Tag: تیمور تالپور

  • سانحہ تیزگام: ورثا اور زخمیوں کا انتظار ختم، امدادی چیک تقسیم

    سانحہ تیزگام: ورثا اور زخمیوں کا انتظار ختم، امدادی چیک تقسیم

    کراچی: سانحہ تیزگام کے شہدا کے ورثا اور زخمیوں میں امدادی چیک تقسیم کر دیے گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق صوبائی وزیر برائے انفارمیشن سائنس اور ٹیکنالوجی تیمور تالپور نے متاثرین سانحہ تیزگام میں امدادی چیک تقسیم کر دیے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے 31 اکتوبر 2019 کو سانحہ تیز گام ایکسپریس کے ورثا کے لیے امدادی رقم کا اعلان کیا تھا، شہدا کے ورثا کو فی کس 5،5 لاکھ جب کہ زخمیوں کو ایک، ایک لاکھ روپے کے چیک دیے گئے۔

    صوبائی وزیر تیمور تالپور نے اس موقع پر کہا کہ سانحے کی منصفانہ انکوائری نہ ہونے کی وجہ سے ورثا کو آج تک انصاف نہ مل سکا ہے، وفاقی حکومت نے سانحہ تیز گام کے متاثرین کے لیے کچھ نہیں کیا۔

    تیمور تالپور کا کہنا تھا یہ افسوس ناک حادثہ محکمہ ریلوے کی غفلت کے باعث پیش آیا تھا لیکن آج تک کسی ذمہ دار کو سزا نہیں دی گئی، پے در پے حادثات کے با وجود ریلوے کے نا اہل ترین وزیر شیخ رشید نے استعفی نہیں دیا۔

    یاد رہے کہ 30 اکتوبر 2019 کو کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیز گام ایکسپریس میں پنجاب کے علاقے لیاقت پور کے قریب گیس سلینڈر پھٹنے سے آتش زدگی کے باعث 75 افراد جاں بحق اور متعدد مسافر زخمی ہو گئے تھے، واقعے کے بعد وزارتِ ریلوے کے متعدد افسران معطل اور عہدوں سے برطرف کر دیے گئے تھے۔

  • نیب نے وزیر آئی ٹی سندھ کے خلاف تحقیقات تیز کر دیں

    نیب نے وزیر آئی ٹی سندھ کے خلاف تحقیقات تیز کر دیں

    کراچی: آمدن سے زائد اثاثے بنانے پر سندھ کابینہ کے ایک اور وزیر نیب کے ریڈار پر آ گئے ہیں، نیب نے صوبائی وزیر آئی ٹی سندھ تیمور تالپور کے خلاف تحقیقات تیز کر دیں۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے ڈی سی عمر کوٹ سے نواب محمد تیمور تالپور سے متعلق تفصیلات طلب کر لیں، اس سلسلے میں نیب کراچی نے ڈپٹی کمشنر کو کل 6 مئی کو ثبوت اور ریکارڈ کے ساتھ طلب کر لیا ہے۔

    نیب کی جانب سے عمر کوٹ میں سال 2000 سے تعینات ڈپٹی کمشنرز کی فہرست بھی طلب کی گئی ہے، تعلقہ کنری کو ملنے والے ترقیاتی فنڈز کی تفصیل بھی طلب کی گئی ہے۔

    نیب نے سال 2000 اور 2008 میں وفاق کے تعاون سے بننے والی ترقیاتی اسکیموں سے متعلق بھی تفصیلات طلب کر لی ہیں، ذرایع کے مطابق ڈپٹی کمشنر سے تعلقہ سمارو میں اراضی کی خریداری کی تفصیل بھی طلب کی گئی ہے۔

    سندھ حکومت کا 7ارب کی گندم چوری کیس نیب کو بھیجنے کا فیصلہ

    ادھر آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں صوبائی وزیر اویس قادر شاہ کو نیب نے آج سکھر آفس میں طلب کر رکھا ہے، ذرایع نیب کے مطابق اویس قادر شاہ سمیت گھر کے 5 افراد کو آج طلب کیا گیا ہے، ان سے بینک ٹرانزیکشنز کے حوالے سے معلومات حاصل کی جائیں گی۔

    واضح رہے کہ احتساب عدالت میں پی پی رہنما خورشید شاہ سمیت 18 افراد کے خلاف ایک ارب 23 کروڑ کا ریفرنس دائر ہے۔

  • ایم پی اے نے بجٹ تقریر کےدوران ووٹ خریدنےکا اعتراف کیا‘ حلیم عادل شیخ

    ایم پی اے نے بجٹ تقریر کےدوران ووٹ خریدنےکا اعتراف کیا‘ حلیم عادل شیخ

    کراچی : پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کا کہنا ہے کہ معلوم کیا جائے کس نے ووٹ بیچا اور کس نے خریدا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں سندھ اسمبلی کے باہرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ نے کہا کہ منتخب ایم پی اے نے بجٹ تقریر کے دوران ووٹ خریدنےکا اعتراف کیا۔

