Tag: تیندوا

  • بھارت: شہری علاقے میں تیندوے کی موجودگی نے لوگوں کی نیندیں اڑا دیں

    بھارت: شہری علاقے میں تیندوے کی موجودگی نے لوگوں کی نیندیں اڑا دیں

    بھارت کے شہر غازی آباد میں تیندوے کی موجودگی نے خوف و ہراس پھیلا دیا، کئی دن گزرنے کے بعد بھی حکام تیندوے کا سراغ لگانے میں ناکام ہیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اتر پردیش کے شہر غازی آباد میں ایک علاقے میں تیندوا دیکھا گیا۔

    تیندوا ایک گھر کے باہر لگے سی سی ٹی وی کیمرا میں ریکارڈ ہوا جب وہ رات کے وقت گلیوں میں گھوم رہا تھا۔

    تیندوے کی موجودگی کی اطلاع پر ضلعی فارسٹ ڈپارٹمنٹ نے فوری طور پر تلاش کا آغاز کیا اور رات کے وقت کیمپ لگا کر بھی اس تلاش جاری رکھی تاہم دو دن گزرنے کے بعد بھی تیندوے کا سراغ نہیں ملا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ پکی سڑکوں کی وجہ سے تیندوے کے قدموں کے نشانات بھی نہیں ملے جس کی وجہ سے اسے ڈھونڈنے میں دشواری ہورہی ہے۔

    تیندوے کی وجہ سے مقامی افراد خوف و ہراس کا شکار ہیں، حکام کی جانب سے انہیں رات کے وقت بلا ضرورت باہر نہ نکلنے اور گھروں کے دروازے بند رکھنے کی تاکید کی گئی ہے۔

    کئی افراد چوکیداری کی غرض سے جاگ کر راتیں گزار رہے ہیں۔

  • بھارت: سڑک پر تیندوے کی لاش دیکھ کر لوگ خوفزدہ

    بھارت: سڑک پر تیندوے کی لاش دیکھ کر لوگ خوفزدہ

    نئی دہلی: بھارت میں جنگل کے بیچوں بیچ سے گزرنے والی سڑک پر ایک تیندوا گاڑی کی ٹکر سے ہلاک ہوگیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست تلنگانہ کے ضلع محبوب نگر میں ایک تیندوا مردہ پایا گیا، مقامی افراد نے محکمہ جنگلات کو فوری طور پر اس کی اطلاع دی۔

    محکمہ جنگلات کے عہدیداروں نے سڑک پر مردہ پڑے تیندوے کا معائنہ کیا اور بتایا کہ تیندوے کی عمر تقریباً 2 سال ہے۔

    محکمہ جنگلات کے مطابق قومی شاہراہ 167 کے اطراف میں جنگل ہونے سے کی وجہ سے رات کے وقت ٹریفک کم ہوتی ہے، تاہم تیندوا سڑک عبور کرنے کے دوران کسی نامعلوم گاڑی کی زد میں آنے سے ہلاک ہوا۔

    محکمے اس سلسلے میں تحقیقات میں مصروف ہے۔

  • غصے میں بھری شیرنی کا حملہ، تیندوے کی گردن توڑ ڈالی

    غصے میں بھری شیرنی کا حملہ، تیندوے کی گردن توڑ ڈالی

    یوں تو شیر اور تیندوا دونوں ہی شکاری جانور ہیں اور کسی بھی جانور کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں، لیکن کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ اگر ان دونوں کی لڑائی ہوگی تو جیت کس کی ہوگی؟

    سوشل میڈیا پر وائرل ایک دل دہلا دینے والی ویڈیو میں ایسے ہی مناظر ہیں جس میں ایک شیرنی نے تیندوے کو نہ صرف مار گرایا ہے بلکہ غصے میں جنگل میں اسے گھسیٹتے ہوئے دور تک لے گئی۔

    یہ ویڈیو بھارتی ریاست راجھستان کے سرسکا ٹائیگر ریزرو کی ہے، ریزرو دو بزنس مین بھائیوں کی نجی ملکیت ہے جو اس واقعے کے وقت وہاں موجود تھے۔

    مالکان کا کہنا ہے کہ مذکورہ روز وہ صبح اٹھے تو ریزرو میں موجود دوسرے جانور جیسے بندروں اور ہرنوں نے شور مچا مچا کر آسمان سر پر اٹھا رکھا تھا اور ایک دوسرے کو خطرے سے آگاہ کر رہے تھے۔

