Tag: جاسوس

  • بھارتی سفارت کار پاکستان میں دہشت گردی کروانے میں ملوث

    بھارتی سفارت کار پاکستان میں دہشت گردی کروانے میں ملوث

    کلبھوشن یادیو کے بعد پاکستان میں سرگرم بھارت کا ایک اور بڑا جاسوس نیٹ ورک پکڑلیا گیا۔ 2 بھارتی سفارت کار بلبیر سنگھ اور راجیش کمار دہشت گردی میں ملوث نکلے۔ دونوں کو پاکستان سے فوری بے دخل کرنے کا حکم دے دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ہائی کمیشن میں تعینات سفارت کاروں کا روپ دھارے بھارتی خفیہ ایجنسی کے 2 ایجنٹ پکڑے گئے۔ دونوں کو دہشت گردی میں ملوث ہونے کے انکشاف پرانہیں فوری پاکستان بدر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    بھارتی خفیہ ایجنسی کا افسر بلبیر سنگھ فرسٹ سیکریٹری پریس انفارمیشن کے لبادے میں تعینات تھا۔ بلبیر سنگھ پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث پایا گیا۔ راجیش کمار اگنی ہوتری بھی دہشت گردی کا نیٹ ورک چلا رہا تھا اور یہ کمرشل قونصلر کے طور پر تعینات تھا۔

    بتایا گیا ہے کہ پاکستان سے نکالاجانے والا سرجیت سنگھ بھی بلبیر سنگھ کے نیٹ ورک کا حصہ تھا۔ ‏سرجیت سنگھ نےعبد الحفیظ کے نام سے موبائل فون کمپنی کا جعلی کارڈ بھی بنوایا ہوا تھا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی ہائی کمیشن کے کئی اہلکاروں کا تعلق بھارتی خفیہ ایجنسی را اور آئی بی بھارت سے ہے۔

    اس معاملے پر تاحال ہندوستان سے کوئی وضاحت یا بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

    واضح رہے کہ بھارتی ہائی کمیشن کے کئی اہلکار پاکستان میں تخریبی کارروائیوں میں متحرک رہتے ہیں۔ اس سے قبل بھی بلوچستان سے دہشت گرد نیٹ ورک چلانے والا را کا اہم افسر کلبھوشن یادیو اور اس کا پورا نیٹ ورک بھی گرفت میں آچکا ہے۔

    کلبھوشن نے اعتراف کیا تھا کہ پاکستان میں دہشت گردی کی وارداتوں کے لیے اس نے افغانستان سے اسلحہ بھجوایا تھا۔ اس کے لیے مختلف سرحدی کراسنگ پوائنٹس سے اسلحہ اور دہشت گرد بلوچستان پہنچتا تھا۔ کلبھوشن کے مطابق اس نے کئی علیحدگی پسندوں کو افغانستان میں پناہ بھی دلوائی تھی۔

    کلبھوشن سے تفتیش کے بعد افغانستان میں موجود نیٹ ورکس کی نشاندہی بھی ہوگئی تھی۔

  • ایرانی جوہری پروگرام کی جاسوسی،1شخص گرفتار

    ایرانی جوہری پروگرام کی جاسوسی،1شخص گرفتار

    تہران : ایرانی وزارت انصاف کا کہنا ہے کہ ایک ایرانی شخص کو مغرب کے لیے ایرانی جوہری پروگرام کی جاسوسی کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے.

    تفصیلات کے مطابق ایران کی وزارت انصاف کے ترجمان نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں بتایا کہ کہ یہ جاسوس جوہری ٹیم میں گھسنے میں کامیاب ہو گیا تھا.

    ترجمان غلام حسین محسنی نے مزید بتایاکہ چند روز قبل اس شخص کوگرفتار کیا گیا تھا اور اس کے بعد ان کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا لیکن اب اس سے تقتیش جاری ہے.

    ایرانی وزارت انصاف کے حکام کی جانب اس ’جاسوس‘ کے بارے میں مزید تفصیلات نہیں فراہم کی گئیں.

    *امریکہ کیلئے جاسوسی، ایران نے جوہری سائنسدان کو پھانسی دیدی

    یاد رہےکہ رواں ماہ ایران نے اپنے ہی جوہری سائنسدان کو امریکا کے لیے جاسوسی کرنے پر پھانسی دی تھی.

    ایرانی جوہری سائنسدان شہرام امیری کو 2010 میں اس وقت گرفتار کیا گیا تھا،جب وہ امریکا سے ایران واپس آیا تو عدالت نے شہرام کو امریکا کے لیے جاسوسی کرنے پر سزائے موت سنائی تھی.

    واضح رہے کہ شہرام امیری ایران کی اٹامک انرجی آرگنائزیشن کے لیے کام کرتے رہے تھے اور 2009 میں اچانک غائب ہوگئے تھے تاہم ایک سال بعد اچانک ایران واپس آئے،جہاں ان کا گرفتاری سے پہلے ہیرو کی طرح استقبال ہوا تھا.