Tag: تیندوے

  • آزاد کشمیر :  علاقہ مکینوں  پر حملے کرنے والے خونخوار تیندوے کو مار دیا گیا

    آزاد کشمیر : علاقہ مکینوں پر حملے کرنے والے خونخوار تیندوے کو مار دیا گیا

    مظفرآباد : آزاد کشمیر  میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب واقع گاؤں میں علاقہ مکینوں پر حملے کرنے والے تیندوے کو مار دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق مظفرآباد میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب واقع گاؤں پنڈو میں علاقہ مکینوں پر حملے کرنے والے تیندوے کو مار دیا گیا۔

    ایس پی جہلم ویلی مرزا زاہد حسین نے بتایا کہ 2روز قبل خونخوار تیندوا 8 سالہ بچی کو گھر کے صحن سے اٹھا کر لیا گیا تھا اور بچی کی لاش کھیتوں سے ملی تھی۔

    مرزا زاہد حسین کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز بھی تیندوے کے حملےمیں نوجوان زخمی ہواتھا ، آج بھی خونخوارتیندواآبادی میں گھس آیا تھا۔

    مزید پڑھیں : آزاد کشمیر: خونخوار تیندوا 8 سالہ بچی کو گھر سے اٹھا لے گیا

    یاد رہے آزاد کشمیر کے ضلع ہٹیاں بالا میں لائن آف کنٹرول کے قریب افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا ، پائل کے علاقے میں ایک تیندوا اچانک آبادی میں داخل ہوکر بچی کو اٹھالے گیا تھا۔

    ایس ایس پی مرزا کا کہنا تھا کہ گھر والے کھیتوں اور جنگل میں بچی کو ڈھونڈتے رہے لیکن بچی کا کوئی سراغ نہ ملا بعدازاں 8 سالہ بچی تین گھنٹے کے بعد جھاڑیوں سے مردہ حالت میں ملی ، بچی کی گردن پر گہرے زخم اور خون چوسنے کے واضح نشانات تھے۔

  • قومی شاہراہ پر تیندوے کی نقل و حرکت، ویڈیو وائرل

    قومی شاہراہ پر تیندوے کی نقل و حرکت، ویڈیو وائرل

    بھارت میں تلنگانہ کے نرمل ضلع کے دلاورپور منڈل میں رات کے اوقات میں تیندوے کی نقل و حرکت دیکھی گئی، جس کے باعث خوف و ہراس پھیل گیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق تیندے کی نقل و حرکت بھینسہ نیشنل ہائی وے پر دیکھی گئی، موقع پر موجود شہری نے اپنی گاڑی سے ویڈیو ریکارڈ کرلی۔

    تلنگانہ کے مختلف علاقوں میں جنگلی جانوروں بالخصوص شیر اور تیندوے کے گاؤں کے قریب آنے کے واقعات میں اضافہ ہوگیا ہے، نرمل ضلع میں بھی چیتوں کے نظر آنے کے کئی واقعات رونما ہوئے ہیں، جس سے لوگ خوف زدہ ہیں۔

    محکمہ جنگلات کی جانب سے عوام سے محتاط رہنے اور کسی بھی جنگلی جانور کی موجودگی کی فوری اطلاع دینے کی اپیل کی گئی ہے۔

    محکمہ جنگلات نے رات کے وقت باہر نہ نکلنے اور گھروں کے ارد گرد روشنی کا انتظام رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔ چیتے کو پکڑنے اور محفوظ جگہ منتقل کرنے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ عوام سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ پرسکون رہیں اور حکام کے ساتھ تعاون کریں۔

    اس سے قبل بھی نئی دہلی میں تیندوے نے گھروں میں چھلانگیں لگا کر متعدد دیہاتیوں کو زخمی کردیا تھا۔

    ستیش کمار کا تیندوے کے ساتھ یہ دوسرا مقابلہ تھا، اس دوران اسے متعدد زخم آئے اور لہولہان ہوگیا، جسے اسپتال منتقل کیا گیا۔

