Tag: تیندوا

  • ویڈیو: وائلڈ لائف اہلکاروں نے زخمی تیندوے کو ریسکیو کر لیا

    ویڈیو: وائلڈ لائف اہلکاروں نے زخمی تیندوے کو ریسکیو کر لیا

    اسلام آباد: وائلڈ لائف اہلکاروں نے بھاگنے سے معذور ایک زخمی تیندوے کو آزاد کشمیر سے ریسکیو کیا ہے۔

    ترجمان اسلام آباد وائلڈ لائف کے مطابق آزاد کشمیر محکمہ وائلڈ لائف کی درخواست پر اسلام آباد وائلڈ لائف کی ریسکیو ٹیم نے ایک زخمی تیندوے کو بہ حفاظت ریسکیو کیا ہے۔

    وائلڈ لائف منیجمنٹ بورڈ کے مطابق تیندوے کی پچھلی دونوں ٹانگیں زخمی ہیں، یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ تیندوا کیسے زخمی ہوا، تیندوے کا طبی معائنہ شروع کر دیا گیا ہے، ترجمان کا کہنا ہے کہ تیندوے کی ٹانگوں کے ایکسرے کے بعد حقائق سامنے آئیں گے۔

    تیندوے کو آج رات اسلام آباد وائلڈ لائف کے ریسکیو اور بحالی کے مرکز منتقل کیا جائے گا، جب کہ تیندوے کے علاج سے متعلق مزید حکمت عملی طبی ماہرین کی رائے کے بعد مرتب کی جائے گی۔

  • ایئرپورٹ کے پاس دیکھا گیا تیندوا پکڑا گیا، ویڈیو وائرل

    ایئرپورٹ کے پاس دیکھا گیا تیندوا پکڑا گیا، ویڈیو وائرل

    بھارت کے شمس آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے آس پاس گھومنے والے والا تیندوا شہریوں کے لئے خوف کی علامت بن چکا تھا، جسے انتظامیہ نے سخت جدوجہد کے بعد قابو کرلیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق تیندوے کو پکڑنے کے لئے محکمہ جنگلات کی جانب سے پنجرے لگائے گئے تھے۔ پچھلے پانچ دنوں سے تین دفعہ تیندوا پنجرے کے پاس آ کر وہاں سے رفو چکر ہوجاتا تھا۔

    تیندوے کو پکڑنے کے لیے پنجرے کے پاس جنگلات کے حکام نے پانچ بکریاں رکھی تھیں تاکہ وہ شکار کی کوشش میں آئے اور قابو کرلیا جائے، مگر چالاک تیندوا وہاں آکر واپس چلا جاتا تھا۔

    محکمہ جنگلات کی جانب سے 20 سے زیادہ ٹراک کیمرے اور پانچ پنجرے یہاں نصب کئے گئے تھے، تیندوے کو حیدرآباد کے زو پارک منتقل کرنے کے لیے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

    محکمہ جنگلات کے حکام کا کہنا ہے کہ تیندوے کو نلاملا کے جنگلات میں چھوڑ دیا جائے گا۔

    وائرل ویڈیو: تیندوا گھر میں داخل ہونے کا دہشت ناک واقعہ

    واضح رہے کہ گزشتہ دنوں الماس گوہ کے پاس سی سی ٹی وی کیمرے میں تیندوے کے فینسنگ سے چھلانگ لگانے کی ایئرپورٹ حکام نے نشاندہی کی تھی جس کے بعد سے مقامی افراد میں خوف پیدا ہوگیا تھا۔

    شہریوں نے اس تیندوے کے پکڑے جانے کے بعد سکون کا سانس لیا۔

  • ایئرپورٹ کے اطراف تیندوے کی موجودگی سے شہریوں میں خوف

    ایئرپورٹ کے اطراف تیندوے کی موجودگی سے شہریوں میں خوف

    بھارت میں شمس آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے نزدیک تیندوے کی موجودگی سے عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق مقامی افراد نے اس حوالے بتایا کہ صبح کی اولین ساعتوں میں تیندوے نے گولہ پلی کے پاس ایئرپورٹ کی دیوار سے چھلانگ لگائی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق تیندوے نے جس وقت ایرپورٹ کی باونڈری وال سے چھلانگ لگائی وہ فینسنگ وائر سے ٹکرا گیا جس کے باعث ایئرپورٹ کنٹرول روم میں الارم بج اٹھا۔ اس دوران تیندوے کے ساتھ اس کے دو بچے بھی تھے۔

