Tag: جائیداد

  • خودکشی کرنے والی 20 سالہ اداکارہ ماں کے لیے کروڑوں روپے چھوڑ گئی

    نئی دہلی: چند روز قبل شوٹنگ کے دوران خودکشی کرنے والی بھارتی اداکارہ تونیشا شرما موت کے بعد اپنی والدہ کے لیے خطیر رقم چھوڑ گئی، پولیس کیس کی تحقیقات میں مصروف ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق 24 دسمبر کو سیٹ کے میک اپ روم میں پنکھے سے لٹک کر خودکشی کرنے والی اداکارہ تونیشا کی 15 کروڑ روپے کی جائیداد سامنے آئی ہے جو اب ان کی والدہ کی ہوچکی ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق 20 سالہ تونیشا 13 برس کی عمر سے کام کر رہی تھی، اور اپنی زندگی کے آخری لمحات تک اس کا شیڈول نہایت مصروف تھا۔

    تونیشا نے بے شمار ٹی وی شوز، فلموں اور میوزک ویڈیوز میں کام کیا تھا جس کی وجہ سے وہ اپنی ماں کے ساتھ خوشحال زندگی گزار رہی تھی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق خودکشی کیس میں اداکارہ کے سابق بوائے فرینڈ شیزان خان کو پولیس نے حراست میں لے رکھا ہے، میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں کا 15 روز قبل ہی تعلق ختم (بریک اپ) ہوا تھا۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ شیزان نے اداکارہ سے شادی کا وعدہ کر رکھا تھا تاہم اس نے وعدہ خلافی کی اور تعلق ختم کرلیا جس سے دلبرداشتہ ہو کر اداکارہ نے انتہائی قدم اٹھا لیا۔

  • 46 سال عدالتوں کے دھکے کھانے کے بعد خاتون کو وراثتی حق مل گیا

    46 سال عدالتوں کے دھکے کھانے کے بعد خاتون کو وراثتی حق مل گیا

    اسلام آباد: صوبہ خیبر پختونخواہ کے شہر ڈیرہ اسماعیل خان کی رہائشی زيتون بی بی کو 46 سال بعد والد کی جائیداد میں سے وراثتی حق مل گيا، بھائیوں نے 46 سال سے ان کے حصے کی جائیداد پر قبضہ کر رکھا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق سپريم کورٹ نے 46 سال بعد زيتون بی بی کا والد کی جائيداد ميں حصہ تسليم کرليا اور ہائیکورٹ کے فيصلے کے خلاف بھائيوں کی اپیل خارج کردی۔

    درخواست گزار بھائیوں کے وکیل نے کہا کہ بہنوں نے اپنا حصہ بھائی کو تحفے میں دے دیا تھا، جسٹس اعجاز الاحسن نے دریافت کیا کہ جب تحفہ دیا گیا اس وقت بہنيں کمسن تھیں، کم عمر بہن کیسے بھائیوں کو جائیداد تحفے میں دے سکتی ہے؟

    جسٹس اعجاز الاحسن کا کہنا تھا کہ ریکارڈ کے مطابق بہن کی جانب سے وکیل نے بیان دیا، کمسن لڑکی کی جانب سے کوئی وکیل کیسے بیان دے سکتا ہے؟

    انہوں نے کہا کہ بھائیوں نے کبھی بہن کو جائیداد گفٹ دی ہے؟ ہر بار بہن ہی کيوں گفٹ دے، گفٹ ڈیڈ میں کہیں آفر قبوليت کا ذکر نہيں تواس کی قانونی حيثيت نہيں رہتی۔

    جسٹس منیب اختر نے کہا کہ جب بہن نابالغ تھی تو بھائیوں نے کیسے بہن سے ساری جائیداد لے لی؟ نابالغ بہن کوئی بھی کنٹریکٹ نہیں کر سکتی۔