    اس غیر معمولی صورتحال پر وہ گاڑی میں باہر نکلے اور جلد ہی انہیں شیرنی دکھائی دے گئی۔ دونوں بھائیوں کا کہنا ہے کہ درخت پر ایک تیندوا موجود تھا جبکہ شیرنی آہستگی سے قریب موجود دوسرے درخت پر چڑھنے کی کوشش کر رہی تھی۔

    دیکھتے ہی دیکھتے شیرنی نے 8 فٹ بلند چھلانگ لگائی اور جھپٹ کر تیندوے کی گردن پکڑ لی، دونوں خونخوار آوازوں میں صرف چند سیکنڈ تک لڑتے رہے جس میں شیرنی کو فتح حاصل ہوئی۔

    شیرنی نے تیندوے کی گردن توڑ ڈالی اور پھر موت کے گھاٹ اتارنے کے بعد اسے جھاڑیوں میں دور تک گھسیٹتی ہوئی لے گئی۔

    مالکان کے مطابق ان کا ابتدائی اندازہ تھا کہ شیرنی نے شکار کے لیے تیندوے پر حملہ کیا، لیکن بعد ازاں ریزرو عملے نے تیندوے کا مردہ جسم صحیح سلامت پایا یعنی شیرنی نے اسے کھایا نہیں تھا۔

    مالکان کا کہنا ہے کہ انہوں نے شیرنی کو فی الحال سب سے الگ تھلگ کردیا ہے۔

    خیال رہے کہ شیر کسی دوسرے شکاری جانور جیسے تیندوے یا مگر مچھ سے خطرہ محسوس کریں تو پہلے ہی ان پر حملہ کردیتے ہیں۔

  • کمسن بچی کی تیندوے کو ٹہلانے کی ویڈیو وائرل

    کمسن بچی کی تیندوے کو ٹہلانے کی ویڈیو وائرل

    ریاض: سعودی عرب میں کمسن بچی کی تیندوے کو سیر کروانے کی ویڈیو نہ صرف سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی بلکہ حکام بھی حرکت میں آگئے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کمسن بچی ایک پارک شدہ گاڑی سے نیچے اترتی ہے اور کسی کو کھینچ کر باہر نکالتی ہے جو بعد ازاں تیندوا ثابت ہوا۔

    تیندوا بچی سے سنبھل نہیں رہا اور وہ اس کے گلے میں بندھی زنجیر سے بمشکل اسے قابو کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

    سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سعودی حکام نے واقعے کا نوٹس لے لیا، حکام کا کہنا ہے کہ یہ جنگلی حیات کے حفاظتی قوانین کی خلاف ورزی ہے اور اس پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔

    یاد رہے کہ سعودی عرب میں جنگلی جانوروں کو گھر میں رکھنے پر پابندی عائد ہے اور اس کی خلاف ورزی پر 10 سال قید اور 3 کروڑ ریال کا جرمانہ ہوسکتا ہے۔

    سعودی عرب میں گزشتہ ہفتے ہی ایک پالتو شیر کے ہاتھوں سعودی شہری کی ہلاکت کا واقعہ پیش آیا تھا جس کے بعد سعودی حکام نے اس حوالے سے ایک بار پھر وارننگ دی ہے۔

  • شکار کو پکڑنے کے لیے تیندوے کی خطرناک چھلانگ، ویڈیو وائرل

    شکار کو پکڑنے کے لیے تیندوے کی خطرناک چھلانگ، ویڈیو وائرل

    چیتے اور تیندوے کی تیز رفتاری نہایت غیر معمولی ہے اور انسان تو کیا کئی جانور بھی ان کا مقابلہ کرنے میں ناکام رہتے ہیں، اور جب بات ہو شکار پکڑنے کی تو ان کی پھرتی اور رفتار میں اور بھی اضافہ ہوجاتا ہے۔

    بھارت میں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں بھی دیکھا جاسکتا ہے کہ تیندوا کس طرح اپنے شکار تک پہنچنے کے لیے تیز رفتاری دکھاتا ہے۔

    یہ ویڈیو ایک بھارتی فاریسٹ افسر نے شیئر کی جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نصف رات کے وقت سنسان گلی میں تیزی کے ساتھ ایک جانور جو بظاہر بلی دکھائی دیتی ہے، اپنی جان بچانے کے لیے جالی والے دروازے کے اندر سے بھاگتی ہوئی نکل گئی۔

    بلی کی اس رفتار سے یوں لگتا ہے جیسے اسے پیچھے کوئی خطرہ ہے، اور اگلے ہی لمحے وہ خطرہ دکھائی دے جاتا ہے، ایک تیندوا اپنے شکار کو قابو کرنے کے لیے خطرناک تیز رفتاری سے دوڑ رہا ہے۔

