Tag: جائیداد کا تنازعہ

  • جائیداد کا تنازعہ : مخالفین نے کار پر مٹی کا تیل چھڑک کر آگ لگا دی

    جائیداد کا تنازعہ : مخالفین نے کار پر مٹی کا تیل چھڑک کر آگ لگا دی

    لاہور: گلبرگ میں جائیداد کے تنازعے پر مخالفین نے کار پر مٹی کا تیل چھڑک کر آگ لگا دی، پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تفتیش کررہے ہیں، فوٹیجز حاصل کی جارہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے گلبرگ میں جائیداد کے تنازعہ پر مخالفین نے کار کو آگ لگا دی۔

    بلال نامی ڈیولپر کا مخالفین سے لاہور میں پلاٹ کا تنازعہ چل رہا تھا، ڈیولپر کراچی سے پلاٹ کی فروخت کے لیے لاہور آیا ہوا تھا کہ لبرٹی کے قریب مخالفین نے بلال کو تشدد کرکے کار سے نیچے اتارا۔

    جس کے بعد مخالفین نے بلال کی کار پر مبینہ طور پر مٹی کا تیل چھڑک کر آگ لگا دی۔

    واقعےکی اطلاع ملنے پر ایس پی ماڈل ٹاؤن واقعے کی جگہ پہنچے ، ایس پی ماڈل ٹاؤن کا کہنا ہے تفتیش کررہے ہیں، فوٹیجز حاصل کی جارہی ہیں۔

  • بیٹی کو قتل کر کے والدین نے خودکشی کرلی، 13 رشتے دار گرفتار

    بیٹی کو قتل کر کے والدین نے خودکشی کرلی، 13 رشتے دار گرفتار

    نئی دہلی: بھارت میں جائیداد کے تنازعے پر ایک جوڑے نے اپنی 4 سالہ بیٹی کو قتل کر کے خودکشی کرلی، پولیس نے جوڑے کے 13 رشتہ داروں کو گرفتار کرلیا۔

    مذکورہ واقعہ بھارتی شہر ممبرا کے قریب ایک گاؤں میں پیش آیا جہاں 39 سالہ شیو رام اور 33 سالہ دپیکا نے اپنی 4 سالہ بیٹی کو قتل کرنے کے بعد خودکشی کرلی، تینوں کی لاشیں گھر کے اندر چھت سے لٹکتی ہوئی پائی گئیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر جوڑے نے خود کو لٹکانے سے قبل کیڑے مار دوا بھی کھائی۔

    خودکشی سے قبل اپنے آخری خط میں جوڑے نے لکھا کہ انہیں ان کے بھائیوں اور رشتے داروں نے یہ قدم اٹھانے پر مجبور کیا جس کے بعد پولیس نے خاندان کے 13 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔

    مذکورہ افراد پر خودکشی پر مجبور کرنے اور شواہد چھپانے کی دفعات عائد کی گئی ہیں، ملزمان نے واقعے کے بعد گھر میں داخل ہو کر خط کو پھاڑنے کی بھی کوشش کی۔

    خودکشی کرنے سے قبل بیوی نے خط کی ایک کاپی ایک خیر خواہ رشتہ دار کو بھی روانہ کردی تھی جو خط ملتے ہی پہلے ان کے گھر پہنچا، پھر دروازہ نہ کھلنے پر پولیس کو اطلاع کردی۔

    پولیس کے مطابق جوڑے اور ان کے خاندان کے درمیان ایک خاندانی گھر اور کچھ زمین کافی عرصے سے وجہ تنازعہ بنی ہوئی تھی۔

    شیو رام اپنے حصے کی زمین پر گھر تعمیر کرنا چاہتا تھا اور اس کے بھائی اس کی مخالفت کر رہے تھے، اس کی وجہ سے وہ ایک طویل عرصے سے شیورام اور اس کی بیوی کو ہراساں کر رہے تھے۔

    مرنے سے قبل شیو رام نے یہ بھی لکھا کہ اس کے حصے کی جائیداد ایک یتیم خانے کے نام کردی جائے۔

    ہولناک واقعے اور ملزمان کی گرفتاری کے بعد گاؤں میں تناؤ کی کیفیت ہے اور کسی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پولیس تعینات کردی گئی ہے۔

  • پشاور:جائیداد کا تنازعہ، دو بھائیوں سمیت تین افراد جان کی بازی ہار گئے

    پشاور:جائیداد کا تنازعہ، دو بھائیوں سمیت تین افراد جان کی بازی ہار گئے

    پشاور:جائیداد کے تنازعہ پر جرگہ کےبعددو بھائیوں سمیت تین افراد کو موت کےگھاٹ اتار دیا گیا۔

    پشاور کے علاقے تہکال میں جائیداد کے تنازعہ پر جرگے میں ناکامی کے بعد مسلح افراد نے چلتی گاڑی پر فائرنگ کر دی،فائرنگ سےدو سگے بھائی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئےجبکہ مرنے والا تیسرا شخص جرگےکا رکن تھا۔

     گاڑی پر فائرنگ کے بعد پولیس نے حملہ آوروں کا پیچھا کرکے مچنی مچنی کے ایک مکان میں گھسے پانچ ملزمان کومقابلے کے بعد گرفتار کر لیا، مسلح افراد کو گرفتار کرکے تین پستول، پانچ کلاشنکوفیں برآمد کر لیں۔

    ایس ایس پی کینٹ محمد فیصل کاکہنا ہے کہ مرنےو الے دونوں بھائی پہلے ہی قتل کے مقدمے میں مطلوب تھے، پولیس نے واقعہ کی تفتیش شروع کر دی ہے۔