Tag: تین دن شدید گرمی پڑنے کی پیشگوئی

  • کراچی میں تین دن شدید گرمی پڑنے کی پیشگوئی

    کراچی میں تین دن شدید گرمی پڑنے کی پیشگوئی

    محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی میں تین دن شدید گرمی کی پیشگوئی کی گئی ہے، اس دوران سمندری ہوائیں بھی بند ہوں گی۔

    چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کراچی میں 16، 17 اور 18 جولائی کو سخت گرمی ہوگی، ان تین دنوں میں سمندری ہوائیں بھی بند ہوں گی جبکہ درجہ حرارت 37 سے 38 ڈگری تک جائے گا۔

    سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ 19 اور 20 جولائی کو کراچی میں بارش ہوگی، ہوا میں نمی کا تناسب 60 سے 70 فیصد ہوگا۔

    خیال رہے کہ جولائی کے آغاز میں بھی کراچی میں کافی شدید گرمی پڑی تھی،یکم جولائی کو صبح کے اوقات میں شہر میں محسوس کیا جانیوالا درجہ حرارت 43 ڈگری تک پہنچ گیا تھا۔

    سمندری ہوائیں مکمل بحال نہ ہونے سے گرمی کی شدت اصل سے زیادہ محسوس کی گئی تھی، شہر کا درجہ حرارت 37 سینٹی گریڈ تھا لیکن شدت 43 ڈگری تک محسوس کی گئی تھی جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 55 فیصد ریکارڈ کیا گیا تھا۔

    بعدازاں شہرقائد میں سمندری ہوائیں بحال ہونے کے بعد بھی گرمی کی شدت کم نہ ہوسکی تھی، حبس کی کیفیت کے باعث محسوس کیا جانے والا درجہ حرارت چالیس ڈگری تک پہنچ گیا تھا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ شہر کا درجہ حرارت اس وقت 35 سینٹی گریڈ ہے اوراس کی شدت چالیس ڈگری محسوس کی جارہی ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 65 فیصد تھا۔