Tag: تین بچوں کو قتل

  • 3 کمسن بچوں کو مار کر کراچی فرار ہونے والا باپ گرفتار

    3 کمسن بچوں کو مار کر کراچی فرار ہونے والا باپ گرفتار

    راولپنڈی: راولپنڈی کے علاقے ڈیرہ مسلم میں بیوی کے ناراض ہو کر جانے کے بعد باپ نے اپنے تین کم سن بچوں کو جان سے مار دیا، پولیس نے اسے کراچی فرار ہونے کے دوران گرفتار کر لیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق راولپنڈی میں تھانہ جاتلی کے علاقے ڈیرہ مسلم میں ایک گھر سے 3 کم سن بہن بھائیوں کی لاشیں برآمد ہوئی تھیں، واقعے کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ شقی القلب باپ نے بیوی کے ناراض ہو کر میکے چلے جانے پر اپنے بچوں ہی کو مار دیا۔

    سی پی او محمد احسن یونس نے واقعے کا نوٹس لیا، تو پولیس نے ابتدائی تفتیش کے بعد انکشاف کیا کہ 9 سالہ عثمان، 4 سالہ فیصان اور 4 سالہ ردا کو پیٹی میں بند کر دیا گیا تھا اور ان کی موت بھی ٹرنک کے اندر دم گھٹنے کے باعث ہوئی۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ بچوں کی ماں ناراض ہو کر میکے گئی ہوئی ہے، والد بھی گھر پر نہیں تھا۔ پولیس نے کہا کہ تمام حقائق سامنے لانے کے لیے بچوں کا پوسٹ مارٹم کرایا جائے گا۔

    ادھر ریلوے پولیس سکھر نے کارروائی کر کے بچوں کے قاتل باپ نور محمد کو روہڑی سے گرفتار کیا، ایس ایس پی ریلوے سکھر کا کہنا تھا کہ ملزم کراچی فرار ہو رہا تھا، پاکستان ایکسپریس سے گرفتار کیا گیا، ملزم نے دوران تفتیش گوجر خان میں بچوں کو قتل کرنے کا اعتراف کیا۔

    عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ قریبی رشتہ داروں نے بچوں کو گھر میں موجود نہ پا کر تلاش شروع کی تھی، جس پر ان کی لاشیں گھر کے ٹرنک سے ملیں، ایس ایچ او جاتلی کا کہنا تھا کہ بچوں کی والدہ نے بتایا کہ بچوں کے والد نور محمد نے بچوں کو ٹرنک میں بند کیا اور خود شہر سے باہر چلا گیا۔

    ایس پی صدر نے بتایا کہ فارنزک سائنس لیب کی ٹیم کے ذریعے موقع سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں، معاملے کی ہر پہلو سے تفتیش کی جائے گی، مقدمہ بھی درج کیا جا رہا ہے۔

  • لاہورمیں تین کمسن بہن بھائیوں کا لرزہ خیزقتل، ماں گرفتار

    لاہورمیں تین کمسن بہن بھائیوں کا لرزہ خیزقتل، ماں گرفتار

    لاہور : نامعلوم سفاک قاتل نے تین بچوں کو قتل کردیا، پولیس نے شک کی بنا پر مقتولین کی ماں کو حراست میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور  کے علاقے عسکری الیون میں تہرے قتل کی واردات میں تین کمسن بچوں کو گلا دبا کر موت کے گھاٹ اتار دیا گیا، پولیس نے شک کی بنیاد پر بچوں کی ماں کو ہی حراست میں لے لیا ہے۔

    پھول جیسے دس سال کے زین، چھ سال کی فاطمہ اور چارسال کے ابراہیم کو گلادبا کر قتل کیا گیا، پولیس اطلاع ملنے پر جائے وقوعہ پر پہنچی تو بچوں کی لاشوں کے ساتھ ماں بھی زخمی حالت میں ملی۔

    انیقہ نامی خاتون کے بارے میں پتہ چلا ہے کہ وہ طلاق یافتہ ہے، پولیس کو بیان دیتے ہوئے پہلے اس نے بچوں کے قتل کا الزام اپنے دوست مصطفیٰ نامی شخص پرعائد کیا پھر سابق شوہر پر الزام لگا دیا۔

    پولیس نے متضاد بیانات پر بچوں کی ماں انیقہ کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے۔

  • سوتیلی ماں کے کہنے پر باپ نے تین بچوں کو قتل کردیا

    سوتیلی ماں کے کہنے پر باپ نے تین بچوں کو قتل کردیا

    بہاولپور: دوسری بیوی نے سوتیلے بچوں کے ساتھ رہنے سے منع کیا تو باپ نے سگے بچوں کا گلا گھونٹ دیا۔ ملزم نے تین بچوں کو قتل کرنے کا اعتراف کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق دوسری بیوی کی محبت باپ کی شفقت پر غالب آگئی، بہاولپور کے رہائشی فاروق نے اپنے ہی ہاتھوں سے اپنی دُنیا اجاڑدی۔

    قائد اعظم کالونی کے رہائشی فاروق نے کچھ عرصہ قبل پہلی بیوی کے انتقال پر دوسری شادی کی تھی ۔دوسری بیوی کسی بات پر ناراض ہو کرمیکے چلی گئی فاروق منانے گیا تو بیوی نے بچوں کے ساتھ رہنے سے انکار کردیا۔

    فاروق گھر ناکام لوٹا اورطیش میں آکر دس سالہ عمیرآٹھ سالہ زہرہ اور چھ سالہ زنیرہ کو موبائل چارجر کے تار سے گلا گھونٹ کر قتل کردیا، ملزم نے خود بھی زہر پینے کا ڈرامہ کیا۔

    فاروق کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا، بعد ازاں ملزم نے اعتراف جُرم کرلیا۔ پولیس نے بچوں کے ماموں کے بیان پر ملزم کیخلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس نے بچوں کی لاش پوسٹ مارٹم کیلیے اسپتال منتقل کردی.