    دیہاتی آدیش نے دعویٰ کیا کہ چیتا اس کے بھائی کے گھر میں داخل ہوا۔ بھائی نریش نے اپنے مویشیوں کے پاس ایک تیندوے کو دیکھا۔ اگرچہ اس جانور نے کئی دیہاتیوں کو زخمی کیا، لیکن اس نے مویشیوں کو نقصان نہیں پہنچایا۔

    آدیش نے کہا کہ ہم تیندوے کو دیکھنے کے لیے چھت پر کھڑے تھے کہ اچانک وہ نمودار ہوا اور میرے 25 سالہ بھتیجے آکاش پر حملہ کر دیا، اس کے بعد اس نے دوسری چھت پر چھلانگ لگادی، 30 سالہ نشو بھی اس کے حملے میں شدید زخمی ہوگیا۔

  • ایئرپورٹ کے اطراف تیندوے کی موجودگی سے شہریوں میں خوف

    ایئرپورٹ کے اطراف تیندوے کی موجودگی سے شہریوں میں خوف

    بھارت میں شمس آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے نزدیک تیندوے کی موجودگی سے عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق مقامی افراد نے اس حوالے بتایا کہ صبح کی اولین ساعتوں میں تیندوے نے گولہ پلی کے پاس ایئرپورٹ کی دیوار سے چھلانگ لگائی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق تیندوے نے جس وقت ایرپورٹ کی باونڈری وال سے چھلانگ لگائی وہ فینسنگ وائر سے ٹکرا گیا جس کے باعث ایئرپورٹ کنٹرول روم میں الارم بج اٹھا۔ اس دوران تیندوے کے ساتھ اس کے دو بچے بھی تھے۔

    سی سی ٹی وی کیمروں کا جائزہ لیا گیا تو تمام منظر کو دیکھا گیا، محکمہ جنگلات کے حکام وہاں پہنچ گئے اور ایرپورٹ کے قریب تیندوے کو پکڑنے کیلئے انتظامات کئے گئے۔

    اس سے قبل نئی دہلی میں پیش آنے والے واقعے میں تیندوے نے حملہ کرکے 5 دیہاتیوں کو زخمی کردیا تھا۔

    حملے میں زخمی ہونے والے ستیش کمار کا تیندوے کے ساتھ یہ دوسرا مقابلہ تھا، اس دوران اسے متعدد زخم آئے اور لہولہان ہوگیا، جسے اسپتال منتقل کیا گیا۔

    خونخوار تیندوے نے شہر میں خوف وہراس پھیلا دیا، ویڈیو وائرل

    دیہاتی آدیش نے دعویٰ کیا کہ چیتا اس کے بھائی کے گھر میں داخل ہوا۔ میرے بھائی نریش نے اپنے مویشیوں کے پاس ایک تیندوے کو دیکھا۔ اگرچہ اس جانور نے کئی دیہاتیوں کو زخمی کیا، لیکن اس نے مویشیوں کو نقصان نہیں پہنچایا۔

  • خیبر پختون خوا میں تیندوے آبادی کا رخ کرنے پر کیوں مجبور ہو رہے ہیں؟

    خیبر پختون خوا میں تیندوے آبادی کا رخ کرنے پر کیوں مجبور ہو رہے ہیں؟

    انسانی آبادی میں اضافے سے جہاں خود انسان متاثر ہو رہے ہیں، وہاں جنگلی حیات کو بھی خطرات لاحق ہو گئے ہیں، ملک کے صوبے خیبر پختون خوا میں گزشتہ کچھ عرصے سے تیندووں کی آبادی کی طرف آنے اور لوگوں کی جانب سے ان کو ہلاک کرنے کی خبریں رپورٹ ہو رہی ہیں، اس رپورٹ میں ہم یہ جاننے کی کوشش کریں گے کہ یہ تیندوے کیوں آبادی کا رخ کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں۔

    تیندوے خوں خوار جانور ہیں اور پہاڑی علاقوں میں انسانوں سے دور رہنے کو ترجیح دیتے ہیں، لیکن کبھی کبھار شکار کے پیچھے انسانی آبادی کے قریب بھی آ جاتے ہیں، جو اُن کی زندگی کے لیے کسی خطرے سے کم نہیں ہوتا۔