    سی سی ٹی وی کیمروں کا جائزہ لیا گیا تو تمام منظر کو دیکھا گیا، محکمہ جنگلات کے حکام وہاں پہنچ گئے اور ایرپورٹ کے قریب تیندوے کو پکڑنے کیلئے انتظامات کئے گئے۔

    اس سے قبل نئی دہلی میں پیش آنے والے واقعے میں تیندوے نے حملہ کرکے 5 دیہاتیوں کو زخمی کردیا تھا۔

    حملے میں زخمی ہونے والے ستیش کمار کا تیندوے کے ساتھ یہ دوسرا مقابلہ تھا، اس دوران اسے متعدد زخم آئے اور لہولہان ہوگیا، جسے اسپتال منتقل کیا گیا۔

    خونخوار تیندوے نے شہر میں خوف وہراس پھیلا دیا، ویڈیو وائرل

    دیہاتی آدیش نے دعویٰ کیا کہ چیتا اس کے بھائی کے گھر میں داخل ہوا۔ میرے بھائی نریش نے اپنے مویشیوں کے پاس ایک تیندوے کو دیکھا۔ اگرچہ اس جانور نے کئی دیہاتیوں کو زخمی کیا، لیکن اس نے مویشیوں کو نقصان نہیں پہنچایا۔

  • تیندوے کی گھروں میں چھلانگیں، 5 دیہاتی شدید زخمی، ویڈیو وائرل

    تیندوے کی گھروں میں چھلانگیں، 5 دیہاتی شدید زخمی، ویڈیو وائرل

    نئی دہلی میں تیندوے نے گھروں میں چھلانگیں لگا کر متعدد دیہاتیوں کو زخمی کردیا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ستیش کمار کا تیندوے کے ساتھ یہ دوسرا مقابلہ تھا، اس دوران اسے متعدد زخم آئے اور لہولہان ہوگیا، جسے اسپتال منتقل کیا گیا۔

    دیہاتی آدیش نے دعویٰ کیا کہ چیتا اس کے بھائی کے گھر میں داخل ہوا۔ میرے بھائی نریش نے اپنے مویشیوں کے پاس ایک تیندوے کو دیکھا۔ اگرچہ اس جانور نے کئی دیہاتیوں کو زخمی کیا، لیکن اس نے مویشیوں کو نقصان نہیں پہنچایا۔

    آدیش نے کہا کہ ہم تیندوے کو دیکھنے کے لیے چھت پر کھڑے تھے کہ اچانک وہ نمودار ہوا اور میرے 25 سالہ بھتیجے آکاش پر حملہ کر دیا، اس کے بعد اس نے دوسری چھت پر چھلانگ لگادی، 30 سالہ نشو بھی اس کے حملے میں شدید زخمی ہوگیا۔

    وائرل ویڈیو: تیندوا گھر میں داخل ہونے کا دہشت ناک واقعہ

    جگت پور میں تیندوے کے بھٹکنے کے بعد، لوگوں نے خود کو گھروں میں بند کر لیا، بچے اسکول نہیں گئے، کیونکہ شدید خوف و ہراس کا عالم تھا، اگرچہ تیندوے کو پکڑنے کے بعد صورتحال بہتر ہوئی، لیکن گاؤں والوں کو خدشہ تھا کہ شاید کوئی اور تیندوا نہ آجائے۔

  • بنگلورو: رہائشی مقام پر تیندوے کی آزادانہ چہل قدمی، لوگوں میں خوف و ہراس

    بنگلورو: رہائشی مقام پر تیندوے کی آزادانہ چہل قدمی، لوگوں میں خوف و ہراس

    بنگلورو کے الیکٹرانک سٹی کے قریب تیندوے کو آزادانہ طور پر چہل قدمی کرتے ہوئے دیکھا گیا، جس کے بعد محکمہ جنگلات نے الرٹ جاری کردیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق مبینہ طور پر ہفتے کے روز بنگلورو کے الیکٹرانک سٹی کے قریب ایک چیتا کار پارکنگ میں دیکھا گیا، حکام تیندوے کو تلاش کرنے اور رہائشی علاقے تک پہنچنے سے پہلے اسے قابو کرنے کی کوششوں میں مصروف ہوگئے ہیں۔