    عدالت میں اراضی خریدنے والے افراد نے بھی درخواست گزار بھائیوں کی حمایت کی، خریداروں کے وکیل نے کہا کہ اراضی خریدنے سے پہلے تسلی کی گئی کہ اس میں بہنوں کا حصہ شامل نہیں۔

    جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ خریدار نے تسلی کیسے کی؟ کوئی دستاویز دکھائیں، کیس ریکارڈ سے ثابت نہیں ہوتا کہ خریدار نے ٹھوس تسلی کی ہو۔

    خیال رہے کہ زيتون بی بی نے جائیداد ميں حصے کے لیے 17 سال قبل 2005 میں سول کورٹ میں کیس دائر کیا تھا، زیتون بی بی کا کہنا تھا کہ ان کے بھائی والد کی وفات کے بعد سے سنہ 1976 سے بہنوں کی جائيداد پر قابض ہیں۔

    7 سال بعد 2012 ميں سيشن عدالت اور پھر 2017 ميں پشاور ہائیکورٹ نے خاتون کے حق ميں فيصلہ ديا، خاتون کے بھائيوں نے 2018 ميں سپريم کورٹ ميں اپیل کی جو آج 4 سال بعد خارج کردی گئی۔

  • کم عمر بچے کو تحفے میں دی گئی جائیداد واپس لی جا سکتی ہے؟ سپریم کورٹ کا اہم فیصلہ

    کم عمر بچے کو تحفے میں دی گئی جائیداد واپس لی جا سکتی ہے؟ سپریم کورٹ کا اہم فیصلہ

    اسلام آباد: کیا کم عمر بچے کو والد کی جانب سے تحفے میں دی گئی جائیداد واپس لی جا سکتی ہے؟ سپریم کورٹ نے اس سلسلے میں اہم فیصلہ جاری کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج سپریم کورٹ میں جائیداد گفٹ کرنے سے متعلق ایک اہم کیس کا فیصلہ جاری ہوا ہے، جس میں عدالت نے قرار دیا کہ والد کی جانب سے کم عمر بچوں کو تحفے میں دی گئی جائیداد واپس نہیں لی جا سکتی۔

    عدالتی کاغذات کے مطابق مظفرگڑھ کے ایک رہائشی کو 5 سال کی عمر میں والد نے 859 کنال زمین تحفے میں دی تھی، جس پر سوتیلے بھائی عابد حسین نے اس سے باپ کی تحفے میں دی گئی زمین واپس لینے کے لیے دعویٰ دائر کیا تھا۔

    سپریم کورٹ کا آرڈیننس کے اجرا سے متعلق تاریخی فیصلہ

    لاہور ہائی کورٹ نے اس کیس کا فیصلہ کرتے ہوئے عابد حسین کا دعویٰ مسترد کر دیا تھا، جس پر انھوں نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا، سپریم کورٹ نے بھی عابد حسین کی لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل مسترد کر دی۔

    سپریم کورٹ نے فیصلے میں کہا کہ والد کی جانب سے تحفے میں دی گئی زمین کے لیے انتقال کی بھی ضرورت نہیں ہوتی، اسلامی تعلیمات کے مطابق تحفے میں دی گئی چیز واپس لینا بدترین عمل ہے۔

  • سپریم کورٹ کے حکم پر 15 ارب روپے کی جائیداد واگزار کروالی گئی

    سپریم کورٹ کے حکم پر 15 ارب روپے کی جائیداد واگزار کروالی گئی

    اسلام آباد: سپریم کورٹ کے حکم پر وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 15 ارب روپے کی جائیداد واگزار کروالی، محکمے کے 21 ملازمین، 4 سرکاری حکام اور 81 نجی افراد کے خلاف مقدمات بھی درج کیے جا رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے حکم پر وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے متروکہ املاک بورڈ کی 15 ارب روپے کی جائیداد واگزار کروالی۔