    تیندوے آبادی کی طرف کیوں آتے ہیں؟

    اس سوال پر کہ تیندوے آبادی کی طرف کیوں آتے ہیں؟ کنزرویٹر وائلڈ لائف ہزارہ محمد حسین نے بتایا کہ انسانی آبادی میں اضافہ جنگلی حیات کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے، تیندوے اور دیگر جنگلی جانور انسانوں سے دور رہنا پسند کرتے ہیں لیکن اب آبادی میں اضافہ ہو رہا ہے اور پہاڑی علاقوں میں بھی تعمیرات شروع ہو گئے ہیں۔ جنگلی حیات کے لیے جگہ کم پڑ رہی ہے، لوگ جنگل میں تعیمرات کریں گے تو ایسے میں جانور کہاں جائیں گے، وہ آبادی کی طرف ہی آئیں گے، اور حالیہ رونما ہونے والے کچھ واقعات بھی اسی کا نتیجہ ہیں۔

    ڈویژنل فارسٹ وائلڈ آفیسر ڈی آئی خان اشتیاق وزیر نے بتایا کہ سردیوں میں پہاڑوں پر برف باری کی وجہ سے جانوروں کا خوارک کم ہو جاتا ہے، تو تیندوے بھی خوراک کی تلاش میں نیچے آتے ہیں، جب ان کو خوراک نہیں ملتا تو پھر مجبوری میں آبادی کا رخ کرتے ہیں۔

    تیندووں کی پسندیدہ خوراک کیا ہے؟

    اشتیاق وزیر نے بتایا کہ تیندؤں کی پسندیدہ خوراک بندر ہے، اور یہ بندروں کو بڑے شوق سے کھاتے ہیں، ان کی آبادی کی طرف آنے کی ایک وجہ بندر بھی ہے، بندروں کو جنگل میں خوراک نہیں ملتا تو وہ آبادی کی طرف آتے ہیں، سیاحتی مقامات پر اگر دیکھا جائے تو لوگ اپنے ساتھ خوراک لے جاتے ہیں تو پھر وہ ان بندروں کو بھی خوراک دیتے ہیں۔ اس وجہ سے بندر جنگل کی طرف نہیں جاتے۔ جب تیندوو کو پسندیدہ خوراک نہیں ملتی تو وہ شکار کے لیے آبادی کی طرف آ جاتے ہیں۔ کچھ عرصے سے سوشل میڈیا پر نھتیاگلی، ایوبیہ کی کئی ایسی ویڈیوز شیئر کی گئی ہیں جن میں تیندؤں کو سڑک کنارے دکھایا گیا ہے۔

    انٹرنیشنل یونین فار کنزرویشن آف نیچر ( آئی سی یو این) کے مطابق تیندوے معدومی کے شکار جانوروں کی فہرست میں شامل ہیں اور دنیا بھر میں ان کی ہلاکتوں کی سب سے بڑی وجہ شکار کے پیچھے انسانی آبادی کی طرف آنا ہے، محکمہ وائلڈ لائف خیبر پختون خوا کا کہنا ہے کہ اچھی بات یہ ہے کہ پاکستان میں تیندؤں کی تعداد میں معمولی اضافہ ہو گیا ہے۔

    خیبر پختونخوا میں تیندووں کی تعداد میں اضافہ

    کنزرویٹر وائلڈ لائف ہزارہ ڈویژن محمد حسین نے بتایا کہ خیبر پختون خوا میں گزشتہ کچھ سالوں سے تیندووں کی تعداد میں معمولی اضافہ دیکھا گیا ہے، ایوبیہ، نتھیاگلی، مانسہرہ، چراٹ، ضلع خیبر میں تیندووں کی بڑی تعداد موجود ہے، لیکن اس کے ساتھ ان کی زندگی کو لاحق خطرات بھی بڑھ گئے ہیں۔