    اگلے ہی لمحے ویڈیو دیکھنے والے حیرت میں مبتلا ہوجاتے ہیں جب تیندوا جالی والے دروازے سے چند قدم دور چھلانگ لگاتا ہے اور جست لگا کر تقریباً 5 فٹ بلند دروازہ پار کرلیتا ہے۔

    تیندوے کی اس پھرتی کو دیکھ کر یہ کہنا مشکل نہیں کہ بیچاری بلی شاید ہی اپنی جان بچا پائی ہو۔

    سوشل میڈیا پر 9 سیکنڈز کی اس وائرل ویڈیو پر دلچسپ تبصرے کیے جارہے ہیں، کوئی بلی سے اظہار ہمدردی کر رہا ہے تو کوئی تیندوے کی اس صلاحیت پر حیران ہے۔

    یاد رہے کہ تیندوا 20 فٹ تک بلند کسی شے کو چھلانگ لگا کر پار کرسکتا ہے جبکہ ہوا میں 10 فٹ بلند چھلانگ لگا سکتا ہے۔

  • اسلام آباد: تیندوا سڑک پر نکل آیا (ویڈیو دیکھیں)

    اسلام آباد: تیندوا سڑک پر نکل آیا (ویڈیو دیکھیں)

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں دامن کوہ کے قریب مارگلہ کے جنگل سے تیندوا سڑک پر آ نکلا، شہری نے سڑک پر تیندوے کے مٹرگشت کی ویڈیو بھی بنا لی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق دامن کوہ سے اسلام آباد جانے والے شہریوں نے تیندوے کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کر دی، ویڈیو میں تیندوے کو سڑک پر کھیلتے اور مٹر گشت کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    ویڈیو سے معلوم ہوتا ہے کہ تیندوا سڑک پر ’آوارہ گردی‘ سے خوب لطف اندوز ہو رہا ہے، کبھی جنگل میں جاتا ہے اور پھر واپس سڑک پر آتا نظر آتا ہے۔

    ادھر وائلڈ لائف حکام نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ رات کو اس علاقے سے گزرتے ہوئے احتیاط کی جائے۔

    اسلام آباد وائلڈ لائف منیجمنٹ بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ ویڈیو میں نظر آنے والا تیندوا مارگلہ ہلز نیشنل پارک کا ہے، تیندوا رات کے وقت نکلتا ہے اور سڑک پر بھی آ جاتا ہے۔

    وائلڈ لائف منیجمنٹ بورڈ کی جانب سے یہ بھی کہا گیا کہ دامن کوہ اور اور پیرسوہاوہ جانے والے رات کے وقت احتیاط کیا کریں۔

  • بھارت: شہر پر خوں خوار درندے کا خوف (ویڈیو)

    بھارت: شہر پر خوں خوار درندے کا خوف (ویڈیو)

    حیدرآباد: بھارتی شہر حیدرآباد میں ایک تیندوے کا خوف 5 ماہ تک طاری رہا، جس کے بعد آخر کار محکمہ جنگلات کے اہل کاروں نے اسے زندہ پکڑ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق حیدرآباد میں گزشتہ پانچ ماہ سے ایک خوں خوار تیندوے نے ہل چل مچائے رکھی تھی، محکمہ جنگلات کے اہل کاروں کے ساتھ آنکھ مچولی کھیلنے والا یہ تیندوا گزشتہ شب پکڑ میں آ گیا۔ تیندوے نے انسانوں اور جانوروں پر متعدد حملے کیے تھے۔

    اس کامیاب کارروائی میں محکمہ جنگلات کے اہل کاروں کے ساتھ راجندر نگر پولیس نے بھی مدد کی، جنگلی درندے کو پکڑنے کے لیے ایک پنجرہ رکھا گیا تھا جس میں چالاک تیندوا آخر کار پھنس گیا۔

    رپورٹس کے مطابق اس تیندوے نے گزشتہ روز ایک اور شکار کے دوران گائے کے دو بچھڑے ہلاک کر دیے تھے۔

    تیندوا والمتری کے علاقے میں ایک ماہ قبل ایک سرکاری ٹریننگ اینڈ ریسرچ سینٹر کے قریب دکھائی دیا تھا، محکمہ جنگلات کی ٹیم نے اسے پکڑنے کے لیے والمتری اور قریب کے علاقوں میں پنجرے رکھ دیے، جس میں سے ایک میں آخر کار وہ پھنس گیا۔

    پکڑے گئے تیندوے کے بارے میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ اسے جنگل میں چھوڑا جائے گا تاہم اس سے قبل چند دن کے لیے اسے نہرو زولوجکل پارک میں رکھا جائے گا۔

