Tag: جازان

  • سعودی عرب: بادلوں سے اونچا دنیا کا انوکھا فٹ بال گراؤنڈ (ناقابل یقین تصاویر)

    سعودی عرب: بادلوں سے اونچا دنیا کا انوکھا فٹ بال گراؤنڈ (ناقابل یقین تصاویر)

    جازان: سعودی عرب کے ایک شہر میں ایسا فٹ بال گراؤنڈ موجود ہے جو دنیا کا انوکھا کھیل کا میدان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی شہر جازان میں واقع الحشر پہاڑوں میں گھرے، بادلوں سے اونچے فٹ بال گراؤنڈ کی حیرت انگیز تصاویر نے لوگوں کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا۔

    کیا آپ سوچ سکتے ہیں کہ دنیا میں کہیں پہاڑوں میں گھرا اور اور بادلوں سے بھی اونچا فٹ بال گراؤنڈ ہو سکتا ہے؟

    جازان کے الحشر پہاڑوں میں گھرا ایسا ہی ایک گراؤنڈ ہے جہاں بیٹھ کر بادلوں کو نیچے گزرتے دیکھا جا سکتا ہے، یقیناً یہ ایک ایسا نظارہ ہے جو آپ کی زندگی کا ناقابل فراموش نظارہ کہلایا جا سکتا ہے۔

    دنیا کے اس حیران کن مقام پر خوب صورت وادیاں بھی ہیں، سبزہ زار بھی ہیں اور بہترین موسم بھی ہے۔

    اس گراؤنڈ کی شان دار تصاویر ایک سعودی فوٹو گرافر عبد الرحمٰن مفرح الحریصی نے ٹویٹر پر شیئر کر کے دیکھنے والوں کو حیرت زدہ کر دیا ہے۔

    یہ محض فٹبال گراؤنڈ کی تصاویر ہی نہیں بلکہ قدرت کے شاہکار کی بھی عکاسی کر رہی ہیں جن میں علاقے کی خوب صورتی اجاگر ہو رہی ہے۔

    فوٹوگرافر کا کہنا ہے کہ اس علاقے کے نوجوان یہاں صرف فٹ بال کھیلنے ہی نہیں، موسم کا لطف اٹھانے بھی آتے ہیں، نوجوانوں نے سیاحتی اداروں کو متوجہ کیا ہے کہ اس گراؤنڈ کو سیاحت کے لیے استعمال کیا جائے۔

    عبد الرحمٰن کا کہنا تھا اگر شہر کی میونسپلٹی یہاں سہولتیں فراہم کرے، گراؤنڈ میں حفاظتی باڑ لگائے اور فٹ بال ٹورنامنٹ کرائے تو کوئی بعید نہیں کہ ملک بھر سے نوجوان یہاں میچ کھیلنے ہی نہیں دیکھنے کے لیے بھی آئیں۔

  • سعودی عرب: متعدد بینکوں کے اے ٹی ایم کیوں بند ہیں؟

    سعودی عرب: متعدد بینکوں کے اے ٹی ایم کیوں بند ہیں؟

    ریاض: سعودی عرب کے شہر جازان میں متعدد بینکوں کے اے ٹی ایم بند کر دیے گئے، بلدیہ حکام کے مطابق متعدد بینکوں کے برانچ کا لائسنس ختم ہوچکا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کے شہر جازان کی میونسپلٹی نے ضوابط کی پابندی نہ کرنے پر متعدد بینکوں کے اے ٹی ایم بند کر دیے ہیں۔

    میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ جازان ریجن میں متعدد بینکوں کے برانچ کا لائسنس ختم ہوچکا ہے جبکہ بعض کے پاس اے ٹی ایم کی تنصیب کا اجازت نامہ نہیں ہے۔

    میونسپلٹی کے مطابق بینکوں کے حوالے سے ریجن میں مجموعی طور پر مختلف قسم کے 65 لائسنس ختم ہوگئے ہیں جن کی تجدید نہیں کروائی گئی۔ شہر میں مختلف بینکوں کے 138 اے ٹی ایم ایسے ہیں جہاں ضوابط کی خلاف ورزی ہو رہی ہے۔

    میونسپلٹی کا کہنا تھا کہ ادارے نے متعلقہ بینکوں سے مطالبہ کیا تھا کہ اپنی کاغذی کارروائی مکمل کریں، ضوابط کی پابندی کریں اور لائسنس کی تجدید کروائیں۔

