Tag: جامعات

  • پنجاب کی تمام جامعات میں ترجمے کے ساتھ قرآن پاک پڑھانا لازمی قرار

    پنجاب کی تمام جامعات میں ترجمے کے ساتھ قرآن پاک پڑھانا لازمی قرار

    لاہور: گورنر پنجاب چوہدی محمد سرور کی ہدایت پر صوبہ پنجاب کی تمام جامعات میں ترجمے کے ساتھ قرآن پاک پڑھانے کو لازمی قرار دے دیا گیا، قرآن پاک ترجمہ کے ساتھ پڑھے بغیر ڈگری نہیں ملے گی۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے تاریخی اقدام کرتے ہوئے یونیورسٹیز میں ترجمے کے ساتھ قرآن پاک پڑھانے کو لازمی قرار دے دیا۔

    صوبہ پنجاب کی یونیورسٹیز میں ترجمے کے ساتھ قرآن پاک پڑھانے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب کی جامعات میں قرآن پاک ترجمہ کے ساتھ پڑھے بغیر ڈگری نہیں ملے گی۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ پنجاب کی جامعات میں لیکچررز طلبا کو ترجمے کے ساتھ قرآن پڑھائیں گے، قرآن مجید کا نصاب اسلامیات کے مضمون کے علاوہ پڑھایا جائے گا۔

    گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ قرآن مجید ہمارے لیے اصل رہنمائی کا ذریعہ ہے۔

  • موجودہ دور میں‌ بی۔ اے کی ڈگری کارآمد تعویذ!

    موجودہ دور میں‌ بی۔ اے کی ڈگری کارآمد تعویذ!

    آپ چاہیں مانیں یا نہ مانیں اور اس حقیقت کو تسلیم کریں یا نہ کریں، مگر موجودہ دورِ جمہوریت کا یہ ایک اٹل اور متفقہ فیصلہ ہے کہ علم و ادب کے تمام مدارج طے کر لینے کے بعد بھی سب سے بڑا جاہل وہ ہے جو گریجویٹ نہیں۔

    اپنی جملہ جہالتو ں کے باوجود سب سے بڑا عالمِ وقت وہ ہے جس نے کسی یونیورسٹی سے بی۔ اے کی سند حاصل کی ہے۔

    بات یہ ہے کہ اب سے چالیس برس قبل بی۔ اے کی ڈگری ایک ایسا کارآمد تعویذ اور ایک ایسی جادو کی پڑیا ثابت ہو چکی ہے کہ آپ نے ادھر اس کو استعمال کیا، اُدھر کھل جا سم سم کی آواز کے ساتھ ملازمت کے دروازے کھل گئے اور آپ نے مٹھیاں بھر بھر کر اپنے دامنِ افلاس کو رشوتوں اور مقررہ تنخواہوں سے پُر کرنا شروع کردیا۔

    بی۔ اے کی ڈگری معیارِ علم، معیارِ قابلیت اور معیارِ ذہانت تصور کی جاتی تھی۔ یہی ڈگری گھر والوں اور بزرگوں سے ہر معاملہ میں مشورہ طلب کرواتی تھی اور اسی پر سوسائٹی میں عزت و ذلت کا دار و مدار تھا۔

    والدین نے صاحبزادے کے ہاتھ میں بی۔ اے کی ڈگری دیکھی اور سمجھ گئے کہ صاحبزادے اپنی جملہ جہالتوں کے باوجود قابل ہوگئے۔ اس کے بعد اگر خاندان میں کوئی کٹھن سے کٹھن مرحلہ درپیش ہو تو سب نے آنکھ بند کر کے مشورہ دیا کہ شفاءُ الملک حکیم بی۔ اے صاحب سے رجوع کیجیے۔ اس معاملے میں صحیح مشورہ وہی دے سکتے ہیں، کیوں کہ وہ بی۔ اے پاس ہیں۔ چناں چہ ان کو بلا کر سب سے پہلے ان کی بی۔ اے پاس رائے دریافت کی جاتی تھی۔ وہ باوجود گھریلو اور شادی بیاہ کے معاملے نا تجربہ کار اور ناواقف ہونے کے معاملے کو آنکھیں بند کر کے اس طرح سنتے گویا سمجھ بھی رہے ہیں۔