    ہفتے کے روز، سوشل میڈیا پر کئی ویڈیوز منظر عام پر آئیں کہ تیندوا بنگلورو کے وائٹ فیلڈ علاقے میں گھوم رہا ہے۔ تاہم محکمہ جنگلات نے واضح کیا کہ یہ وائٹ فیلڈ نہیں بلکہ الیکٹرانک سٹی کے قریب کی جگہ ہے۔

    محکمہ جنگلات کے چیف کا کہنا ہے کہ ہمارا عملہ تیندوے کو تلاش کرنے کی کوشش کر رہا ہے، جسے مبینہ طور پر شہر میں دیکھا گیا تھا۔ مذکورہ مقام کے نزدیک جنگلات بھی موجود ہیں۔

    اس سے قبل قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد میں تیندوے کی موجودگی کی اطلاع پر انتظامیہ کی دوڑیں لگ گئی تھیں تاہم تیندوا نہ ملنے پر محکمہ وائلڈ لائف نے سرچ آپریشن ختم کردیا تھا۔

    قائد اعظم یونیورسٹی میں تیندوے کی موجودگی کی اطلاع پر وائلڈ لائف کی ٹیم موقع پر پہنچی اور تیندوے کی تلاش شروع کردی۔

    قائداعظم یونیورسٹی میں تیندوا نہ ملنے پر محکمہ وائلڈ لائف نے سرچ آپریشن ختم کردیا، وائلڈ لائف نے کہا کہ اس موقع پر یونیورسٹی کے طلبامیں آگاہی کیلئے مشق بھی کی گئی۔

  • تیندوے کی موجودگی کی اطلاع سے خوف و ہراس پھیل گیا

    تیندوے کی موجودگی کی اطلاع سے خوف و ہراس پھیل گیا

    حیدرآباد: ہندوستان کے شہر حیدرآباد کے مضافات میں خطرناک تیندوے کی موجودگی کی اطلاع نے خوف و ہراس پھیلا دیا، مقامی افراد کا کہنا ہے کہ انہوں نے گھر کی چھت پر خطرناک تیندوے کو دیکھا تھا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اکھیل نام کے ایک نوجوان نے میڈیا کو بتایا کہ انہوں نے رات ساڑھے 12 بجے ایک مکان کی چھت پر خطرناک تیندوا دیکھا، اس موقع پر فوری طور پر پولیس کنٹرول روم کو اطلاع دی گئی، مگر اتنی دیر میں تیندا رفو چکر ہوچکا تھا۔

    مذکورہ واقعے رپورٹ ہونے کے بعد محکمہ جنگلات کے حکام بھی موقع پرپہنچ گئے، انہوں نے تیندوے کے قدموں کے نشانات کی جانچ شروع کردی تاکہ اس بات کا معلوم ہوسکے کہ وہ حقیقت میں تیندوا ہی تھا یا کوئی اور جنگلی جانور تھا۔

    اس سے قبل ریاست آندھرا پردیش کے علاقے تروپتی میں مقامی پولیس کی مدد سے تین سالہ بچے کو تیندوے کے حملے سے بچالیا گیا تھا۔

    پولیس کے مطابق کمسن بچہ اپنے دادا کے ساتھ پیدل جارہا تھا کہ تیندوا لڑکے پر جھپٹ پڑا اور گردن سے دبوچ کر اسے گھسیٹ کر دور لے گیا۔

    پولیس کے مطابق پانچ سے چھ اہلکار قریب ٹھہرے ہوئے تھے وہ فوری طور پر موبائل کی روشنی میں لاٹھیوں کے ساتھ جنگل میں اسی سمت روانہ ہوئے جہاں تیندوا بچے کو لے گیا تھا۔

    پولیس اہلکاروں کی چیخ و پکار سننے کے بعد تیندوے نے لڑکے کو چھوڑ دیا، بعدازاں گارڈ نے بچے کے رونے کی آواز سنی اور اسے بچالیا۔

    بچہ حملے میں شدید زخمی ہوا جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔

  • ویڈیو: نوجوان کی تیندوے کے ساتھ دل دہلا دینے والی لڑائی، انجام کیا ہوا؟

    ویڈیو: نوجوان کی تیندوے کے ساتھ دل دہلا دینے والی لڑائی، انجام کیا ہوا؟

    کرناٹک: بھارتی ریاست کرناٹک میں ایک نوجوان نے تیندوے کے ساتھ دل دہلا دینے والی لڑائی لڑی اور آخر کار اس پر قابو پا لیا۔

    تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو گردش کر رہی ہے جس میں ایک نوجوان کو بھارتی ریاست کرناٹک میں ایک تیندوے کو رسیوں سے باندھ کر موٹر سائیکل پر لے جاتے ہوئے دیکھا گیا۔

