Tag: تیل

  • چاول کی بھوسی کا تیل بے شمار فائدوں کا باعث

    چاول کی بھوسی کا تیل بے شمار فائدوں کا باعث

    بھارت میں کھانے پکانے کے تیل کی درآمد میں کمی کی وجہ سے مقامی طور پر چاول کی بھوسی سے تیل تیار کیا جارہا ہے جسے ماہرین نے صحت کے لیے بھی بہترین قرار دیا ہے۔

    آئیں دیکھتے ہیں کہ چاول کا تیل اپنے اندر کیا فوائد رکھتا ہے۔

    اینٹی آکسیڈینٹس سے بھرپور

    چاول کی بھوسی کے تیل میں قدرتی اینٹی آکسیڈینٹ ہوتے ہیں یعنی ٹوکوفیرول، ٹوکوٹریئنول اور اورزینول جو جسم میں آزاد ریڈیکلز کے خلاف کام کرتے ہیں، فری ریڈیکل مختلف دائمی بیماریوں، جیسے اسٹروک، دل کی بیماریوں، اور یہاں تک کہ کینسر کی وجہ بھی بنتے ہیں۔

    قوت مدافعت میں اضافہ

    اوریزانول ایک بہت طاقتور اینٹی آکسیڈینٹ ہے اور بڑی مقدار میں چوکر کے تیل میں دستیاب ہوتا ہے، اوریزانول دیگر فائیٹو کیمیکل اجزا کے ساتھ مل کر مختلف بیماریوں سے بچنے کے لیے جسم کے مدافعتی نظام کو مضبوط کرتا ہے۔

    کولیسٹرول کم کرنا

    جرنل آف انڈین میڈیسن میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ چوکر کا تیل کولیسٹرول کی سطح کو کم کرنے میں مدد فراہم کرسکتا ہے۔

    یہ مطالعہ ان لوگوں پر کیا گیا تھا جن میں ہائی کولیسٹرول تھا اور انہیں 3 ماہ کے لیے 80 فیصد رائس آئل اور 20 فیصد سورج مکھی کا استعمال کرنے کے لیے کہا گیا، نتائج سے ظاہر ہوا کہ ان کے جسم میں کولیسٹرول کی سطح میں نمایاں کمی ہوئی۔

    بالوں کے لیے مفید

    رائس آئل سے بال مضبوط اور چمکدار ہوجاتے ہیں، رائس آئل کی سر پر مالش کرنے سے نہ صرف خشکی اور سکری دور ہو جاتی ہے بلکہ یہ سر کی قدرتی نمی کو بھی برقرار رکھتا ہے۔

    چہرہ شفاف بنائیں

    رائس آئل سے چہرے کی کلینزنگ کی جاسکتی ہے، رائس آئل میں روئی بھگو کر چند منٹ کے لیے اپنے چہرے کی مالش کریں، تھوڑی دیر بعد چہرے کو اچھے صابن سے دھو لیں، اس عمل سے چہرہ نرم و ملائم اور نکھر جائے گا، رائس آئل کے استعمال سے کیل مہاسے بھی ختم ہو جاتے ہیں۔

    جلدی بیماریوں کا علاج

    جلد پر ہونے والی سوزش یا جلن کی صورت میں چاول کے چوکر کا تیل لگانے سے افاقہ ہوتا ہے۔

    جلد میں اگر سوزش ہو تو متاثرہ حصے پر صاف کپڑے سے چند منٹ تک یہ تیل لگائیں، یقیناً اس عمل سے سوزش میں کمی آئے گی۔

  • سری لنکا کا روس سے مزید تیل اور گندم خریدنے کا فیصلہ

    سری لنکا کا روس سے مزید تیل اور گندم خریدنے کا فیصلہ

    کولمبو: سری لنکا کے نو منتخب وزیر اعظم نے کہا کہ سری لنکا روس سے مزید تیل خریدنے پر مجبور ہو سکتا ہے کیونکہ ان کا ملک شدید معاشی بحران کی وجہ سے سستا ایندھن تلاش کر رہا ہے۔

    وزیر اعظم رانیل وکرما سنگھے نے کہا کہ وہ تمام ذرائع کو دیکھیں گے لیکن ماسکو سے مزید خام تیل خریدنے کے لیے تیار ہوں گے۔

