Tag: جارج بش

  • طالبان کے قبضے نے جارج بش کو گہری اداسی میں مبتلا کر دیا

    طالبان کے قبضے نے جارج بش کو گہری اداسی میں مبتلا کر دیا

    واشنگٹن: سابق امریکی صدر جارج ڈبلیو بش نے افغانستان پر طالبان کے قبضے پر گہری اداسی کا اظہار کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کے سابق صدر بش کابل پر طالبان کے برق رفتار قبضے کو گہری اداسی سے دیکھ رہے ہیں، انھوں نے واشنگٹن سے مطالبہ کیا کہ افغانستان سے انخلا کو تیز تر کیا جائے۔

    یاد رہے کہ بش نے نائن الیون کے واقعے کے بعد 2001 میں طالبان کی حکومت کے خاتمے کے لیے افغانستان پر حملے کا حکم جاری کیا تھا، پیر کو ایک خط میں بش نے کہا کہ وہ اور سابق خاتون اول لارا بش حمایت اور تعاون کے لیے امریکی ہونے کے ناطے تیار ہیں۔

    بش نے کہا کہ ہمارے دل افغانوں، امریکیوں اور ناٹو کے اتحادیوں کے لیے نہایت بوجھل ہیں، کیوں کہ انھوں نے بہت تکالیف برداشت کیں، اور بہت زیادہ قربانیاں دیں۔

    سابق صدر نے اعتماد ظاہر کیا کہ انخلا مؤثر ہوگا لیکن انھوں نے صدر جو بائیڈن پر زور دیا کہ وہ طالبان کی طرف سے خطرہ محسوس کرنے والے افغانوں اور امریکیوں کو نکالنے میں تیزی لائیں۔

    بش نے کہا یہ ہماری ذمہ داری ہے اور ہمارے پاس وسائل بھی ہیں کہ کسی بیوروکریٹک تاخیر کے بغیر انھیں محفوظ طریقے سے نکال لائیں۔

    لیکن سابق صدر نے کہا کہ افغان تنازع بے کار نہیں گیا، انھوں نے کہا کہ امریکی فوجیوں نے اسکولوں کی تعمیر اور طبی سہولیات کی فراہمی کے دوران ایک سفاک دشمن کو بھی نکال دیا ہے، اور امریکا کو مزید دہشت گرد حملوں سے محفوظ کر دیا۔

  • سینیٹر مک کین کی آخری رسومات میں جارج بش "ٹافی والے”  بن گئے!

    سینیٹر مک کین کی آخری رسومات میں جارج بش "ٹافی والے” بن گئے!

    واشنگٹن : سینیٹر جان مک کین کی آخری رسومات کے افسردہ ماحول میں سابق صدر جارج بش اور  مشعل اوباما ایک دوسرے کو ٹافیاں دینے کی وجہ سے انٹرنیٹ صارفین کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کے سابق سینیٹر جان مک کین کی آخری رسومات امریکا کے دارالحکومت واشنگٹن میں ادا کی گئیں، جس میں امریکا کے دو سابق صدور جارج ڈبلیو بش اور باراک اوباما نے اپنی اپنی اہلیہ کے ہمراہ شرکت کی تھی۔

    جان مک کین کے آخری رسومات کے افسردہ ماحول میں اس وقت ایک عجیب منظر دیکھنے میں آیا، جب جارج ڈبلیو بش نے اپنی اہلیہ لورا بش کی جانب سے دی جانے والی ٹافیاں مشعل اوباما کو  تھمائیں۔

    اس منظر کو کیمروں کی آنکھ نے محفوظ کرلیا، جس کے بعد مذکورہ شخصیات سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔

    سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے جارج بش اور مشعل اوبامہ کی ویڈیو پر دلچسپ تبصرے کیے جارہے ہیں۔

    امریکی خبر رساں ادارے ’بارسٹول نیوز نیٹ ورک‘ نے ٹویٹ کیا کہ سابق امریکی صدر جارج ڈبلیو بش ’کینڈی مین‘ ہیں۔

    ٹویٹر استعمال کرنے والے ایک صارف نے لکھا کہ ’وہ دوست جس نے سب کے لیے ویڈیو میں مٹھاس بھر دی، جس کے باعث جارج بش اور مشعل اوباما کی اچھی دوستی کی مزید تصدیق ہوگئی‘۔

    ایک ٹویٹر صارف نے تبصرہ کیا کہ ’لورا بش، صدر بش اور مشعل اوباما کا ایک دوسرے کو ٹافیاں دینا سنہ 2018 کی سب سے بڑی سرخی ہے، کتنا خوبصورت لمحہ تھا ان لوگوں کے لیے جن کے آئیڈیل مختلف ہیں مگر وہ پھر بھی دوست ہیں‘ آخر میں تحریر کیا کہ ’لورا بش آپ کا شکریہ کہ آپ تیاری کے ساتھ آئیں‘۔

    ایک اور سوشل میڈیا صارف نے کہا کہ ’مجھے بش اور مشعل اوباما کی دوستی بہت اچھی لگتی ہے، چاہے وہ ایک دوسرے کو ٹافیاں دینا ہوں، دیکھ کر بہت خوشی ہوئی‘۔

    خیال رہے کہ سینیٹر جان مک کین دماغ میں رسولی کے باعث ایک ہفتہ قبل 81 برس کی عمر میں انتقال کرگئے تھے۔