Tag: تیل

  • خام تیل کی قیمت میں نمایاں کمی، اسٹاک مارکٹیس میں شدید مندی

    خام تیل کی قیمت میں نمایاں کمی، اسٹاک مارکٹیس میں شدید مندی

    نیویارک: عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں7فیصدکی نمایاں کمی ہوئی ہے جب کہ امریکا، برطانیہ، فرانس اور جرمن اسٹاک مارکیٹس میں مندی کا رجحان برقرار ہے۔

    دنیا بھر میں تیزی سے پھیلتے ہلاکت خیز کورونا وائرس سے عالمی معاشی سرگرمیوں کو زبردست جھٹکا لگا ہے جس کے باعث اب تک اربوں ڈالر کا نقصان ہو چکا ہے۔

    عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں مسلسل گراوٹ دیکھی جارہی ہے، امریکی خام تیل کی قیمت میں 3 ڈالر55 سینٹس کی کمی ہوئی جس کے بعد امریکی خام تیل کی قیمت 42 ڈالر 41 سینٹس فی بیرل ہو گئی۔

    برینٹ خام تیل کی قیمت میں 3ڈالر 62 سینٹس کی کمی ہوئی جس کے بعد برینٹ خام تیل کی قیمت 46 ڈالر 34 سینٹس پر آگئی۔

    دوسری جانب امریکی اسٹاک مارکیٹ ڈاؤجونز میں 590 پوائنٹس کمی ہوئی جب کہ امریکی مارکیٹ نیسڈیک میں 265 پوائنٹس گرِ گئے۔

    برطانوی مارکیٹ میں239پوائنٹس، فرانسیسی اسٹاک مارکیٹ میں 222پوائنٹس اور جرمن اسٹاک مارکیٹ میں 402 پوائنٹس کی کمی دیکھنے میں آئی۔

  • کرونا وائرس: تیل کی قیمتوں میں 4 برس کی ریکارڈ کمی

    کرونا وائرس: تیل کی قیمتوں میں 4 برس کی ریکارڈ کمی

    ماسکو: دنیا بھر میں پھیلنے والے جان لیوا کرونا وائرس کے باعث تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی جاری ہے، 4 برسوں کے دوران تیل کی قیمت میں ریکارڈ کمی سامنے آرہی ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے عالمی تیل منڈی کے مسائل پر تبادلہ خیال کے دوران کہا کہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ سے عالمی معیشت پر برے اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

    صدر پیوٹن نے تیل کے نرخوں میں ریکارڈ کمی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ابھی یہ اندازہ لگانا مشکل ہے کہ نرخوں میں کمی کا سلسلہ کب تک جاری رہے گا تاہم صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیاری کرنا ہوگی۔

    عالمی میڈیا کے مطابق کرونا وائرس کی وجہ سے تیل کے نرخ 1 برس کے دوران انتہائی نچلی سطح پر آگئے ہیں جبکہ تیل نرخوں میں کمی کا 4 سالہ ریکارڈ ٹوٹنے کے قریب ہے۔

    معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر تیل پیدا کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک اور اتحادی تیل پیداوار میں بڑی کمی کریں گے، اوپیک پلس نے بتایا کہ وہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے بعد ذمہ دارانہ فیصلہ کرے گی۔

    اوپیک کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ وہ تیل کے نرخوں میں تیزی کے ساتھ آنے والی گراوٹ کو روکنے کی کوشش کرے گی۔

  • کوکنگ آئل کب زہر بن جاتا ہے، اہم انکشاف

    کوکنگ آئل کب زہر بن جاتا ہے، اہم انکشاف

    کراچی: کھانا پکانے کے تیل کی صورت میں ہم دراصل کیا چیز اپنے پیٹ میں اتارتے ہیں، اس سلسلے میں اہم انکشاف سامنے آیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا کی خصوصی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بار بار استعمال شدہ کوکنگ آئل کی شکل میں ہم زہر پیٹ میں اتارتے ہیں، کھلا اور کئی بار استعمال کیا جانے والا تیل کینسر اور کولیسٹرول کا سبب بنتا ہے۔