    یاد رہے کہ یوکرین میں روس کے فوجی آپریشن پر پابندیوں کی وجہ سے مغربی ممالک نے بڑے پیمانے پر روس سے توانائی کی درآمدات بند کردی ہیں۔

    سری لنکن وزیر اعظم وکرما سنگھے نے یہ بھی اشارہ دیا کہ وہ اپنے ملک کے بڑھتے ہوئے قرضوں کے باوجود چین سے مزید مالی مدد قبول کرنے کے لیے تیار ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ سری لنکا کی موجودہ حالت بری ہے اور یوکرین میں جنگ اسے مزید بدتر بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ روس نے سری لنکا کو گندم کی پیشکش بھی کی ہے۔

    سری لنکا نے 51 بلین ڈالر کا غیر ملکی قرضہ جمع کیا ہے، لیکن اس نے اس سال تقریباً 7 بلین ڈالر کی ادائیگی روک دی ہے۔

    کرشنگ قرض نے ملک کے پاس بنیادی درآمدات کے لیے پیسے نہیں چھوڑے ہیں جس کا مطلب ہے کہ شہری بنیادی ضروریات جیسے کہ خوراک، ایندھن، ادویات حتیٰ کہ ٹوائلٹ پیپر اور ماچس تک رسائی کے لیے بھی جدوجہد کر رہے ہیں۔

    توانائی کی قلت نے بجلی کی بندش کو بھی جنم دیا ہے، لوگ کئی کلومیٹر (میل) تک پھیلی لائنوں میں کھانا پکانے کے لیے گیس اور پیٹرول کے لیے کئی دن انتظار کرنے پر مجبور ہیں۔

  • موسم گرما میں بالوں کی چمک برقرار رکھنے کے لیے تیل گھر پر بنائیں

    موسم گرما میں بالوں کی چمک برقرار رکھنے کے لیے تیل گھر پر بنائیں

    موسم کی تبدیلی بالوں اور جلد پر اپنا اثر ڈالتی ہے، موسم کے بدلتے ہی جلد اور بالوں کی حفاظت میں اضافہ کرنا پڑتا ہے تاکہ یہ موسم کے ساتھ ہم آہنگ ہوسکیں۔

    موسم گرما میں بال خشک اور بے رونق ہوجاتے ہیں، ساتھ ہی بالوں کو رنگنے کے لیے استعمال کیے جانے والے کیمیکل بھی بالوں کی صحت کو متاثر کرتے ہیں۔

    لہٰذا بالوں کے لیے ایسے تیل کا استعمال ضروری ہے جو ان کی نشوونما میں مدد فراہم کرے، یہاں پر ایک ایسا ہی تیل بنانے کا طریقہ بیان کیا جارہا ہے جو ان تمام مسائل کو حل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

    اس تیل کو استعمال کرنے کے بعد بالوں کو اچھی دھولیں تاکہ تیل بالوں سے مکمل صاف ہو جائے۔

    تیل کو بنانے کے لیے ایک کھانے کا چمچ زیتون کا تیل، ایک کھانے کا ناریل کا تیل، ایک کھانے کا چمچ شہد اور ایک چائے کا چمچ ایپسن نمک یا میگنیشیئم فلیکس لیں۔

    ان تمام اجزا کو اچھی ملائیں، ناریل کے تیل کو تھوڑا سا گرم کر کے اس میں ایپسن نمک یا میگنیشیئم فلیکس شامل کر کے حل کرلیں۔

    اس تیل کو بالوں میں اچھی طرح لگائیں اور جڑوں میں مساج کریں، تیس منٹ تک لگا رہنے دیں پھر شیمپو سے دھولیں۔

    یہ تیل بالوں کی رونق اور نشونما میں اضافہ کرے گا اور انہیں نرم ملائم اور چمکدار بھی بنائے گا۔

  •  حکومت پاکستان رابطہ کریگی تو ہم سستا تیل فراہم کریں گے، روسی قونصل جنرل

     حکومت پاکستان رابطہ کریگی تو ہم سستا تیل فراہم کریں گے، روسی قونصل جنرل

    کراچی: روسی قونصل جنرل آندرے فیڈروف کا کہنا ہے کہ پاکستان حکومت رابطہ کریگی تو ہم سستا تیل فراہم کریں گے۔

    کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے روس کے قونصل جنرل آندرے فیڈروف نے کہا کہ سابق وزیراعظم کے دورہ روس میں تیل کی تجارت پر بات ہوئی تھی، جس کے بعد پاکستان کی جانب سے کوئی سرکاری خط موصول نہیں ہوا۔

    انہوں نے کہا کہ روس پر پابندیاں پاکستان سے تجارتی تعلقات کو متاثر کرسکتی ہیں، لیکن پاکستانی حکومت رابطہ کریگی تو ہم سستا تیل فراہم کریں گے۔

    روس یوکرین جنگ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ان کہا کہنا تھا کہ یوکرین  کیساتھ تنازعے کا فوری حل نظر نہیں آرہا، یوکرین امن مذاکرات کیلئے سنجیدہ نہیں ہے۔

    خیال رہے کہ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے دعوی کیا تھا کہ روس سے تیل خریدنے کیلئے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے کوئی خط نہیں لکھا تھا۔

    مفتاح اسماعیل کے بیان پر سابق وزیر مملکت برائے محصولات حماد اظہر نے ٹویٹر پر اپنی پوسٹ میں ایک خط شیئر کرتے ہوئے وزیر خزانہ کو جواب دیتے ہوئے لکھا تھا کہ روس ہمیں رعایتی تیل فروخت کرنے کے لیے پُر جوش تھا، وزیر خزانہ کو روس کے وزیر توانائی سے بات کرنی چاہیے تھی۔

     

  • وہ تیل جو گرتے بالوں کا علاج ہے

    وہ تیل جو گرتے بالوں کا علاج ہے

    بال گرنا ایک عام مسئلہ بن چکا ہے اور تقریباً ہر دوسرا شخص اس کا شکار ہے، بال گرنے سے روکنے کے لیے جہاں بے شمار ٹوٹکے آزمائے جاتے ہیں وہیں یہ خاص قسم کا تیل بھی خاصا معاون ثابت ہوسکتا ہے۔

    بال گرنے کی کئی وجوہات ہوسکتی ہیں، ان میں غیر متوازن غذا، ذہنی تناؤ، آلودگی اورصفائی کا خیال نہ رکھنا شامل ہے۔

    ان تمام عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں بہتر کرنے کی کوشش کریں اورساتھ ہی گرتے ہوئے بالوں کے لیے ان دو اقسام کے تیل کو ملا کر سر میں مساج کریں۔

    اس تیل کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ یہ مسحور کن خوشبو لیے ہوئے ہے، سونے سے قبل اس کا مساج ایک طرف تو بالوں کو گرنے سے روکے گا جبکہ دوسری جانب اس کی خوشبو نیند کو مزید پرسکون بنائے گی۔

    اس تیل کو بنانے کے لیے ایک کھانے کا چمچ انگور کے بیجوں کا تیل اور چند قطرے لیوینڈرکا تیل لیں، ان دونوں کو اچھی طرح ملا کر سرمیں جہاں بال زیادہ گر رہے ہیں وہاں لگا کر ہلکے ہاتھ سے مساج کریں۔

    بہتر نتائج کے لیے اسے روز استعمال کریں اور صبح شیمپو سے دھولیں۔

  • یادداشت بہتر بنانے والا پھول

    یادداشت بہتر بنانے والا پھول

    یادداشت کی خرابی عمر سے مبرا ہر کسی کا مسئلہ بنتی جارہی ہے، اس کی مختلف وجوہات ہوتی ہیں جن میں سرفہرست ذہنی تناؤ ہے۔

    یادداشت کو بہتر بنانے کے لیے کئی طرح کی ادویات کا استعمال اور دماغی مشقیں بھی کروائی جاتی ہیں لیکن ان سب کے لیے کافی وقت درکار ہوتا ہے تاہم اب سائنسدانوں نے اسے بہتر بنانے میں روزمیری تیل کی خوشبو کو کافی امید افزا پایا ہے۔

    تھرا پیوٹک ایڈوانسز ان سائیکو فارما کولوجی میں شائع ہونے والی تحقیق ایک ایسے مطالعے پر مشتمل تھی جس میں 20 افراد شامل تھے جس کے نتائج کو دیکھتے ہوئے یہ تجویز کیا گیا کہ روز میری تیل کی خوشبو مختلف دماغی مشقوں کی درستگی اور رفتار کو بڑھانے میں مدد فراہم کرسکتی ہے۔