    رپورٹس کے مطابق تیندوا پہلی بار 14مئی کو راجندر نگر میں نظر آیا تھا جس سے علاقے کے لوگوں میں بے چینی اورسنسنی پھیل گئی تھی، تب سے وہ محکمہ جنگلات کے اہل کاروں سے آنکھ مچھولی کھیل رہا تھا۔

  • تیندوے کا کھویا بچہ واپس ملا تو ماں نے کیا کیا؟ ویڈیو دیکھیں

    تیندوے کا کھویا بچہ واپس ملا تو ماں نے کیا کیا؟ ویڈیو دیکھیں

    مہاراشٹر: بھارتی ریاست مہاراشٹر کے ایک گاؤں میں تیندوے کا بچہ انسانوں کے علاقے میں نکل آیا، جس سے کسان اس کی ماں کی آمد کے خوف میں مبتلا ہو گئے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک ایسی ویڈیو وائرل ہو گئی ہے جس میں تیندوے کا ایک معصوم بچہ جنگل سے نکل پر کھیتوں میں آ گیا ہے اور راستہ کھو بیٹھا ہے۔

    چار دن قبل ضلع نندید میں بھوسی گاؤں کے کسانوں نے جوار کی کٹائی کے دوران دیکھا کہ تیندوے (لیپرڈ) کا ایک بچہ ایک کھیت میں کیلے کے خشک پتوں کے درمیان اکیلا بیٹھا ہوا ہے، کسانوں نے تیندوے کے بچے کی موجودگی کی اطلاع فوراً فاریسٹ ڈپارٹمنٹ کو دے دی۔

    تیندوے کے ننھے بچوں کی سڑک پار کرنے کی خوبصورت ویڈیو

    محکمہ جنگلی حیات کے اہل کاروں نے گاؤں کا وہ حصہ خالی کرا لیا جہاں تیندوے کا بچہ موجود تھا، اور بچے کو ایک ٹوکری میں بند کر دیا تاکہ وہ مزید نہ بھٹکے، اہل کاروں نے آس پاس کیمرے بھی لگا دیے، تاکہ اگر اس کی ماں آئے تو اس کی حرکات نوٹ ہو سکیں۔

    دو دن انتظار کے بعد مادہ تیندوا اپنے بچے کی تلاش میں وہاں آئی اور اس نے اپنے بچے کو ٹوکری میں پایا، پہلے تو وہ ہکچکائی، اور پھر آگے بڑھ کر اس ٹوکری کو کھولا، جس سے بچہ نکل آیا۔

    محکمہ جنگلی حیات کی جانب سے جاری ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بچے سے پھر ملنے پر تیندوا ماں کس طرح بے قرار ہو کر اسے چاٹنے لگی ہے، اور پھر تیزی کے ساتھ وہاں سے دونوں چلے گئے۔ محکمے کے اہل کاروں کا کہنا تھا کہ انسانوں کی سرگرمی کی وجہ سے جانور اپنی رہایش گاہوں سے بے گھر ہوتے ہیں، ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مقامی کسان تیندوے کے بچے کی موجودگی سے ڈر گئے تھے اور انھوں نے مطالبہ کیا تھا کہ اسے گاؤں سے دور لے جایا جائے۔

    اس ویڈیو کو سوشل میڈیا پر بہت لوگوں نے پسند کیا اور اس سے انسانوں اور جانوروں کے آپسی تنازعے کی ایک بحث بھی چھڑ گئی۔ خیال رہے کہ کئی ممالک میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے لاک ڈاؤن لگایا جا چکا ہے جس کی وجہ سے سوشل میڈیا پر جانوروں کی انسانی آبادیوں میں نکلنے کی متعدد ویڈیوز سامنے آ رہی ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ جانور سیاحوں کی غیر موجودگی کا لطف اٹھانے لگے ہیں۔

  • تیندوے کے ننھے بچوں کی سڑک پار کرنے کی خوبصورت ویڈیو

    تیندوے کے ننھے بچوں کی سڑک پار کرنے کی خوبصورت ویڈیو

    جنگلی حیات میں دلچسپی رکھنے والے افراد کے لیے کسی جانور کی روزمرہ کی زندگی اور اس کے بچوں سے اس کا تعلق دیکھنا ایک خوشگوار تجربہ ہوسکتا ہے، ایسے ہی ایک خوشگوار تجربے سے جنوبی افریقہ کے سیاح بھی دو چار ہوئے۔

    جنوبی افریقہ کے کگر نیشنل پارک میں اس وقت سیاحوں کی سانسیں رک گئیں جب انہوں نے ایک مادہ تیندوا کو اپنے 2 ننھے منے بچوں کے ساتھ سڑک پار کرتے دیکھا۔