    میونسپلٹی کی جانب سے کہا گیا کہ بینکوں سے یہ مطالبہ متعدد مرتبہ تحریری شکل میں ہوا ہے جس کا ثبوت ہمارے پاس موجود ہے مگر بینکوں کی طرف سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔

    بلدیہ نے بینکوں کی مسلسل خاموشی پر کارروائی کی ہے، ایسے تمام اے ٹی ایمز جہاں ضوابط کی پابندی نہیں ہو رہی وہاں رکاوٹیں کھڑی کر کے انہیں بند کر دیا ہے۔

    دوسری طرف بلدیہ ذرائع کا کہنا ہے کہ ریجن میں 25 بینکوں کی برانچز ایسی ہیں جن کے پاس لائسنس نہیں ہے، 65 برانچز کا لائسنس ختم ہوچکا ہے جبکہ 138 اے ٹی ایمز کا اجازت نامہ بھی مدت پوری کرچکا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ لائسنس کے بغیر کام کرنے اور اجازت نامہ نہ لینے کے جرمانوں کی مجموعی رقم 30 ملین ریال سے تجاوز کر جاتی ہے۔

  • یمن سے بارودی سرنگ سیلابی ریلے میں بہہ کر سعودی شہر پہنچ گئی

    یمن سے بارودی سرنگ سیلابی ریلے میں بہہ کر سعودی شہر پہنچ گئی

    ریاض: جزیرہ عرب میں موسلا دھار بارشوں کے دوران یمن سے ایک بارودی سرنگ سیلابی ریلے میں بہہ کر سعودی شہر جازان پہنچ گئی، متعلقہ حکان نے بروقت وہاں پہنچ کر سرنگ کو ناکارہ بنادیا۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق سیلابی ریلے میں بہہ کر ایک بارودی سرنگ یمن سے جازان پہنچ گئی، شہری دفاع کے اہلکاروں نے بر وقت کارروائی کر کے اسے ناکارہ بنا دیا۔

    جازان محکمہ شہری دفاع کے ترجمان کرنل محمد الغامدی نے بتایا کہ محکمے کو اطلاع ملی تھی کہ ایک وادی میں بارودی سرنگ نظر آرہی ہے جو یمن سے سیلاب میں بہہ کر جازان پہنچی ہے۔

    اطلاع ملتے ہی فوراً ہی بارودی سرنگ کے ماہرین کی ٹیم جائے وقوعہ پہنچ گئی اور سرنگ کو ناکارہ بنا دیا۔

    سرنگ کو ناکارہ بنائے جانے کے دوران کسی طرح کا کوئی نقصان نہیں ہوا جبکہ تمام حفاظتی تدابیر بھی اختیار کی گئیں۔

    خیال رہے کہ جزیرہ عرب میں ہونے والی موسلا دھار بارش کے باعث کئی علاقوں میں سیلاب کی کیفیت ہے، سعودی عرب کے علاوہ یمن، امارات اور عراق کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

  • سعودی عرب: نماز جمعہ کے دوران امام مسجد پر چاقو سے حملہ، ملزم گرفتار

    سعودی عرب: نماز جمعہ کے دوران امام مسجد پر چاقو سے حملہ، ملزم گرفتار

    ریاض: سعودی عرب میں ایک شخص نے نماز جمعہ کے دوران جامع مسجد کے امام پر چاقو سے حملہ کردیا، حملہ آور کو گرفتار کرلیا گیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق جازان ریجن کی بیش کمشنری کی جامع مسجد کے امام کو نماز کے دوران چاقو سے زخمی کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔

    امام کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ان کی حالت قدرے بہتر بتائی جارہی ہے۔

    واقعہ اس وقت پیش آیا جب جامع مسجد کے امام نماز جمعے کی دوسری رکعت میں تھے کہ اچانک ایک شخص نے ان پر چاقو سے حملہ کر دیا۔

    حملہ آور کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ ذہنی مریض ہے، ملزم کو گرفتار کر لیا گیا جس سے تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور اسی قصبے کا رہائشی ہے اور کافی عرصے سے نفسیاتی اسپتال میں زیر علاج تھا۔