    ان کی رائے کو ایک فلسفی، ایک مفکر اور ایک نجومی کی رائے سمجھ کر قبول کر لیا جاتا اور ہر شخص واہ وا اور سبحان اللہ کی آوازیں بلند کرتا۔ رفتارِ زمانہ نے اس چیز کو ایک رسم کی شکل دے دی اور اب اس دورِ جہالت میں بھی وہ جوں کی توں سینہ بہ سینہ چلی آ رہی ہے۔

    اور آج کل بھی بی۔ اے پاس صاحبزادے کی دستار بندی اس پرانی وضع پر ہوتی ہے جس کا نتیجہ ہے کہ بی۔ اے پاس لڑکیاں اور لڑکے اپنے آپ کو افلاطونِ وقت اور سقراطِ دوراں سمجھتے ہیں۔“
    (فرقت کاکوری کے قلم سے)

  • تحقیقی مراکز کی 2 ارب گرانٹ بڑھانے کا وفاقی کابینہ میں فیصلہ

    تحقیقی مراکز کی 2 ارب گرانٹ بڑھانے کا وفاقی کابینہ میں فیصلہ

    کراچی: وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے ایک اور بڑا فیصلہ سامنے آیا ہے، تحقیقی مراکز کی گرانٹ میں 2 ارب روپے بڑھا دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ نے ریسرچ سینٹرز کی گرانٹ میں دو ارب روپے کا اضافہ کر دیا ہے، یہ اقدام ٹاسک فورس سائنس اور ٹیکنالوجی کے چیئرمین کی سفارش پر کیا گیا۔

    وفاقی کابینہ 2 ارب کی یہ اضافی رقم پلاننگ کمیشن کی مشاورت سے تقسیم کرے گی، وزیر اعظم عمران خان نے بھی تعلیمی سیکٹر کے تحقیقی مراکز کی 2 ارب گرانٹ بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

    خیال رہے کہ وفاقی کابینہ 2 ارب کی یہ اضافی رقم اعلیٰ تعلیم سیکٹر کے تحقیقی مراکز کو دے گی، یہ تحقیقی مراکز شدید مالی بحران کا شکار تھے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقی مراکز طالب علموں سے فیس وصول نہیں کرتے، جو رقم رجسٹریشن کی مد میں اداروں کو آتی ہے وہ جامعات کے اکاؤنٹس میں جاتی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پنجاب حکومت کا یکساں نظام تعلیم رائج کرنے کے لیے نصاب اتھارٹی قائم کرنے کا فیصلہ

    خیال رہے کہ تعلیم کے شعبے میں پی ٹی آئی حکومت ایک عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے، وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا تھا کہ حکومت تعلیم کے شعبے میں بھی اچھی کارکردگی دکھا رہی ہے۔

    واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں یکساں نظام تعلیم رائج کرنے کے لیے نصاب اتھارٹی ( کریکولم اتھارٹی) قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    نئے سسٹم کے تحت ثانوی جماعت یعنی میٹرک تک پانچ مضامین لازمی ہوں گے اور سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں ان پانچ لازمی مضامین میں ہی امتحانات لیے جائیں گے۔

  • نئے پاکستان کو بنانے کے لیے جامعات کوبھی ساتھ دینا ہوگا، گورنر پنجاب

    نئے پاکستان کو بنانے کے لیے جامعات کوبھی ساتھ دینا ہوگا، گورنر پنجاب

    لاہور: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ بزنس کمیونٹی کے ساتھ مل کر پاکستان کو خوشحال ملک بنانا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ نوجوانوں کو بزنس کی طرف لانا ہے، بزنس کمیونٹی کے ساتھ مل کر پاکستان کوخوشحال ملک بنانا ہے۔

    چوہدری محمد سرور نے کہا کہ جامعات میں وائس چانسلر سیاسی نہیں میرٹ پر لگانے ہیں، میرٹ کو ترجیح دی جائے گی، سفارشوں کونہیں مانیں گے۔

    گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ نئے پاکستان کو بنانے کے لیے جامعات کوبھی ساتھ دینا ہوگا۔

