Tag: جائیداد کی نیلامی

  • نواز شریف کی جائیداد کی نیلامی کا عمل مکمل

    نواز شریف کی جائیداد کی نیلامی کا عمل مکمل

    شیخوپورہ: سابق وزیراعظم نواز شریف میاں نواز شریف کی جائیداد کی نیلامی کا عمل مکمل کرلیا گیا ، ایک کروڑایک لاکھ فی ایکڑ کے حساب سےمحمد بوٹا نے سب سے زیادہ بولی دی۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف کی 88کنال 4مرلے کی جائیداد کی نیلامی میونسپل کارپوریشن ہال شیخوپورہ میں ہوئی ، جس میں پہلا بولی دہندہ کمیٹی کے سامنے پیش ہوا اور محمدبوٹا نے10 لاکھ کےزرضمانت کا چیک کمیٹی کو جمع کرادیا ، جس کے بعد دوسرا بولی دہندہ سرفراز وٹو اور تیسرا بولی دہندہ خرم الیاس نے بھی 10،10 لاکھ زر ضمانت کا چیک کمیٹی کے حوالے کیا۔

    جس کے بعد میاں نواز شریف کی جائیداد کی نیلامی کی گئی اور ایک کروڑایک لاکھ فی ایکڑ کے حساب سے محمد بوٹا نے سب سے زیادہ بولی دی ، نیلامی کا حتمی فیصلہ احتساب عدالت اسلام آباد کرے گی۔

    ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی سربراہی میں کمیٹی نگرانی کررہی ہے ، کمیٹی کے سربراہ کی موجودگی میں نواز شریف کی 88 کنال جائیداد کی نیلامی کے لیے اعلان کیا گیا تھا۔

    اعلان میں کہا گیا کہ احتساب عدالت کے حکم پر فیروز وٹواں کی جائیداد نیلام کی جارہی ہے ، بولی میں حصہ لینےوالے اپنے کال ڈیپازٹ کمیٹی کے پاس جمع کرادیں ، نیلامی کا اعلان شام 4 بجے تک ہر آدھے گھنٹے بعد کیا جاتا رہے گا۔

    دوسری جانب جائیداد کی نیلامی قبضے کے دعویدار شہری اشرف بھی نیلامی میں پہنچ گئے، اس موقع پر اشرف نے کہا زمین میں خرید چکا ہوں اور قابض ہوں، میں زمین پرکاشت کر رہا ہوں اورمعاملہ سول عدالت میں زیر سماعت ہے۔

    خیال رہے جائیداد کی نیلامی کا حکم 22 اپریل 2021کو احتساب جج سید اصغر علی نے دیا تھا، نیلامی کی فی ایکڑ قیمت 70 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے ، جائیداد فیروز وٹواں شیخوپورہ میں واقع ہے۔

  • احتساب عدالت میں اسحاق ڈار کی قرق کی گئی جائیداد کی تفصیلات پیش

    احتساب عدالت میں اسحاق ڈار کی قرق کی گئی جائیداد کی تفصیلات پیش

    اسلام آباد : احتساب عدالت میں اسحاق ڈار کی قرق کی گئی جائیداد کی تفصیلات میں پیش کردی گئی، جس کے بعد فاضل جج نے جائیداد قرقی کے عدالتی نوٹسز کی تعمیلی رپورٹ پیر کو طلب کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت میں اسحاق ڈار کی جائیداد کی نیلامی سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی ، نیب پراسیکیوٹرعمران شفیق کی درخواست پر جج محمد بشیر نے سماعت کی۔

    عدالت نے اسحاق ڈار کی قرق کی گئی جائیداد کی مکمل تفصیلات طلب کر لیں۔

    پراسیکیوٹر نیب نے کہا مقررہ وقت تک اعتراض نہ آئے توجائیداد فروخت کی جا سکتی ہے، جائیداد قرق کرنے کے6ماہ بعد تک ملزم رجوع کر سکتا ہے، ملزم کی جانب سے ابھی تک کوئی اعتراض نہیں آیا، فروخت کے بعد بھی پیش ہونے پر عدالت حقوق فراہم کر سکتی ہے۔

    نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ ملزم کی کچھ جائیدادیں لاہور اور اسلام آباد میں بھی ہیں، جو پراپرٹیز عدالتی دائرہ کار میں نہیں آتیں، اس سے متعلق حکم دیا جائے۔

    وقفے کے بعد اشتہاری ملزم اسحاق ڈار کی جائیداد کی نیلامی کے لئے نیب کی درخواست پر سماعت میں ملزم کی قرق شدہ جائیداد کی تفصیلات پیش کر دی گئیں، جس کے مطابق ملزم اسحاق ڈار کے دبئی میں تین فلیٹس اور ایک مرسیڈیز گاڑی ہیں جبکہ بیرون ملک تین کمپنیوں میں شراکت بھی ہے۔

    اسحاق ڈار کے گلبرگ لاہور میں ایک گھر اور چار پلاٹس ہیں جبکہ اسلام آباد میں بھی چار پلاٹس ہیں جبکہ اسحاق ڈاراور ان کی اہلیہ کے پاس پاکستان میں تین لینڈکروزر گاڑیاں ہیں۔

    پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق اسحاق ڈار کے پاس دو مرسڈیز اور ایک کرولا گاڑی بھی ہے، اسحاق ڈار اور ان کی اہلیہ کی شراکت میں ٹرسٹس کے لاہور اور اسلام آباد میں بینک اکاؤنٹس ہیں جبکہ دونوں کی ہجویری ہولڈنگ کمپنی میں چونتیس لاکھ تریپن ہزار کی سرمایہ کاری ہے۔

    فاضل جج نے جائیداد قرقی کےعدالتی نوٹسز کی تعمیلی رپورٹ پیر کو طلب کر لی۔

    گذشتہ روز احتساب عدالت نے اسحاق ڈار کی جائیداد کی فروخت سے متعلق نیب کی درخواست سماعت کے لئے مقرر کی تھی۔

    مزید پڑھیں : جائیداد کی فروخت سے متعلق نیب کی درخواست سماعت کے لئے مقرر

    یاد رہے نیب کی جانب سے درخواست میں کہا گیا تھا کہ اسحاق ڈار جان بوجھ کر عدالتی کارروائی سے مفرور ہیں، ملزم بیماری کا بتا کر بیرون ملک گیا اور وہاں روز مرہ سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لے رہا ہے۔

    دائر درخواست میں استدعا کی گئی کہ اسحاق ڈار کی کچھ جائیداد ضبط کی جا چکی ہے اور کچھ جائیداد اس عدالت کے دائرہ اختیار سے باہر ہے، عدالت اسحاق ڈار کی باقی جائیداد سے متعلق بھی حکم نامہ جاری کرتے ہوئے متعلقہ اضلاع کے ریونیو آفیسرز کو نمائندے مقرر کرے۔

    یاد رہے قومی احتساب بیورو (نیب) نے اثاثہ جات ریفرنس میں اشتہاری اور مفرور ملزم و سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو بلیک لسٹ کرتے ہوئے ان کا پاسپورٹ بھی بلاک کردیا تھا جبکہ انٹرپول کے ذریعے لندن سے گرفتار کرکے وطن واپس لانے کے لیے ریڈ وارنٹ بھی جاری کیے ہوئے ہیں۔

    خیال رہے کہ سابق وزیر خزانہ پاکستان اسحاق ڈار کے خلاف نیب کورٹ میں آمدن سے زائد اثاثوں کا ریفرنس زیر سماعت ہے، اسحاق ڈار 3 مارچ کو سینیٹ انتخابات سے قبل طبیعت کی خرابی کے باعث لندن چلے گئے تھے، جس کے بعد تاحال اسحاق ڈار لندن میں ہی مقیم ہے

    واضح رہے کہ نیب نے اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کا ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کر رکھا ہے، جس میں انہیں مفرور قرار دیا جاچکا ہے۔