  • سعودی عرب میں غیر اخلاقی حرکتوں پر 100 افراد گرفتار

    سعودی عرب میں غیر اخلاقی حرکتوں پر 100 افراد گرفتار

    ریاض: سعودی عرب میں نازیبا لباس پہننے سمیت دیگر غیر اخلاقی حرکتوں پر 100 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق حکام نے مدینہ اور جازان میں غیر اخلاقی لباس پہن کر عوامی مقامات پر گھومنے والے 100 افراد کو گرفتار کیا ہے۔

    ترجمان پولیس کے مطابق جازان میلے میں سماجی تہذیب کے منافی غیر اخلاقی لباس پہن کر آنے والے 33 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ زیر حراست نوجوان مختلف اوقات میں عوامی مقامات پر نازیبا لباس پہن کر گھوم رہے تھے۔

    ان میں سے بعض دیواروں اور بسوں پر اخلاق سوز جملے تحریر کرتے ہوئے بھی پائے گئے جبکہ کئی نوجوانوں کو پارکوں اور چوراہوں پر الاؤ روشن کرنے اور کئی کو معذوروں اور بوڑھوں کی نشستوں پر بیٹھنے اور معذوروں اور بوڑھوں کو جگہ نہ دینے پر گرفتار کیا گیا ہے۔

    مدینہ پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ شہر میں 2 ہفتوں کے دوران سماجی تہذیب کی خلاف ورزیوں پر 67 ا فراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

    سعودی پولیس مملکت میں سماجی تہذیب (الذوق العام) کی خلاف ورزیوں پر کڑی نگاہ رکھے ہوئے ہے اور اس حوالے سے سخت اقدامات کیے جارہے ہیں۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ پبلک مقامات پر بغیر اجازت لٹریچر تقسیم کرنے، آبادی میں اونچی آواز سے موسیقی سننے اور اذان کے وقت گانے سننے پر نوجوانوں کو پکڑا گیا ہے۔

    مذکورہ گرفتاریاں مقامی شہریوں کی شکایات پر کی گئی ہیں۔ پولیس نے شکایت ملنے پر حقیقت حال دریافت کر کے قصور واروں کو مقررہ سزا بھی دلا دی ہے۔

  • سعودی عرب میں ڈیڑھ ارب روپے کی کرپشن کس نے کی؟

    سعودی عرب میں ڈیڑھ ارب روپے کی کرپشن کس نے کی؟

    ریاض: سعودی عرب کے جازان ریجن میں میونسپلٹی میں خطیر رقم کی کرپشن کا انکشاف ہوا ہے، ملزمان نے 3 کروڑ 60 لاکھ ریال کی کرپشن کی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق جازان ریجن کی 4 کمشنریوں میں کام کرنے والی میونسپلٹی میں 36 ملین (3 کروڑ 60 لاکھ) ریال یعنی لگ بھگ ڈیڑھ ارب پاکستانی روپے کی کرپشن کی تفتیش کا آغاز ہو چکا ہے۔

    محکمہ انسداد کرپشن نے ملوث میونسپلٹی کے سربراہان، اہلکار اور کارکنان سمیت حکومتی منصوبوں پر کام کرنے والے متعدد ٹھیکیداروں کو گرفتار کیا ہے۔

    ان افراد پر فرضی منصوبوں کے علاوہ اختیارات سے تجاوز، جعلسازی، غبن اور رشوت کے الزمات ہیں۔

    محکمہ انسداد کرپشن کے ذرائع کے مطابق کرپشن کیس کی تفتیش کے لیے جازان کے ایک سابق میئر کو بھی گواہی دینے کے لیے بلایا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملوث افراد نے سرکاری اراضی پر قبضہ کرنے کے علاوہ جعلی ملکیت نامے بھی جاری کیے تھے۔ ایسی اراضی پر بھی قبضے میں ملوث تھے جن کے بارے میں کابینہ نے فیصلہ کیا تھا کہ یہ سرکاری اراضی ہیں۔

    اس سے قبل جازان کی جنوبی سرحد کی میونسپلٹی کے سربراہ کو بھی کرپشن کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔

    خیال رہے کہ چند روز قبل مکہ مکرمہ میں ایک یونیورسٹی کے 6 عہدیداروں کی کرپشن سامنے آئی تھی جنہیں بدعنوان ثابت ہوجانے پر قید بامشقت اور جرمانے کی سزائیں سنائی گئیں۔