    تیندوے خاص علاقے میں شکار کرتے ہیں

    اشتیاق وزیر نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ خیبرپختون خوا میں تیندووں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، تیندووں کا جوڑا ایک خاص علاقے میں شکار کرتا ہے اور اس علاقے میں پھر دوسرے تیندوے کو برداشت نہیں کرتے، جب ان کے علاقے میں دوسرا جوڑا داخل ہوتا ہے تو یہ ان کو بھگاتے ہیں اور اس وجہ سے تیندوے کا وہ جوڑا دوسرے علاقے کا رخ کرتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ تیندووں کی تعداد میں اضافہ بھی انسانی آبادی کے قریب آنے کی ایک وجہ ہو سکتی ہے، اس کے لیے ضروری ہے کہ جنگلات کے قریب تعیمرات پر پابندی لگائی جائے۔

    اشتیاق وزیر کے مطابق مارگلہ پہاڑی سلسلے، کوہ سلیمان کے سلسلے، خیبر، درہ آدم خیل، کرم، شمالی وزیرستان میں تیندوے پائے جاتے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ ابھی نئی سروے نہیں ہوئی ہے لیکن تیندووں کی ایک بڑی تعداد ان علاقوں میں موجود ہے، ضم اضلاع میں اب تک وائلڈ لائف دفاتر نہیں تھے، لیکن اب بن رہے ہیں، ان اضلاع میں پہلے جب لوگ جنگلی جانوروں کو مارتے تھے تو وہ میڈیا پر رپورٹ نہیں ہوتے تھے کیوں کہ وہاں پر وائلڈ لائف محکمے کی رسد نہیں تھی، لیکن اب وہاں دفاتر بن رہے ہیں۔ وائلڈ لائف اہلکاروں کی موجودگی میں لوگوں کو بھی آگاہی حاصل ہوگی اور پھر لوگ خود جانوروں کو نہیں ماریں گے بلکہ وائلد لائف اہلکاروں کو اطلاع دیں گے، اس طرح جانوروں کو زندہ پکڑ کر محفوظ علاقے میں منتقل کیا جائے گا۔

    گزشتہ مہینہ تیندوے پر بھاری رہا

    کچھ دنوں سے تیندووں کے بارے میں اچھی خبریں نہیں آ رہی ہیں، خیبر پختون خوا کے علاقے درہ آدم خیل میں کچھ دن پہلے دو تیندووں کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا گیا تھا، مقامی افراد کے مطابق تیندوے آبادی میں داخل ہو گئے تھے اور انھوں نے کچھ مویشیوں کو مار دیا تھا، تیندووں کی وجہ سے علاقے میں خوف و ہراس بھی پھیل گیا تھا، جس کی وجہ انھیں ہلاک کیا گیا۔

    مانسہرہ کے علاقے کاوی میں بھی 19 فروری کی صبح سڑک کنارے ایک تیندوا زخمی حالت میں ملا تھا، محکمہ وائلڈ لائف ہزارہ کے مطابق صبح کے وقت ان کو اطلاع ملی کہ مادہ تیندوا زخمی حالت میں سڑک کنارے پڑا ہے، جس پر وائلڈ لائف کی ٹیم وہاں پہنچی اور تیندوے کو زخمی حالت میں ڈھوڈیال فیزنٹری منتقل کیا گیا، جہاں تیندوے کا علاج جاری ہے۔

    محکمہ وائلڈ لائف حکام کے مطابق تیندوا روڈ کراس کرتے وقت گاڑی کی زد میں آیا تھا، جس کی وجہ سے وہ زخمی ہو گیا، کنزرویٹر وائلڈ لائف ہزارہ محمد حسین کے مطابق مادہ تیندوے کو کمر پر چوٹ آئی ہے لیکن اس کی ریڑھ کی ہڈی محفوظ ہے، اور اسے صحت یابی کے بعد جنگل میں چھوڑا جائے گا۔

    پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کی رہائشی سوسائٹی ڈی ایچ اے فیز ٹو میں بھی ایک تیندوا داخل ہوا تھا، جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر ہوئیں، تو اس کے بعد محکمہ وائلڈ لائف اور ریسکیو کی ٹیمیں وہاں پہنچیں، اور کئی گھنٹے آپریشن کے بعد تیندوے کو زندہ پکڑنے میں کامیاب ہو گئے۔ اسلام آباد دارالخلافہ ہے، اس لیے تیندوے کی قسمت اچھی تھی کہ لوگوں نے اسے مارا نہیں، بلکہ وائلڈ لائف اہلکاروں کو اطلاع دے دی، جب کہ درہ آدم خیل میں تیندووں کا فیصلہ خود عوام نے کیا۔