    فوڈ بلاگر محسن بھٹی نے پروگرام میں بتایا کہ استعمال شدہ کوکنگ آئل کو دوبارہ استعمال کرنا انتہائی نقصان دہ ہوتا ہے، لیکن چاہے گھر ہو یا بازار کوکنگ آئل کا بار بار ہی نہیں کئی روز تک استعمال معمول کی بات بن گئی ہے لیکن بیش تر افراد یہ نہیں جانتے کہ کوکنگ آئل کا بار بار استعمال کینسر اور دل کے امراض میں مبتلا کر دیتا ہے، تیل کو بار بار گرم کرنے سے اس میں ایسے ذرات پیدا ہو جاتے ہیں جو جسم میں جا کر خون کے ساتھ مل جاتے ہیں اور کئی خطرناک بیماریوں کا سبب بنتے ہیں۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ استعمال شدہ آئل کو اگر دوبارہ استعمال کرنا ہے تو ان باتوں کا خیال رکھا جائے کہ آئل کے استعمال کے بعد اسے ٹھنڈا ہونےکے لیے رکھ دیا جائے، پھر اسے ائیر ٹائٹ ڈبے میں رکھ دیں اور پھر کچھ دن کے بعد اس آئل کا استعمال کریں تو یہ انسانی جسم کو نقصان نہیں پہنچائے گا۔

    دوبارہ استعمال کرنے سے قبل اگر آئل کا رنگ پہلے سے گہرا ہو گیا ہے اور وہ پہلے سے زیادہ گاڑھا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ یہ استعمال کے قابل نہیں ہے، اسے فوراً پھینک دینا بہتر ہے۔ آئل کو گرم کرتے وقت اگر اس میں معمول سے زیادہ دھواں بنے تو مطلب یہ بھی اب قابل استعمال نہیں ہے۔

    رپورٹ کے مطابق سن فلاور آئل، سویا بین، سرسوں، کنولا کا اسموک پوائنٹ زیادہ جب کہ زیتون کے تیل کا اسموک پوائنٹ کم ہوتا ہے۔

  • سونے اور خام تیل کی قیمتیں گر گئیں

    سونے اور خام تیل کی قیمتیں گر گئیں

    نیویارک: امریکی صدر ڈونلڈ کے خطاب کے بعد عالمی مارکیٹ میں سونے اور خام تیل کی قیمتیں کم ہونے لگیں۔

    تفصیلات کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے امریکی قوم سے خطاب کے بعد سونے اور خام تیل کی قیمتیں گر گئیں، عالمی مارکیٹ میں سونا 14 ڈالر کمی سے 1560 ڈالر فی اونس کا ہو گیا جب کہ عالمی بازار میں خام تیل کی قیمت میں 3.86 فیصد کی نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔

    اس کمی کے بعد عالمی بازار میں کروڈ آئل 2.42 ڈالر سستا ہوکر 60.28 ڈالر فی بیرل تک گر گیا۔

    یہ بھی پڑھیں: میزائل استعمال نہیں کرنا چاہتے، ایران جوہری منصوبے سے دستبردار ہوجائے، ٹرمپ

    ادھر امریکی اسٹاک مارکیٹ میں تیزی دیکھی جارہی ہے، ایس اینڈپی 500 انڈیکس 16.50پوائنٹس اضافے سے 3253 کی سطح پر جب کہ امریکی ڈاو جانز 30 انڈیکس 145 پوائنٹس اضافے سے 28726 پر پہنچ گیا۔

    واضح رہے کہ ایران امریکا کشیدگی کے باعث عالمی بلین مارکیٹ میں سونے اور خام تیل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوا تھا۔

  • ملک میں تیل و گیس کی تلاش میں دو بڑی کامیابیاں

    ملک میں تیل و گیس کی تلاش میں دو بڑی کامیابیاں

    کراچی: توانائی کے شعبے میں بڑی خوشخبری سامنے آگئی، ملک میں تیل و گیس کی تلاش میں دو بڑی کامیابیاں مل گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیٹرولیم نے سندھ اوربلوچستان میں تیل اور گیس کی بڑی دریافت کا اعلان کرتے ہوئے پاکستان اسٹاک ایکس چینج کو نئی دریافت سے آگاہ کر دیا جب کہ پی پی ایل کی دریافت میں دیگر کمپنیوں کا بھی اشتراک ہے۔

