Tag: ثقافتی میلہ

  • ٹانک میں 16 سال بعد منعقد ہونے والا جشنِ دامان اختتام پذیر

    ٹانک میں 16 سال بعد منعقد ہونے والا جشنِ دامان اختتام پذیر

    ڈی آئی خان: ٹانک میں سجا تین روزہ جشنِ دامان اختتام پذیر ہوگیا، میلے میں شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور فنکاروں کو سراہا۔

    تفصیلات کے مطابق ٹانک کے جہاز گراؤنڈ میں تین روزہ ثقافتی میلے کا اہتمام ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفس کی جانب سے کیا گیا تھا ، یہ میلہ 16 سال کے تعطل کے بعد دوبارہ منعقد کیا گیا ہے۔

    تین روزہ میلہ میں شہریوں کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی اور میلہ کے پروگراموں سے لطف اندوز ہوتے رہے۔اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی کمشنر ڈیرہ جاوید مروت تھے ، میلے کے موقع پر مقامی پولیس اور پاک فوج کی جانب سے سیکورٹی کے بہترین انتظامات کئے گئے تھے ۔

    اختتامی تقریب میں کمانڈنگ آفیسر لیفیٹنٹ کرنل الطاف بلوچ،ڈپٹی کمشنر شاہ رخ علی خان،ڈی پی او عارف ،ضلعی ناظم مصطفی خان کنڈی،ضلعی ناظم ڈیرہ عزیز اللہ علیزئی ،تحصیل ناظم ڈیرہ عمر آمین،پریس کلب ٹانک کے صدر آوردین محسود ،ضلعی ممبر ملک نجیب اللہ محسود ،ڈائیریکٹر لائیو سٹا ک عمر ایوب ،مقامی صحافیوں اور شائقین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

    یاد رہے کہ ڈی آئی خان گزشتہ کئی سال سے براہ راست بد امنی کا شکار رہا تھا۔ امن کی بحالی کے بعد ضلعی حکومت کے سربراہ ضلعی ناظم مصطفی خان کنڈی کی سرپرستی اور ضلعی انتظامیہ کے سربراہ ڈپٹی کمشنر شاہ رخ علی خان کی زیر نگرانی تین روزہ جشن دامان میلہ کا انعقاد کیا گیا ۔

    میلے میں مختلف نوعیت کے پروگرامات کا اہتمام کیا گیا، جن میں گھوڑا ریس ،گھوڑا رقص،نیزہ بازی ،کشتیاں،کبڈی،باسکٹ بال،کتا ریس،میوزک ،تیر بازی،پی ٹی شو،مشاعرہ اور نعتیں شامل ہیں ۔

    اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ڈیرہ جاوید مروت کاکہنا تھا کہ ٹانک میں دامان میلہ کا انعقاد ٹانک کی ضلعی حکومت اور ضلعی انتظامیہ کے لئے ایک بہت بڑی کامیابی ہے اور یہ ایک واضح پیغام ہے کہ ٹانک کی عوام کتنی امن پسند ہے۔ میلے میں عوام کی کثیر تعداد میں شرکت علاقہ کے امن کے لئے نیک شگون ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ میلوں کے انعقاد سے شہریوں کو تفریحی اور خوشحالی کے مواقعہ میسر آئیں گے اور علاقائی ثقافت پروان چڑھے گی ۔تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی کمشنر ڈیرہ جاوید مروت، کمانڈنگ آفیسر لیفیٹنٹ کرنل الطاف بلوچ،ضلعی ناظم مصطفی خان کنڈی اور ڈپٹی کمشنر شاہ رخ علی خان نے کھیلوں اور پروگراموں میں اچھی کار دگی کا مظاہرہ دکھانے والے افراد میں نقد انعام اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔

  • مدینہ منورہ میں ثقافتی میلہ، پاکستان  بدستور پہلی پوزیشن پر برقرار

    مدینہ منورہ میں ثقافتی میلہ، پاکستان بدستور پہلی پوزیشن پر برقرار

    مدینہ منورہ : سعودی عرب میں مدینہ اسلامک یونی ورسٹی میں منعقد ہونے والہ ثقافتی میلہ میں پاکستان نے بدستور پہلی پوزیشن برقرار رکھی۔

    تفصیلات کے مطابق مدینہ منورہ میں قائم اسلامک یونی ورسٹی میں اس سال بھی ساتواں ثقافتی میلہ سجایا گیا، گورنر مدینہ منورہ شہزادہ فیصل بن سلمان نے ثقافتی میلے کا افتتاح کردیا، میلہ 10روز تک جاری رہیگا۔

    میلے میں مسلم ممالک کے علاوہ امریکہ، اسپین اور دیگر ممالک نے بھی اپنے اسٹال لگائے، جس میں طلباء نے بڑی مہارت کے ساتھ اسٹالوں کو اپنے اپنے ممالک کے ثقافتی رنگوں سے بھر دیا، جس سے قدیم اور دور حاضر کے تمام رنگ نمایاں ہوئے جبکہ نمائش دیکھنے والے دیگر ممالک کی تہذیب و ثقافت سے بھی روشناس ہوتے رہے۔

    پاکستانی اسٹال خاص طور پر توجہ کا مرکز بنا رہا، جس پر پاکستانی ثقافت کے تمام رنگ نمایاں رہے تاہم لوگوں کی بڑی تعداد نے پاکستانی ہینڈی کرافٹ کو خوب پسند کیا۔


    مدینہ یونیورسٹی کے احکام کی جانب سے پاکستانی طلباء کو انعامات سے بھی نوازا گیا۔

    واضح رہے جامعہ اسلامیہ مدینہ منورہ میں ہرسال عالمی ثقافتی میلے کا انعقاد کیا جاتا ہے، جس میں جامعہ میں زیر تعلیم طلباء اپنے اپنے ملکوں کی ثقافت کو اجاگر کرتے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