    مذکورہ عہدیداران میں کچھ شعبوں کے ڈین بھی شامل ہیں۔ تحقیقات سے پتہ چلا تھا کہ یونیورسٹی کے ان عہدیداروں نے اپنے عہدے سے ناجائز فائدہ اٹھایا۔

    مذکورہ افسران نے ایک کمپنی کو جان بوجھ کر ٹھیکہ نہیں دیا اور دوسری کمپنی کو جس نے زیادہ بڑی رقم کا ٹینڈر بھرا تھا ٹھیکہ دے دیا، اور سرکاری خزانے پر 1 کروڑ 40 لاکھ ریال سے زیادہ کا بوجھ ڈالا۔

    عہدیداران پر سرکاری خزانہ لوٹنے سمیت مختلف الزامات لگائے گئے جو ثابت ہوگئے ہیں جس کے بعد فوجداری عدالت نے 4 ملزمان کو 1، 1 لاکھ ریال جرمانے کی سزا دی۔

  • سعودی افواج نے حوثیوں کے داغے گئے میزائل فضا میں‌ناکام بنا دئیے

    سعودی افواج نے حوثیوں کے داغے گئے میزائل فضا میں‌ناکام بنا دئیے

    ریاض: یمن میں برسرپیکار حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب کے سرحدی شہر جازان پر داغے گئے میزائلوں کو فضا میں ہی ناکام بناتے ہوئے شہر کو بڑی تباہی سے بچالیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایرانی سرپرستی میں مسلح جد و جہد کرنے والے حوثی باغیوں کی جانب سے گذشتہ روز بھی جازان پر دو میزائل فائر کیے گئے تھے جسے جوابی کارروائی میں عسکری اتحاد نے پیٹریاٹ میزائل کے ذریعے تباہ کردیا۔

    عرب میڈیا کے مطابق حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے جنوبی شہروں کی جانب بیلسٹک میزائلوں سے حملوں میں تیزی کردی ہے جبکہ سعودی اتحاد کی فورسز بھی بھرپور جوابی کارروائی کر رہی ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ یمنی حدود سے سعودی شہریوں پر داغے گئے میزائلوں سے کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی۔

    عرب اتحاد کا کہنا ہے کہ ایران نواز حوثیوں کی جانب سے گذشتہ سعودی شہر نجران پر بھی ایک بیلسٹک میزائل فائر کیا گیا تھا جبکہ جازان کو بھی دو میزائلوں سے نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی تاہم دفاعی فورسز نے دونوں پر داغے گئے میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کردیا تھا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایرانی سرپرستی میں مسلح کارروائیاں کرنے والے حوثی جنگجوؤں کی جانب سے سعودی عرب کو اب تک 188 سے زائد بیلسٹک میزائلوں کے ذریعے ہدف بنانا چکے ہیں۔


    مزید پڑھیں : یمنی بچوں کی بس پر حملہ غلطی تھی، عرب اتحاد کا اعتراف


    یاد رہے کہ دو روز قبل سعودی عرب کی سربراہی یمن میں حوثی جنگجوؤں کے خلاف لڑنے والے عرب اتحاد کی جانب سے گذشتہ ماہ یمن کے صوبے صعدہ میں اسکول کے بچوں سے بھری ہوئی بس پر فضائی بمباری کی گئی تھی جس کے نتیجے میں 40 بچوں سمیت 51 افراد جاں بحق جبکہ 79 زخمی ہوئے تھے۔

    عرب خبر رساں اداروں کا کہنا ہے کہ عرب اتحاد کی جانب سے یمن میں اسکول بس پر حملے کو غلطی تسلیم کرتے ہوئے کہا تھا کہ فضائی بمباری میں ہونے والی اموات پر افسوس ہے۔

    عرب اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے کہا ہے کہ 9 اگست کو بس پر کیے گئے حملے کے حوالے سے ہونے والی تحقیقات میں اعتراف کیا گیا ہے کہ صوبہ صعدہ میں فضائی حملوں کے دوران عسکری فورسز سے کچھ غلطیاں ہوئی تھیں۔