    ایف آئی اے نے متروکہ جائیداد کے کرائے کی مد میں 29 کروڑ 60 لاکھ روپے بھی ریکور کرلیے۔

    ڈی جی ایف آئی اے ثنا اللہ عباسی نے پیش رفت رپورٹ عدالت عظمیٰ میں جمع کروا دی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 15 ارب 73 کروڑ کی جائیدادوں پر غیر قانونی قبضے کے خلاف کارروائی کی گئی۔

    رپورٹ کے مطابق 15 ارب 2 کروڑ 87 لاکھ کی جائیداد غیر قانونی قبضے سے واگزار کروائی گئی، متروکہ جائیدادوں کے کرایے کی مد میں 29 کروڑ 60 لاکھ روپے ریکور کیے گئے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ غیر قانونی قبضے اور واجبات کی عدم ادائیگی پر 197 انکوائریز جاری ہیں، متروکہ املاک کے 21 ملازمین، 4 سرکاری حکام اور 81 نجی افراد کے خلاف مقدمات درج کیے جا رہے ہیں۔

    عدالت میں پیش کی گئی رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ عدالتی حکم اور آڈیٹر جنرل کی رپورٹ کی روشنی میں مزید کارروائی جاری ہے۔

  • جائیداد کے لالچ نے بھائی کو اندھا کر دیا، بہن کے گھر میں توڑ پھوڑ (ویڈیو)

    جائیداد کے لالچ نے بھائی کو اندھا کر دیا، بہن کے گھر میں توڑ پھوڑ (ویڈیو)

    کراچی: جائیداد کے لالچ میں اندھے ہو کر بھائی نے اپنی ہی بہن کے گھر میں توڑ پھوڑ کروا دی، جس کی فوٹیج سامنے آ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بہادر آباد میں بہن بھائیوں کے درمیان جائیداد کا تنازع، جس کا کیس عدالت میں زیرِ سماعت ہے، پُر تشدد صورت اختیار کر گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق بھائی نے اپنے ڈرائیور کے ذریعے بہن کے گھر میں توڑ پھوڑ کرائی، متاثرہ خاتون خدیجہ نے میڈیا کے سامنے فریاد کی ہے کہ گھر سے بھی مجھے ہی نکالا گیا ہے، اور پولیس نے بھی میرے ہی بیٹے کو لاک اپ کر دیا۔

    متاثرہ خاتون نے بتایا کہ بہن بھائیوں کے ساتھ جائیداد کا کیس عدالت میں زیر سماعت ہے، جس کا فیصلہ ابھی ہونا ہے، لیکن ابھی یہ واقعہ پیش آیا ہے، اور میں صبح سے بہادر آباد پولیس اسٹیشن کے باہر موجود ہوں لیکن پولیس کے آگے میری شنوائی نہیں ہو رہی۔

    خاتون خدیجہ کا کہنا تھا کہ ان کے دونوں بھائی، بہن بیرون ملک میں مقیم ہیں تاہم وہ اپنے ملازمین کے ذریعے گھر پر قبضہ کرانا چاہتے ہیں۔

    متاثرہ خاتون نے یہ الزام بھی لگایا ہے کہ پولیس بھی ان لوگوں کے ساتھ ملی ہوئی ہے۔

  • وزیر اعظم آفس نے اوور سیز پاکستانی کو لٹنے سے بچا لیا

    وزیر اعظم آفس نے اوور سیز پاکستانی کو لٹنے سے بچا لیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم آفس نے اوور سیز پاکستانی کو لٹنے سے بچا لیا، شہری محمد عثمان کی 8 کروڑ 80 لاکھ روپے کی جائیداد انہیں واپس مل گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم آفس نے اوور سیز پاکستانی کو لٹنے سے بچا لیا، سٹیزن پورٹل پر اوور سیز پاکستانی کی شکایت پر فوری جوابی کارروائی کی گئی۔