    اسی طرح ایک اور تحقیق کی گئی جس میں بتایا گیا کہ ہوا میں موجود اس تیل کی خوشبو نے یاداشت کے امتحان میں کس طرح شرکا کی مدد کی۔

    اس تحقیق کے لیے 66 شرکا کو شامل کیا گیا اور انہیں تجربہ گاہ میں آنے سے قبل کمرے کو روز میری تیل کی خوشبوسے مہکا دیا گیا جبکہ دوسرے کمرے میں خوشبو کو شامل نہیں کیا گیا۔

    اب ان شرکا کے دو گروپ بنا کر انہیں الگ الگ کمروں میں بھیج دیا گیا جہاں دونوں میں یادداشت کو جانچنے کے لیے کچھ ٹیسٹ دیے گئے، اس ٹیسٹ میں ایسی اشیا کو تلاش کرنا تھا جو پہلے انہوں نے چھپی ہوئی دیکھی تھی۔

    اس کا اندازہ اس بنیاد پر کیا گیا کہ شرکا اس کام کو کتنے وقت میں ختم کرتے ہیں، جس کمرے میں روز میری تیل کی خوشبو تھی وہاں کے شرکا نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ساتھ ہی ان کی یادداشت کو جاننے کے لیے سوالنامہ بھی دیا گیا۔

    روزمیری یاداشت کو بہتر بنانے میں کس طرح کارآمد ثابت ہوتا ہے؟ تحقیق کے مطابق روز میری میں کارنوسک ایسڈ پایا جاتا ہے جو دماغ کو فری ریڈیکل سے ہونے والے نقصان سے تحفظ دیتا ہے، ساتھ ہی یہ ڈی این اے اور خلیات کو بھی فری ریڈیکل سے بچاتا ہے۔

    روز میری کی خوشبو میں موجود مرکبات ایسی ٹیلکولین کی خرابی کو روکتے ہیں، یہ ایک ایسا کیمیکل ہے جو دماغی خلیوں میں تحریک پیدا کر کے مواصلات اور یاداشت کا کام انجام دیتا ہے۔

  • ایران سے اسمگل شدہ 6 لاکھ بیرل تیل امریکا نے ضبط کرلیا

    ایران سے اسمگل شدہ 6 لاکھ بیرل تیل امریکا نے ضبط کرلیا

    ایتھنز: امریکا نے یونان کے ساحل پر موجود 6 لاکھ بیرل اسمگل شدہ ایرانی تیل قبضے میں لے لیا، تیل لے جانے والا ٹینکر روس کی ملکیت تھا۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق امریکا نے یونان کے ساحل پر موجود ایک ٹینکر سے ایران سے اسمگل ہونے والا 6 لاکھ بیرل سے زیادہ خام تیل قبضے میں لے لیا ہے، یہ اقدام ایران کے خلاف نئی پابندوں کے تحت ہونے والی کارروائیوں کی ایک کڑی ہے۔

    جمعرات کو اس ضبط شدہ تیل کو ٹینکر سے دوسرے بحری جہاز میں منتقل کیا گیا اور اب اسے امریکا لے جایا جائے گا، دا پیگاس نامی اس آئل ٹینکر کو دو وجہ سے نشانہ بنایا گیا۔ ایک یہ کہ یہ ٹینکر روس کی ملکیت تھا اور دوسرا اس میں ایرانی تیل لدا ہوا تھا۔

    امریکا نے 22 فروری کو روس کی جانب سے یوکرین پر حملے سے قبل ہی 5 بحری جہازوں پر بھی پابندیاں عائد کی تھیں، ان جہازوں میں دا پیگاس بھی شامل ہے۔

    یکم مارچ کو اس ٹینکر کو نیا نام لاما دیا گیا اور یہ یکم مئی سے ایرانی تیل کی منتقلی میں مصروف تھا۔

    اس تیل بردار بحری جہاز کو ابتدائی طور پر یونانی حکام نے گزشتہ ماہ جنوبی یونانی جزیرے ایویا کے ساحل پر قبضے میں لے لیا تھا، اس میں عملے کے 19 روسی ارکان بھی سوار تھے۔