    گاڑیوں میں نیشنل پارک کی سیر کو آئے سیاحوں نے جب تیندوے کو گزرتے ہوئے دیکھا تو اپنی گاڑیاں روک لیں اور تیندوے کو گزرنے دیا۔

    مادہ تیندوا دراصل کسی ممکنہ خطرے سے بچوں کو بچانے کے لیے انہیں سڑک کے ایک کنارے سے دوسرے کنارے لے جانا چاہتی تھی لیکن بیچ سڑک پر دونوں ننھے بچے رک گئے اور ناسمجھی میں واپس وہیں جانے لگے جہاں سے آئے تھے۔

     ماں واپس آئی اور ایک بچے کو گردن سے پکڑ کر واپس لے جانے لگی۔

    سیاح اس سارے منظر کو دم سادھے دیکھتے رہے اور اپنے موبائلوں سے اس نایاب منظر کی تصاویر بھی بنائیں۔

    ایک سیاح نے بعد میں میڈیا کو بتایا کہ وہ اپنی بیٹی کو پہلی بار اس نیشنل پارک میں لے کر آئے اور اس خوبصورت منظر کی وجہ سے اس کا پہلا ہی دورہ نہایت یادگار بن گیا۔

    حکام کے مطابق نیشنل پارک میں تیندوے اور چیتے تو موجود ہیں تاہم ان کی ننھے بچوں کے ساتھ اس طرح حرکت بہت کم دیکھنے میں آتی ہے۔

  • کینیا میں سیاہ تیندوا منظر عام پر

    کینیا میں سیاہ تیندوا منظر عام پر

    آپ نے ہالی ووڈ کی ریکارڈ ساز سپر ہیرو فلم بلیک پینتھر تو ضرور دیکھی ہوگی، افریقی ملک کینیا میں بھی بلیک پینتھر کا نظارہ دیکھا گیا لیکن یہ بلیک پینتھر ہالی ووڈ کی فلم سے کہیں زیادہ شاندار اور قابل دید تھا۔

    افریقہ کے جنگلات میں عکس بند کیا جانے والا یہ سیاہ تیندوا، تیندوے کی نایاب ترین نسل ہے۔

    اس سے تقریباً 100 سال قبل ایک سیاہ تیندوا دیکھا گیا تھا اور اس کی موجودگی کے بارے میں صرف اندازے قائم تھے، تاہم اب اس خوبصورت جانور کی صاف تصاویر نے ماہرین کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کردیا ہے۔

    اس کی تصاویر کھینچنے والے وائلڈ لائف فوٹو گرافر ول لوکس کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس علاقے میں اس خوبصورت جانور کی موجودگی کے بارے میں سنا تھا، تاہم انہیں یقین نہیں تھا کہ وہ اسے دیکھنے میں کامیاب ہوسکیں گے۔

    یہ تیندوا اتنا انوکھا کیوں ہے؟

    اس بارے میں ماہر جنگلی حیات نکولس پلفولڈ کا کہنا ہے کہ یہ تیندوا ایک نایاب جینیاتی مرض میلینزم کا شکار ہے۔

    ہم دیکھتے ہیں کہ انسانوں میں البانزم (یا برص) کا مرض موجود ہوتا ہے۔ یہ مرض انسانوں کے ساتھ ساتھ جانوروں کو بھی لاحق ہوجاتا ہے۔

    اس مرض میں جسم کو رنگ دینے والے عناصر جنہیں پگمنٹس کہا جاتا ہے کم ہوجاتے ہیں، جس کے بعد جسم کا قدرتی رنگ بہت ہلکا ہوجاتا ہے۔

    اس مرض کا شکار انسان یا جانور سفید رنگت کے حامل ہوتے ہیں۔

    مزید پڑھیں: البانزم کا شکار سفید بارہ سنگھا

    اس کے برعکس میلینزم میں رنگ دینے والے پگمنٹس نہایت فعال ہوتے ہیں جس کے باعث یا تو جسم پر گہرے یا سیاہ رنگ کے دھبے پڑجاتے ہیں، یا پھر پورا جسم سیاہ ہوجاتا ہے۔

    البانزم کی نسبت میلینزم نایاب ترین مرض ہے اور اس کی شرح نہ ہونے کے برابر ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ضروری نہیں کہ اس تیندوے کے والدین میں بھی یہ مرض موجود ہو، البتہ ان کی جینیات میں اس کا امکان ضرور ہوسکتا ہے جو ان کی آنے والی نسل میں ظاہر ہوتا ہے۔