    مذکورہ شہری محمد عثمان کی 8 کروڑ 80 لاکھ روپے کی جائیداد واپس مل گئی اور ان سے فراڈ کی کوشش ناکام ہوگئی۔

    قبضہ مافیا نے محمد عثمان کو اغوا کر کے جائیداد منتقلی کی دستاویز پر سائن کروایا تھا جس کے بعد محمد عثمان کے بچوں نے برطانیہ سے سٹیزن پورٹل پر شکایت کی تھی۔

    یاد رہے کہ پاکستان سٹیزن پورٹل پر شہریوں کی اندراج شدہ تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوگیا ہے، وزیر اعظم آفس ڈیلیوری یونٹ کے مطابق پورٹل پر رجسٹرڈ شہریوں کی تعداد 37 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔

    وزیر اعظم آفس کے مطابق شہریوں نے سٹیزن پورٹل پر 44 لاکھ شکایات درج کیں، پاکستان سے 42 لاکھ اور اوور سیز پاکستانیوں کی جانب سے 2 لاکھ 15 ہزار شکایات موصول ہوئیں۔

    پاکستان سٹیزن پورٹل پر اب تک 40 لاکھ شکایات نمٹائی جا چکی ہیں۔

  • متحدہ عرب امارات: جائیداد کو تباہ کرنے پر قید اور جرمانے کا اعلان

    متحدہ عرب امارات: جائیداد کو تباہ کرنے پر قید اور جرمانے کا اعلان

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارت کے پبلک پراسیکیوشن نے کہا ہے کہ املاک کی تباہی یا کسی کی جائیداد کو نقصان پہنچانا ایک جرم ہے جس کی سزا 5 سال قید ہوسکتی ہے۔

    پبلک پراسیکیوشن کی جانب سے انسٹاگرام پر جاری حالیہ ویڈیو کے مطابق ملزمان پر 10 ہزار درہم جرمانہ بھی ہوسکتا ہے۔

    پبلک پراسیکیوشن کی جانب سے کہا گیا کہ جو شخص کسی ایسی جائیداد کو مسمار کرے گا یا نقصان پہنچائے گا جو دوسروں کی ملکیت ہو، ایسے شخص کو ایک سال سے زائد عرصے کی سزا اور 10 ہزار درہم جرمانہ ہوسکتا ہے۔

    اس عمل سے اگر لوگوں کی زندگی، حفاظت یا صحت کو بھی خطرہ لاحق ہو تو قید کا عرصہ طویل ہوسکتا ہے۔

    پنالٹی قانون کے آرٹیکل 424 کے مطابق جرم اگر کم سے کم 3 افراد پر مشتمل گروہ نے کیا ہے تو 5 سال سے زیادہ کی قید بھی ہوسکتی ہے۔

  • اسٹیٹ ایجنٹس اور سناروں کے لین دین کی نگرانی کا فیصلہ

    اسٹیٹ ایجنٹس اور سناروں کے لین دین کی نگرانی کا فیصلہ

    اسلام آباد: ملک بھر میں سونے کے زیورات اور جائیداد کی خرید و فرخت کے کام سے منسلک افراد کے لین دین کی نگرانی کے لیے دفتر قائم کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی شرائط کے تحت ریئل اسٹیٹ اور جیولرز کے غیر دستاویز لین دین کی نگرانی شروع کردی۔

    ایف بی آر نے جیولرز اور ریئل اسٹیٹ ایجنٹس کی نگرانی کے لیے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف نان فنانشل بزنس اور پروفیشنل دفتر قائم کردیا، دفتر اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ 2010 کے تحت ان کاروبار میں کالے دھن کے استعمال کی نشاندہی کرے گا۔

    مانیٹرنگ کی سرگرمیوں کو تیز کرنے کے لئے ایف بی آر نے ڈائریکٹوریٹ قائم کرنے کے ساتھ عملہ بھی تعینات کیا ہے۔