    اس وقت یونان نے کہا تھا کہ یوکرین پر حملے کی وجہ سے روس پر یورپی یونین کی پابندیوں کے تحت جہاز کو قبضے میں لیا گیا تھا لیکن بعد میں جہاز کو چھوڑ دیا گیا تھا۔

    تاہم امریکا نے اس ہفتے ایرانی پاسداران انقلاب کے غیر ملکی آپریشن یونٹ قدس فورس کے لیے روس کی مدد سے تیل کی اسمگلنگ اور منی لانڈرنگ کرنے والے نیٹ ورک پر نئی پابندیاں عائد کیں، جس کے نتیجے میں اس آئل ٹینکر کو دوبارہ قبضے میں لے لیا گیا۔

    ایران کی بندرگاہوں اور میری ٹائم آرگنائزیشن نے کہا کہ ٹینکر نے تکنیکی مسائل اور خراب موسم کی وجہ سے یونان کے ساحل کے قریب پناہ حاصل کی تھی اور اس کا سامان ضبط کرنا بحری قزاقی کی واضح مثال ہے۔

    اسمگل شدہ ایرانی تیل کے خلاف ان کارروائیوں سے ایران کے مغربی قوتوں کے ساتھ جوہری معاہدے (مشترکہ جامع پلان آف ایکشن) کی بحالی کی امیدیں دم توڑ رہی ہیں۔

  • تیل کی پیداوار: روس نے امریکا کو پیچھے چھوڑ دیا

    تیل کی پیداوار: روس نے امریکا کو پیچھے چھوڑ دیا

    ماسکو: روس ستمبر میں دنیا کا سب سے بڑا تیل پیدا کرنے والا ملک بن گیا اور اس حوالے سے امریکا کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

    روسی میڈیا کے مطابق قومی شماریات کی سروس کا کہنا ہے کہ ستمبر 2021 میں روس امریکا کو پیچھے چھوڑتے ہوئے حجم کے لحاظ سے دنیا کا سب سے بڑا تیل پیدا کرنے والا ملک بن گیا۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ ماسکو نے جولائی میں 10.45 ملین بیرل یومیہ تیل کی پیداوار کی جبکہ اسی عرصے میں امریکا کی طرف سے یومیہ 11.31 ملین بیرل تیل پیدا کیا گیا۔

    اگست میں روس کی پیداوار کم ہو کر 10.4 ملین بیرل یومیہ ہوگئی جبکہ امریکا میں 11.14 ملین بیرل یومیہ پیدا ہوئی۔ ستمبر میں روس کی پیداوار بڑھ کر 10.73 ملین بیرل یومیہ ہوگئی جبکہ امریکا کی پیداوار 10.72 ملین بیرل یومیہ تک گر گئی۔

    روس نے جنوری سے ستمبر 2021 میں کل 387.8 ملین ٹن تیل پیدا کیا جو کہ سالانہ لحاظ سے 0.1 فیصد زیادہ ہے۔

    ستمبر کی پیداوار سال بہ سال 8.1 فیصد بڑھ کر 44.1 ملین ٹن تک پہنچ گئی، جنوری ۔ ستمبر میں روسی تیل کی برآمدات 5.8 فیصد کم ہو کر 171.4 ملین ٹن رہ گئیں، ملک کی پیداوار میں برآمدات کا حصہ 44.2 فیصد رہا۔

  • سعودی عرب نے تیل پیدا کرنے والے ممالک کو خبردار کردیا

    سعودی عرب نے تیل پیدا کرنے والے ممالک کو خبردار کردیا

    ریاض: سعودی عرب نے تیل پیدا کرنے والے ممالک کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہتر ہوگا کہ ہم لچکدار پالیسی اپنائے رکھیں اور ہر طرح کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے زیادہ سے زیادہ تیار رہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان کا کہنا ہے کہ تیل پیدا کرنے والے ممالک کو مسلسل محتاط رہنا پڑے گا۔ وزیر توانائی نے کہا کہ ابھی کرونا وائرس وبا کے خلاف کامیابی کا اعلان قبل از وقت ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ تیل پیدا کرنے والے ممالک کو انتہائی محتاط رہنا ہوگا، لاپرواہی سے پرہیز اور بہت زیادہ خوش فہمی میں مبتلا ہونے سے بچنا ہوگا۔

