Tag: جامعہ نعیمیہ

  • سابق وزیراعظم نوازشریف جوتے کا نشانہ بن گئے

    سابق وزیراعظم نوازشریف جوتے کا نشانہ بن گئے

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں سابق وزیراعظم نوازشریف پر تقریب کے دوران جوتے سے حملہ کیا گیا، عمران خان سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے واقعے کی مذمت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف لاہور میں جامعہ نعیمیہ میں ہونے والی تقریب میں خطاب کرنے اسٹیج پر آئے تو ایک شخص کی جانب سے جوتا پھینکا جو نوازشریف کو جا کرلگا۔

    جوتا پھینکنے والے شخص کو وہاں موجود افراد نے پکڑلیا اور تقریب سے باہر لے جانے کے بعد سیکورٹی اہلکاروں کے حوالے کردیا۔

    واقعے کی وجہ سے تقریب میں شدید بدمزگی پیدا ہوگئی اور نوازشریف بھی مختصر خطاب کرکے واپس روانہ ہوگئے جبکہ تقریب کو بھی وقت سے پہلے ختم کردیا گیا۔


    عمران خان کی مذمت


    چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے سابق وزیراعظم نوازشریف پرجوتا پھینکنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ
    جوتے اورسیاہی پھینکنا غیراخلاقی عمل ہے، عام لوگوں سے کہتا ہوں جوتے اورسیاہی پھینکنا کوئی طریقہ نہیں ہے۔


    شاہ محمود قریشی کی مذمت


    پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی نے نوازشریف پر جوتا پھینکنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جوتا پھینکنے کاعمل انتہائی نامناسب ہے، اس پربہت افسوس ہے، ایسا کرنا انسان کے اپنے ضمیراور اخلاق کے خلاف ہے۔


    بلاول بھٹو کی مذمت


    چیئرمین پاکستان تحریک بلاول بھٹو زرداری نے نوازشریف پر جوتا پھینکنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ لیڈروں پرجوتا پھینکنے کے واقعات قابل مذمت ہیں، پیپلز پارٹی اپنےآغاز سے ایسے ہتھکنڈوں کی مخالف ہے، ایسے واقعات سیاسی رہنماؤں کی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔


    رضا ہارون کی مذمت


    پاک سرزمین پارٹی کے رہنما رضا ہارون نے نوازشریف پرجوتا پھینکنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ غیرجمہوری اور غیرسیاسی رویوں کی سخت مذمت کی جانی چاہیے، نوازشریف سے اختلاف کیا جاسکتاہے، جواب دیا جا سکتا ہے۔

    رضا ہارون نے کہا کہ اگرجوتا پھینکنے کے رویے کو برداشت کیا گیا تو پھرسیاست کواللہ ہی حافظ ہے جبکہ سیاست دانوں کواپنے اندازمیں نرمی پیدا کرنی چاہیے۔


    زاہد خان کی مذمت


    عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما زاہد خان نے نوازشریف پرجوتا پھینکنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جوتا پھینکنےاورسیاہی پھینکنے جیسے واقعات قابل افسوس ہیں، ہمارے ہاں سیاست کو ذاتی مسئلہ سمجھ لیا جاتا ہے۔

    زاہد خان نے کہا کہ سیاست میں گالم گلوچ پہلے نہیں تھا، نظریاتی اختلاف ہوتا تھا، ایسےردعمل کو روکنا معاشرے اورسیاست دانوں کی ذمےداری ہے، ایسی چیزوں کونہیں روکا گیا تو چیزیں مزید خراب ہوں گی۔


    وزیر خارجہ خواجہ آصف پر نوجوان نے سیاہی پھینک دی


    خیال رہے کہ گزشتہ روز سیالکوٹ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کے دوران ایک شخص نے وزیرخارجہ خواجہ آصف کے چہرے پرسیاہی پھینک دی تھی جسے وہاں موجود افراد نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا تھا۔


    نارووال:‌ وفاقی وزیر احسن اقبال پر جوتے سے حملہ


    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 24 فروری کو نارووال میں ہونے والے ورکرز کنونشن کے دوران ایک شخص نے وفاقی وزیراحسن اقبال پرجوتا پھینکا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • مذموم مقاصد کے لیے دین کو یرغمال بنا لیا گیا ہے: وزیر اعظم

    مذموم مقاصد کے لیے دین کو یرغمال بنا لیا گیا ہے: وزیر اعظم

    لاہور: وزیراعظم میاں محمد نوازشریف کا کہنا ہے کہ معاشرے میں دہشت گردوں کے سہولت کار موجود ہیں۔ ریاست ایسے لوگوں کا کھوج لگا رہی ہے اور جلد وہ اپنے انجام کو پہنچیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں جامعہ نعیمیہ میں وزیر اعظم نواز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں اسلام جیسے دین امن کے نام پر ظلم کا بازار گرم ہے۔ لوگوں نے اپنے مذموم مقاصد کے لیے دین کو یرغمال بنا رکھا ہے۔

    نواز شریف نے کہا کہ جامعہ نعیمیہ کے دروازے دیگر مذاہب کے لوگوں کے لیے بھی کھلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیا جامعہ نعیمیہ میں خون کی ہولی کھیلنے والے انسان ہوسکتے ہیں۔

    وزیر اعظم نے دہشت گردوں کے خلاف فتوے جاری کرنے والے علما کو سلام پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ علما نے جان ہتھیلی پر رکھ کر ایسے لوگوں کے خلاف فتوے دیے۔ دہشت گردی کی بنیادیں انتہا پسندی میں ہیں جبکہ دہشت گردی کا خاتمہ علما کے کردار کے بغیر ممکن نہیں ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردوں نے جہاد جیسے پاکیزہ تصور کو مسخ کیا۔ ہمیں لوگوں کو اصل دین سے آگاہ کرنا ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بیانیہ محراب اور منبر سے آنا چاہیئے۔

    وزیر اعظم کی جامعہ نعیمیہ آمد پر تمام ملحقہ سڑکوں کو بند کر دیا گیا جبکہ علاقے میں موجود مارکیٹیں اور دکانیں بھی بند کروا دی گئی تھیں۔ وزیر اعظم کی آمد کے بعد متعدد طلبا کو جامعہ کے اندر جانے سے روک دیا گیا جس پر طلبا نے مشتعل ہو کر گو نواز گو کے نعرے لگائے۔

    جامعہ نعیمیہ میں تقریب کے بعد وزیر اعظم نے آئی جی آفس میں پنجاب پولیس کے ڈیجیٹل سسٹم کا افتتاح کیا۔ تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب، اعلیٰ پولیس حکام اور دیگر سیاسی اور سماجی شخصیات موجود تھیں۔

    مزید پڑھیں: وزیر اعظم کا ٹھٹھہ اور سجاول کے لیے متعدد ترقیاتی منصوبوں کا اعلان

    یاد رہے کہ دو روز قبل وزیر اعظم نواز شریف نے ٹھٹھہ کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے ضلع ٹھٹھہ اور سجاول کو گیس دینے کا اعلان کرنے ساتھ ساتھ ٹھٹھہ کے لیے 500 بستروں کے اسپتال کے قیام کا اعلان بھی کیا تھا۔