    سعودی کینیڈا تنازعے کے باوجود عرب کا تیل کی فراہمی جاری رکھنے کا فیصلہ

    ریاض: سعودی عرب اور کینیڈا کے درمیان سخت سفارتی تنازعہ پایا جاتا ہے تاہم اس کے باوجود عرب نے کینیڈا کو تیل کی فراہمی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں انسانی حقوق کے کارکنوں کی گرفتاری پر کینیڈا نے تشویش کا اظہار کیا تھا جس کے بعد سے دونوں ملکوں کے سفارتی تعلقات انتہائی خراب ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کے وزیر توانائی خالد الفالِح نے کہا ہے کہ ریاض اور اوٹاوا حکومتوں کے درمیان سفارتی تنازعے کے باوجود کینیڈا کے لیے سعودی خام تیل کی فراہمی جاری رہے گی۔

    انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے کینیڈا کو پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی بھی برقرار رہے گی، سفارتی تنازعے کے باوجود عرب نے مذکورہ فیصلہ کیا ہے، تیل کی سپلائی سیاسی کشیدگی سے متاثر نہیں ہوگی۔


    کینیڈا کا سعودی عرب سے معافی مانگنے سے انکار


    خیال رہے کہ سعودی عرب نے کینیڈا سے درآمد کیے جانے والے اجناس پر پابندی عائد کر رکھی ہے، یہ امر اہم ہے کہ سعودی عرب اور کینیڈا کے درمیان دو طرفہ تجارت کا سالانہ حجم چار ارب ڈالر کے مساوی ہے۔

    دوسری جانب کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے مونٹریال میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم سعودب عرب سے تعلقات خراب نہیں کرنا چاہتے۔

    واضح رہے کہ کینیڈین وزیراعظم نے تسلیم کیا ہے کہ سعودی عرب نے انسانی حقوق کے معاملے پر کافی کام کیا ہے تاہم انہوں نے سعودی عرب سے معافی مانگنے سے انکار کردیا۔

  • پی ایس او نے پی آئی اے کو تیل کی فراہمی پھرروک دی

    پی ایس او نے پی آئی اے کو تیل کی فراہمی پھرروک دی

    کراچی : واجبات کی عدم ادائیگی پر پی ایس او کی جانب سے فیول فراہم نہ کیے جانے کی وجہ سے پی آئی اے کی پرواز مقررہ وقت پرروانہ نہ ہوسکی، مسافر پی آئی اے انتظامیہ پر برس پڑے۔

    تفصیلات کے مطابق واجبات کی عدم ادائیگی پر پی آئی اے اورپی ایس او کی چپقلش پھرعروج پر پہنچ گئی ہے، پی آئی اے پی ایس او کا 15 ارب روپے کا نادہندہ ہے۔

    دس روز قبل واجبات کی عدم ادائیگی پرپی ایس او نے پی آئی اے کو تیل کی فراہمی بند کردی تھی، بعد ازاں واجبات کی ادائیگی کی یقین دہانی پرتیل کی فراہمی شروع کی گئی۔

    معاہدے کے مطابق پی آئی اے کو روزانہ کی بنیاد پر تیل کی رقم یومیہ ادا کرنا تھی، پی آئی اے اپنے آپریشنز کو برقرار رکھنے کیلیے یومیہ کی بنیاد پر 30 کروڑ روپے کاتیل خریدتا ہے، جبکہ گزشتہ روز یومیہ ادائیگی بھی نہیں کی گئی۔

    یومیہ ادائیگی روکنے پر پی ایس او نے آج پھرتیل کی فراہمی بند کردی، تاہم تیل کی فراہمی روکنے پر پی آئی اے کا آپریشن شدید متاثر ہوا ہے۔

    مزید پڑھیں : واجبات کی عدم ادائیگی: پی آئی اے کی فیول بند کرنے کی دھمکی

    تیل کی عدم دستیابی کے باعث کراچی سے لاہورجانے والی پرواز تاخیر کا شکارہوئی، کراچی سے لاہور جانے والی پرواز پی کے 304 کا مقررہ وقت سہ پہر3 بجے ہے، تیل کی عدم دستیابی کی وجہ سے پروازابھی تک روانہ نہ ہوسکی۔

    پرواز کے روانہ نہ ہونے کی وجہ سے مسافروں نے احتجاج کیا، ان کا کہنا تھا کہ مسافرمہنگے ٹکٹ لینے کے باوجود وقت پراپنی منزل پرنہیں پہنچ سکتے، پی آئی اے مسافروں کو مہنگے ٹکٹ فروخت کرتی ہے اورتیل کے پیسے کیوں نہیں دیتی۔