    پی پی ایل کا کہنا ہے کہ خیرپور سندھ میں 2 کروڑ 86 لاکھ کیوبک فٹ گیس دریافت ہوئی اور کنویں سے یومیہ 152 بیرل تیل بھی حاصل ہوگا۔

    یہ بھی پڑھیں: پاکستان کیلئے خوشخبری ، تیل اور گیس کے نئے ذخائر دریافت

    پی پی ایل کو مرکنڈ بلوچستان سے بھی گیس اور تیل کا بڑا ذخیرہ دریافت ہوا ہے، مرکنڈ کنویں سے ایک کروڑ 7لاکھ کیوبک فٹ گیس دریافت ہوئی اور اس کنویں سے 132 بیرل یومیہ تیل کی بھی دریافت کا اعلان کیا گیا ہے۔

    یاد رہے 27 اگست کو بھی خیبرپختونخواکےضلع کوہاٹ میں تیل وگیس کےنئے ذخائردریافت ہوئے تھے ، جانچ کے دوران کنویں سے 240بیرل یومیہ خام تیل کے ذخائر اور یومیہ 1کروڑ 27 لاکھ معکب فٹ گیس کے ذخائر ملے تھے۔

  • شامی تیل کے تحفظ کا امریکی منصوبہ، روس کی کڑی تنقید

    شامی تیل کے تحفظ کا امریکی منصوبہ، روس کی کڑی تنقید

    ماسکو: امریکا شامی تیل کے تحفظ کے لیے نیا منصوبہ تیار کررہا ہے جبکہ روس نے امریکا پر شام میں تیل کے تحفظ کے نام پر ڈکیتی کا الزام عائد کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ماسکو حکام نے امریکا پر شام میں تیل کی تنصیبات کے تحفظ کے نام پربین الاقوامی ڈکیتی کا الزام عائد کیا ہے، جس کا مقصد تیل پر قبصہ کرنا ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق روس کی وزارتِ دفاع نے ایک بیان میں کہا کہ امریکا اس وقت جو کچھ کررہا ہے، وہ مشرقی شام میں آئیل فیلڈز پر قبضہ اور انہیں اپنے کنٹرول میں لانا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ یہ سادہ لفظوں میں بین الاقوامی ڈکیتی ہے، شام میں ہائیڈرو کاربن کے تمام ذخائر داعش کے دہشت گردوں کی ملکیت نہیں ہیں اور یہ تمام داعش کے دہشت گردوں کے مدافعین کے بھی نہیں بلکہ صرف اور صرف شامی عرب جمہوریہ کے ملکیتی ہیں۔

    امریکا میں ری پبلیکن پارٹی کے رکن کانگرس لینڈسے گراہم کا گذشتہ روز کہنا تھا کہ امریکا شام کے تیل کے تحفظ کے لیے نیا منصوبہ تیار کررہا ہے۔

    شامی تیل کا تحفظ، امریکا کا نیا منصوبہ

    انہوں نے کہا تھا کہ امریکی فوجی کمانڈر ایک ایسا منصوبہ مرتب کررہے ہیں جس کے تحت شام میں داعش کو دوبارہ ابھرنے سے روکنا اور شام کے تیل کو ایران یا عسکریت پسند گروپ کے ہاتھوں میں آنے سے روکنا ہے۔

  • عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں نمایاں کمی

    عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں نمایاں کمی

    کراچی: سعودی آئل فیلڈ پر حملے کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں نمایاں کمی دیکھی جارہی ہے، برینٹ خام تیل کی قیمت 64 ڈالر 59 سینٹ فی بیرل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی تیل کی تنصیبات پر حملے کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں نمایاں کمی دیکھی جارہی ہے، برینٹ خام تیل کی قیمت 64 ڈالر 59 سینٹ فی بیرل ہوگئی جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت 58 ڈالر 95 سینٹ فی بیرل ہوگئی۔