    یہ واقع جمعہ کو کرناٹک کے ضلع ہاسن میں ارسیکیرے تحصیل کے باگیوالو گاؤں میں پیش آیا، متھو نامی نوجوان اپنے کھیت میں فصل پر کیڑے مار دوا چھڑکنے گیا تھا، کہ درخت پر بیٹھے تیندوے نے اس پر حملہ کر دیا۔

    نوجوان نے اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے اس کے ساتھ مقابلہ کیا اور آخر کار اس پر قابو پا لیا، اور اس کے پیر رسیوں سے باندھ کر موٹر سائیکل پر محکمہ جنگلات کے اہلکاروں کے پاس لے گیا۔

    محکمہ جنگلات کے مطابق انھوں نے زخمی تیندوے کا علاج کیا اور پھر اسے جنگل میں چھوڑ دیا گیا۔ خوں خوار درندے کے ساتھ مقابلے میں متھو نامی نوجوان کو چوٹیں بھی آئیں، جس پر اسے اسپتال جانا پڑا۔ محکمہ جنگلات کے اہلکاروں اور دیہاتیوں نے نوجوان کی ہمت کی داد دی۔

  • عربی نسل کا تیندوا معدومی کے خطرے کا شکار، دن منانے کی منظوری

    عربی نسل کا تیندوا معدومی کے خطرے کا شکار، دن منانے کی منظوری

    ریاض: عرب ممالک میں پایا جانے والا عربی نسل کا تیندوا معدومی کے شدید خطرات کا شکار ہے جس کے بعد اقوام متحدہ نے اس کا دن منانے کا اعلان کردیا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق اقوام متحدہ نے 10 فروری کو عرب تیندوے کا عالمی دن قرار دینے کی قرارداد اتفاق رائے سے منظور کر لی ہے، معدومیت کے خطرے سے دو چار عرب النسل کے 200 سے بھی کم تیندوے جنگلات میں باقی رہ گئے ہیں۔

    اقوام متحدہ کے سعودی مشن نے ٹویٹر پہ کہا کہ آج جنرل اسمبلی نے عربی تیندوے کے عالمی دن کی قرارداد اتفاق رائے سے منظور کر لی ہے۔

    ٹویٹ میں مزید کہا گیا کہ قرارداد میں 10 فروری کو عربی تیندوے کا عالمی دن قرار دیا گیا ہے جو ہر سال منایا جائے گا، اس قرارداد سے انتہائی خطرات سے دو چار عرب نسل کے اس چیتے کو نمایاں کیا گیا ہے اور جنگلی حیات اور حیاتیاتی تنوع کے حوالے سے اس کی اہمیت پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔

    معدومیت کا شکار اس جانور سے متعلق آگاہی پھیلانے کی غرض سے سال 2022 میں سعودی عرب نے 10 فروری کو عربی تیندوے کے دن کے طور پر مقرر کیا تھا۔

    عرب النسل تیندوے کے تحفظ کے لیے مہم سازی میں اہم کردار ادا کرنے والی امریکہ میں سعودی سفیر شہزادی ریما بنت بندر نے اقوام متحدہ کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ میں عرب چیتے کے عالمی دن سے متعلق قرارداد کی منظوری پر بہت خوش ہوں۔

    سعودی سفیر شہزادی ریما بنت بندر نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ادارے کیٹ موسفیئر، عریبیئن لیپرڈ فنڈ اور العلا کے لیے شاہی کمیشن نے انتہائی خطرے سے دو چار عرب تیندوے کی آگہی کے لیے انتھک کام کیا اور عالمی سطح پر اس معاملے کو اجاگر کیا۔

    انہوں نے مزید لکھا کہ ہماری مہم جیسے کیٹ واک اور عریبیئن لیپرڈ ڈے کے لیے عوامی ردعمل سے ظاہر ہوا ہے کہ اس خوبصورت بڑی بلی کے لیے گہرے جذبات پائے جاتے ہیں۔

    بڑی بلیوں کی نسل والے ان جانوروں کا مستقبل محفوظ بنانے کے مشن پر کاربند شہزادی ریما بنت بندر نے سال 2021 میں کیٹ موسفیئر فاؤنڈیشن کا آغاز کیا تھا۔

