Tag: جامعہ کراچی دھماکا

  • جامعہ کراچی دھماکا:  خودکش بمبار خاتون آخری بار کس سے ملی ؟ ویڈیو سامنے آگئی

    جامعہ کراچی دھماکا: خودکش بمبار خاتون آخری بار کس سے ملی ؟ ویڈیو سامنے آگئی

    کراچی : جامعہ کراچی میں دھماکے سے قبل مبینہ خودکش خاتون کی ایک اور ویڈیو سامنے آگئی، جس میں دیکھایا گیا ہے کہ خاتون مبینہ طور پر آخری بار ہوٹل میں اپنے شوہر سے ملنے گئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق جامعہ کراچی خودکش دھماکے کی تحقیقات جاری ہیں، دھماکے سے قبل خودکش حملہ آورخاتون کی ایک اور ویڈیو سامنے آگئی۔

    ویڈیو شارع فیصل پرمقامی ہوٹل کی ہے، مبینہ طور پر خاتون آخری مرتبہ ہوٹل اپنے شوہر سے ملنے گئی تھی۔

    ویڈیو میں خاتون کو دو بچوں کے ہمراہ دیکھا جاسکتا ہے، خاتون نے اپنے کاندھے پر کالا بیگ بھی لٹکا رکھا تھا۔

    تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی میں دھماکے کے دوران اسی بیگ کو استعمال کیاگیا، خاتون بچوں کو شوہر کے حوالے کرنے آئی تھی۔

    ذرائع نے بتایا کہ خاتون کے شوہر کی گرفتاری کے لیے اسی جگہ چھاپہ ماراگیا، ہوٹل ریکارڈکے مطابق شوہر اور افتخارنامی شخص کی انٹری تھی۔

    یاد رہے جامعہ کراچی میں ہونے والے خودکش دھماکا کی خصوصی ویڈیوز اور تصاویر بھی سامنے آئی تھیں، جس میں دیکھا گیا تھا کہ خودکش بمبار خاتون شاری بلوچ اور شوہر ہیبتان بلوچ نے دھماکے سے قبل شادی کی سالگرہ منائی، سالگرہ کی وڈیو میں دونوں کو گنگناتے، ہنستے اور غبارے پھاڑتے دیکھا جاسکتا تھا۔

    خاتون بمبار شاری بلوچ دھماکے سے ایک روز قبل بھی جائے واردات پر موجود تھی، انھیں ٹھیک 2 بج کر 8 منٹ پر گاڑی کو کنفیوشز انسٹی ٹیوٹ میں داخل ہوتے دیکھا گیا تاہم اس نے دھماکا نہیں کیا۔

  • جامعہ کراچی دھماکا: چینی باشندوں کی آخری رسومات کی ادائیگی، میتیں گولیمار شمشان گھاٹ پہنچادی گئیں

    جامعہ کراچی دھماکا: چینی باشندوں کی آخری رسومات کی ادائیگی، میتیں گولیمار شمشان گھاٹ پہنچادی گئیں

    کراچی : جامعہ کراچی دھماکے میں جاں بحق ہونے والے چینی باشندوں کی آخری رسومات کی ادائیگی کیلئے لاشیں گولیمار شمشان گھاٹ پہنچادی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی یونیورسٹی خودکش دھماکے میں جاں بحق ہونے والے چینی باشندوں چینی باشندوں کی لاشوں کو تابوت میں رکھ کر پروٹوکول کے ساتھ روانہ کردیا گیا۔

    اس موقع پر فلاحی ادارے کے دفتر میں بی ڈی ایس نے چیکنگ کی اور سردخانے کے اطراف سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گیے۔

    جس کے بعد آخری رسومات کیلئے چینی باشندوں کی لاشیں گولیمارشمشان گھاٹ پہنچادی گئیں ، حکومت پاکستان کی جانب سے آخری رسومات کا بندوبست کیا گیا ہے۔

    گولیمارشمشان گھاٹ پر آخری رسومات کے لئے تیاریاں مکمل کی جارہی ہیں، وزیر اعلیٰ سندھ ،ڈی جی رینجرز ،چیف سیکریٹری سندھ ، چینی قونصل جنرل اور دیگر اعلیٰ حکام آخری رسومات میں شرکت کریں گے۔

    آئی جی سندھ اور ڈی سی ساؤتھ بھی شمشان گھاٹ پہنچ گئے ہیں۔

    یاد رہے جامعہ کراچی کے اندر ایک خاتون نے خود کش دھماکے کے ذریعے چینی باشندوں کی وین کو نشانہ بنایا تھا ، جس کے نتیجے میں 3 چینی باشندوں سمیت 4 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے تھے۔

    ترجمان جامعہ کراچی کے مطابق دھماکے میں کنفیوشس انسٹیٹیوٹ کے ڈائریکٹر ہوانگ گیوپنگ سمیت خواتین اساتذہ ڈنگ میوپنگ اور چن سا ہلاک ہوئی جب کہ ایک پاکستانی ڈرائیور خالد بھی مرنے والوں میں شامل تھے۔

  • جامعہ کراچی میں وین میں دھماکا، 3 چینی باشندوں سمیت 5 افراد ہلاک

    جامعہ کراچی میں وین میں دھماکا، 3 چینی باشندوں سمیت 5 افراد ہلاک

    کراچی: جامعہ کراچی میں وین میں دھماکے میں 3 چینی باشندوں سمیت 5 افراد ہلاک ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق جامعہ کراچی میں کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کے قریب وین میں دھماکے سے تین چینی باشندوں سمیت پانچ افراد ہلاک ہو گئے، ترجمان جامعہ کراچی کا کہنا ہے کہ دھماکے میں ہلاک ہونے والوں میں 2 چینی اساتذہ شامل ہیں۔

    ڈی آئی جی ایسٹ کا کہنا ہے کہ دھماکا تخریب کاری کا نتیجہ ہے، دھماکا آئی ای ڈی کا تھا، 3 سے 4 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا۔

    پولیس حکام کے مطابق دھماکے میں چینی اساتذہ کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، ایڈیشنل آئی جی کراچی نے بتایا کہ دھماکے میں 3 چینی باشندے ہلاک ہوئے ہیں، تینوں لاشیں اسپتال پہنچنے پر شناخت کی جا سکتی ہیں۔

    ایڈیشنل آئی جی کے مطابق دھماکے پر بم ڈسپوزل اسکواڈ اپنی رپورٹ تیار کر رہی ہے۔

    وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے بھی واقعے کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کے مطابق دھماکا چینی لینگویج انسٹیٹیوٹ کی وین میں ہوا، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہل کار مزید تفتیش کر رہے ہیں۔