    شہزادہ عبد العزیز بن سلمان کا کہنا تھا کہ اوپیک پلس میں شامل ممالک کی جانب سے پیداواری کوٹے میں تبدیلی کی بدولت کووڈ 19 وبا کی شدت میں کمی واقع ہوئی ہے، اس کی بدولت تیل منڈی مستحکم رہی اور توانائی کے شعبے میں امن و امان کا ماحول مضبوط ہوا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم نے کرونا وبا سے متعدد سبق سیکھے ہیں، ان میں سے ایک یہ ہے کہ مستقبل کے بارے میں قیاس آرائی مفید نہیں۔ مستقبل قریب کے بارے میں بھی پیش گوئی کرنا درست نہیں۔

    وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ بہتر یہ ہوگا کہ ہم لچکدار پالیسی اپنائے رکھیں اور ہر طرح کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے زیادہ سے زیادہ تیار رہیں، اس بات کو ہمیشہ مدنظر رکھیں کہ مشترکہ جدوجہد ہی مستقبل کے چیلنجوں سے نمٹنے کا مثالی راستہ ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ کرونا وبا کے خطرات کا احاطہ کر کے انہیں تسخیر کیا جا سکتا ہے، اس کے لیے ہمیں زیادہ سے زیادہ مکالمے، توانائی کے گوشواروں میں شفافیت اور ایک دوسرے کا دست و بازو بننا ہوگا۔ یہی توانائی کے عالمی فورم کا بنیادی ہدف اور مشن بھی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے جی 20 کی قیادت کے دوران توانائی ورکنگ ٹیموں کے ذریعے اس مشن کے لیے بڑھ چڑھ کر کام کیا تھا۔

  • سعودی تیل کمپنی کی بڑی کامیابی، پہلی پوزیشن حاصل کر لی

    سعودی تیل کمپنی کی بڑی کامیابی، پہلی پوزیشن حاصل کر لی

    ریاض: سعودی عرب کی تیل کی بڑی کمپنی آرامکو نے مشرق وسطیٰ کے قیمتی ترین برانڈز میں پہلے نمبر پر برقرار رہنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی آرامکو نے مشرق وسطیٰ کے سب سے قیمتی برانڈ کے طور پر اپنی پوزیشن برقرار رکھی ہے، منگل کو برانڈ فنانس گلوبل 500 نے اپنی رواں سال کی رپورٹ میں مملکت کی سب سے بڑی تیل کی کمپنی کی قیمت کا تخمینہ 37 اعشاریہ 5 ارب ڈالر لگایا۔

    رپورٹ کے مطابق آرامکو نے اپنی برانڈ ویلیو میں 20 فی صد کمی کے باوجود اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھی ہے۔

    دوسرے نمبر پر ابوظبی نیشنل آئل کمپنی رہی، اس کمپنی کی برانڈ ویلیو میں ایک مشکل سال کے باوجود صرف 6 فی صد کمی آئی اور اس نے کامیابی سے اپنی پوزیشن کو برقرار رکھا۔

    برانڈ فنانس کے سی ای او ڈیوڈ ہیگ کا کہنا ہے کہ آرامکو تیل کی صنعت میں چھپی ہوئی ایک دیوہیکل کمپنی ہے، جس کے برانڈ نے آخرکار عوام کی توجہ حاصل کر لی ہے۔

    انھوں نے کہا اس وقت آرامکو کی برانڈ ایکویٹی ترقی کے ابتدائی مرحلے میں ہے، لیکن اگلی دہائی میں مزید طاقت حاصل کرتے ہوئے یہ کمپنی عالمی اسٹیج میں شامل ہو جائے گا۔

    ڈیوڈ ہیگ نے کہا ابوظبی نیشنل آئل کمپنی نے ابوظبی کی عالمی سافٹ پاور پوزیشن کو تقویت دی، اور متحدہ عرب امارات کے پائیدار معاشی اہداف کو آگے بڑھایا۔

    رپورٹ میں شامل مشرق وسطیٰ کے دیگر برانڈز میں سعودی ٹیلی کام کمپنی ایس ٹی سی، متحدہ عرب امارات کی اتصالات، قطر نیشنل بینک، دبئی ایمریٹس ایئر لائن اور پیٹرو کیمیکل فرم سابک شامل ہیں۔