    حکومت نے گزشتہ برس دسمبر 2020 میں کالے دھن کی فنانسنگ کی نگرانی کے لیے قانون سازی کی تھی جس کے بعد ایف بی آر نے ریئل اسٹیٹ ایجنٹس اور جیولرز کے لیے مشکوک لین دین کی رپورٹنگ کے لیے بھی ہدایات جاری کی ہیں۔

    ذرائع ایف بی آر کا کہنا ہے کہ ایسا سسٹم بنایا گیا ہے جو مشکوک لین دین پر لال جھنڈے کا سائن دے دیتا ہے، ریجن ٹیکس آفس کراچی کے اسٹیٹ ایجنٹس اور جیولرز کے ساتھ آگاہی سیشن بھی کرے گا۔

  • جائیداد کا تنازعہ: چچا نے بھتیجے کے جسم میں کیلیں ٹھونک دیں

    جائیداد کا تنازعہ: چچا نے بھتیجے کے جسم میں کیلیں ٹھونک دیں

    اٹک: صوبہ پنجاب کے شہر اٹک میں جائیداد کے تنازعہ پر چچا نے بھتیجے پر انسانیت سوز ظلم کرتے ہوئے اس کے جسم میں کیلیں ٹھونک دیں۔

    تفصیلات کے مطابق اٹک کے علاقے جنڈ میں چچا نے جائیداد کی خاطر بھتیجے پر تشدد کیا اور اس کے جسم میں کیلیں ٹھوک دیں، 28 سالہ مظہر حسین والدین کے انتقال کے بعد چچا کے ساتھ رہا تھا۔

    متاثرہ نوجوان کو ڈی ایچ کیو اسپتال داخل کیا گیا ہے جہاں ڈاکٹر نے آپریشن کے ذریعے نوجوان کے جسم سے کیلیں نکالیں۔

    پولیس کو بیان دیتے ہوئے مظہر حسین کا کہنا تھا کہ ملزم حبیب (چچا) نے اپنے داماد کے ساتھ مل کر تشدد کیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ میڈیکو لیگل افسر کے دستخط کے ساتھ ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے جس کے بعد قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔

  • سعودی عرب: مکانوں و دکانوں کے کرایوں میں اتار چڑھاؤ

    سعودی عرب: مکانوں و دکانوں کے کرایوں میں اتار چڑھاؤ

    ریاض: سعودی عرب میں سال رواں کے دوران املاک کی قیمتوں اور کرایوں میں اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا، مملکت میں مکانوں کے کرایوں میں اضافہ جبکہ دکانوں کے کرایوں میں کمی ہوئی ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی محکمہ شماریات نے کہا ہے کہ رواں سال کی تیسری سہ ماہی میں مکانوں کے کرایوں میں 2.1 فیصد اضافہ جبکہ دکانوں کے کرایوں میں 2.5 فیصد کمی ہوئی ہے۔

    محکمہ شماریات کا کہنا ہے کہ سنہ 2019 کی تیسری سہ ماہی کے مقابلے میں سال رواں کی تیسری سہ ماہی کے دوران غیر منقولہ جائیدادوں کے نرخ 0.5 فیصد بڑھے ہیں۔

    محکمہ شماریات کے مطابق سنہ 2020 کی تیسری سہ ماہی کے دوران مکانات کے کرایوں میں 2.1 فیصد اور زرعی اراضی کے نرخوں میں 0.3 فیصد کا اضافہ ہوا جبکہ تجارتی املاک کے نرخ 2.5 فیصد کم ہوگئے۔

    رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ رہائشی پلاٹس کے نرخوں میں سالانہ کی بنیاد پر 2.1 فیصد اضافہ ہوا، بنگلوں کے نرخ 0.8 فیصد اور فلیٹس کے نرخ 1.5 فیصد بڑھ گئے۔

    عمارتوں کے نرخ 0.9 فیصد اور عام مکانات کے نرخ 3.1 فیصد کم ہوئے۔