  • سعودی فورسز نے جازان پر داغا گیا میزائل فضا میں تباہ کردیا

    سعودی فورسز نے جازان پر داغا گیا میزائل فضا میں تباہ کردیا

    ریاض : سعودی فضائیہ نے یمن میں برسر پیکار حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کے سرحدی شہر جازان پر داغا گیا بیلسٹک میزائل فضا میں تباہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے کی فضائی افواج نے ہفتے کے روز سرحدی شہر جازان پر یمن میں برسر پیکار حوثی جنگوؤں کی جانب سے داغا گیا بیلسٹک میزائل فضا میں ہی تباہ کردیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ حوثی جنگجوؤں کی جانب سے ایک ہفتے کے بعد دوسرا میزائل سعودی عرب کے سرحدی شہر جازان کی شہری آبادی پر بیلسٹک میزائل داغا گیا تھا اس سے قبل 11 اگست کو شہریوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی۔

    سعودی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ یمن میں قانونی حکومت کے خلاف بغاوت کرنے والے ایرانی حمایت یافتہ حوثی جنگجوؤں نے گذشتہ چند ہفتوں کے دوران سعودی عرب کی شہری آبادی پر میزائل حملوں میں تیزی کردی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ حوثی باغیوں نے سنہ 2014 میں یمنی حکومت کے خلاف مسلح تحریک شروع کی تھی جس کے بعد سے مسلسل سعودی عرب کے شہر جازان اور نجران پر بیلسٹک میزائل فائر کیے جا چکے ہیں۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل سعودی عرب کے ایک عسکری ذریعے نے بتایا تھا کہ سعودی عرب کے مقامی وقت کے مطابق شام آٹھ بجکر چالیس منٹ پر یمن سے نجران میں داغا گیا، بیلسٹک میزائل مار گرایا۔

    خیال رہے کہ حوثی باغی گزشتہ کئی ماہ سے سعودی عرب پر مسلسل بیلسٹک میزائل حملے کررہے ہیں سعودی محکمہ دفاع کی طرف سے فوری کارروائی کرتے ہوئے ان حملوں کو ناکام بنا کر ملک کوتباہی سے بچالیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ دو روز قبل امریکا میں تعینات سعودی عرب کے سفیر کا کہنا تھا کہ خطے کے امن کو سبوتاژ کرنے والی ایرانی حکومت حوثی جنگجوؤں کو جنگی سامان کی فراہمی کے ساتھ ساتھ لبنان کی مسلح سیاسی جماعت حزب اللہ کے جنگوؤں سے تربیت بھی دلوا رہے ہیں۔

  • سعودی فوج نے جازان میں حوثیوں کا بیلسٹک میزائل مار گرایا

    سعودی فوج نے جازان میں حوثیوں کا بیلسٹک میزائل مار گرایا

    ریاض: سعودی عرب کی فضائی ڈیفنس فورس نے ہفتے کی شام یمن کے حوثی باغیوں کی طرف سے داغا گیا ایک بیلسٹک میزائل سرحدی شہر جازان میں مار گراتے ہوئے ملک کو بتاہی سے بچالیا۔

    عرب اتحادی فوج کے ترجمان ترکی المالکی نے بتایا کہ سعودی عرب کے مقامی وقت کے مطابق سہ پہر چار بج کر پچیس منٹ پر یمن سے جازان میں داغا گیا بیلسٹک میزائل مار گرایا، اس واقعے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔

    یمن میں آئینی حکومت کی مدد کے لیے قائم عرب اتحادی فوج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے بتایا کہ حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب میں شہری آبادی کو دانستہ طور پرنشانہ بنانے کی کوشش جاری ہے۔

    ان کاکہنا تھا کہ حوثی سعودی عرب پر بیلسٹک میزائل حملے جاری رکھ کر اقوام متحدہ کی قراردادوں 2231 اور 2216 کی مسلسل خلاف ورزی کررہے ہیں۔

    مزید پڑھیں: سعودی فورسز نے نجران میں حوثیوں کا بیلسٹک میزائل مار گرایا

    واضح رہے کہ چند روز قبل سعودی عرب کے ایک عسکری ذریعے نے بتایا تھا کہ سعودی عرب کے مقامی وقت کے مطابق شام آٹھ بجکر چالیس منٹ پر یمن سے نجران میں داغا گیا، بیلسٹک میزائل مار گرایا۔

    خیال رہے کہ حوثی باغی گزشتہ کئی ماہ سے سعودی عرب پر مسلسل بیلسٹک میزائل حملے کررہے ہیں سعودی محکمہ دفاع کی طرف سے فوری کارروائی کرتے ہوئے ان حملوں کو ناکام بنا کر ملک کوتباہی سے بچالیا گیا ہے۔