    حیوانات کے تحفظ کی عالمی تنظیم انٹرنیشنل یونین فار کنزرویشن آف نیچر (آئی یو سی این) نے عرب النسل تیندوے کو شدید خطرے سے دو چار قرار دیا ہے جو معدوم ہونے کے قریب ہے۔

    جزیرہ نما عرب میں 200 سے بھی کم عرب النسل تیندوے رہ گئے ہیں، جبکہ سب سے زیادہ عمان کے ظفار پہاڑوں میں پائے جاتے ہیں۔

  • پنجرے سے نکلتے اس تیندوے کے لیے وزیر اعظم نے کیوں ٹوئٹ کیا؟

    پنجرے سے نکلتے اس تیندوے کے لیے وزیر اعظم نے کیوں ٹوئٹ کیا؟

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے جب سے منصب اقتدار سنبھالا ہے، اپنی ٹیم کے ساتھ وہ ملک میں سیاحت اور ماحولیات کے ساتھ ساتھ جنگلی حیات کے شعبے کے لیے بھی خصوصی اقدامات کر رہے ہیں۔

    پاکستان میں جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے وزیر اعظم نے خصوصی توجہ دی ہے، وہ اس سلسلے میں اپنے ٹوئٹس میں ویڈیوز بھی شیئر کرتے رہے ہیں، آج بھی ان کا اس سلسلے میں حوصلہ افزائی پر مبنی ایک ٹوئٹ سامنے آیا ہے۔

    ٹوئٹ میں عمران خان نے ایک ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں جنگل میں رکھے ایک پنجرے سے تیندوا جھجھکتے ہوئے باہر نکلتا ہے، اور پھر زقند بھر کر لمحوں میں جنگل میں غائب ہو جاتا ہے۔

    اپنے ٹوئٹ میں وزیر اعظم پاکستان نے یہ اطلاع دی کہ محکمہ وائلڈ لائف نے جنگل سے باہر نکلنے والے 2 عدد تیندوے پکڑے تھے، جن کی جان کو خطرہ لاحق تھا، محکمے نے انھیں واپس جنگل میں پہنچایا۔

    وزیر اعظم نے محکمے کو اس عمل پر سراہا، اور لکھا 2 تیندوے بچا کر مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں چھوڑنے پر میں محکمہ وائلڈ لائف کو سراہتا ہوں۔

    وزیر اعظم نے اپنے عزم کو ایک بار پھر دہرایا، اور لکھا ہم جنگلی حیات کے تحفظ اور پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے پرعزم ہیں۔

  • تیندوے کو دم سے پکڑ کر کھینچنے کی ویڈیو وائرل

    تیندوے کو دم سے پکڑ کر کھینچنے کی ویڈیو وائرل

    مظفرآباد: کشمیر میں دریائے نیلم کے کنارے نوسدہ کے مقام پر زخمی حالت میں ملنے والا تیندوا اسلام آباد میں دوران علاج چل بسا، پولیس نے تیندوے کو گولی مارنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ہفتے کو سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں کچھ لوگوں کو ایک تیندوے کے اردگرد جمع دیکھا جا سکتا ہے، یہ تیندوا مظفر آباد کے نواحی علاقے نوسیری میں زخمی حالت میں دریائے نیلم کے کنارے پڑا تھا اور چلنے پھرنے سے قاصر نظر آ رہا تھا۔

    بعد ازاں وائلڈ لائف کے محکمے کے اہل کاروں نے زخمی تیندوے کو علاج کے لیے فوری طور پر اسلام آباد منتقل کیا، آپریشن کے بعد بھی وہ جاں بر نہ ہو سکا۔ محکمہ وائلڈ لائف کے مطابق زخمی جانور کی ریڑھ کی ہڈی سے 12 بور کے کارتوس کے 6 چھرے برآمد ہوئے تھے، جس نے اس کی ریڑھ کی ہڈی کو شدید متاثر کیا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ تیندوے کو فائر مارنے والے مقامی رہائشی کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ملزم سے 12 بور رائفل بھی برآمد ہو گئی ہے اور اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جب کہ تیندوے پر تشدد کرنے والے دیگر ملزمان کی بھی تلاش کی جا رہی ہے۔

    سابق وزیر اعظم نواز شریف نے بھی تیندوے کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا تھا، انھوں نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’دریائے نیلم پر پانی پیتے تیندوے کے ظالمانہ اور بے رحمانہ قتل کی خبر سن کر بہت دکھ ہوا، پاکستان میں معدوم ہوتی وائلڈ لائف کا تحفظ بہت ضروری ہے۔‘