    حلیم عادل شیخ نے کہا کہ اسپیکرسندھ اسمبلی کو خط لکھ دیا ہے، جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مکروہ دھندے سے متعلق اس ممبرسے معلومات لی جائیں، معلوم کیا جائے کس نے ووٹ بیچا اور کس نے خریدا۔

    پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے کہا کہ ہم الیکشن کمیشن اور عدالت سے بھی رجوع کررہے ہیں۔

    تیمور تالپور کا سینیٹ انتخاب کے لیے ووٹ خریدنے کا اعتراف

    یاد رہے کہ گزشتہ روز سندھ اسمبلی میں ہونے والی بجٹ بحث میں پیپلزپارٹی کے تیمورتالپور نے جوش خطابت میں سینیٹ الیکشن میں پیپلزپارٹی کی طرف سے ووٹ خریدنے کا اعتراف کیا تھا۔

    تیمور تالپور کے اس جملے پراپوزیشن ارکان نے شدید احتجاج کیا تھا تاہم وہ مسلسل بولتے رہے، جی ڈی اے اور پاکستان تحریک انصاف کے ارکان اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی کی قیادت میں ایوان سے احتجاجاََ واک آؤٹ کرگئے تھے۔

  • اسمبلیوں میں مرد ارکان کا شرمناک رویہ اخلاقی زوال کی علامت: عمران خان

    اسمبلیوں میں مرد ارکان کا شرمناک رویہ اخلاقی زوال کی علامت: عمران خان

    کراچی: سندھ اسمبلی کے فلور پر عوام کے منتخب نمائندوں نے ایک بار پھر اخلاقیات کا جنازہ نکال دیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ اور سینئر رہنماؤں کی موجودگی میں خاتون اپوزیشن رکن نصرت سحر عباسی پر غیر اخلاقی جملے کسے گئے۔ ارکان اسمبلی کے رویے کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

    یہ ساری کہانی اس وقت شروع ہوئی جب گزشتہ روز سندھ اسمبلی کے اجلاس میں مسلم لیگ فنکشنل کی رکن نصرت سحر عباسی نے صوبائی وزیر امداد پتافی سے سوالات شروع کیے۔

    صوبائی وزیر نے سوالات کے مکمل جواب کے حصول کے لیے نصرت سحر عباسی کو اپنے چیمبر میں آنے کا کہا جس پر خاتون رکن بھڑک اٹھیں۔

    ایک اور رکن اسمبلی تیمور تالپور نے اس بد اخلاقی و بدتمیزی میں صوبائی وزیر کا ساتھ دیا اور نصرت سحر عباسی پر جملے کستے رہے۔

    صوبائی وزیر کے اخلاق سے گرے جملوں پر پورا ایوان بشمول وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ہنستا رہا اور کسی نے اس رویے کی مذمت نہ کی۔ ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا نے بھی صوبائی وزیر کو تادیب کرنے کے بجائے نصرت سحر عباسی کا مائیک بند کردیا۔

    اس کارروائی نے پیپلز پارٹی کے ان دعووں کا پول کھول دیا جو وہ خواتین کو با اختیار بنانے اور انہیں عزت دینے کے حوالے سے کرتی ہے۔ تاحال پیپلز پارٹی کے کسی مرد رکن نے اس رویے کی مذمت نہیں کی، تاہم خواتین ارکان نے اس رویے کو شرمناک قرار دیا۔

    پیپلز پارٹی کی رکن نفیسہ شاہ نے اس اخلاق سے گرے رویے پر امداد پتافی سے معافی کا مطالبہ کیا۔

    شرمیلا فاروقی نے کہا، ’کچھ افراد نہایت بے شرم ہوتے ہیں۔ امداد پتافی اس سے پہلے بھی ایسی حرکات کر چکے ہیں، قیادت کو انہیں معطل کردینا چاہیئے‘۔

    انہوں نے تیمور تالپور کے رویے کی بھی سخت مذمت کی۔

    دوسری جانب تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بھی کہا کہ مرد اراکین کی جانب سے اسمبلیوں میں اس قسم کا رویہ ہمارے اخلاقی زوال کو ظاہر کرتا ہے۔

    انہوں نے کچھ عرصہ قبل قومی اسمبلی میں خواجہ آصف اور شیریں مزاری کی اس جھڑپ کا حوالہ بھی دیا جس میں خواجہ آصف نے شیریں مزاری کو ’ٹریکٹر ٹرالی‘ کہہ کر پکارا تھا۔

    مزخورہ واقعے کے بعد شیر یں مزاری نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں خواجہ آصف کے خلاف ہتک عزت کی درخواست دائر کردی تھی تاہم عدالت نے یہ کہتے ہوئے کہ، ’آرٹیکل 69 کے تحت عدالت پارلیمنٹ کے امور میں مداخلت نہیں کر سکتی‘، درخواست کو خارج کردیا تھا۔