    عالمی منڈی میں خام تیل کی پیداوار میں 6 فیصد تک کی کمی بھی ریکارڈ کی گئی، حملے کا شکار بننے والے سعودی تیل کی تنصیبات سے خام تیل کی پیداوار 50 فیصد بحال ہوگئی ہے، امکان ہے کہ رواں ماہ میں ہی مکمل بحال ہوجائے گی۔

    ستمبر اور اکتوبر میں سعودی تیل کی اوسط پیداوار 98 لاکھ بیرل یومیہ رہے گی جبکہ نومبر کے اختتام تک اوسط پیداوار ایک کروڑ 20 لاکھ بیرل یومیہ تک ہوجائے گی۔

    خیال رہے کہ چند روز قبل دمام کے قریب سعودی عرب کی آئل کمپنی آرامکو کی 2 فیکٹریز پر ڈرون حملے کیے گئے تھے، آئل ریفائنریز میں دھماکے کے بعد آگ لگ گئی تھی، حملے کی ذمہ داری یمن کے حوثی باغیوں نے قبول کر لی تھی۔

    حملے کے بعد سعودی خام تیل کی پیداوار میں 57 لاکھ بیرل کی کمی ہوئی، بین الاقوامی ماہرین کے مطابق یہ تاریخ کی بدترین بندش تھی۔ حملے کے بعد خام تیل کی قیمت میں 15 فیصد اضافہ بھی ہوگیا تھا۔

    خام تیل کی قیمت میں ردو بدل کے باعث ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں مندی دیکھی گئی۔ چین، ہانگ کانگ اور تائیوان اسٹاک مارکیٹس منفی زون میں نظر آئیں۔ گزشتہ روز امریکی، برطانوی اور فرانسیسی اسٹاک مارکیٹس کا اختتام بھی مندی میں ہوا۔

    معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں اضافے سے تمام درآمدی ممالک متاثر ہوں گے، پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

  • یومیہ تیل کی پیداوار کتنی ہوگی؟ اوپیک کا اہم اجلاس

    یومیہ تیل کی پیداوار کتنی ہوگی؟ اوپیک کا اہم اجلاس

    ویانا: خام تیل پیدا کرنے والے بڑے ممالک کی تنظیم ’اوپیک پلس‘ کا یومیہ تیل کی پیداوار سے متعلق اہم اجلاس آسٹریا کے دارالحکومت میں جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اوپیک پلس کے اس اجلاس میں فیصلہ کیا جائے گا کہ موجودہ حالات اور ضروریات کے پیش نظر یومیہ تیل کی پیداوار کتنی رکھنی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اوپیک پر ڈباؤ ڈالا ہے کہ وہ تیل کی پیداوار میں اضافہ کریں تاکہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بھی کم کی جاسکیں۔

    خام تیل کی پیداوار کی حد سے متعلق ’اوپیک پلس‘ کا اجلاس آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں ہو رہا ہے، اجلاس کے اختتام پر اہم فیصلے متوقع ہیں۔

    خیال رہے کہ اس گروپ میں اوپیک تنظیم کے چودہ ممالک کے ساتھ ساتھ دس دیگر تیل پیدا کرنے والے ممالک بھی شامل ہیں، اسی لیے اسے اوپیک پلس کہا جاتا ہے۔

    قبل ازیں ان ممالک نے دسمبر 2018 میں فیصلہ کیا تھا کہ وہ تیل کی پیداوار اکتوبر 2018 کے مقابلے میں یومیہ ایک اعشاریہ دو ملین بیرل کم کریں گے۔

    عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم کی جائیں، امریکی صدر کا اوپیک سے مطالبہ

    ایک رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں یومیہ تقریبا ننانوے ملین بیرل خام تیل پیدا کیا جاتا ہے جبکہ طلب ایک سو اعشاریہ چار ملین بیرل کی ہے۔

    علاوہ ازیں اوپیک کے تمام رکن ممالک نے رواں سال کے اختتام تک تیل کی پیدوارا بڑھانے کے لیے ایک سمجھوتہ کیا تھا تاہم اس میں مزید توسیع کے لیے کوئی اقدام نہیں کیا گیا۔

  • سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو تیل فراہمی جولائی سے شروع ہوگی

    سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو تیل فراہمی جولائی سے شروع ہوگی

    اسلام آباد: پاکستان کو سعودی عرب کی جانب سے تیل فراہمی جولائی سے شروع ہوگی، تیل کی مجموعی لاگت 9.9 ارب ڈالر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے سفارت خانے نے اپنے ایک اعلامیہ میں کہا ہے کہ پاکستان مؤخر ادائیگی پرماہانہ 275 ملین ڈالرکا تیل حاصل کرے گا.

