لاہور: انسداد دہشت گردی عدالت نے چیرمین تحریک انصاف عمران خان کی لاہور کے تین مقدمات میں چار اپریل تک عبوری ضمانت منظور کرلی۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز بٹر نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی عبوری ضمانت پر سماعت کی ، عمران خان عدالت میں پیش ہوٸے۔
سلمان صفدر ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ سیاسی بنیادوں پر عمران خان کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر مقدمات درج ہو رہے ہیں، عمران خان کے خلاف 144 مقدمات ہیں ، جن میں روز کسی نہ کسی مقدمہ میں عدالت میں پیش ہونا پڑتا ہے لہذا ضمانت کے لیے لمبی تاریخ ڈالی جاٸے۔
عدالت نے عمران خان کی تینوں مقدمات میں چار اپریل تک ایک ایک لاکھ مچلکوں کے عوض عبوری ضمانت منظور کر لی ۔
عدالت نے عمران خان کو ہدایت کی کہ وہ شامل تفتیش ہوں اورہر پیشی پر حاضرہوں، عمران خان کے خلاف ظل شاہ قتل ، پولیس پر حملہ اور جلا گھیراو کے الزام میں تین مقدمات درج کیے گٸے ہیں۔
عمران خان کی آمد کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت اقدامات کیے گٸے اور عمران خان کو بلٹ پروف گاڑی اور سیکیورٹی کے ساتھ احاطہ عدالت میں داخلے کی اجازت دی گٸی۔
یاد رہے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے لاہور میں 3مقدمات میں ضمانت کیلئے انسداددہشتگری عدالت سے رجوع کیا تھا۔
درخواست میں عمران خان کا کہنا تھا کہ شامل تفتیش ہونا چاہتا ہوں،پولیس کی جانب سے گرفتاری کا خدشہ ہے، عدالت تینوں مقدمات میں عبوری ضمانت منظور کر کے پولیس کوگرفتاری سے روکے۔