    یاد رہے کہ 3 جولائی کو گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ دولت اور جائیدادیں رکھنے والوں کو تاریخ نے کبھی یاد نہیں رکھا ہے، انسانیت کی خدمت کرنے والوں کو ہمیشہ یاد رکھا جاتا ہے، ملک کی خاطر اپنے بچوں کو چھوڑ کر وطن آیا۔

    گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ فیلو شپ پروگرام سے نوکریاں ملنا احسن اقدام ہے، نوجوانوں کا جوش و جذبہ دیکھ کر خوشی ہوتی ہے، ہزاروں بچے ڈگریاں لے کر بھی بے روزگار رہتے ہیں، فیلو شپ اور تربیت کے ماڈل کو درسگاہوں کو اپنانا چاہیے۔

  • تمام جامعات کوشمسی توانائی پرلے جانے کا پروگرام ہے‘ گورنر پنجاب

    تمام جامعات کوشمسی توانائی پرلے جانے کا پروگرام ہے‘ گورنر پنجاب

    لاہور: گورنرپنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ تمام جامعات کومثالی بنائیں گے، کسی وائس چانسلر کی تعیناتی سیاسی بنیادوں پرنہیں ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق گورنرپنجاب چوہدری محمد سرور نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام جامعات میں صاف پانی اور پانی کا ضیاع روکنے کا پروگرام بنائیں گے۔

    گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ تمام جامعات کوشمسی توانائی پرلے جانے کا پروگرام ہے اس کے علاوہ فائلوں کی ٹریکنگ کا ایک نظام بھی متعارف کرائیں گے۔

    چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ تمام جامعات کو مثالی بنائیں گے اور کسی وائس چانسلر کی تعیناتی سیاسی بنیادوں پرنہیں ہو گی۔

    بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرپنجاب کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نہیں گرا رہے اور نہ کوئی ہماری حکومت گرائے گا، سیاست میں کچھ اخلاقی معاملات ہیں جن پربات ہوتی رہتی ہے۔

    چوہدری محمد سرور کا پنجاب کی جیلوں میں قیدیوں کو صاف پانی فراہم کیا جا رہا ہے، صرف قیدیوں ہی نہیں تمام لوگوں کو صاف پانی مہیا ہوگا۔

    یاد رہے کہ دو روز قبل وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ سندھ حکومت کا تختہ الٹنے جا رہے ہیں، ہم سندھ میں وزیراعلیٰ کی تبدیلی چاہتے ہیں، گورنرراج نہیں۔

  • گوگل کا پاکستانی جامعات کا دورہ کرنے کا اعلان

    گوگل کا پاکستانی جامعات کا دورہ کرنے کا اعلان

    اسلام آباد: انٹرنیٹ کی دنیا کے سرکردہ سرچ انجن گوگل کمپنی نے پاکستان آنے اور پاکستانی یونیورسٹیوں کا دورہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    گوگل کی جانب سے جاری کیے جانے والے شیڈول کے مطابق گوگل کے نمائندگان پر مشتمل ٹیم 30 اگست سے 9 ستمبر تک پاکستانی جامعات کا دورہ کرے گی۔

    گوگل کی ٹیم کراچی، لاہور، اسلام آباد، گجرات اور خیبر پختونخوا کے شہر توپی کی بڑی جامعات کا دورہ کرے گی۔

    گوگل میں خامی کی نشاندہی کرنے والا پاکستانی آئی ٹی ماہر *

    شیڈول کے مطابق کراچی میں انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن، این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، اسلام آباد میں نیشنل یونیورسٹی آف کمپیوٹر اینڈ ایمرجنگ سائنس، لاہور میں یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، نیشنل یونیورسٹی آف کمپیوٹر اینڈ ایمرجنگ سائنس، یونیورسٹی آف پنجاب، لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز، گجرات میں یونیورسٹی آف گجرات، اور توپی کا غلام اسحٰق خان انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی گوگل کی ٹیم کی میزبانی کریں گے۔

    اس دورہ کا مقصد پاکستانی طلبا کو گوگل کی جدید مصنوعات سے آگاہی دینا، اور باصلاحیت طلبا کو نئے مواقع فراہم کرنا ہے۔