    سفارت خانے کے اعلامیہ کے مطابق جولائی میں پاکستان کو تیل کی فراہمی شروع ہوگی، تیل کی فراہمی کا سلسلہ 3 سال تک جاری رہے گا. 

    خیال رہے کہ سعودی عرب نے گزشتہ اکتوبرمیں پاکستان کے لیے معاشی پیکج کا اعلان کیا تھا، پاکستان کو دیا جانے والا معاشی پیکج 3 ارب ڈالر کا  تھا۔

    سعودی سفارت خانہ کے مطابق پیکج سے پاکستان کو ادائیگیوں کے توازن میں مدد ملے گی، پاکستان اور سعودی عرب میں 20 ارب ڈالر مالیت کے معاہدےہوئے تھے.

    وزیراعظم عمران خان اورسعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی ملاقات

    سفارت خانہ کے مطابق امداد سعودی قیادت کی طرف سے پاکستانی معیشت کی سپورٹ کے لیے ہے، یہ مدد پاکستان اور سعودی عرب میں گہرےتعلقات کی عکاس ہے.

    تجزیہ کاروں کے مطابق اس عمل سے پاکستانی معیشت میں بہتر آئے اور روپے کی قدر مستحکم ہوگی۔

    خیال رہے کہ یکم جون کو شہر مکہ میں وزیر اعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی ملاقات ہوئی تھی۔

    وزیراعظم پاکستان نے مؤخر ادائیگیوں پر پاکستان کو تیل کی فراہمی پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا تھا کہ سعودی عرب کے برادرانہ اقدام سے پاکستانی معیشت بہترہوئی۔

  • امریکی پابندیاں مسترد، ایرانی تیل کی خریداری جاری رکھیں گے، چین

    امریکی پابندیاں مسترد، ایرانی تیل کی خریداری جاری رکھیں گے، چین

    بیجنگ : چینی وزارت خارجہ نے امریکی پابندیوں پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جوہری معاہدے کا پاس رکھتے ہوئے ایران کو اپنا تیل برآمد کرنے کا موقع دیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق چین نے اعلان کیا ہے کہ وہ ایران کے خلاف لگائی گئی امریکی پابندیوں کے باوجود ایران سے تیل خریدنے کا سلسلہ جاری رکھے گا، ہم امریکا کی طرز پر ایرانی تیل کی درآمدات کم سے کم کرنے کی پالیسی پر نہیں چلیں گے۔

    چینی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم یک طرفہ سزاوں کے خلاف ہیں،ہمارا مطالبہ ہے کہ جوہری معاہدے کا پاس رکھتے ہوئے ایران کو اپنا تیل برآمد کرنے کا موقع دیا جائے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق چینی وزارت خارجہ میں اسلحہ کنڑول کے ڈائریکٹر جنرل فو کانگ نے صحافیوں کو بتایا کہ چین ایران کے خلاف لگائی گئی امریکی پابندیوں کے باوجود ایران سے تیل خریدنے کا سلسلہ جاری رکھے گا۔

    یاد رہے گذشتہ چند مہینے قبل امریکا نے جوہری معاہدے سے نکلنے کا اعلان کرتے ہوئے ایران پر پابندیاں عاید کر دی تھیں۔

    چینی وزارت خارجہ میں اسلحہ کنڑول کے ڈائریکٹر جنرل فو کانگ نے صحافیوں کو بتایا کہ ہم امریکا کی طرز پر ایرانی تیل کی درآمدات کم سے کم کرنے کی پالیسی پر نہیں چلیں گے۔

    یاد رہے کہ مئی 2018ءمیں معاہدے سے امریکا کی علیحدگی کے بعد ایران کی تیل برآمدات میں خاطر خواہ کمی واقع ہوئی ہے۔