  • اسلام آباد کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں تیندوے کے گھسنے کا مقدمہ درج

    اسلام آباد کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں تیندوے کے گھسنے کا مقدمہ درج

    اسلام آباد : نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں تیندوے کے گھسنے کا مقدمہ درج کرلیا ، جس میں کہا ہے کہ تیندوا گھر میں پالنے والے لوگوں کیخلاف کارروائی کی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں سہالہ پولیس نے نجی سوسائٹی میں زیرتعمیر گھر میں تیندوے کے گھسنے کا مقدمہ نامعلوم شخص کے خلاف درج کر لیا، مقدمے میں اقدام قتل کی دفعات بھی شامل ہیں۔

    مقدمہ تھانہ سہالہ میں پولیس کی مدعیت میں درج کیا گیا ، جس میں کہا گیا کہ تیندوا گلدار نسل کا ہے اور انتہائی خطرناک ہے، تیندوے کو کسی نے گھر میں پالا ہوا ہے جونقصان دہ اورغفلت ہے۔

    مقدمے کے متن میں کہا ہے کہ گھر میں خطرناک جانور رکھنے والے نے عام عوام کی زندگی خطرے میں ڈالی، تیندوا گھر میں پالنے والے لوگوں کیخلاف کارروائی کی جائے۔

    گزشتہ روز اسلام آباد کی نجی سوسائٹی میں واقع زیر تعمیر گھر میں تیندوے گھس گیا تھا ، زیرتعمیرگھر میں داخل ہونے سے پہلے تیندوے نے ایک شخص کو زخمی کیا جبکہ تیندوے کے حملے سے دو سکیورٹی گارڈ بھی زخمی ہوئی۔

    اطلاع ملنے پر اسلام آباد وائلڈ لائف اور پنجاب وائلڈ لائف سمیت ریسکیو کے اہلکار بھی پہنچے، تاہم کئی گھنٹوں کی کوششوں کے بعد تیندوے کو زندہ پکڑ لیا گیا تھا۔

  • تیندوے کو دم سے پکڑ کر کھینچنے کی ویڈیو وائرل

    تیندوے کو دم سے پکڑ کر کھینچنے کی ویڈیو وائرل

    مظفرآباد: کشمیر میں دریائے نیلم کے کنارے نوسدہ کے مقام پر زخمی حالت میں ملنے والا تیندوا اسلام آباد میں دوران علاج چل بسا، پولیس نے تیندوے کو گولی مارنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ہفتے کو سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں کچھ لوگوں کو ایک تیندوے کے اردگرد جمع دیکھا جا سکتا ہے، یہ تیندوا مظفر آباد کے نواحی علاقے نوسیری میں زخمی حالت میں دریائے نیلم کے کنارے پڑا تھا اور چلنے پھرنے سے قاصر نظر آ رہا تھا۔

    بعد ازاں وائلڈ لائف کے محکمے کے اہل کاروں نے زخمی تیندوے کو علاج کے لیے فوری طور پر اسلام آباد منتقل کیا، آپریشن کے بعد بھی وہ جاں بر نہ ہو سکا۔ محکمہ وائلڈ لائف کے مطابق زخمی جانور کی ریڑھ کی ہڈی سے 12 بور کے کارتوس کے 6 چھرے برآمد ہوئے تھے، جس نے اس کی ریڑھ کی ہڈی کو شدید متاثر کیا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ تیندوے کو فائر مارنے والے مقامی رہائشی کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ملزم سے 12 بور رائفل بھی برآمد ہو گئی ہے اور اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جب کہ تیندوے پر تشدد کرنے والے دیگر ملزمان کی بھی تلاش کی جا رہی ہے۔

    سابق وزیر اعظم نواز شریف نے بھی تیندوے کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا تھا، انھوں نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’دریائے نیلم پر پانی پیتے تیندوے کے ظالمانہ اور بے رحمانہ قتل کی خبر سن کر بہت دکھ ہوا، پاکستان میں معدوم ہوتی وائلڈ لائف کا تحفظ بہت ضروری ہے۔‘