    گوگل کے ساتھ منعقد کیے جانے والے مباحثوں میں شرکت کے لیے اس فارم کو پر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

  • ملک کی19سےزائدجامعات وائس چانسلرز سے محروم

    ملک کی19سےزائدجامعات وائس چانسلرز سے محروم

    کراچی: صوبائی حکومتوں کی اعلیٰ تعلیم سے متعلق غیرسنجیدہ پالیسیوں کے باعث ملک کی انیس جامعات سربراہوں سےمحروم ہیں۔

    اعلیٰ تعلیم کے حوالے سے وفاقی اورصوبائی حکومتوں کا غیرسنجیدہ رویہ سامنے آگیا ملک کی انیس ممتاز جامعات وائس چانسلرزکی تعیناتی کی منتظرہیں۔

    چیئرمین ایچ ای سی نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ وائس چانسلرز کی عدم تعیناتی کے بارے میں صوبائی حکومتوں کو تحفظات سے آگاہ کردیا ہے، وائس چانسلرز کے بغیر کام کرنے والی یونیورسٹیوں میں پنجاب کی سرگودھا یونیورسٹی، پنجاب یونیورسٹی اور لاہور کالج یونیورسٹی فار ویمن سمیت چھ یونیورسٹیاں شامل ہیں۔

    خیبر پختونخواہ میں ہزارہ یونیورسٹی اور سوات یونیورسٹی سمیت نو یونیورسٹیاں سربراہوں سے محروم ہیں، سندھ کی کراچی یونیورسٹی، وفاقی جامعہ اردو اور ڈاؤ یونیورسٹی سمیت چار یونیورسٹیوں میں وائس چانسلر نہیں لگائے گئے۔

    اٹھارہویں ترمیم کےبعد وائس چانسلرز کی تعیناتی کے اختیارات صوبائی حکومت کے پاس ہیں لیکن یونیورسٹی کے سربراہ کی تعیناتی پرحکومتی خوشنودی کا عنصر غالب ہے۔

  • پنجاب کی جامعات میں تبلیغی جماعت کےداخلے پرپابندی عائد

    پنجاب کی جامعات میں تبلیغی جماعت کےداخلے پرپابندی عائد

    لاہور : پنجاب کی یونیورسٹیز میں تبلیغی جماعت کےداخلے پرپابندی عائد کردی گئی۔ یونیورسٹیز اپنا انٹیلی جینس نظام بھی بنائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق سانحہ چارسدہ کے بعد پنجاب حکومت نے یونیورسٹیوں اور کالجوں کے لیے نیا ایس او پی جاری کر دیاگیا۔ تعلیمی اداروں کی مسجدوں میں خطبات انتظامیہ کی منظوری سے دیئے جائیں گے.

    وزارت داخلہ کے مراسلےمیں نام لے کرکہا گیا ہے کہ یونیورسٹیز میں تبلیغی جماعت کو سرگرمیوں اورجماعتوں کے ٹھہرنے کی اجاز ت نہیں ہوگی۔

    غیرطلبہ عناصر کےہوسٹلز میں ٹھہرنےپرپابندی ہوگی،فرقہ ورانہ اسٹوڈنٹس تنظیموں کی حوصلہ شکنی کی جائےگی۔یونیورسٹی انتظامیہ کوپابندکیا گیا ہے کہ کالعدم جماعت سے ہمدردی رکھنے والے فیکلٹی ممبران کی اطلاع فوری طور پر سکیورٹی اداروں کو دے گی۔

    سوشل میڈیا پر فرقہ واریت پھیلانے والوں کیخلاف انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ہوم ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے کارروائی کرے گی۔

    سوشل میڈیا پر دہشت گردی اور فرقہ واریت کیخلاف اکاؤنٹ بنائے گی، یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ یونیورسٹی انتظامیہ اپنی سیکورٹی کےلیےانٹیلی جینس نظام بنائے گی۔

    اسلحہ اور منشیات کا پھیلاؤ روکنے کی ذمہ داریونیورسٹی انتظامیہ ہوگی۔ ہر تعلیمی ادارہ سکیورٹی اداروں کی جانب سے نشاندہی کردہ خرابی 15 دن میں دورکرنےکاپابند ہوگا۔